نوعِ انسانی کی شروعات ’’خاندان‘‘کے ذریعہ ہوئی ۔حضرت آدم علیہ السلام کے بعد حضرت حوا علیہا السلام اور ان کے ذریعہ ان کے خاندان کو وجود بخشا گیاہے۔جب کہ بعض مغربی مصنفین اور فلسفیوںنے یہ بے بنیاد دعویٰ کیا ہے کہ انسان کو ابتداسے خاندان نہیں دیا گیا،بل کہ غیر منظم حیوانی انداز میں اس کی شروعات ہوئی۔ ڈارون(Darwin) کے مطابق انسان کی ابتدا بندر سے ہوئی۔ اس مفروضہ کی بنیاد پرپنپنے والا معاشرہ بھی حیوانی فطرت کا حامل ہو تاہے۔جہاں خاندان کوغیر اہم و غیر ضروری ماناجائے،جہاں نوعِ انسانی کی افزائش بھی جانوروں کی طرح محض نسل کا تسلسل بن کررہ جائے،جہاں خاندان کاکوئی تصورنہ ہو،منظمُ اورپرسکون خاندانوںسے عاری معاشرہ، معاشرہ نہیں بل کہ جانوروں کا غول بن کر رہ جاتا ہے۔
حیوانات کی طرح انسان پرصرف اپنی نسل کا سلسلہ آگے بڑھانے کی ذمہ داری نہیں ہے بل کہ وہ اخلاق و کردار ، تہذیب وکلچر ،عادات واقدار اور روایات کے تسلسل کا بھی حامل ہوتا ہے۔
خاندان ہی کے ذریعہ اخلاقی اقدار وروایات کا تحفظ و تسلسل ہوتاہے۔ اسی لیے اسلام نے نکاح کو ایک مقدس عمل قرار دیا کہ جس کے ذریعہ صرف دو افراد کا ہی ملاپ نہیں ہوتا، بل کہ دو خاندان ملتے ہیں۔ پھر ان خاندانوں سے مزید خاندان بنتے ہیں۔ ان کے درمیان محبت کا تعلق قائم ہوتاہے اور ان کے ذریعہ نسلِ نو کی تربیت ہوتی ہے۔ایک اچھا معاشرہ ،صالح افراد اور صالح خاندانوںسے مل کربنتاہے۔ پرسکون خاندان افراد کوتعمیری کاموں کے لئے تیار کرتے ہیں ۔ان کے مددگار ومعاون ثابت ہوتے ہیں۔ اسی لیے خاندان کو اسلا م میں معاشرہ کی پہلی اور ضروریُ اکائی مانا گیاہے۔ خاندان کو اس کی وسعت کے ساتھ ماننے کا حکم دیاگیاہے۔ ماں باپ،ازواج،اولاد ،خونی رشتہ دار، نسبی رشتہ دارُوقرابت دارکے حسبِ مدارج حقوق کی ادائیگی اور احسان کا معاملہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔اسلام والدین اور بچوں کے درمیان اچھے تعلقا ت کی خصوصی تلقین کرتاہے۔ والدین کے ساتھ اچھے برتائو اور حسنِ سلوک کو واجب قراردیتاہے۔ خدا اور رسول کے تعلق کے بعد جس کے بارے میں تاکیداًکہا گیاوہ والدین کے ساتھ تعلق ہے۔ والدین کو بھی بچوں کی اچھی نگہداشت اور تعلیم وتربیت کی تلقین کی گئی اوراس کے خصوصی اجر کا وعدہ کیا گیا ۔
مستحکم اور خوش گوارخاندان کے بنیادی یونٹ میاں بیوی ہوتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے خاندان کے اس اہم رشتہ کو مضبوط رکھنے کے سارے لوازمات عطا کیے ہیں۔ دو اجنبی افرادکے درمیان محبت و مودت جیسی بیش بہا نعمت عطا کی ہے ۔ پھر حدیث وسنت کے ذریعہ تعلقات کی مضبوطی و خوش گواری کےلئے ہرپہلوسے رہنمائی فرمائی ہےاورعمل آوری پراجر کا یقین دلایا ہے۔
والدین،میاں بیوی،بچے اور بھائی بہن کے رشتوں میں فطری تعلق ہوتا ہے۔دیگر رشتوں کی بہ نسبت محبت زیادہ ہوتی ہے۔ اس لیے عموماًمسلم معاشرہ میں یہ رشتے نبھائے جاتے ہیں، لیکن دیگر اقرباء اور سسرالی رشتوں میں اکثر کشیدگیاں یا لاتعلقی دیکھی جاتی ہے۔اسلام کا خاندانی نظام مغرب کے تصور خاندان کی طرح سمٹا سکڑا نہیں ہےبل کہ پھیلا ہواہے۔ جہاں ہر رشتےکا اپناتخصص اور اہمیت ہے۔ رشتے ان کی قربت کے تناسب سے توجہ کے حقدار قرار دیے گئے ہیں۔ فرمان الہی ہے:
’’اور تم سب اللہ کی بندگی اختیار کرو ۔اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بناؤ۔ ماں باپ کے ساتھ نیک برتائو کرو اور قرابت داروں، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئو۔(النسا۳۶:)
اسی طرح حدیث نبوی ہے کہ جسے پسند ہوکہ اس کی روزی کشادہ ہواور اس کی عمر دراز ہو تو اسے چاہیے کہ رشتہ داروں سے صلہ رحمی کرے۔ اسلامی تعلیمات خاندان کے کشادہ دست لوگوں پر ذمہ داری عائدکرتاہےکہ مجبور و ضرورت مند اہل خاندان پر خرچ کریں۔ اسلام یہ اور اس طرح کے متعدد احکام کے ذریعہ خاندان کے باہمی تعلقات کو مضبوط ومربوط کرتا ہے۔
نکاح ایک مضبوط معاہدہ اورخاندان کی نسلِ نو کو پروان چڑھانے والا ذ مہ دار ادارہ ہے۔ نکاح سے قبل دونوں جانب کے دونوں افراد (لڑکی اور لڑکے) کو اس ادارہ سے وابستگی کا شعور پیدا کرنے اور دونوں خاندانوں سے انس ومحبت سے جڑنے اور جوڑے رکھنے کی رہنمائی نہایت ضروری ہے۔ گھر کے بزرگوںکواپنے بچوں کے اندر یہ احساس پیدا کرنا ناگزیر ہے کہ تعلقات کو توڑنا سخت نا پسندیدہ عمل ہے اورقطع تعلق کرنے کا ذمہ دار خداکے سامنے جواب د ہ ہوگا ۔
اس خداسے ڈرو، جس کا واسطہ دیکر تم ایک دوسرے سے اپنا حق مانگتے ہو اور رشتہ وقرابت کے تعلقات کو بگاڑنے سے پرہیز کرو ۔یقین جانو کہ اللہ تمُ پر نگرانی کررہا ہے (النسا۱:)
چونکہ قرابت دار (سسرالی و نسبی)دیگر لوگوں کے بہ نسبت حسن سلوک کے زیادہ حقدار ہوتے ہیں۔ اس لیےخاندان کے استحکام و نشونما کےلیے ان تعلقات کو خوف خداکی بنیادپراستوار رکھنا ضروری ہے۔ بعض نازک رشتوں کو عفو درگزر، رواداری اور ایثار و قربانی کے ساتھ نببھانا ہوتا ہے۔
صلہ رحمی وہ نہیں کرتا جو جواباً صلہ رحمی کرے۔کوئی احسان کرے تووہ بھی احسان کرے۔کوئی میل ملاقات رکھے تو وہ بھی اسے ملتا رہے۔ کوئی تحفہ دے تو وہ بھی ایسا کرے۔ یہ حقیقی واصل رحم نہیں ہے۔ صلہ کا معنی ہے ’ٹوٹی ہوئی چیز کو جوڑنا‘۔ حقیقی صلہ رحمی تو یہ ہے کہ جو تم سے کٹے، تم اس سے جڑے رہو اور جو تمہیں کچھ نہ دے اسے عطا کرو ۔جو تم پر ظلم کرے، اسے معاف کرو ۔جو تم سے برا سلوک کرے، تم اس سے حسنِ سلوک کرو۔ یہ ہے وہ شان جو ایک خاندان کے دوعناصر کے درمیان ہونی چاہیے۔
(علامہ یوسف القرضاوی )
٭ ٭ ٭
ایک اچھا معاشرہ ،صالح افراد اور صالح خاندانوںسے مل کربنتاہے۔ پرسکون خاندان افراد کوتعمیری کاموں کے لئے تیار کرتے ہیں ۔ان کے مددگار ومعاون ثابت ہوتے ہیں۔ اسی لیے خاندان کو اسلا م میں معاشرہ کی پہلی اور ضروریُ اکائی مانا گیاہے۔


0 Comments