مئی ۲۰۲٥
درس حدیث
زمرہ : النور

عن عبد الله بن عمر رضي الله عنهما قال :قد أصاب عمر أرضا بخيبر . فأتى النبي صلى الله عليه وسلم يستأمره فيها . فقال : يا رسول الله ، إني أصبت أرضا بخيبر ، لم أصب مالا قط هو أنفس عندي منه ، فما تأمرني به ؟ فقال : إ ن شئت حبست أصلها ، وتصدقت بها . قال : فتصدق بها . غير أنه لا يباع أصلها ، ولا يوهب ، ولا يورث . قال : فتصدق عمر في الفقراء ، وفي القربى ، وفي الرقاب ، وفي سبيل الله ، وابن السبيل ، والضيف . لا جناح على من وليها : أن يأكل منها بالمعروف ، أو يطعم صديقا ، غير متمول فيه . وفي لفظ غير متأثل

ترجمہ: عبداللہ بن عمر بیان کرتے ہیں کہ حضرت عمر کو خیبر کی کچھ زمین مال غنیمت تقسیم کے موقع پر ملی تو وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ یا رسول اللہﷺ مجھے خیبر میں ایسی زمین ملی ہے کہ اس سے بہتر اور عمدہ مال مجھے کبھی نہیں ملاہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بارے میں مجھے کیا حکم دیتے ہیں؟ آپ نے ارشاد فرمایا:
’’اگرچاہو تو اصل زمین کو وقف کر دو اور اس کی پیداوار کو صدقہ قرار دے دو۔‘‘ چنانچہ حضرت عمر نے اس کو اسی طرح وقف کرکے صدقہ قرار دے دیا کہ اصل زمین نہ فروخت کی جائے،نہ ہبہ کی جائے، نہ اس میں وراثت جاری ہو۔ اس کی آمدنی خرچ ہو فقیروں اور اہل قرابت پر اور غلاموں کو آزاد کرانے کی مد میں اور اللہ کی راہ میں اور مسافر اور مہمانوں کی خدمت میں اور اس کا متولی اس میں سے دستور کے مطابق کھائے۔‘‘
خیبر کی فتح کے موقع پر حضرت عمرکے حصے میں جو زمین آئی وہ انہیں بہت قیمتی لگی اور بہت پسند آئی،چنانچہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مشورہ کے بعد حضرت عمر نے وہ زمین وقف کردی۔
حضرت انس کہتے ہیں حضرت ابو طلحہ کے پاس کھجوروں کے باغات سب سے زیادہ تھے۔ ان میں سب سے عمدہ اور محبوب باغ بیراحاکا باغ تھا۔یہ باغ مسجد نبوی کے سامنے تھا۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس باغ میں تشریف لے جاتے اور اس باغ کے کنویں کا عمدہ پانی پیتے۔ حضرت انس کہتے ہیں کہ جب یہ آیت نازل ہوئی

لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتَّى تُنْفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ وَمَا تُنْفِقُوا مِنْ شَيْءٍفَإِنَّ اللَهَ بِهِ عَلِيمٌ

[آل عمران۹۲] تو ابو طلحہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: ’’اللہ تعالی نے فرمایا ہے کہ تم اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتے جب تک اپنا محبوب ترین مال اللہ کی راہ میں خرچ نہ کر دو اور بیراحا میرا محبوب ترین باغ ہے۔ میں نے اسے راہ خدا میں دے دیا تاکہ یہ اللہ کے ہاں میرے کام آئے۔‘‘
نبی صلی الہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’تم نے اچھا کام کیا، یہ نفع بخش تجارت ہے۔‘‘
ہجرت مدینہ کے بعد مدینے میں پینے کے پانی کی پریشانی ہونے لگی۔ حضرت عثمان بن عفان نے ایک یہودی کا کنواں خرید کر وقف فرمایا اور مدینے میں پینے کے پانی کا ایک اہم مسئلہ حل فرمایا۔
ان احادیث سے یہ پتہ چلتا ہے کہ وقف کا نظام اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے سے قائم ہے۔ وقف کا نظام خود اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے قائم فرمایا تھا۔ بہت سے صحابہ اور صحابیات رضوان اللہ عنہم اجمعین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں اپنی ملکیت کو وقف کیا۔ اس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ وقف دور صحابہ میں ایک عام رجحان بن گیاتھا۔ وقف کا مطلب کسی چیز کو اللہ تعالی کے لیے مخصوص کر دینا ہے۔کسی جائیداد یا مال کو اللہ کی راہ میں لگا دینا وقف ہے۔ مدرسہ، مسجد، یتیم خانہ، سرائے، ہاسپٹل یا غریبوں اور بیواؤں پر خرچ کرنا، قیدیوں کی رہائی پر خرچ کرنا وقف کی کچھ شکلیں ہیں ۔ بعد کے ادوار نے وقف کے نظام کو ایک منفرد شکل دی۔ اصحاب خیر اور اہل ثروت بڑے پیمانے پر عوام کی ضرورت کے لیے سامنے آئے۔ قرآن کی روشنی میں اپنے مال کو اللہ کی امانت سمجھا اور فلاحی کام کے لیے آگے بڑھے۔ بیواؤں، ضرورت مندوں اور یتیموں کی کفالت کے علاوہ بڑے بڑے فلاحی کام اوقاف کے ذریعے انجام پاتے تھے۔ عوام کی ضرورتوں کو معلوم کرنے کے لیے گہرے مشاہدے اور مطالعے سے کام لیا جاتا تھا۔ جس طرح موجودہ زمانے میں بزنس اور مال کمانے کی دوڑ لگی ہوئی ہے اسی طرح سے اس زمانے میں فلاحی کاموں اوردولت کے استعمال کے لیے اسی طرح سے مسابقت ہوا کرتی تھی۔
اسلام سے پہلے عورت کی کوئی عزت نہیں تھی۔ اسلام نے عورت کو عزت و مساوات عطا کیا۔ عورت بہت سے مال اور جائیدادوں کی مالک ہوئی۔ مہر کی صورت میں، شوہر کی طرف سے تحائف کی صورت میں اور وراثت کی صورت میں عورت کو بہت سے مال ملا کرتے تھے۔ چونکہ عورت پہ کوئی معاشی ذمہ داری نہیں تھی اور شوہر پر بیوی کی کفالت کی ذمہ داری تھی اس لیے بہت سے مسلمان ملکوں میں عورتوں نے اپنی جائیداد اور مال کو و قف کیا۔
وقف کا بنیادی اصول ہی یہ ہے کہ نہ اسے ختم کیاجا سکتاہے نہ واپس لیاجا سکتا ہے۔نہ ہی ہبہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی بیچاجاسکتاہے۔ان احکام کی پابندی نے فلاحی اداروں کو دوام اور استحکام بخشا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے