مئی ۲۰۲٥
عیدی

عید کی چھٹیاں ختم ہو چکی تھیں۔ اسکول میں آج پہلا دن تھا۔ کلاس روم رنگوں اور خوشبوؤں سے مہک رہا تھا۔ بچے نئے کپڑے پہن کر آئے تھے۔ہر چہرے پر خوشی جھلک رہی تھی۔ کہیں چوڑیوں کی چھن چھن تھی تو کہیں جوتوں کی چرچراہٹ۔
مس جویریہ نے کمرۂ جماعت میں داخل ہوتے ہی مسکرا کر کہا:
’’السلام علیکم بچوں! عید مبارک!‘‘
سب بچوں نے یک زبان ہو کر جواب دیا:
’’وعلیکم السلام، عید مبارک مس!‘‘
مس جویریہ نے سب کے کپڑوں کو سراہا۔
’’واہ بھئی، سب تو شہزادے اور شہزادیاں لگ رہے ہیں! ماشاءاللہ!‘‘
بچے خوش ہو کر ایک دوسرے کو دکھا دکھا کر اپنے کپڑوں،جوتوں اورچمکدار چوڑیوں کی تعریف کرنے لگے۔ کلاس میں ہنسی اور خوشی کا ماحول تھا۔
مس جویریہ نے بچوں سے پوچھا:
’’اچھا بچو! بتاؤ کس کس کو عیدی ملی؟‘‘
سب بچوں نے زور سے ہاتھ اٹھا کر خوشی سے کہا:
’’ہمیں ملی! ہمیں ملی!‘‘
مس جویریہ ہنس کر بولیں،
’’تو پھر بتاؤ، عیدی کا کیا کیا؟‘‘
ایک بچی نے چمکتے ہوئے چہرے سے کہا:
’’میں نے اپنی عیدی سے گڑیا اور اس کا گھر خریدا۔‘‘
ایک لڑکے نے فخر سے بتایا:
’’میں نے سپر ہیرو کے کھلونے لیے اور دوستوں کے ساتھ برگر پارٹی کی!‘‘
ایک اور بچے نے کہا:
’’میں نے آئس کریم کھائی اور ریموٹ کار خریدی!‘‘
سب ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر اپنی عیدی کی کہانی سنا رہے تھے۔ لیکن ایک کونے میں بیٹھا فرزین خاموش تھا۔
مس جویریہ کی نظر اس پر پڑی تو وہ نرمی سے اس کے پاس آئیں۔
’’فرزین بیٹا! آپ نے کچھ نہیں بتایا؟ آپ کو عیدی نہیں ملی؟‘‘
فرزین نے مسکرا کر آہستہ سے جواب دیا:
’’جی مس، ملی تھی۔‘‘
’’تو پھر آپ نے کیا کیا؟‘‘
فرزین نے تھوڑا سا جھجکتے ہوئے کہا:
’’میں نے اپنی عیدی تین حصوں میں تقسیم کر لی۔ ایک حصے سے اپنے لیے دو اچھی کتابیں خریدیں، دوسرے حصے سے میں نے اپنے کزنس کے ساتھ آئس کریم کھائی۔‘‘
وہ تھوڑا سا رکا، پھر نرم لہجے میں بولا،’’اور تیسرے حصے سے میں نے ہماری کام والی خالہ کے یتیم بیٹے کو عیدی دی۔‘‘
کلاس میں اچانک خاموشی چھاگئی۔بچے حیرت سے فرزین کو دیکھنے لگے۔ مس جویریہ کی آنکھوں میں خوشی اور فخر کی چمک آ گئی۔ وہ آہستہ سے بولیں:
’’فرزین ، تم نے تو سب سے خوبصورت عیدی دی ہے۔‘‘
پھر انہوں نے ساری کلاس سے کہا:
’’بچو، آؤ! فرزین کے لیے زور دار تالیاں ہوں!‘‘
ساری کلاس نے تالیاں بجائیں۔ کچھ بچوں کی آنکھوں میں سوچ کے دیے جلنے لگے۔مس جویریہ نے فرزین کے سر پر ہاتھ رکھا اور دعا دی،’’اللہ تعالیٰ آپ کی عیدی کو قبول فرمائے، آپ کو علم، محبت اور خدمت کی دولت عطا کرے۔ آمین!”
فرزین خو شی سے مسکرا رہا تھا۔ اور آج اپنی ٹیچر کے تعریفی و دعائیہ کلمات اس کے لیے سب سے قیمتی عیدی تھی۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے