(باب دوم)ماں کی دعا

رات کے اندھیرے میں غزہ کی گلیاں سونی تھیں۔
صرف کہیں کہیں سے بمباری کی آواز آتی اور پھر فضا میں دھواں پھیل جاتا۔
یوسف اپنے چھوٹے سے کمرے میں جاگا بیٹھا تھا۔
اس کے ہاتھ کانپ رہے تھے، مگر دل میں ایک عجیب سی روشنی تھی۔
اس نے اپنی ماں کو پکارا،
’’امی۔۔۔ کیا اللہ واقعی ہماری آواز سنتا ہے؟‘‘
ماں نے اپنے چادر کے کونے سے اس کے آنسو پونچھے۔
’’بیٹا، اللہ کبھی بندے سے دور نہیں ہوتا۔ بس کبھی کبھی وہ چپ رہ کر ہمارے صبر کو تولتا ہے۔‘‘
یوسف خاموشی سے ماں کے قریب ہو گیا۔
ماں نے اس کے بالوں پر ہاتھ رکھا اور آہستہ آہستہ پڑھنے لگی:
حسبنا اللہ و نعم الوکیل.
کمرے کے باہر بارود کی بو تھی،
لیکن اس لمحے، ماں کی آواز میں ایک عجب سکون تھا۔
ایسا لگتا تھا جیسے پورا گھر اس دعا میں لپٹ گیا ہو۔
صبح جب سورج نکلا تو دھواں ابھی فضا میں تیر رہا تھا۔
یوسف نے باہر جھانکا۔
سڑک پر بچے اپنے کھلونے ڈھونڈ رہے تھے،
عورتیں ملبے میں قرآن کے پنے چن رہی تھیں،
اور ایک بوڑھا آدمی اذان دے رہا تھا۔
یوسف نے حیرت سے دیکھا۔
امی! لوگ اتنے دکھ میں بھی اذان کیوں دیتے ہیں؟
ماں نے مسکرا کر کہا:
’’بیٹا! اذان زندگی کا اعلان ہے۔
جب دل میں ایمان ہو، تو خوف مر جاتا ہے۔‘‘
یوسف نے سر ہلایا۔
اور آنگن میں جا کر اپنے زیتون کے درخت کو دیکھا۔
درخت کے جلے ہوئے تنے کے پاس اب نئی کونپل تھوڑی سی بڑی ہو گئی تھی۔
ہوا چلی تو وہ کونپل ہلکی ہلکی لرزنے لگی۔
یوسف کے دل میں ایک نرم سی لہر اٹھی۔
اسی وقت اس کا دوست احمد آیا۔
’’یوسف! اسکول بند ہے، مگر چل، آج کچھ لکھتے ہیں!‘‘
دونوں نے مٹی پر لکڑی سے فلسطین کا نقشہ بنایا۔
احمد نے پوچھا:
’’یہ جو لکیریں ہم نے بنائی ہیں، یہ کب تک قائم رہیں گی؟‘‘
یوسف نے آہستہ سے کہا:
’’جب تک ہمارے دلوں میں ایمان ہے، یہ لکیریں مٹ نہیں سکتیں۔‘‘
اسی لمحے آسمان گونجا.
ایک بم، پھر دوسرا۔
زمین ہل گئی، یوسف کے کانوں میں شور گونجا،
مگر اس کے لبوں پر ماں کی دعا تھی:
حسبنا اللہ و نعم الوکیل.
گرد و غبار چھٹا تو اس نے دیکھا،
زیتون کا درخت اب بھی کھڑا تھا۔
جیسے کہہ رہا ہو:
’’میں گرا نہیں، کیوں کہ میری جڑ زمین نہیں، ایمان میں ہے۔‘‘

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے