مئی ۲۰۲٥
زندانِ حیات

( ایک ایسا افسانہ جو تنہائی اور اداسی کو اپنے لیے ہموار کرکے انسان کے اندر بہادری اور خود انحصاری کا جذبہ فروغ دیتا ہے )
اذیتوںکی داستان بہت طویل ہے۔شایدیہ میری لحد تک میرا ساتھ نہ چھوڑےگی۔ کچھ ایام نہیں، بل کہ کچھ لمحے شادمانی کے گزرتے ہیں کہ پھر وہی تاریک سیاہ اداسی اپنی ساری منحوسیت سمیت پنجے گاڑکے دل میں ڈیرا بسالیتی ہے۔سارے مثبت خیالات ناراض ہوکر مجھ سے کوسوں دور چلے جاتے ہیں۔میری ساری امیدیں آخری سانس لے رہی ہوتی ہیں، اور میرا وجود ہولے ہو لے تنہائی کے خوف سے لرزتا ہوافنا ہونے کےلیے ہر لمحہ تیار ہوتا ہے ۔

کون سے دوست اور کیسے خونی رشتے جنھیں یہ تک احساس نہیں کہ ہمارا پیارا خاموشی سے مر رہاہے۔کہاں گئے وہ والدین جنھیں اپنے بچوں کی شکلیں دیکھ کر ان کی خوشی اور غم کا اندازہ ہوجاتا تھا ! اب تو سالہا سال بچے اذیت ا در تکلیف میں گزار دیتے ہیں، لیکن والدین کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی!
محبت کا دعوی کرنے والے ہی ہماری اذیتوں سے نا واقف ہوتے ہیں !واحد خداوند کریم ہے جو اپنے بندوں کی کیفیت سے واقف ہے۔ اور جو جانتا ہے وہی تو مسائل سے باہر بھی نکال سکتا ہے ۔اسی لیے شاید اس دنیا کو دھوکے کا گھر کہا گیا ہے ۔جو نظر آرہا ہے وہ حقیقت میں ہے نہیں ! سارے رشتے پانی کا ایک بلبلہ ہیں ،جو وقت کی گرد پڑتے ہی ہوا میں تحلیل ہوجاتے ہیں ۔
اس سے زیادہ اس سے نہیں پڑھا گیا! ڈائری کو اس نے بند کردیا ۔
  زندانِ حیات  بقلم فریال
ڈائری کے سر ورق پر جلی حرفوں میں درج تھاجبکہ عنوان کے نیچے یہ شعر درج تھا ۔
‏تعجب اِن کو ہے کیوں میری خود کلامی پر ‏
ہر آدمی کا کوئی راز داں ضروری ہے
فریال! اس کے منہ سے ایک گہری چیخ نکلی۔ فریال ،تم تو ایک انسپائیرنگ شخصیت ہو۔تم تو ہمیشہ بہادری کے ساتھ ہرمسائل سے لڑی ہو، مجھے یقین نہیں آتا یہ تم نے لکھا ہے، میری پیاری دوست ! میری جان ! تم تو بہت تنہا ہو ۔۔۔ بہت !
سبرینہ حیرت اوردکھ کے ملے جلے تاثرات کے ساتھ خود سے ہم کلام تھی ۔
وہ سارے واقعات سبرینہ کے ذہن میں کسی فلمی رول کی طرح چلنے لگے ،جہاں فریال کو مشکلات کے باوجود مسکراتا پایا گیا۔
اس کا ریزرو (Reserve)سا رہنا جِسے سوبرشخصیت کی نشانی سمجھ کر حلقہ احباب فریال سے متاثر ہوا کرتے تھے ۔کبھی کسی نے جاننے کی کوشش ہی نہیں کی کہ اس کے پیچھے وجہ کیا ہے ؟کیا وہ اذیتوں بھری زندگی تو نہیں گزار رہی ہے ؟
’’السلام علیکم۔ یار تم تو میرے گھر پر ہی مجھ سے چھپی پھرتی ہو ۔ یہ آج تمہیں میرا کتب خانہ کیسے یاد آگیا؟ کون سی کتاب پڑھ رہی ہو ؟‘‘
فریال کی اچانک آمد پر سبرینہ ہڑبڑا سی گئی !
’’کچھ ۔۔۔ کچھ بھی تو نہیں ۔‘‘
اچانک خیال کا تسلسل ٹوٹا۔
سبرینہ بے اختیار ہاتھ پیچھے کیا۔ خود کو کمپوز کرتے ہوئے کہا:
’’یار بس ایک کتاب کی تلاش میں تھی، سوچا کہ تمہارے پاس تو کتابوں کا ڈھیر ہے دیکھ لیتی ہوں ۔ تو آگئی یہاں ۔ خالہ سے تمہارے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کتابوں میں سر دیے بیٹھی ہوگی ۔اس لیے میں چھت کے بجائے یہاں آگئی ۔‘‘
’’کوئی بات نہیں ، میں چھت پر ہی تھی ۔ موسم بہت اچھا ہورہا تھا تو کچھ دیر اوپر چلی آئی ۔تم بتاو تمہیں ملی وہ کتاب جس کی تلاش تمہیں یہاں کھینچ لائی ہے۔‘‘
سبرینہ دایاں ہاتھ پیچھے کیے مضبوطی سے ڈائری کو پکڑے ،’’ہاں ،مل گئی ہے ۔ اب مجھے جانے دو گھر جاکر میں نے پڑھنا بھی تو ہے ۔‘‘
فوری طور پر سبرینہ فریال کو سامنے سے ہٹا تے ہوئےنکل گئی ۔
’’ارے ! ابھی تو تم آئی تھی ۔۔ خیر کوئی نہیں ۔‘‘
سبرینہ جاچکی تھی ۔
ویسے بھی انسان جب اکیلے رہنے کا عادی ہوجائےتو اسے کسی کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑنا چاہیے ۔خود سے کہتی شیلف سے کوئی کتاب تلاشنے لگی ۔ابھی تو یہیں تھی، کدھر گئی ؟ او ہ یہاں پرہے ! میری ہم راز، میری رہبر تم ہو!شعور کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی میں نے تمہیں اپنا ساتھی منتخب کیا ہے اور تم میری بہترین ساتھی ہو ۔ وہ کتابوں پر ہاتھ پھیر تے ہوئےان سے مخاطب تھی ۔
***
’’مما ، مما سنیے!‘‘
سبرینہ گھر آکر فوراً اپنی امی کے کمرے میں گئی ۔
’’مما آپ کہتی تھیں نا تمہاری دوست بہت گہری باتیں کرتی ہے،مما آج اس کی ڈائیری ملی ہے!
سبرینہ فریال کے بعد اگر کسی پر اعتماد کرتی تھی تو وہ اس کی امی تھیں ،جن سے چند باتوں کے علاوہ ہر بات شیئر کرتی تھی۔ فرحت بھی ہمیشہ بیٹی کی باتوں کو انہماک کے ساتھ سنتیں اور وقتاً ضرورتاّ ہدایات اور مشوروں سے بھی نوازا کرتی تھیں۔
’’کیا فریال سے تم نے لی ہے ؟‘‘

’’نہیں ۔‘‘
’’یوں کسی کی ذاتی ڈائری کا مطالعہ کرنا مناسب نہیں بیٹا ۔‘‘
’’مما آپ پڑھیں گی تو متحیر رہ جائیںگی کہ فریال اس طرح کے جذبات سے گزر رہی ہے!‘‘
’’کیوں کیا لکھا ہے اسمیں ؟‘‘
’’مما ،میں آپ سے مدد کےلیے آئی ہوں ۔کیا کرنا چاہیے اب مجھے ؟‘‘
’’سببّی بیٹا پہلے مجھے کچھ بتاؤ تو !‘‘
سبرینہ نے ڈائری کے کچھ اوراق امی کے سامنے کھول دئیے ۔
ہممممم ایک گہری سوچ کے بعد فرحت نے کہا :
’’سبرینہ کچھ لوگ اپنے غموں میں بھی بہت خود دار ہوتے ہیں۔ وہ دکھ درد کو صرف اپنی ذات تک محدود رکھتے ہیں ۔‘‘
’’لیکن امی اس طرح سے تو انسان ڈپریشن (Depression)میں چلے جاتا ہے! ‘‘
’’نہیں بیٹا، ڈپریشن کا تعلق غموں کو خود تک محدود رکھنے سے نہیں ہے، بل کہ آسان لفظوں میں کہوں تو نا امیدی سے ہے ، اور فریال کبھی بھی نا امید نہیں ہوسکتی۔ کیوں کہ جتنا ہم اسے جانتے ہیں،وہ بھلے ہم سے اپنے جذبات و کیفیات کوچھپاتی ہو ، وہ کسی سے تو کہتی ہوگی ! انسان کے پاس کوئی ایک ذات تو ایسی ضرور ہونی چاہیے جس کے سامنے وہ اپنے آپ کو سچائی کے ساتھ بیان کرسکے ۔ اس کا انتخاب تو دیکھو ۔ وہ رب جس کی کبریائی پوری کائنات پر محیط ہے، فریال نے اسے منتخب کیا ہے۔جس کے ساتھ ﷲ کی عظیم الشان ذات ہو، اسے ڈپریشن کا عارضہ کیسے لاحق ہوسکتا ہے ؟ فریال نے جسے چنا ہے وہ ذات کبھی بھی اپنے رفیق کو تنہا نہیں ہونے دیتی ۔‘‘
’’امی ، لیکن فریال کی ڈائری سے تو لگتا ہے وہ بہت اداس اور تنہا ہے ۔‘‘
’’بیٹا ،اداس ہونا فطری کیفیت ہے۔ انسان جب تکلیف اور غموں کے حصار میں ہوتا ہے تو اداسی ڈیرا جمانے لگتی ہے، لیکن جب انسان اپنی کیفیت باہری کسی عناصر پر انڈیل دے تو وہ خود کو بہتر محسوس کرنے لگتا ہے ۔اگر وہ خود سے اپنی باتیں آپ سے شیئر کرے تو بالکل آپ اسے متوجہ ہوکر سنو، لیکن اگر وہ نہیں کہنا چاہتی تو آپ اسے فورس نہیں کرسکتی۔اور وہ اپنے جذبات دوسرے طریقے سے باہر نکال رہی ہے۔وہ لکھ رہی ہے۔ اس کا لکھنا اس کےلیے ہیلینگ پروسیس (Helping Process)ہے۔ وہ اپنی اداسی کو ان صفحوں پر قلم بند کر رہی ہے ۔ دیکھو اسی لیے تو ہمارے سامنے کبھی اداس نظر نہیں آتی !‘‘
’’تو کیا امی اسے میں سمجھاوں نہیں !فریال کے الفاظ نے مجھے حیرت میں ڈال دیا ہے۔ امی ہمیں اسے سمجھانا چاہیے ۔سبرینہ فکرمند تھی ۔‘‘
’’نہیں بیٹا،ہر انسان کے کتھاریسیس (Catharsis)کا طریقہ مختلف ہوتا ہے۔ وہ اسی طرح سے خود کے جذبات کو ڈیل کرتا ہے ۔
آپ اپنی باتوں کو شیئر کردیتی ہو اس طرح تمہارے دل کا غبار نکل جاتا ہے۔ اسی طرح کچھ لوگ تنہائی میں رونا پسند کرتے ہیں۔ کچھ خود کلامی کرتے ہیں۔ کچھ مراقبہ کرتے ہیںتو کچھ لوگ خداوند تعالی سے محوِ کلام ہوتے ہیں۔ ہزاروں طریقے ہیں، جن سے انسان اپنے غموںکو مینیج (Manage)کرتاہے ۔ انسان نے اپنے آپ کوہیل (Heal)کرنا آنا چاہیے، ورنہ انسان غموںکی شدت سے ڈپریشن اور انزائیٹی (Anxiety)کا شکار ہوجائے۔ ‘‘
’’کیا فریال تنہائی میں روتی ہوگی؟ میں تو اسے بہت بہادر اور مضبوط سمجھتی ہوں ۔‘‘
’’بیٹا مضبوط انسان وہ نہیں ہوتا جو کبھی روئےنا، ہر وقت خوش نظر آئے، بل کہ یہ علامتیں تو غیر صحت مند زندگی کی نشانی ہیں ۔رونا تو صحت مند زندگی کی علامت ہے۔ انسان جب خود کو بےبس محسوس کرتا ہے تو رونا اس کےلیے بہت ضروری ہوجاتا ہے تاکہ وہ اس فیز سے باہر آسکے ۔اگر انسان غموں میں رونا چھوڑ دے تو وہ اعصابی امراض کا ڈھیر بن جائےگا ۔ اس لیےا ﷲ تعالیٰ نے آنسووں کو بنا کر ہمارے لیے راحت کا سبب بنا دیا۔ ‘‘
’’ہممممم آپ صحیح کہتی ہیں ۔میں نے غور کیا ہے کہ میت پر آنسو بہا لینے والے کچھ دنوں میں خود کو سنبھال لیتے ہیں، لیکن جن کا غم آنسوں کے ذریعے باہر نہیں آتا وہ آہستہ آہستہ اضطراب، تنہائی اور ڈپریشن کا شکار ہونے لگتے ہیں۔
نہیں رونا انسان کو اندر سے کھوکھلا کردیتا ہے ۔ مجھے لگتا ہے فریال کے ساتھ مجھے زیادہ وقت گزارنا چاہیے، تاکہ اس کی زندگی کا خلا کچھ تو پُر کر سکوں ۔‘‘
’’سبرینہ تم صرف تسلی اور دلاسہ دے سکتی ہو ‘‘۔
 فرحت نے بیٹی کے کاندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا: ’’ انسان کی زندگی میں خلا آجائےتو وہ کبھی نہیں بھرتا،بلکہ انسان اس کے ساتھ رہنا سیکھ جاتا ہے۔ فریال اپنے خلا کے ساتھ جینا سیکھ رہی ہے ۔ یہی مضبوط شخص کی نشانی ہے ۔‘‘
کتنی عجیب بات ہے نا ہم اس کے اتنے قریب ہوکر بھی جان نہیں پائے کہ وہ کن حالات سے گزر رہی ہے !
اس کی مصیبتوں پر ہمیشہ میں نے اسے مسکراتے ہی دیکھا ہے۔ مجھے لگتا تھا کہ سب کی زندگی فریال جیسے ہی ہونی چاہیے، بہت خوش ۔لیکن میں غلط تھی۔ اس دنیا میں سانس لے رہا ہر شخص کسی نہ کسی مسئلےسے دوچار ہے۔ غم، تکلیف اور مسائل ہر زندگی کا حصہ ہیں ،بس کچھ لوگ چہرے پر مسکراہٹ لاکر اس کا سامنا کرتے ہیں توکچھ گریہ وزاری کرکے ۔
سبرینہ ڈائری کے سرورق پر اپنی انگلیاں پھیر رہی تھی ۔ شاید وہ فریال کے غموں کی شدت محسوس کرنا چاہتی تھی ۔
فرحت نے بیٹی کو بازو میں بھرا اور کہنے لگی :
’’سبرینہ تم پریشان مت ہو۔ یہ جو ہمارا تخلیق کار ہے نا اس نےاپنے بندوں کو ہیلنگ پاور (Healing Power) کے ساتھ پیدا کیا ہے ۔ ہر کوئی خود کو غموں سے نجات دلانے کا طریقہ جانتا ہے۔ کچھ صحیح طریقے سے خود کو ہیل کرتے ہیں ،جب کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو غلط طریقہ اختیار کرلیتے ہیں،جس کی وجہ سےان کا غم ان کی زندگی کا روگ بن جاتا ہے۔ یہ درحقیقت کمزور لوگ ہیں، جو خود کی ذات سے اور اپنے تخلیق کار سے ناواقف ہوتے ہیں‘‘۔
فرحت مزید اسے سمجھاتی رہیں۔
سبرینہ، آج ایک نئی فریال سے واقف ہورہی تھی ۔ اس کے دل میں اس کا مرتبہ مزید بڑھتا جارہا تھا ۔

٭ ٭ ٭

آج صبح سے ہی گہرے سرمئی بادل آسمان پر اٹھکھیلیاں کررہے تھے ۔وقفے وقفے سے بجلی چمک کر ماندپڑجاتی۔تیز ہواکے جھونکے درختوںکویوں پریشان کررہےتھے جیسے کوئی چھوٹا بچہ اپنے بڑوں کو پریشاں کرکے چھپ جاتا ہے ۔ہر طرف گرد وغبار اپنے پیر جمائےہوئےتھے۔ یہ وہی منظرہے جب موسم باراں کی آمد سے قبل ہر طرف ہو کا عالم ہوتا ہے ۔ فریال اس منظر کا بے صبری سے انتظار کرتی ۔یا یوں کہہ لوکہ وہ مئی کے اکثر ایام چھت پر گزارتی یا وقفے وقفے سے چھت پر آتی ہواوں کو محسوس کرتی درختوں کے پتوں کی سرسراہٹ کو بغور سنتی ،پرندوں کی نقل مکانی دیکھتی ، اور اندازہ لگاتی کہ کب قدرت جلوہ گر ہوگی ۔
آج صبح سے وہ چھت پر بیٹھی تھی ۔ ٹیبل پر ایک طشتری میں پستہ رکھے ہوئے تھے، جب کہ چھلکے پاس ہی ایک رکابی میں رکھے تھے۔ کچھ کتابیں، ڈائری اور ساتھ ہی قلم ۔
’’فری کیسی ہو ؟‘‘
’’اوووو تم ! بہت اچھا کیا آگئی ۔موسم دیکھو ،کتنا حسین ہورہا ہے !‘‘
سبرینہ دوسری کرسی لیکر بیٹھ گئی ۔
’’فری آج کل کیا پلان ہے، کیا کررہی ہو ؟‘‘
’’کچھ خاص نہیں ۔رائٹنگ اور گھر داری میں مصروف ہوں ۔ ارحم ایک نئے پروجیکٹ پر کام کررہا ہے، اس کی اسکرپٹ لکھ رہی ہوں بس ۔‘‘
’’اوو، وا و(Wow)،دیٹس گریٹ! (That’s great)یعنی ڈائریکٹر صاحب کو تمہاری کہانی پسند آئی، تبھی دوسری کی فرمائش آگئی ۔‘‘
فری محض ہمممم کرکے مسکرا دی ۔
’’فری ایک بات پوچھو ںتم سے ؟‘‘
’’ہاں بالکل پوچھو ۔‘‘
سبرینہ کچھ متذبذب تھی کہ اسے یہ کہنا چاہیے یا نہیں !
’’تم پریشان ہو ؟‘‘ آخرکار اس نے سوال داغا ۔
’’ہاں تھوڑا سا ۔‘‘
سبرینہ اس جواب کی بالکل توقع نہیں کررہی تھی، کیوں کہ فریال ہمیشہ یہ کہتی وہ ٹھیک ہے ۔
سبرینہ کےلیے اپنی بات رکھنا مزید آسان ہوگیا۔
’’تم مجھ سے اپنی باتیں شیئر کرسکتی ہو، اگر مناسب لگے !‘‘
فریال ڈائری کو اپنی جگہ نہ دیکھ کر اندازہ لگا چکی تھی کہ ڈائری کو کسی نے ضرور لیاہے۔ وہ منتظر تھی ان سوالوں کی، تاکہ پتا چل سکے ڈائری کس کے پاس ہے۔سبرینہ کے سوال نے اس پر آشکار کردیا ڈائری اس کے ہاتھ لگ چکی ہے ، لہذا وہ خود کو تمام ذاتی سوالوں کےلیے تیار کرکے آئی تھی ۔
سبرینہ : ’’ زندگی میں موجود ہر شخص کسی نہ کسی مسئلے میں گرفتار ہے۔کیا تم جانتی ہو وہ کون لوگ ہیں، جو جلد اپنے مسئلوں پر قابو پا لیتے ہیں ؟‘‘
’’ہاں بالکل! جو اپنے مسئلے دوسروں سے شیئر کرتے ہوں، اس کی وجہ معلوم کرتے ہوں پھر تدبیر کرتے ہیں ۔‘‘
’’ہممممم ! تم نے آخری جملہ درست کہا ،لیکن پہلا جملہ ہربار درست ثابت نہیں ہوتا۔ ضروری نہیں سب باتیں شیئر کی جائیں۔ اگر ہم ہر تکلیف ،ہر مسئلے شیئر کرنے لگے تو ہم جذباتی طور پر مستحکم نہیں ہو پاتے۔ ہم ہمدردی کے طالب بن جاتے ہیں اور مسائل ختم ہونے کے بجائے مزیدمسئلہ یہ پیدا ہوجاتا ہے کہ فلاں شخص مجھے وقت نہیں دیتا، میری باتیں نہیں سنتا یا توجہ نہیں دیتا ۔‘‘
’’لیکن فریال، میں ایسی نہیں ہوں ۔ میں تمہاری خیر خواہ ہوں۔ میں چاہتی ہوں تم ہمیشہ خوش رہو ۔میں تمہارے لیے ہر وقت موجود ہوں ۔‘‘
’’سبّبی میں جانتی ہوں تم میری خیر خواہ ہو، اور میں یہ بھی جانتی ہوں تم میری ایک پکارپر میسرہو۔ اس لیے میں چاہتی ہوں میرا کردار تمہارے سامنے ایک مضبوط لڑکی کا ہو جو اپنے مسائل خود حل کرنے والی ہو، جو کسی پر انحصار کرنے کہ بجائے تدبیر اور ترکیب خود بنا سکتی ہو ۔
اگر میں ہر وقت تمہیں یا کسی اور کو اپنا سہارا بنانے لگوں تو میرے ساتھ تمہاری شخصیت پر بھی گہرا اثر پڑے گا ۔ انسان کی فطرت ہے وہ کسی کے مسائل کو بار بار نہیں سن سکتا، وہ بیزاری اور اکتاہٹ کا شکار ہونے لگتاہے۔ میں اپنی شخصیت سے کسی کو بیزاری کا تاثر نہیں دینا چاہتی ۔قادر مطلق اﷲ رب العزت قرآن مقدس میں فرماتا ہے انسان اپنے آپ کو سب سے بہتر جاننے والا ہے ۔
میں پوری دنیا سے اپنے مسائل بیان کرتی رہوں، لیکن یہ اس وقت تک حل نہ ہوں گے جب میں خود اس پر متوجہ نہ ہوں ۔کیوں کہ اپنے مسائل کی باریکیوں سے میں واقف ہوں کوئی اور نہیں۔
اس لیے میں خود کے ساتھ بیٹھتی ہوں ،خود سے سوال کرتی ہوں، مسئلہ کیا ہے؟ کیوں آج پریشان ہو ں؟ اسے کیسے حل کیا جائے؟ میں خود کو بتاتی ہوں میں تمہارے ساتھ ہوں، تم اگر اسے نہ بھی حل کرسکی تب بھی میں تمہارے ساتھ ہوں ۔موجودہ پریشانی یا مسئلے کو اسطرح کہتی ہوں گویا کوئی بہت متوجہ ہوکر سن رہا ہے ۔ اس طرح میں خود کو مسئلے کو حل کرنے کا اہل پاتی ہوں ۔‘‘
فریال کہتے کہتے ٹھر گئی۔ ایک تیز ہوا کا جھونکا آیا جو نئی شروعات کا پیغام دے گیا ۔ فریال نے سبرینہ کے دونوں ہاتھوں کی کلائیوں کو اپنے ہاتھوں میں لیکر کلام کا سلسلہ جاری کیا :
’’سبرینہ ا ﷲ تعالیٰ نے ہمارے اندر معجزاتی قوت تخلیق کی ہے۔ ہم خود سے جو باتیں کرتے ہیں ہمارا جسم ویسا رد عمل کرنے لگتا ہے۔ میں خود سے کہتی ہوں فریال تم مینیج کرلوگی۔ ابھی نہیں ،تو کچھ دنوں میں۔ اﷲ تعالیٰ تمہارے ساتھ ہے۔ تم بس حل پر غور کرو، ترکیب پر عمل کرو۔مناسب معلوم ہو تو مشورہ بھی لو ۔ اور اس طرح میں حیران رہ جاتی ہوں، اگرچہ تاخیر سے لیکن وہ مسئلہ حل ہوجاتا ہے !
سبرینہ تمہارے خلوص کا بہت شکریہ ۔تم میرے لیے فکرمند ہوئی ۔لیکن یہ بات یاد رکھو، لوگوں کے لیے خود کو بیساکھی مت بناؤ، بل کہ ان کو یہ احساس دلاؤ کہ اﷲ تعالیٰ نے تم سے بہت بڑے کام لینا ہے۔ ان بڑے کاموں کی انجام دہی سے قبل پہلے اپنے چھوٹے چھوٹے کاموں کو خود پورا کرنا سیکھو ۔خود انحصار بننا سیکھو۔ مسائل زندگی کا حصہ ہیں، انہیں ہمیں حل کرنے آنا چاہیے ۔ہم مشورہ لیں، مطالعہ کریں، لوگوں کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں ، لیکن یہ سب ہمیں خود کرنا ہے۔ دوسرے ہمارے جذبات اورکیفیات اس طرح سے محسوس نہیں کرسکتے جو ہم کررہے ہوتے ہیں۔ اس لیے اپنی مدد آپ کا جذبہ خود میں پیدا کریں ۔ لوگوں کو سنانے سے بہترہے ،اپنے ساتھ بیٹھیں خود سے پوچھیں ۔ اور سبرینہ یہ جو اندر چھپا ہمارا اپنا آپ ہے نا یہ سب جانتا ہے۔ اس کے پاس سارے مسئلے کا حل ہے ۔ بس ہمیں اس سے گفتگو کرنا آنا چاہیے ۔
ہم جیسے دوسروں سے اپنے غم دکھ درد کا برملا اظہار کرتے ہیں اسی طرح خود کو بتانا چاہیے ۔ دیکھو آج میں پریشان ہوں ، مجھے کیا کرنا چاہیے !
یہ جو اندر ہے نا ۔۔۔۔ سینے پر انگلی رکھ کر اشارہ کرتے ہوئےکہا ،
یہ اندر بیٹھا شخص منتظر ہے، ہم کب اس سے مدد طلب کریں! لیکن المیہ یہ ہے ہم اپنے وجود کے حصے کو فراموش کرکے پوری دنیا کے لوگوںکو دکھڑے سناتے پھرتے ہیں،یہ جانے بغیر کہ وہ ہمیں ہمارے مسائل کو کس انداز سے دیکھتے ہیں ۔
اس لیے میں اپنے مسائل بیان نہیں کرتی۔ کیوں کہ مسئلہ میراہے، حل بھی مجھے ہی کرنا ہے۔ البتہ ضرورت پڑنے پر مخلص احباب سے مشورہ ضرور کرتی ہوں۔
سبرینہ مجھے تمہارے خلوص پر کوئی شبہ نہیں۔ یقیناً میں تمہیں بہت عزیز ہوں، اس لیے مجھے مضبوط رہنے دو ۔ مجھے روتی گاتی لڑکیاں نہیں پسند ،جو چھوٹی سی بات سے گھبرا جاتی ہوں، اور ہر طرف وایلا کریں، ہمدردی وصول کریں۔ مجھے ’’ام صفیہ ‘‘جیسی بننا ہے، جو مشکلات آجانے پر کسی کا انتظار کیے بغیر دلیرانہ انداز میں ڈٹ کر مقابلہ کرے ۔‘‘
’’ہممممم مجھے رشک آتا ہے تم پر میری پیاری دوست !‘‘
سبرینہ نے مسکراتے ہوئے کہا۔
بادلوں کی اٹھکیلیاں بڑھتی جارہی تھیں ۔ پرندے اپنے گھونسلوں کی طرف لوٹ چکےتھے۔ ان کی چہچہاہٹ ہوا میں تحلیل ہوکر ماند پڑچکی تھی کہ اچانک بادلوں نے برسنا شروع کردیا۔ بارش کی بوندیں زمین پر آنے کےلیے بیتاب ہونے لگیں ۔
فریال اور سبرینہ دونوں اپنی باتوں کا اظہار کر کے چہروں پر سکون اور اطمینان کے آثار لیے تھیں۔
فریال نے گہری سانس لی اور آسمان کی طرف دیکھا۔ ’’آج موسم کتنا خوبصورت ہے‘‘ مسکراتے ہوئے کہا۔
سبرینہ نے اثبات میں سر ہلایا۔ ’’ہاں، بالکل۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک نئی شروعات کی علامت ہے۔‘‘
سبرینہ نے فریال کی طرف دیکھا اور اس کا ہاتھ تھام لیا۔ ’’تم درست کہتی ہو۔ میں نے سیکھا ہے کہ خود سے کیسے محبت کرنی ہے اور اپنی طاقت پر کیسے بھروسہ کرنا ہے۔‘‘
فریال نے مسکراتے ہوئے سبرینہ کا ہاتھ دبایا۔
سبرینہ نے ایک نئی ڈائری کھولی اور ایک تازہ صفحہ نکالا۔ اس نے قلم اٹھایا اور لکھنا شروع کیا۔ ’’آج میں نےاپنی زندگی کا ایک نیا باب شروع کیا ہے۔ میںنے تنہائی کو قبول کرنا سیکھ لیا ہے اور میں جانتی ہوں کہ میں اکیلی نہیں ہوں۔ میرے پاس میرے دوست ہیں، میرا خاندان ہے، اور سب سے اہم بات، میرے پاس میں خود ہوں۔ میں اس وقت تک ہار نہیں سکتی جب تک میں خود نہ چاہوں۔ مجھے اپنے آپ کو وقت دینا ہے، اسے سننا ہے۔ کیوں سب سے مخلص ساتھی ہمارا اپنا آپ ہی ہے ۔‘‘
سبرینہ نے ڈائری بند کی اور فریال کی طرف دیکھا۔ ’’میں جانتی ہوں کہ زندگی میں ہمیشہ مشکلات آتی رہیں گی، لیکن اب میں ان سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں۔ میں نے سیکھا ہے کہ خود انحصاری کتنی اہم ہے، اور میں جانتی ہوں کہ میں کسی بھی چیز کا سامنا کر سکتی ہوں۔‘‘
سبرینہ نے مسکراتے ہوئے فریال کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔ ’’مجھے تم پر فخر ہے۔ تم ایک بہادر لڑکی ہو۔‘‘
دونوں خاموشی سے بیٹھی رہیں۔بوندیں ان کے وجود کو بھگونے لگیں، لیکن دونوں مسحور ہوتی ہوئی بارش سے لطف اندوز ہونے لگیں۔ان کے دل امید اور خوشی سے بھرے ہوئے تھے۔ انہیں معلوم تھا کہ زندگی میں کچھ بھی ہو، وہ ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گی ۔

٭ ٭ ٭

سبرینہ نے ایک نئی ڈائری کھولی اور ایک تازہ صفحہ نکالا۔ اس نے قلم اٹھایا اور لکھنا شروع کیا۔ ’’آج میں نےاپنی زندگی کا ایک نیا باب شروع کیا ہے۔ میںنے تنہائی کو قبول کرنا سیکھ لیا ہے اور میں جانتی ہوں کہ میں اکیلی نہیں ہوں۔ میرے پاس میرے دوست ہیں، میرا خاندان ہے، اور سب سے اہم بات، میرے پاس میں خود ہوں۔ میں اس وقت تک ہار نہیں سکتی جب تک میں خود نہ چاہوں۔ مجھے اپنے آپ کو وقت دینا ہے، اسے سننا ہے۔ کیوں سب سے مخلص ساتھی ہمارا اپنا آپ ہی ہے ۔‘‘

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے