شکر گزاری
قدرت کا سارا نظام اصولوں کے تابع ہے۔ بڑے آدمیوں کی پیدائش کے بھی تو کچھ اصول ہوں گے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بڑے آدمی انعام کے طور پر دیے اور سزا کے طور پر روک لیے جاتے ہیں۔ عطا تو اسی کے حق میں ہوتی ہے جو حق دار ہو۔ آخر قدرت ایک سپاس نا آشنا قوم کو بڑے آدمی کیوں عطا کرے، اسے اپنے عطیے کی رسوائی اور بے قدری ناگوار گزرتی ہے۔ عطا کا پہلا حق یہ ہے کہ انسان اس کا شکر ادا کرے۔ دل شکر سے لبریز ہو تو روشن ہو جاتا ہے، شکوہ کیجیے تو بجھ جاتا ہے، نا شکر گزار ہو تو پتھر بن جاتا ہے، شکر گزار ہمیشہ روشن ضمیر اور روشن دماغ ہوتا ہے، نا شکر گزار بے ضمیر اور بد دماغ ہو جاتا ہے۔
ناشکر گزاری اور بے ہنری
ناشکر گزاری کا نتیجہ بے ہنری کی صورت میں سامنے آتا ہے اور جہاں ناشکر گزار اور بے ہنر جمع ہو جائیں، وہاں منافقت کا دور دورہ رہتا ہے۔ جب اشراف کی حاجت ہی نہ رہے تو کوئی ان کی تلاش اور دل جوئی کیوں کرے۔ ہنرور کی قدر ناشناشی سے بے ہنری کو فروغ ملتا ہے۔ کم ظرف کو سر آنکھوں پر بٹھایا جائے تو اشراف کی عزت میں کمی ہو جاتی ہے۔ منافقت کے لیے یہ فضا بڑی سازگار ہوتی ہے۔ منافق کے دل میں کچھ ہوتا ہے اور زبان پر کچھ اور، وہ دو قدم زبان کے ساتھ اٹھاتا ہے اور چار قدم دل ہی دل میں پیچھے چلا جاتا ہے۔ جس قافلے میں ایسے مسافر شامل ہوں، اسے نہ کبھی سمت ملی ہے اور نہ منزل۔ جہاں سے اسے آگے روانہ ہونا چاہیے وہاں سے وہ پسپائی اور رسوائی کی راہ پر نکل جاتا ہے۔ ایسے کارواں میں عبرت اور ذوق کی کمی اور بے کسی و بے دلی کی فراوانی ہوتی ہے، کیوں کہ عبرت وہ پکڑتے ہیں جو شکر کرنا جانتے ہوں، ذوق ان میں ہوتا ہے جو شرف و ہنر رکھتے ہوں، تمنا ان کی جواں ہوتی ہے جو منافقت سے ناآشنا ہوں۔ اگر دل تشکر کی طرف نہیں آتا، دماغ ہنر کی طرف نہیں جاتا اور زبان حق کی طرف مائل نہیں ہوتی تو انسان انسان نہیں رہتا، بلکہ دشت و صحرا میں بدل جاتا ہے۔ جب چاروں طرف بے کراں دشت آدم زاد کی شکل میں پھیلے ہوں تو اس صورت حال کو قحط الرجال کہتے ہیں۔
قحط الرجال
ایک بار کسی نے اعتراض کیا کہ مسلمان یوں ہی قحط الرجال کا رونا روتے رہتے ہیں، سقوط بغداد کے بعد یہ ان کی عادت بن چکی ہے۔ وہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے مہدی آخری الزماں کے انتظار میں بیٹھے رہتے ہیں۔ اگر کوئی کام کرنا چاہے تو کرنے نہیں دیتے، بولنا چاہے تو سنتے نہیں، لکھنا چاہے تو پڑھتے نہیں۔ اگر کوئی رہنمائی کرے تو لوگ غالب کی طرح اس کے پرزے اڑا دیتے ہیں۔ یہ لیڈر کے پیچھے چلنے کے بجائے لیڈر کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔ ہندوؤں کو دیکھو وہ کتنے فرزانے ہیں۔ اپنے ہر رہنما کو اوتار اور مہاتما بنا لیتے ہیں۔ ایک صاحب دل نے اس اعتراض کا یوں جواب دیا کہ ہندو کا دیوتا بے حس و حرکت بت، ان کی دھرتی ماتا پامال، ان کی گاؤ ماتا بے زبان، وہ ہر حال میں اپنے لیڈر کو جو انسان ہوتا ہے ان سے بہتر پاتے ہیں، اس لیے بے پایاں عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ مسلمان اپنے رہنما کو دیکھتے ہیں تو بے اختیار قرن اول کی یاد آجاتی ہے۔ وہ اسے سنت کی کسوٹی پر گھسیٹتے ہیں اور سارا ملمع اتر جاتا ہے۔ یہ کوئی نفسیاتی عارضہ یا اجتماعی نقص نہیں، بلکہ معیار اور مزاج کا فرق ہے۔ یہ جواب نواب بہادر یار جنگ نے دیا تھا۔ مجھے یاد آیا کہ میری آٹوگراف البم میں ان کے دستخط موجود ہیں۔ میں نے البم اٹھائی اور ورق الٹنے لگا۔
مأخوذ از آواز دوست، مختار مسعود
٭ ٭ ٭


0 Comments