مصنفہ کی اپنی بات ۔میگزین کی جانب سے موصول ہونے والی تصاویر پر ذاتی اخذ شدہ تخیلات کو سپردِ قرطاس کرنا ہمیں سرور بخشتا ہے۔ مگر اس دفعہ موصول شدہ تصویر جو بذاتِ خود حقیقت کی عکاس ہے۔ سچائی پر مبنی روح فرساں واقعہ جسے تھوڑا افسانوی رنگ دینے کی کوشش کی ہے ملاحظہ فرمائیں۔
’’اس تصویر میں موجود معصوم بچہ ظالم و غاصب صہیونی بربریت کا شکار ان سیکڑوں فلسطینی اطفال کے جانی استحصال کا جیتاجاگتاثبوت ہے۔اسے یہودیوں کی جبر و استبداد کی منہ بولتی تصویرکہنا بے جا نہ ہوگا۔یہ اس بے ضرر بچے کا پورٹریٹ ہے،جسے گزشتہ سال کے اسرائیلی راکٹ حملے نے اپنے دونوں بازوؤں سے بے نیاز کر دیا۔‘‘
فوٹوگرافی ’’ثمر ابوالعوف‘‘ کی پر اعتماد کھنکھناتی آواز ملک امسٹرڈمِ (Amsterdam) کی نمائش گاہ میں ’’ورلڈ پریس فوٹو‘‘کی جانب سے منعقدہ فوٹوگرافی مقابلے میں گونج رہی تھی۔
’’یہ تصویر ہے اسرائیلی درندگی کے شاہکار، شکستہ حال دست و بازو مگر بلند عزائم کے پیکر نو سالہ ’’محمود عجور‘‘ کی۔ میری تصویر کا ننھا ہیرو ، چشمِ داشت۔‘‘
قارئین!! Amsterdam کی نمائش گاہ اور ثمر ابوالعوف کو تھوڑی دیر کے لئے منقطع کرتے ہوئے بڑھتے ہیں ننھے مجاہد محمود عجور کی اور۔۔سنتے ہیں محمود کی کہانی وہ بھی انہیں کی زبانی!
میرانام محمود عجورہے۔میرا تعلق شہر شہیداں میری مراد’’ غزہ‘‘ ہے۔ صبر و استقامت اور جذبۂ مزاحمت ہم فلسطینی بچوں کی نس نس میں سمایاہے۔بالآخر ہماری زندگی میں بھی وہ ساعت آگئی جس کے ہونی شدنی سے ہم بخوبی واقف تھے۔ جس وقت اسرائیلی فوج نے ہمارے علاقے کا رخ کیا،میں اپنے والدین کے ہمراہ تھا۔ہم نے اپنے قریب ایک دل دہلادینے والے دھماکے کی آواز سنی اور اس سے پہلے کہ میرے حسیات خطرے کا آلارم بجاتے،میں زمین پرڈھیرہوگیا۔جب ہوش سنبھالا تو اپنے آپ کو غزہ کے اسپتال میں پایا۔ مجھے یوں ہوش و حواس سے بیگانہ کردینے والی چیز کیا تھی، اس کا ادراک دھماکے کے وقت نہ ہو پایا! لیکن یہ کیا؟ میں اپنی روتی بلکتی ماں کے آنسو پونچھنا چاہتا تھا، انہیں گلے لگانا چاہتے تھا ،اپنے باباکو تھامنا چاہتا تھا، مگر میرے بازو تھے کہ اٹھنے سے قاصر!! اٹھتے بھی کیسے؟؟؟ وہ تو راکٹ کے حملے کی نذر ہوچکےتھے۔۔۔ جس کا احساس مجھے اب ہوا۔ بہتر طبی سہولیات کی غرض سے دیگر جنگی مصائب زدگان کی طرح مجھے بھی دوحہ، قطر شفٹ کیا گیا۔ یہاںکسی چیز کی کمی نہیں ہے۔یہ بات میرے انگ انگ میں خوشی بھرتی ہے کہ میں اپنے وجود و حیات کی خلاؤں کو پسِ پشت ڈالتےہوئے تعلیمی ذوق وشوق کو جاری رکھ رہا ہوں۔ اپنے پسندیدہ مشغلے فٹ بال کو انجوائے کر رہا ہوں۔
آپ جاننا چاہیں گے میری زندگی کی سب سے بڑی خواہش کیا ہے؟
میں ایک کامیاب پائلٹ بننا چاہتا ہوں، غزہ واپس جانا چاہتا ہوں، میں اسے دوبارہ شاد و آباد دیکھنا چاہوں گا۔ انا محب الغزہ میں نے اپنے ہاتھ ضرور کھوئے ہیں،مگر میری آنکھوں میں چمکتے آس و امید کے جگنو کو چھیننے کی طاقت اسرائیلیوںکے کسی بھی ہتھیارمیں نہیںہے۔میں اب بھی پرامید ہوں، فلسطین کے ہر اس مسلمان کی طرح جو کشیدہ حالات میں جینا جانتا ہو۔ ہمارا صبر و استقلال ناقابلِ تسخیر ہے۔ کیونکہ ہم فلسطینی ہیں! کیونکہ میں غزائی ہوں!
ورلڈ پریس فوٹو کے ججز(Judges) باری باری تمام شرکا کی تصاویرکا معائنہ کر رہے تھے۔
’’ تو اب وقت ہے کہ رزلٹ کا اعلان کیا جائے!‘‘
ورلڈ پریس فوٹو کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر(Exicutive Director) جومانہ الزین خوری(Joumana El Zein Khoury) نے کہنا شروع کیا :
’’ امسال ہمیں دنیا کے مختلف کونوں سے تقریباً۵۹ ہزار تصاویر موصول ہوئیں، جسے۱۴۱ ممالک کے فوٹوگرافرز نے پیش کیا۔ جیوری کی متفقہ رائے کے تحت امسال بیسٹ فوٹو ایوارڈ اس خاموش تصویرکو جاتاہے، جس کے بلند حوصلے نے ہم سب کو مرعوب کردیا۔ وہ تصویر نہ صرف ایک لڑکے کی مزاحمتی داستان سناتی ہے بلکہ اس میں ایک وسیع و عریض خونریزی بھی عیاں ہے جس کے اثرات نسلوں تک باقی رہیں گے۔‘‘
’’ ورلڈ پریس فوٹو(World Press Photo) ۲۰۲۵کا ایوارڈ جاتا ہے فوٹوگرافر’’ ثمر ابوالعوف ‘‘کی تصویر چشمِ داشت کو۔
جذبوں کی صداقت زندہ ہے
ایماں کی حرارت زندہ ہے
جب تک ہے سلامت سر میرا
سودائے شہادت زندہ ہے
٭ ٭ ٭


0 Comments