انسان کے دل پر پڑنے والا بوجھ ہمیشہ بڑے گناہوں سے نہیں آتا، بلکہ اکثر وہ چھوٹے چھوٹے گناہ ہوتے ہیں، جو آہستہ آہستہ دل کو بوجھل کر دیتے ہیں۔ ہر معمولی لغزش، ہر نظرانداز کی گئی خطا، دل پر ایک نیا بوجھ ڈال دیتی ہے۔ ابتدا میں یہ بوجھ محسوس نہیں ہوتا، مگر جب گناہوں کا تسلسل بڑھتا ہے تو دل کی وسعت گھٹنے لگتی ہے۔ سانسیں بھاری محسوس ہونے لگتی ہیں اور ایک وقت آتا ہے جب انسان اندر ہی اندر ٹوٹنے لگتا ہے۔
اسی کیفیت کو آج کی جدید دنیا میں ڈپریشن، اسٹریس اور انزائیٹی جیسے نام دے دیے گئے ہیں۔ ماہرینِ نفسیات ان کی تشخیص تو کر دیتے ہیں مگر اکثر اس سوال پر خاموش رہتے ہیں کہ آخر انسان اس ذہنی و روحانی بحران تک پہنچتا کیوں ہے؟ کیا یہ محض کیمیائی عدم توازن ہے یا اس کے پیچھے انسان کی اخلاقی اور روحانی زندگی کی شکست و ریخت بھی کارفرما ہے؟
اگر انسان اپنے رویوں پر غور کرے تو اسے اپنی حالت کا جواب خود ملنے لگتا ہے۔ ہم مخلص تو ہوتے ہیں مگر درگزر نہیں کرتے۔ ہم دل میں بوجھ پال لیتے ہیں اور اسے اتارنے کے بجائے سنبھال کر رکھتے ہیں۔ ہم خواہشات کو بُرا تو کہتے ہیں مگر ان کے لیے راستے بند نہیں کرتے۔ ظاہر میں ہم ظلم نہیں کرتے مگر ظالم کو روکنے کی جرأت بھی نہیں دکھاتے۔ ہم کسی کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہیں مگر دل کے کسی کونے میں حسرت کا ملبہ جمع رہتا ہے، جس پر حسد آہستہ آہستہ بسیرا کر لیتا ہے۔ یوں ہر رویہ، ہر خاموشی، ہر کمزوری دل کے بوجھ میں اضافہ کرتی چلی جاتی ہے۔
اکثر لوگ یہ کہہ کر خود کو مطمئن کر لیتے ہیں کہ وہ کبیرہ گناہوں سے دور ہیں، مگر سوال یہ ہے کہ دوسروں کا دل دکھانا، غیبت کرنا، تہمت لگانا، فرائض سے غفلت برتنا، فحاشی کو عام کرنا، لغویات کو معمول بنانا، نا شُکری کرنا، معمولات میں بد اخلاقی کرنا، کیا واقعی معمولی باتیں ہیں؟ اللہ پر ایمان کا دعویٰ کرتے ہوئے حالات اور اسباب پر کامل بھروسا کر لینا کیا ایمان کی کمزوری کی علامت نہیں؟ یہ سب وہ گناہ ہیں جو خاموشی سے انسان کی روح کو کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ یہی وہ اسباب ہیں جو سکون کو انسان سے چھین لیتے ہیں، خوشی کو نایاب بنا دیتے ہیں اور بے چینی کو زندگی کا مستقل ساتھی بنا دیتے ہیں۔ انسان خود اپنی ذات سے بے زار ہونے لگتا ہے اور خدا پر یقین کمزور پڑنے لگتا ہے۔
اگر ہم تاریخِ انبیا پر نظر ڈالیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ آزمائش کوئی نئی چیز نہیں۔ حضرت موسیٰؑ کی زندگی مشکلات سے بھری تھی، حضرت نوحؑ نے صدیوں کی تنہائی جھیلی، حضرت یعقوبؑ نے فراق کا کرب سہا، طائف کی گلیوں میں رسولِ اکرم ﷺ پر برسنے والے پتھر آج بھی انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ پر لگائی گئی تہمت عزت و عصمت پر حملے کی بدترین مثال ہے، حضرت ایوبؑ کا صبر اور حضرت سمیہؓ کی استقامت تاریخ کا روشن باب ہیں۔ یہ سب عظیم ہستیاں تھیں، اس لیے ان پر آزمائشیں بھی عظیم آئیں۔ ہماری حیثیت بلاشبہ ان کے برابر نہیں۔ اسی لیے ہماری آزمائشیں بھی محدود ہیں۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ ہم آزمائشوں میں نہیں بلکہ اپنے گناہوں میں الجھے ہوئے ہیں۔ گناہوں کی زنجیریں ہمارے قدموں میں پڑی ہیں اور ہم انہی زنجیروں کو اپنی بے چینی، مایوسی اور اضطراب کا نام دے کر قبول کر چکے ہیں۔
جب تک انسان ان زنجیروں کو پہچان کر توڑنے کی کوشش نہیں کرتا۔ اس کی کیفیت تبدیل نہیں ہو سکتی۔ سکون، اطمینان اور روحانی سلامتی کا راستہ توبہ، خود احتسابی اور اللہ کی طرف سچی واپسی سے ہو کر گزرتا ہے۔ ورنہ دل کا بوجھ بڑھتا ہی رہے گا اور انسان اپنی ہی ذات کے نیچے دب کر ٹوٹتا رہے گا۔
٭ ٭ ٭

![Memaar Jahan Tu Hai[Baatin Ka Bojh..]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/01/Memaar-Jahan-Tu-HaiBaatin-Ka-Bojh.jpg)
0 Comments