مئی ۲۰۲٥
خاندان: معاشرہ انسانی کا تاج اور عالمی یوم خاندان کی حیثیت

 خاندان کی اہمیت
خاندان رب کائنات کے عطا کردہ انعامات میںسے ایک بیش قیمت انعام ہے، جس کی مثال رنگ برنگی موتیوں سے جڑی مالاکی مانندہے کہ ایک ہی دھاگے میں پروئے ہوئے موتی اگر ایک دھاگے کو قیمتی مالا بنا دیتے ہیں تو دوسری جانب اسی دھاگےسے نکلا ہوا ایک موتی اس کی حیثیت کو محض ایک دھاگے کا رخ دے دیتا ہے۔ بالکل اسی طرح خاندان بھی متنوع مزاج رکھنے والے متعدد افراد پر مشتمل ایک ایسی سماجی بنیادی اکائی ہےکہ اس میںسے ایک شخص کا بکھر جانا بھی خاندان کی ڈور کو کمزور کردیتا ہے۔

لہٰذا خاندان کا سماج میں بنیادی اکائی کا تصور ایک مسلم حقیقت ہے جس سے انکارنہیںکیاجاسکتا۔یہی وجہ ہے کہ اللہ رب العزت نے خاندانی وجود کو بطور نعمت ذکرکرتے ہوئے اس کی اہمیت کو اجاگرکیاہے۔ارشاد باری تعالٰی ہے:

 وَهُوَ الَّذِى خَلَقَ مِنَ المَآءِ بَشَرًا فَجَعَلَهٗ نَسَبًا وَّ صِهرًا ؕ وَكَانَ رَبُّكَ قَدِيرًا‏ ( سورہ فرقان :54)

ترجمہ: اور وہی ہے جس نے پانی سے انسان کو پیدا کیا پھر اس کے نسب اور سسرالی رشتے بنائے اور تیرا رب قدرت والا ہے۔
یہ آیت اپنے اندر ایک لطیف نکتہ رکھتی ہے جس سے اس بات کا اشارہ دملتا ہے کہ انسان کا وجود توپانی سے ہوا، لیکن اسے تقویت خاندان اور رشتہ داری سے حاصل ہوئی اور اسے طاقت پہنچانے والی ذات مجبور محض نہیں بلکہ قدرت کاملہ رکھتی ہے۔
گویا یہ آیت خاندان سازی سے متعلق منشائے الہی کی عکاس ہے کہ انسان کا اپنا وجود صرف اسی صورت میں برقرار رہ سکتا ہے جب خاندان اور رشتہ داری کو اہمیت دی جائے بصورت دیگر اس کا وجود پانی کے بلبلے کی مانند کبھی بھی فنا سے دوچار ہوسکتا ہے۔
خاندان جس میں متعدد افراد کی حیثیت تناور درخت کی مانند ہوتی ہے اس طور پرکہ والدین کی حیثیت درخت کی جڑکی جگہ ہے کہ جس پر شاخوں اور پتوں کا انحصار ہوتا ہے، مگرشاخوں اورپتوں کی اہمیت وافادیت سے بھی انکار ممکن نہیں کہ درخت انہی پتوں اور شاخوں سے غذا بھی حاصل کرتا ہے۔ بعینہ اسی طرح والدین جن پر نسل کی بقاکا انحصار ہوتا ہے بالکل اسی طرح اولاد و قریبی رشتہ دار بزرگوں کی بڑھاپے کی لاٹھی کا سہارا ہوتے ہیں۔ گویا والدین اور اولاد اور دیگر قریبی رشتہ دار ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، لہٰذا یہ کہنا بے جا نہ ہوگاکہ خاندان کا استحکام اگر افراد خانہ کے استحکام سے مربوط ہے تو معاشرے کا استحکام خاندان کے استحکام پر منحصر ہے۔
جس طرح کئی افراد سے مل کر ایک خاندان وجود میں آتا ہے اسی طرح کئی خاندان سے ایک معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور اسی طرح یہ سلسلہ چلا جاتا ہے کہ کئی معاشرے سے ایک قوم اور کئی قوم سے مل کر عالمی معاشرہ بنتا ہے۔ گویا معاشرے کی ڈور خاندان کے ہاتھوں میں ہوتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ شریعت اسلامیہ میں تربیت سازی کے میدان میں سب سے پہلے خاندان کی تربیت پر خاص زور دیا گیا ہے۔ ارشاد باری تعالٰی ہے:

 وامر اھلک بالصلاة واصطبر علیھا ( سورہ طہ : 132 )

ترجمہ: اور اپنے اہل خانہ کو نماز کا حکم دو اور خود بھی اس پر قائم رہو
دوسری جگہ ارشاد ہے

یا ایھا الذين آمنوا قوا انفسکم و اھلیکم نارا

( سورہ تحریم:6)
ترجمہ: اے ایمان والو اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو آگ سے بچاؤ۔
مندرجہ بالا آیات اس بات کی عکاس ہیں کہ انسان کے دنیا میں آنے کا مقصد صرف یہ نہیں ہے کہ اسے شتربے مہار چھوڑدیاجائےبلکہ انسان ایک دوسرے سے رشتوں کے بندھن میں بندھ کر ایک ایسا مضبوط خاندانی نظام تشکیل دےکہ اولاد اپنے والدین کی بانہوں میں تحفظ محسوس کریں اور والدین اولاد کی چہکار سے فرحت و مسرت محسوس کریں اور پھر محبت بھرا باغ نہ صرف خود اپنی ہی شاخوں اور پتوں کو فائدہ پہنچائے بلکہ آس پاس کی ٹہنیاں بھی سایہ حاصل کریں اور قرب و جوار کی زمین بھی گلشن حب بن کر محبتوں کے پھول برساتی رہے۔
خاندان جو کہ والدین اور دیگر دیکھ بھال کرنے والے افراد پر مشتمل ہوتا ہے اس کا بچوں کی بہبود اوران کی نشوونما میں اہم کردار ہوتا ہے ۔ افراد خانہ بچوں کو پہچان، محبت، دیکھ بھال، رزق اور تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

 عالمی یوم خاندان تاریخ کے آئینے میں

 جب عالمی یوم خاندان کا تذکرہ سامنے آتا ہے تو دماغ کی سوئی یکایک۱۵ مئی۱۹۹۴ کی جانب مائل ہوتی نظر آتی ہے، جہاں اس دِن کومنانے کا مقصد خاندان کی اہمیت کو معاشرے کی بنیادی اکائی کے طور پراُجاگر کرنا ہے ۔
اس خاص موقع پر انسانی فلاح وبہبود کے لیے کوشاں سرکاری و غیر سرکاری تنظیمیں اس دن بروشرز(Brochures)،پمفلٹس (Pamphlet)اور دیگر ذرائع سے لوگوں میں خاندان کی اہمیت کا شعور بیدار کرنے کی خصوصی مہمیںچلاتی ہیں۔جہاں یہ باور کرانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خاندان کا بڑا اہم رول ہے۔ اس خاص ہدایت و رہنمائی کے علاوہ خاندانوں کی فلاح و بہبود اور خاندانی نظام کو درپیش چیلینجز اور ان سے نمٹنے کی آسان اور موثر ترین تجاویز بھی ان اجلاس کا اہم جز ہوتی ہیں ۔
لیکن عالمی یوم خاندان کی تاریخ اور اس کے انعقاد کی وجوہات پر جب نظر ڈالی جائے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ خاندان اور خاندانی نظام کی اس افادیت کے باوجود ڈیجیٹل دور نے جہاں ہر نظام پر اپنے منفی اثرات مرتب کئے ہیں وہیں خاندانی نظام بھی اس سے متاثر ہوئے بنا نہیں رہ سکا ۔چنانچہ ایک ہی گلشن میں پروان چڑھنے والی جنریشن زی نے ڈیجیٹل دنیا میں قدم رکھا تو گلشن بہار میں خزاں در آئی۔ بزرگوں کے سایہ عاطفت میں پلنے والی نسل نے اپنے بزرگوں کے لہلہاتے سبزہ کو خیرآباد کہہ کر ٹیکنالوجی کے خزاں رسیدہ چمن کو گلے لگانا شروع کردیا اور رفتہ رفتہ رشتوں اور ناطوں کے بندھن سے آزاد ہوکر زندگی کی ڈگرپرگامزن ہوگئی،مگر فطرت سلیمہ سے کج روی کے نتیجے میں عالمی سطح پر معاشرے میں جو خلفشار پیدا ہوا وہ اقوام عالم کو جھنجھوڑےبنا نہ رہ سکا۔
چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ۱۹۸۰کی دہائی کے دوران اقوام متحدہ نے خاندان سے متعلق امور پر توجہ دینا شروع کیا۔ جیساکہ راقم لکھتے ہیں:
’’۱۹۸۳میںسماجی ترقی کمیشن نے، اقتصادی اور سماجی کونسل کی سفارشات پر مبنی، ترقیاتی عمل میں خاندان کے کردار کے بارے میں اپنی قرارداد میں سیکرٹری جنرل (Secretary General)سے درخواست کی کہ وہ فیصلہ سازوں اور عوام میںاس بارے میں شعور بیدار کریں۔خاندان کے مسائل اور ضروریات کے ساتھ ساتھ ان ضروریات کو کس طرح پورا کیا جائے موثر طریقوں کے بارے میں آگاہی بڑھائی جائے۔ جنرل اسمبلی (General Assembly)نے۹ دسمبر۱۹۸۹ کی اپنی قرارداد میں۱۹۹۴کو خاندان کا بین الاقوامی سال قرار دیا۔۱۹۹۳کی قرارداد میں جنرل اسمبلی نے فیصلہ کیا کہ ہر سال۱۵ مئی کو خاندانوں کا عالمی دن منایا جائے گا۔
(مضمون ’’جانئے انٹرنیشنل فیملی ڈے کیا ہے‘‘۔۱ جون ۲۰۲۴ etvbharat.com)
اس دن کی خصوصیت سے متعلق مضمون نگار پرویز احمد لکھتے ہیں:
’’ اس دن کے لیے ایک خاص علامت کا انتخاب بھی کیا گیا ہے۔ اس میں ایک سبز دائرے کے بیچ میں ایک دل اور گھر بنا ہواہے۔یہ علامت اس حقیقت کی نشاندہی کرتی ہے کہ خاندان دنیا کے مرکز میں ہے اور خاندان کے اندر ہی محبت بستی ہے‘‘۔
(عالمی یوم خاندان اور جوائنٹ فیملی کے فائدے، پرویز احمد
،https://www.urdu.awazthevoice.i

عالمی یوم خاندان اور اسلامی اصول: ایک موازنہ

یہ سچ ہے کہ یہ دِن خاندانوں کے معاملات اور اس پر اثر انداز ہونے والے سماجی ،معاشی اور معاشرتی عناصر سے متعلق علم و آگہی کا ایک بہترین موقع ہوتا ہے۔ بالخصوص ایسے دور میں جب کہ نئی نسل مشترکہ خاندانی نظام اور بزرگوں سے بالکل بیزار نظر آتی ہے۔ حالانکہ مشترکہ خاندانی نظام اور اس میں موجود بزرگوں کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے ۔ جیسا کہ پرویز احمد رقمطراز ہیں:
’’اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتاکہ آج بھی گھروں میں بچوں کا دل بہلانے، لوریاں سنانے،کلمے یاد کرانے اور انہیں اخلاق آموز کہانیاں سنانے کے لئے بوڑھی دادیوں کی اتنی ہی ضرورت ہےجتنی پہلے تھی۔جنہیں ہم آج کل بے کار کی چیز سمجھ کر خود سے الگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ زندگی کے راستے پر بچوں کا پہلا قدم اٹھوانے کے لیے بوڑھے دادا کی انگلی آج بھی انہیں جذبات کے ساتھ لبریز ہے جو اپنی محبت سے ننھے منے دلوں کو مسرت و خوشی بخشتے ہیں۔ انہیں زندگی کے راستے پر اعتماد سے قدم اٹھانا سکھاتے ہیں۔دادا، دادی، پھوپھی،چچایہ وہ رشتے ہیںجو خون کے رشتے ہونے کے ساتھ ساتھ مخلص اور اپنائیت اور محبت سے لبریز بھی ہوتے ہیں‘‘۔
( ایضا، https://www.urdu.awazthevoice.in)
مشترکہ خاندانی نظام سے بیزاری کے جو منفی اثرات معاشرہ پر مرتب ہوتے ہیں اس کی عکاسی علامہ اقبال کے اس شعر سے ہوتی ہے:

نہ پوچھو مجھ سے لذت خانماں برباد رہنے کی
نشیمن سینکڑوں میں نے بنا کر پھونک ڈالے ہیں

اب ایسے وقت میں جب نوجوان نسل اپنے خاندان سے متنفر نظر آتی ہے تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ محض ایک دن عالمی یوم خاندان کی تقریبات منعقد کرنا زیادہ کارآمد ثابت ہو سکتا ہے یا خاندانی نظام سے متعلق اسلام کے سنہرے اصول پر عملدرآمد اس بگاڑ کا حل ہے؟
قرآن و سنت کے مطالعہ سے یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ خاندانی نظام کی تشکیل کا راز شریعت اسلامیہ کے اصولوں میں ہی مضمر ہے۔
مذہب اسلام، جس نے حیات انسانی کے وہ سنہرے اصول بتائے جو ہمیں کتاب اللہ اور سنت رسول میں ملتے ہیں۔ اور شریعت اسلامیہ کے پہلے ماخذ قرآن کریم سے خاندانی نظام کی توضیح ہوتی ہے کہ رب کائنات نے دعوت توحید اور شرک سے اجتناب کا حکم دینے کے بعد سب سے پہلا حکم جو دیا وہ والدین اور پھر بالترتیب دیگر رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک ہے ۔
ارشاد باری تعالٰی ہے:

 وَاعْبُدُوا اللَّهَ وَلَا تُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا وَبِذِي الْقُرْبَىٰ وَالْيَتَامَىٰ وَالْمَسَاكِينِ وَالْجَارِ ذِي الْقُرْبَىٰ وَالْجَارِ الْجُنُبِ وَالصَّاحِبِ بِالْجَنبِ وَابْنِ السَّبِيلِ وَمَا مَلَكَتْ أَيْمَانُكُمْ ۗ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ مَن كَانَ مُخْتَالًا فَخُورًا( سورہ نسا۳۶)

ترجمہ: اللہ کی بندگی کرو اور اس کا شریک کسی کو نہ ٹھہراؤ اور ماں باپ سے بھلائی کرو اور رشتہ داروں اور یتیموں اور محتاجوں اور پاس کے ہمسائے اور دور کے ہمسائے اور پہلو کے ساتھی اور راہ گیر اور اپنی باندی غلام سےبے شک اللہ تعالٰی کسی شیخی مارنے والے اور اترانے والے کو پسند نہیں کرتا۔
یہ آیت کریمہ خاندانی نظام سے متعلق جو سنہرے اصول پیش کرتی ہے ۔اس کی نظیر کسی اور نظریہ یا دستور میں نہیں ملتی کہ یہ آیت جہاں ایک طرف حقوق اللہ سے متعارف کراتی ہے کہ اس ذات کی عبادت میں کسی کو شریک نہ کیا جائے تو دوسری طرف ’’حقوق العباد‘‘سے روشناس کراتے ہوئے ’’الاقرب فالاقرب‘‘ کا اعلی معیارطے کرتی ہے کہ جس میں والدین کے ضمن میں والدین کے ساتھ ساتھ دادا،دادی،نانانانی اور اس کے اوپرکے لوگ آجاتے ہیں۔ اس کے بعد قریبی رشتہ داروں اور پھر ہمسایوں اور پڑوسیوں نیز رفقاء اور یتیموں اور مساکین کے ساتھ حسن سلوک کا تاکیدی حکم بھی خاندانی نظام کی ایک سنہری کڑی ہے۔ اس لئے کہ خاندانی نظام کی تشکیل تبھی ممکن ہے جب خاندان کا ہر فرد ہر ایک سے حسن سلوک کا مظاہرہ کرے اور تال میل بنائے رکھے ۔جہاں چھوٹے بڑوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں وہیں بڑے چھوٹوں کے ساتھ شفقت و محبت کا معاملہ فرمائیں۔
اس آیت کا اختتام اس بات پر ہوتا ہے کہ اللہ تعالٰی گھمنڈی اور اترانے والے کو پسند نہیں کرتا ،جو اس بات کا غمازہے کہ والدین یا گھرکے بزرگوں اور دیگر رشتہ داروں سے بے اعتنائی گویا فخر و غرور کی دلیل ہے ،جہاں بندہ اپنے سوا کسی کو خاطر میں نہیں لاتا۔ لہٰذا اسے اپنے سوا بزرگوں کا وجود بھی ناگوار گزرتاہے۔
خاندانی نظام میں بہتری لانے کا جو راز ہمیں نبئ اکرم صلی اللہ کے فرمودات میں ملتا ہے اس کا عشر عشیر بھی کسی اور سماج یا دستور میں نہیں ملتا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی حدیث میں نبئ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:

خيركم خيركم لأهله وأنا خيركم لأهلي

( ترمذی شریف ۳۸۹۵)
ترجمہ: تم میں بہتر وہ ہے جو اپنے اہل کے لئے بہتر ہے اور میں اپنے اہل کے لئے تم سب سے بہتر ہوں)
نیز آپ صلی اللہ علیہ کا یہ ارشاد مبارک بھی ہمیں ان اصولوں سے واقف کراتا ہے جو خاندان کی تشکیل میں اہم رول ادا کر سکتا ہے۔ ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے :

’’ ليس منا من لم يرحمْ صغيرَنا ، ويُوَقِّرْ كبيرَنا

( أبو داو۴۹۴۳)( أبو داو۴۹۴۳)ترجمہ: وہ شخص ہم میں سے نہیں جو ہمارے بچوں پر رحم نہ کرے اور ہمارے بزرگوں کی عزت و توقیر نہ کرے۔شریعت اسلامیہ میں خاندانی نظام کا جو راز پنہاں ہے وہ بے نظیرہے جو بندے کو اس بات کا پابند بناتا ہے کہ انسان ہمہ وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کرے اور ہر فرد اپنے اوپر عائد کردہ ذمہ داریاں نبھائے اور اپنے ماتحتوں کے حقوق کی ادائی کے لئے ہر لمحہ فکرمند رہے۔جب کہ اس کے برعکس عالمی یوم خاندان محض ایک دن کو خاص کرکے خاندانی نظام کی اہمیت کو اجاگر تو کرتا ہے مگر خاندان اور اس سے متعلقہ ہر لمحہ پیش آنے والے امور پر نظررکھنے میں ناکام رہا ہے۔ کیونکہ زندگی کے ہر لمحہ پیش آنے والے مسائل کا حل ایک دن کی تقریبات میں ناممکن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال عالمی یوم خاندان کے انعقاد کے باوجود خاندانی نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ جدید ٹیکنالوجی نے جہاں ترقی کے میدان میں چاند پر کمندیں ڈال دی ہے وہیں رشتوں کی ڈورکو بہت کمزور کردیا ہے۔ ہر شخص سوشل میڈیا نیٹ ورک (Social Media Network)پربیٹھا دور دراز دوستوں یاروں کی محفلوں سے لطف اندوز تو ہورہا ہے مگر رشتوں کی مٹھاس کو کھوتا جا رہا ہے اور پھر اس کے نتیجے میں ذہنی تناؤ اور دیگر طبی مسائل کاشکار ہو رہاہے۔یہی وجہ ہے کہ مغربی تہذیب کے پروردہ گھروں میں بے شمار سامان زیست میسر ہونے کے باوجود وہ فرحت و شادمانی اور سکون و اطمینان نصیب نہیں، جو کبھی مشترک خاندان کو حاصل تھا۔ مشہور شاعرشہریارنے دور حاضر میں ٹوٹتے رشتے اور بکھرتے سماج کو دیکھتے ہوئے ہی غالباََ یہ شعر کہا تھا ؎

سینے میں جلن، آنکھوں میں طوفان سا کیوں ہے
اس شہر میں ہر شخص پریشان سا کیوں ہے

لہٰذا یہ کہا جاسکتا ہے کہ عالمی یوم خاندان اگرچہ خاندانی نظام کو مستحکم کرنے میں اہمیت کا حامل ہے، مگر اس نظام کی عملی تشکیل شریعت اسلامیہ پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے جو ہمہ وقت خاندان اور اس سے متعلقہ امور سے آگاہی کے اصول فراہم کرتی ہے۔ اور یہی وہ اصول ہیں جو خاندان کو معاشرہ انسانی کا تاج بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کہ جس طرح سے کسی قوم کا تاج اس کی شناخت پیش کرتاہے اسی طرح اسلامی خاندان بطور تاج اپنی اسلامی تہذیب و ثقافت کو نمایاں کرتا ہے۔
اللہ تعالٰی ہمیں مغرب کے پر فریب نعروں سے محفوظ رکھے اور شریعت اسلامیہ کی روشنی میں خاندانی نظام کو مستحکم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

٭ ٭ ٭

قرآن و سنت کے مطالعہ سے یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ خاندانی نظام کی تشکیل کا راز شریعت اسلامیہ کے اصولوں میں ہی مضمر ہے۔
مذہب اسلام، جس نے حیات انسانی کے وہ سنہرے اصول بتائے جو ہمیں کتاب اللہ اور سنت رسول میں ملتے ہیں۔ اور شریعت اسلامیہ کے پہلے ماخذ قرآن کریم سے خاندانی نظام کی توضیح ہوتی ہے کہ رب کائنات نے دعوت توحید اور شرک سے اجتناب کا حکم دینے کے بعد سب سے پہلا حکم جو دیا وہ والدین اور پھر بالترتیب دیگر رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک ہے ۔

Comments From Facebook

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے