مئی ۲۰۲٥
ادھوری کوکھ

رات کی گہری سیاہی میں خوابوں کی پرچھائیاں ڈول رہی تھیں۔ فائقہ کی آنکھ کھلی تو کمرے میں گمبھیر سناٹا چھایا ہوا تھا، جیسے دیواروں نے بھی اپنی سانسیں روک رکھی ہوں۔ باہر تیز ہوا چل رہی تھی – کھڑکی کے شیشوں سے سرسراہٹ کی آوازیں آ رہی تھیں، جیسے ہوا کوئی ان کہی کہانی سنانے کی کوشش کر رہی ہو۔ بستر کے دوسرے کنارے پر فہیم بےخبر نیند میں ڈوبا ہوا تھا، مگر فائقہ کی آنکھوں میں نیند کا نام و نشان بھی نہیں تھا۔ وہ چھت کو گھورنے لگی۔ چھت پر چلتے پنکھے کی گڑگڑاہٹ کے سوا کمرے میں مکمل سکوت تھا، مگر اس کے اندر ایک طوفان بپاتھا۔بےنام سا اضطراب،بےچینی،خوف،اور ایک اَن دیکھا بوجھ جو دن بہ دن بڑھتا جا رہا تھا۔

اس کی شادی کو ایک سال مکمل ہو چکا تھا۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، یا شاید اسے ایسا ہی لگ رہا تھا۔ مگر چند مہینوں سے جسمانی کمزوری اور غیر معمولی تھکن نے اسے نڈھال کردیاتھا۔ کبھی کبھار چکر آنا، ہلکا سا بخار جیسی کیفیت، اور پیٹ میں عجیب سی اینٹھن۔شروع میں اس نے ان علامات کو نظرانداز کیا، مگر پھر ایک دن وہ اچانک بےہوش ہو کر گر پڑی!
چک اپ (Check-up)کے لئے ڈاکٹر کے پاس گئی تو ابتدائی معائنہ کرنے کے انہو ں نے کچھ ٹیسٹ کروانے کو کہا۔ فائقہ کے اندر ایک عجیب سی بےچینی سر ابھارنے لگی تھی۔ساس کی تیز نظریں مسلسل اس کا تعاقب کر رہی تھیں ۔
’’یہ سب کیا نیا تماشا ہے؟ تم نے پہلے کیوں نہیں بتایا؟‘‘
’’اماں، مجھے خود نہیں معلوم تھا۔‘‘
’’ہاں ہاں، معلوم تو اب ہوگا نا، جب حقیقت کھلے گی!‘‘
ساس کی آنکھوں میں ایک عجیب سی چمک تھی، جیسے وہ کسی انکشاف کا انتظار کر رہی ہو۔
’’حقیقت؟ کیسی حقیقت؟‘‘
فائقہ نے حیرت سے سوال کیا ۔
’’رپورٹس آجائے تو سارے راز فاش ہو جائیں گے۔‘‘
ساس نے دیدے نچاتے ہوئے کہا۔
جب رپورٹس آئیں، تو جیسے وقت ایک لمحے کے لیے رک گیا۔
’’ رحم کا کینسر!!!‘‘
ڈاکٹر نے رپورٹس اس کے ہاتھ میں تھماتے ہوئے سنجیدگی سے کہا ۔
یہ جملہ کسی پتھر کی مانند اس کے وجود پر اتنی شدت سے گراکہ زمین گھومنے لگی، سانسیںبےترتیب ہونے لگیں، اور الفاظ کانوں میں کسی بازگشت کی طرح گونجنے لگے۔، مگر سب سے زیادہ تیز بازگشت ساس کی آواز کی تھی۔
’’یہ بیماری شادی سے پہلے ہی تھی! ہم تو پہلے ہی شک میں تھے کہ تمہاری ماں نے کوئی نہ کوئی بات ضرور چھپائی ہوگی! ایسی بیماری کوئی ایک دن میں تو نہیں ہو جاتی۔یہ سب تمہارے خاندان کا کیا دھرا ہے۔ ہمارا گھر برباد کر دیا تم لوگوں نے!‘‘
فہیم خاموش تماشائی بنا یہ سب دیکھ اور سن رہا تھا ۔اسے بیوی سے محبت تو تھی، لیکن گھر والوں کے دباؤ کی وجہ سے وہ کنفیوز(Confuse) تھا۔ ساس کے طعنوں کا سلسلہ بند ہی نہیں ہو رہا تھا ۔ وہ مسلسل اَناپ شناپ بکے جا رہی تھیں ۔ فائقہ کے لئے وہ دن کسی قیامت سے کم نہ تھا ۔
فائقہ صفائی دیتی رہی ۔!
اس کی ماں نے سسرال والوں کو سمجھانے کی بہت کوشش کی کہ انہیں فائقہ کی بیماری کا پتہ نہیں تھا، لیکن وہ اس بات کو ماننے کے لئے تیار ہی نہیں تھے۔ان کے طعنوں کی تیزاب بھری بارش مسلسل برس رہی تھی ، جوفائقہ کو جلا رہی تھی ۔
’’تمہارا علاج تمہارے ماں باپ کروائیں گے، ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں۔یہ تمہارا مسئلہ ہے، ہمارا نہیں! جاؤ، اپنے ماں باپ کے سر پرجاکر بیٹھو!‘‘
آخرکار وہ گھڑی بھی آ گئی، جب فائقہ کا وجود سسرال کی دہلیز سے پرے دھکیل دیا گیا۔باپ نے زندگی بھر کی کمائی بیٹی کے علاج پر لٹا دی۔ کیمو تھراپی (Chemotherapy)کے اذیت ناک مرحلے، جھڑتے ہوئے بال، زرد پڑتا چہرہ، مگر ماں کا حوصلہ صبر کی چادر میں لپٹا رہا۔ ’’بیٹی، فکر مت کر، اللہ سب بہتر کرے گا۔‘‘
مہینوں کی اذیت کے بعد جب فائقہ نے صحت مند ہو کر زندگی کی دہلیز پر دوبارہ قدم رکھا تو والدین نے یہ کہہ کر اسے دوبارہ اس در پر بھیج دیا جہاں سے اسے نکال دیاگیاتھاکہ ’’بیٹی، اب تمہاری صحت ٹھیک ہے، تمہیں اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہیے۔‘‘
فائقہ سسرال لوٹی تو ایک بار پھر اس کی زندگی معمول پر آنے لگی۔ مگر وہ فائقہ جو واپس لوٹی،وہ پہلی جیسی معصوم لڑکی نہیں تھی۔ وہ ان چند مہینوں میں جیسے اندر سے خالی ہو چکی تھی۔ اس کی آنکھوں میں ایک خاموش گہرائی تھی،جیسے کسی بڑے طوفان سے نکل کر آئی ہو۔
فہیم خاموشی سے اپنی ذمہ داری نبھا رہا تھا، لیکن وہ بھی پہلے جیسا نہیں تھا ۔
ساس کی نظروں میں اب بھی وہی تحقیر تھی، جیسے کسی ناگوار مہمان کو گھر میں برداشت کیا جا رہا ہو ۔
کچھ ہی مہینے گزرے تھے کہ ساس کے دل میں پوتے کی خواہش جاگ اٹھی۔
’’فائقہ! شادی کو دو سال ہو گئے ،ابھی تک کوئی خوشخبری نہیں؟کب تک ہماری نسل کو روکتی رہے گی ؟ یا یہ بیماری ابھی بھی جان نہیں چھوڑ رہی؟
کہیں ایسا نہ ہو کہ میں پوتا دیکھنے کی حسرت لیے قبر میں جا سوؤں!‘‘
یہ جملے، یہ کانٹوں بھرے الفاظ، روز فائقہ کے دل کو زخمی کررہے تھے ۔ اور پھر ایک دن ۔۔۔فائقہ امید کے کچھ ٹوٹے پھوٹے ٹکڑے چن کر ڈاکٹر کے پاس جانے کی ہمت جٹائی ۔ مگر جو سنا، وہ پہلی خبرسے بھی زیادہ کربناک تھا!
’’کیمو تھراپی نے تمہاری بیضہ دانی کو ناکارہ کر دیا ہے۔۔۔تم قدرتی طور پر ماں نہیں بن سکتی۔‘‘ ڈاکٹر نے انکشاف کیا ۔
اس بار وہ نہ گِری، نہ روئی، نہ ہونٹ کانپے۔ وہ ایک مجسمے کی طرح ساکت ہو گئی۔ باہر نکلی تو سورج اپنی پوری تمازت کے ساتھ چمک رہا تھا، مگر اسے کچھ نظر نہیں آ رہا تھا ۔
وہ گھر واپس آئی تو اندر سے ٹوٹ چکی تھی، مگر سچ کہنے کی ہمت نہ تھی ۔ ساس کی تیز نظریں، شوہر کی خاموش توقعات، سب اسے مجبور کر رہے تھے کہ وہ کوئی بہانہ بنائے۔
’’ڈاکٹرنے کہاہےکہ کچھ وقت اورلگےگاجلد ہی سب ٹھیک ہو جائے گا ۔‘‘
جھوٹ کا زہر اس کی زبان سے ٹپک پڑا، مگر اس کا ذائقہ وہ خود ہی محسوس کر رہی تھی۔یہ جھوٹ ہر روز اس کے وجود پر بوجھ بنتا جا رہا تھا، جیسے کوئی اندر ہی اندر اسے گھسیٹ کر اندھیری کھائی میں لے جا رہا ہو۔ وہ راتوں کو جاگتی رہتی، اور خود سے سوال کرتی یہ جھوٹ کب تک چلے گا؟ جب سب کو حقیقت معلوم ہوگی، تب کیا ہوگا۔؟
کیا فہیم مجھے چھوڑ دے گا۔؟
کیا ساس مجھے گھر سے نکال دے گی۔؟ یا پھر۔۔۔؟
دن گزرتے رہے ۔ ایک شام فائقہ محلے کے’’ آنگن واڑی سنٹر‘‘ میں بیٹھی تھی ،جہاں اکثرخواتین زندگی کے دکھوں میں لپٹی ہوئی ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹتی تھیں،اور ایک دوسرے کا سہارا بھی بنتی تھیں۔ شاہدہ آپا نے دھیرے سے فائقہ کا ہاتھ تھاما اور کہا:
’’بیٹی، ہر راستہ بند نہیں ہوتا۔ حوصلہ رکھو ایک این جی او(NGO)ہے، جو ایسی خواتین کے لیے کام کرتی ہے۔ وہاں جاؤ، شاید کوئی امید کی کرن نظر آ جائے۔‘‘
یہ سن کر فائقہ کو یقین نہیں آیا کہ اس کی زندگی میں کوئی ہمدرد بھی ہو سکتا ہے، لیکن آخری امید کی لو ٹمٹما رہی تھی۔ وہ اب ہر ممکن راستہ اپنانا چاہتی تھی۔
این جی او کا دفتر ایک پرانے درخت کے سائے میں خاموش کھڑا تھا، جیسے کئی عورتوں کی سسکیوں کا امین ہو !
دیواروں پر عورتوں کی طاقت اور کامیابی کی کہانیاں درج تھیں۔فائقہ اندر داخل ہوئی تو ایک نرم لہجے والی خاتون کونسلر نے اس کا اسقبال کیا۔ اس نے فائقہ کی تمام باتوں کو بڑے غور سے سنا۔ کچھ دیر گہری سوچ میں ڈوب گئی ۔ پھر اسے تسلی دیتے ہوئےکہنے لگی:
’’تمہارے لیے جدید میڈیکل سائنس (Modern Medical Science)میں ایک حل موجودہے۔کیا تم نے ’’مصنوعی بیضہ دانی‘‘کے بارے میں سنا ہے؟‘‘
فائقہ نے چونک کر اسے دیکھا۔ اس کا دل جیسے دھڑکنابھول گیا ۔
’’مصنوعی بیضہ دانی! یہ کیا ہوتا ہے؟‘‘
’’یہ ایک جدیدبائیو میڈیکل ٹیکنالوجی ہے،(Latest Biomedical Technology)جو ان خواتین کے لیےہےجو قدرتی طور پرماں نہیں بن سکتیں۔ مصنوعی بیضہ دانی یعنی Synthetic Ovary قدرتی طور پر ہارمونز (Hormones)خارج کرتی ہے، اور اس کی مدد سے تمہارے اندر بیضہ بنانے کی صلاحیت پیدا ہو سکتی ہے۔‘‘
کونسلر نے تفصیل سے سمجھایا ۔یہ سن کر فائقہ کی آنکھوں میں امید کی روشنی چمکنے لگی ۔
’’کیا یہ واقعی ممکن ہے؟کیا میں ماں بن سکتی ہوں؟‘‘
اس کی آواز وفور جذبات سے کانپ رہی تھی ۔
’’ہاں یہ ممکن ہے ،اور ہزاروں خواتین اس کے ذریعے ماں بن چکی ہیں!‘‘ کونسلرنےدھیرے سے اس کا شانہ تھپتھپایا ۔
ایک ماہ بعد فائقہ نے ڈاکٹر کے کلینک میں قدم رکھا،جہاں اس کا علاج شروع کیا گیا ۔ وہ جانتی تھی کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو وہ سچ میں ماں بن سکتی ہے، لیکن اگر کچھ غلط ہوا تو ؟
اگر یہ علاج ناکام رہا تو ۔؟
اگر یہ بھی محض ایک دھوکہ نکلا تو ؟
وہ ہر دن اور ہر رات مختلف وسوسوں کے ساتھ گزار رہی تھی ۔
اور پھر وہ دن آیا جب ڈاکٹر نے رپورٹس دیکھیں، کچھ دیر خاموشی اختیار کی، پھر ایک گہری نظرسے فائقہ کی طرف دیکھا، اور ایک لمحے کے لیے خاموش ہو گئی، پھر کہا:
’’مبارک ہو فائقہ !‘‘
مگر ڈاکٹر کے لہجے میں کوئی ادھورا پن تھا، جیسے کوئی جملہ ابھی مکمل نہ ہوا ہو۔
’’ لیکن !!!!
ڈاکٹر کی آواز کانوں میں گونجی مگر وہ جملہ ادھورا رہ گیا!
فائقہ کا دل زور سے دھڑکنے لگا۔
’’لیکن کیا، ڈاکٹر صاحبہ؟‘‘
فائقہ نے بےقراری سے پوچھا!
ڈاکٹر نے گہری سانس لی، اور نظریں جھکا کر کہا:
’’یہ فیصلہ تمہیں خود کرنا ہوگا، فائقہ۔‘‘
فائقہ کے ذہن میں ہزاروں سوال گردش کرنے لگے۔ کیا یہ واقعی خوشخبری تھی، یا کسی نئی آزمائش کی شروعات!
کیا وہ سچ میں ماں بن سکتی تھی؟ یا پھر یہ سب ایک نئے فریب کی صورت میں سامنے آئے گا۔؟
وہ سوالوں میں گھری ہسپتال سے نکلی،اور سڑک کے کنارے کھڑے ہو کر آسمان کی طرف دیکھا۔ ہوا اب بھی چل رہی تھی، اور سرگوشیوں میں کچھ کہہ رہی تھی – مگر اس بار وہ سرگوشی اسے صاف سنائی دے رہی تھی :
’’یہ فیصلہ تمہیں خود کرنا ہوگا، فائقہ!‘‘

٭ ٭ ٭

’’مصنوعی بیضہ دانی۔۔! یہ کیا ہوتا ہے۔۔؟‘‘
’’یہ ایک جدیدبائیو میڈیکل ٹیکنالوجی ہے،(Latest Biomedical Technology)جو ان خواتین کے لیےہےجو قدرتی طور پرماں نہیں بن سکتیں۔ مصنوعی بیضہ دانی یعنی Synthetic Ovary قدرتی طور پر ہارمونز (Hormones)خارج کرتی ہے، اور اس کی مدد سے تمہارے اندر بیضہ بنانے کی صلاحیت پیدا ہو سکتی ہے۔‘‘

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے