ایران میں احتجاج صہیونی ایجنڈا

ایران میں رونما ہونے والے موجودہ حالات کے بارے میں درست ترین موقف کا خلاصہ یہ ہے کہ یہ احتجاج ایرانی عوام کی خود رو تحریک نہیں، بلکہ امریکہ اور اسرائیل کے ایک منظم اور واضح منصوبے کا حصہ ہیں۔ موجودہ امریکی حکومت عملاً صہیونی ایجنڈے کی آلۂ کار بن چکی ہے، جس کی سمت متعین کرنے میں ڈونالڈ ٹرمپ کے یہودی داماد، ان کا پورا خانوادہ اور صہیونی لابی کے سہارے اقتدار میں آنے والے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو جیسے انتہا پسند عناصر کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ایران میں احتجاجی سرگرمیوں میں اچانک تیزی کے پس منظر میں صہیونی سازشوں کا کردار اسی طرح نمایاں ہے، جس طرح ۳؍جنوری ۲۰۲۶ء کو ونیزویلا پر امریکی حملے اور وہاں کے صدر کو اغوا کرنے کی کوشش کے پیچھے ایک منصوبہ بند صہیونی ایجنڈا کارفرما تھا۔ خود ونیزویلا کے نئے قائم مقام حکمراں نے اسے کھلے لفظوں میں ’’زائنسٹ پروجیکٹ‘‘ قرار دے کر امریکہ کی اس نئی غنڈہ گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔
ایران میں ہونے والے مخصوص احتجاج اور ریلیوں کے اسباب عالمی سطح پر معروف ہیں، مگر عالمی صہیونی میڈیا اور امریکی و اسرائیلی حکومتی حلقے انھیں ایران کی کٹر اسلامی قیادت کے خلاف ایک عوامی بغاوت کے طور پر پیش کر رہے ہیں، جسے مسلم دنیا کا ایک بے خبر طبقہ بھی دہرا رہا ہے۔ حالاں کہ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ ایرانی قیادت عالمِ اسلام کی اسلام پسند اور صہیونیت دشمن قیادتوں میں نہ صرف نمایاں، بلکہ مضبوط ترین قیادتوں میں شمار ہوتی ہے اور یہی پہلو اسرائیل اور اس کے سرپرست امریکہ کے لیے ناقابلِ برداشت بن چکا ہے۔ چناں چہ پرتشدد احتجاج کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے ایران کے گہرے جڑوں والے اسلامی نظام کے خاتمے کی کوشش، ان تدبیروں میں شامل ہے، جنھیں امریکہ اور صہیونی اتحاد انقلابِ ایران کے بعد سے مسلسل آزما رہا ہے، اگرچہ اسے اب تک کوئی فیصلہ کن کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔
ان حالات کا ایمان دارانہ تجزیہ اُس وقت تک ممکن نہیں، جب تک خطے کے تاریخی و جغرافیائی پس منظر اور گزشتہ چند برسوں میں فلسطین اور ایران سے متعلق پیش آنے والے واقعات کی سمت کو نہ سمجھا جائے۔ صہیونی امریکی اتحاد کے غصے کی اصل وجہ یہ ہے کہ ایرانی قیادت نے گزشتہ دو تین برسوں میں فلسطینی کاز کی عملی حمایت میں مسلم دنیا میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، ساتھ ہی عالمِ اسلام کی وحدت اور بالخصوص عرب ایران تعلقات کی بحالی کے لیے سنجیدہ اور نتیجہ خیز اقدامات کیے ہیں، جنھیں پوری امت میں سراہا گیا۔
مسلم دنیا کے اتحاد سے ناواقف افراد شاید اس حقیقت کو نہ سمجھ پائیں کہ یہی اتحاد امریکہ اور اسرائیل کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ آیت اللہ خمینیؒ اس فکر کے سب سے بڑے داعی تھے، اور مقتول ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے اس سمت میں اس عمل کو مزید تقویت دی۔ ان کی کوششوں کا نقطۂ عروج اُس وقت سامنے آیا، جب ریاض اور تہران کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوئے۔ تعلقات کی بحالی کے محض ایک ہفتے بعد سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر صدر رئیسی نے ۱۱؍ نومبر ۲۰۲۳ء کو سعودی عرب کا تاریخی دورہ کیا اور غزہ پر عرب لیگ اور او آئی سی کی مشترکہ کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں توانا آواز بلند کی۔ وہ ایک دہائی بعد سعودی عرب کا دورہ کرنے والے پہلے ایرانی صدر تھے۔
اسرائیلی میڈیا نے صدر رئیسی کی اس شرکت کو خصوصی طور پر نمایاں کیا، خاص طور پر ان کی فلسطینی کوفیہ میں ملبوس تصاویر کو، جو آزادی فلسطین کی عالمی علامت ہے۔ ’’ٹائمز آف اسرائیل‘‘ کے مطابق: ’’الاخباریہ چینل پر نشر ہونے والی فوٹیج میں رئیسی کو روایتی فلسطینی کوفیہ پہنے ہوائی اڈے پر سعودی حکام سے ملاقات کرتے دکھایا گیا۔‘‘
گویا مسلم امت کی وحدت کی اس علامتی جھلک میں بھی صہیونیت کو اپنا زوال صاف نظر آنے لگا، جب کہ ایران کی بڑھتی ہوئی عسکری طاقت کو وہ پہلے ہی اپنے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔ انہی وجوہ کی بنا پر اسرائیل خاموش نہیں رہ سکتا۔ وہی اسرائیل جو ماضی میں فرضی اطلاعات کے ذریعے عراق کی تباہی اور پورے خطے کے عدم استحکام کا سبب بنا اور آج بھی ایران کی جوہری پیش رفت کے خلاف امریکہ پر مسلسل دباؤ ڈال رہا ہے۔
دنیا بخوبی جانتی ہے کہ اسرائیل کی عسکری اور سفارتی حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی مسلم ملک عسکری طاقت، سیاسی خود مختاری اور معاشی استحکام کے اعتبار سے اس مقام تک نہ پہنچے، جہاں وہ اس غاصب ریاست کے وجود کے لیے حقیقی چیلنج بن سکے۔ یہی پس منظر ایران کے خلاف جاری حالیہ سازشوں کو سمجھنے کی کلید ہے۔

ایران سے خوف زدہ صہیونیت اور اس کے حربے

جو لوگ عالمی حالات سے باخبر ہیں، وہ بخوبی جانتے ہیں کہ امتِ مسلمہ کی وحدت، عرب ایران برادرانہ اتحاد و تعاون، فلسطین کی سیاسی و عسکری حمایت، اسرائیلی قبضے کی شدید مخالفت اور میزائل ٹیکنالوجی کے ذریعے ایران کی بڑھتی عسکری قوت، یہ سب پیش رفتیں امریکی۔اسرائیلی عالمی منصوبے، یا سادہ الفاظ میں اسرائیل کے صہیونی ایجنڈے پر براہِ راست ضرب ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صہیونی ٹولے کی پوری نفسیات، اس کی عالمی سرگرمیاں اور اس کا نفسیاتی کھیل اسی خوف کے گرد گھومتا ہے۔ البتہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے وہ اپنے بیانیے میں کچھ اور لکھتا اور دکھاتا ہے۔
اسرائیل کے ناجائز وجود کو ان خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے نزدیک یہ ناگزیر سمجھا جاتا ہے کہ ایران کو بھی اسی انجام تک پہنچا دیا جائے، جہاں مصر، عراق، شام، لبنان، لیبیا، افغانستان اور سوڈان جیسے مسلم ممالک کو مختلف حیلوں بہانوں سے پہنچایا جا چکا ہے اور جہاں ترکی اور پاکستان کو پہنچانے کی متعدد کوششیں بھی کی جا چکی ہیں، تاکہ یہ ممالک عسکری اور سیاسی لحاظ سے اس پوزیشن میں نہ رہیں کہ اسرائیل کے صہیونی منصوبے کے لیے کبھی خطرہ بن سکیں۔

صہیونی مقاصد کے تین بنیادی وسیلے

تفصیل میں جائے بغیر یہ سمجھ لینا کافی ہے کہ امریکی۔اسرائیلی ایجنڈے کی تکمیل کے تین بنیادی حربے ہیں:
اوّل: بین الاقوامی اقتصادی اور سفارتی پابندیاں
دوم: عوامی احتجاج یا فوجی بغاوت کے ذریعے نظامِ حکومت کی تبدیلی
(ریجیم چینج)
سوم: براہِ راست فوجی حملہ یا اسٹرائک
گزشتہ تقریباً ایک صدی کی تاریخ گواہ ہے کہ ان تینوں حربوں کو حالات کے مطابق پلان اے، پلان بی اور پلان سی کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ ایران کے خلاف بھی یہ تمام ہتھکنڈے کبھی الگ الگ اور کبھی بیک وقت آزمائے گئے، مگر امریکہ اور اسرائیل کو اب تک کوئی فیصلہ کن کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ اس وقت ایران کے خلاف صہیونی ایجنڈے کے پہلے مرحلے، یعنی معاشی دباؤ اور داخلی بے چینی کو ہوا دینے پر عمل ہو رہا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ یہ منصوبہ کس حد تک کامیاب ہوتا ہے اور عرب و مسلم دنیا کے صہیونی نواز عناصر اس میں کیا کردار ادا کرتے ہیں، یا پھر وہ اس خطرے کو روکنے کے لیے اپنے ایک برادر ملک کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

ترکی، پاکستان اور ایران: صہیونی منصوبے کی نامکمل کہانی

گزشتہ چالیس پینتالیس برسوں میں امریکہ اور اسرائیل کے لیے سب سے بڑی ناکامی یہ رہی ہے کہ مسلم دنیا کے تین کلیدی ممالک—ترکی، پاکستان اور ایران کے خلاف صہیونی منصوبہ مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکا۔ ایران اسلامی انقلاب کے بعد سے ہی امریکی۔اسرائیلی نشانے پر ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ ترکی میں بھی امریکہ و اسرائیل کی پشت پناہی میں کی جانے والی سیاسی اور فوجی مداخلتیں اسے غیر مستحکم کرنے یا ریجیم چینج میں ناکام رہی ہیں، مگر اس کے باوجود وہ صہیونی ایجنڈے میں سرِفہرست ہدف بنا ہوا ہے۔
پاکستان جغرافیائی طور پر اسرائیل سے دور ہونے کے باوجود اپنی عسکری قوت میں خاصی پیش رفت کرنے میں کامیاب رہا، مگر ’’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘‘ کے نام پر مستقل سیاسی عدم استحکام، داخلی انتشار اور معاشی کمزوری کے ذریعے اسے اس قابل ہی نہیں رہنے دیا گیا کہ وہ عالمِ اسلام یا مشرقِ وسطیٰ میں کوئی مؤثر کردار ادا کر سکے۔ اس کا ایٹمی طاقت ہونا صہیونی ٹولے کے لیے ہمیشہ ایک بڑا خطرہ رہا ہے، جسے حالیہ برسوں میں ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے ذریعے وقتی طور پر قابو میں رکھنے کی کوشش کی گئی۔ بعض عرب ریاستوں کو بھی پاکستان پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، تاکہ اسے دامے، درمے اور سخنے قابو میں رکھا جا سکے۔ مالی امداد کے دروازوں کا اچانک کھل جانا اور وائٹ ہاؤس میں پاکستانی قیادت کی غیر معمولی آؤ بھگت محض اتفاق نہیں۔ اس پردے کے پیچھے کیا ہے، اس سے دنیا جلد ہی واقف ہو جائے گی۔

صہیونیت کا دوہرا معیار اور ایران کا بحران

ایران میں موجودہ بحران کا جو عمومی بیانیہ گھڑا جا رہا ہے، وہ معاشی بدحالی کو اس کی بنیادی وجہ قرار دیتا ہے، مگر یہ حقیقت شعوری طور پر چھپائی جاتی ہے کہ ایران کی معاشی مشکلات کی اصل وجہ اس کی داخلی پالیسیاں نہیں، بلکہ امریکہ اور مغرب کی جانب سے عائد کی گئی ناجائز اور یک طرفہ پابندیاں ہیں، جو بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی روح کے منافی ہیں۔ ایران کے ساتھ امریکہ کا یہ رویہ گزشتہ چالیس برسوں سے ویسا ہی ہے، جیسا اس نے حالیہ برسوں میں ونیزویلا کے ساتھ اختیار کیا، حملہ، دباؤ اور کھلی غنڈہ گردی۔
اس کے باوجود مین اسٹریم میڈیا سے لے کر سوشل میڈیا تک یہ تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ محض مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف عوامی ردِعمل ہے۔ یہ جھوٹے بیانیے اچانک جنم نہیں لیتے بلکہ اس عالمی امریکی۔صہیونی منصوبے کا حصہ ہیں جو دوسری عالمی جنگ کے بعد ترتیب دیا گیا اور آج تک نافذ العمل ہے۔
افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ غزہ جیسے کھلے عام قتلِ عام کے باوجود بھی یہ دنیا ان طاقتوں کے خلاف مؤثر اقدام سے قاصر نظر آتی ہے۔
اسی دوران ڈونالڈ ٹرمپ اور اس کے صہیونی کارندے ایران میں پیدا کردہ حالات سے بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ایران میں پولیس اور سکیورٹی ادارے پرتشدد عناصر کا نشانہ بن رہے ہیں، سرکاری عمارتوں کو نذرِ آتش کیا جا رہا ہے اور قومی پرچم کی بے حرمتی ہو رہی ہے، مگر امریکہ اور اسرائیل کھلے عام ان عناصر کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ اس کے برعکس، اگر ایرانی حکومت نظم و نسق قائم رکھنے کے لیے طاقت استعمال کرے تو اسے حملے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ یہی وہ دوہرا معیار ہے جو واشنگٹن، لندن، پیرس اور برلن میں فلسطین کے حق میں پُرامن مظاہروں کو کچلتا ہے، مگر ایران میں تخریب کاری کو ’’آزادی‘‘ کا نام دیتا ہے۔

اصل ہدف: اسلامی انقلاب اور نظامِ حکومت

ان تمام حقائق کا حاصل یہ ہے کہ ایران میں موجودہ صورتِ حال کی اصل وجہ نہ مہنگائی ہے اور نہ معاشی بحران، بلکہ وہی سبب ہے جس کی طرف اس تحریر میں بار بار توجہ دلائی گئی ہے۔ ایران کا اسلامی انقلاب پہلے دن سے ان طاقتوں کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ رہا ہے جو عثمانی خلافت کے خاتمے اور رضا شاہ پہلوی کی صہیونیت نواز بادشاہت کی سرپرست تھیں۔ امریکہ اور اسرائیل بخوبی جانتے ہیں کہ امام خمینیؒ کے برپا کردہ انقلاب کی سمت کیا ہے اور جب تک ایران میں پاسدارانِ انقلاب جیسی سرفروش قوت موجود ہے، مشرقِ وسطیٰ میں صہیونی ایجنڈے کی تکمیل ممکن نہیں۔
اسی لیے ان کا ہدف محض حکومت نہیں، بلکہ پورا نظامِ حکومت ہے۔ ان کے نزدیک سب سے آسان راستہ یہی ہے کہ ایران میں ریجیم چینج کے ذریعے اسلامی انقلاب کے اثرات کو ختم کیا جائے اور ایسے عناصر کو اقتدار میں لایا جائے جو بظاہر ایران پر حکومت کریں، مگر درحقیقت امریکہ اور اسرائیل کے تابع ہوں۔ اس مقصد کے لیے پہلوی خاندان کے کسی فرد کو دوبارہ اقتدار میں لانے کا خواب اب بھی زندہ ہے، اسی بادشاہت کو جسے ۱۹۷۹ء میں ایک عوامی و اسلامی انقلاب نے دفن کر دیا تھا۔
یہی وجہ ہے کہ کل جو ایران اسرائیل کے لیے خطے میں استحکام کی علامت سمجھا جاتا تھا، آج وہی ایران اس کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔ اسلامی انقلاب نے اس ملک کی شناخت ہی بدل دی ہے اور یہی تبدیلی صہیونی طاقتوں کے لیے ناقابلِ برداشت بن گئی ہے۔ چناں چہ آج مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام کا الزام ایران پر دھرا جا رہا ہے، حالاں کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ عدم استحکام خود انہی طاقتوں کی دہائیوں پر محیط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

ایران کی سخت جانی، صہیونیت کی اصل پریشانی

اس کے باوجود اگر کچھ لوگوں کو یہ سمجھ میں نہ آئے کہ حالات کس سمت جا رہے ہیں اور ان کے پیچھے اصل محرک کون ہے، تو درحقیقت مسئلہ حالات کا نہیں بلکہ فہم و شعور کا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ پورا کھیل دو قوتوں کا رچایا ہوا ہے۔ قوتیں اگرچہ دو ہیں، مگر ایجنڈا ایک ہی ہے: فلسطین اور پورے مشرقِ وسطیٰ پر اسرائیلی تسلط۔ اس ایجنڈے کا ذیلی، مگر نہایت مرکزی ہدف ایران میں اسلامی انقلاب کی حامل حکومت اور پورے نظامِ حکومت کا خاتمہ ہے۔ جو کردار امریکہ ماضی میں رضا شاہ پہلوی سے لینا چاہتا تھا، آج وہی کردار اس خاندان کے کسی شہزادے سے لینے کی کوشش کر رہا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ اُس وقت ایرانی عوام آیت اللہ خمینیؒ کی قیادت میں اپنے مسلکی اور فرقہ وارانہ اختلافات بھلا کر اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ بن گئے تھے، جب کہ آج انہی عوام کا ایک محدود طبقہ امریکی۔صہیونی ایجنٹوں کی گمراہ کن رہنمائی میں اسی انقلاب کی جڑیں اکھاڑنے پر آمادہ دکھائی دیتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت رضا شاہی بادشاہت کو دوبارہ زندہ کرنے کے خواب دیکھے جا رہے ہیں۔
اسی غرض سے اسلامی ایران کو طویل عرصے تک عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی گئی، مگر امریکہ اور مغرب کے شدید بائیکاٹ کے باوجود ایران کمزور پڑنے کے بجائے ایک بڑی عسکری طاقت بن کر ابھرا، جس نے صہیونی قیادت کو مزید بوکھلا دیا۔ چند ماہ قبل ایران پر کیا جانے والا شدید حملہ بھی اسی سلسلے کی کڑی تھا، مگر اس میں بھی امریکہ اور اسرائیل کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ اسرائیل کی مسلط کردہ بارہ روزہ جنگ کے بعد ایران ایک بار پھر فاتح کی صورت میں سامنے آیا اور صہیونی منصوبوں پر پانی پھر گیا۔ اس جنگ کے دوران اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو بارہا یہ دعویٰ کرتا رہا کہ اسرائیل کا حملہ دراصل ’’ایرانی عوام کی حمایت‘‘ میں ہے جو اپنی حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔
آج ایران میں فتنہ و فساد کے نئے سلسلے کے آغاز کے بعد یہی بیانیہ صہیونی قیادت اور اس کے سرپرست ایک بار پھر دہرا رہے ہیں۔ آئندہ کیا ہوگا، یہ کہنا ممکن نہیں، مگر یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ ایران کی مضبوط عسکری قوت نے ان اسلام دشمن صہیونی طاقتوں کو ان کے بنیادی مقاصد میں بارہا ناکام کیا ہے۔ ۱۹۷۷ء کا وہی پرانا ہدف گزشتہ کئی دہائیوں سے ان کی تمام سفارتی، سیاسی اور فوجی سرگرمیوں کا محور رہا ہےںاور اس پس منظر کو سمجھے بغیر ان کی چالوں کو سمجھنا ممکن نہیں۔

احتجاج حکومت کے خلاف یا اسلام کے خلاف؟

اس وقت ایران میں جاری سلسلہ کسی عوامی احتجاج کا نہیں بلکہ منظم فسادی تشدد کا ہے۔ یہ بات درست ہے کہ ان احتجاجات میں شامل تمام افراد کو امریکہ اور اسرائیل کا ایجنٹ نہیں کہا جا سکتا، مگر احتجاج کا پرتشدد انداز، ریاست کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانے والی سرگرمیاں اور ان کے نعرے اس حقیقت کو پوری طرح عیاں کر دیتے ہیں کہ اس کی قیادت امریکی۔اسرائیلی ایجنٹوں کے ہاتھ میں ہے۔
اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ان احتجاجات کے پیچھے نہ مہنگائی کم کرنے کا کوئی مطالبہ ہے، نہ روزمرہ مسائل کے حل کی کوئی باتںاور نہ ہی عوامی پریشانیوں کی کوئی حقیقی نمائندگی۔ اس کے برعکس، ان کا بنیادی مطالبہ حکومت ہی نہیں بلکہ پورے نظامِ حکومت کی تبدیلی ہے۔ وہ جمہوریت کے بجائے شاہی غلامی کے قلادے کو دوبارہ اپنی گردنوں میں ڈالنے کی خواہش کا کھلا اظہار کر رہے ہیں۔
حکومتوں کے خلاف عوامی ردِعمل جمہوری معاشروں میں ایک معمول کی بات ہے۔ غزہ میں اسرائیلی قتلِ عام کے خلاف امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس میں لاکھوں افراد نے پُرامن احتجاج کیا، یہاں تک کہ خود ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے ’’ٹرمپ اپنے دور کا ہٹلر ہے‘‘ جیسے نعرے بھی لگے۔ مظاہرین گرفتار ہوئے، زخمی کیے گئے، اور کئی مناظر ایسے سامنے آئے جو صہیونی مفادات کے تحفظ میں مکمل طور پر غیر جمہوری تھے۔ اس کے باوجود، ان ممالک میں احتجاج کو ریاست کے خلاف بغاوت قرار نہیں دیا گیا۔
اس کے برعکس ایران میں حالات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ فسادی عناصر سرکاری عمارتوں سے موجودہ قومی پرچم اتار کر اس کی جگہ رضا شاہ پہلوی کے دور کا پرچم لہرا رہے ہیں۔ یہ طرزِ عمل واضح طور پر صہیونی امریکہ کا سکھایا ہوا ہے۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی، یہ عناصر اس قومی پرچم کی بھی توہین کر رہے ہیں، جس پر اللہ کا نام درج ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی دشمنی صرف موجودہ حکومت سے نہیں، بلکہ اسلام سے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انھیں اسلام دشمن قوتوں کا آلۂ کار کہا جانا بے جا نہیں۔
یہ شناخت اب اہلِ ایران کو سمجھ لینی چاہیے۔ حکومت سے پہلے خود عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان فسادی عناصر کو پہچانیں اور ان کے فتنے کا سدِباب کریں۔ یہ لوگ جمہوریت نہیں بلکہ امارات اور سعودی عرب جیسی بادشاہتیں چاہتے ہیں جو آج امریکی۔اسرائیلی مفادات کی محافظ بنی ہوئی ہیں۔ یہ اسلام کے بجائے مغربی، عریاں اور بے لگام ثقافت کے خواہاں ہیں۔ ان کی وائرل تصاویر اور طرزِ عمل اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ اس ٹولے میں ایسے عناصر نمایاں ہیں، جنھیں اسلام اور اسلامی تہذیب سے نفرت ہے۔
یہی حقیقت ان کے مقاصد اور شناخت کو سمجھنے کے لیے کافی ہے۔ عام مسلمانوں کو ان کے گمراہ کن عزائم سے آگاہ کرنا اہلِ ایران کی پہلی ذمہ داری ہے، کیوں کہ اگر صہیونیت کے لباس میں یہ ابلیسیت کامیاب ہو گئی تو یہ ایران تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ دیگر مسلم ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ یہ کوئی پیچیدہ سیاسی یا معاشی مسئلہ نہیں، بلکہ شعور اور بصیرت کا امتحان ہے۔ اگر یہ فتنہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہو گیا تو مشرقِ وسطیٰ اور بالخصوص فلسطین کے مستقبل پر اس کے اثرات نہایت تباہ کن ہوں گے۔
امریکہ اور اسرائیل کا ایجنڈا بالکل واضح ہے، مگر المیہ یہ ہے کہ امتِ مسلمہ نہ اس ایجنڈے کی سنگینی کو پوری طرح سمجھ پائی ہے اور نہ ہی اس کے پاس کوئی ایسا متحد اور مؤثر متبادل ایجنڈا موجود ہے جو اسے یکجا بھی رکھ سکے اور طاقتور بھی بنا سکے۔
کہانی بالکل واضح ہے، کرداروں کی شناخت بھی عیاں ہے اور اس احتجاج کا صہیونی رخ پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔ یہ احتجاج کبھی اس شکل میں سامنے نہ آتے اگر ایران، امریکہ کے حکم پر فلسطین کی حمایت ترک کر دیتا، اسرائیل اور اس کے عرب ایجنٹوں کی مخالفت چھوڑ دیتا، اپنی عسکری اور میزائل قوت میں اضافہ نہ کرتا اور خطے میں وہ مقام حاصل نہ کرتا جو اسرائیلی توسیع پسندی کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اگر خدا نہ خواستہ یہ صہیونی ایجنڈے کے تحت چلنے والا فتنہ کامیاب ہو گیا تو اس کے اثرات محض ایک حکومتی تبدیلی تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ اس کا مطلب مشرقِ وسطیٰ پر اسرائیل کا مکمل کنٹرول ہوگا اور یہ اثرات عالمِ اسلام کے لیے نہایت مہلک ثابت ہوں گے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے