کچھ لوگ محض افراد نہیں ہوتے، وہ ایک عہد کی علامت بن جاتے ہیں۔ ان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں رہتا، ان کی آواز کسی ایک اخبار تک محدود نہیں ہوتی اور ان کی موجودگی محض جسمانی نہیں، بلکہ فکری اور اخلاقی ہوتی ہے۔ پرواز رحمانی صاحب بھی ایسے ہی لوگوں میں سے تھے۔ وہ صحافی تھے، مدیر تھے، کالم نگار تھے، مگر ان سب سے بڑھ کر وہ ایک ایسی فکری روایت تھے جس میں سچائی، شرافت، دیانت اور انسان دوستی ایک ساتھ سانس لیتی ہیں۔
اکوٹ، ضلع اکولہ پرواز رحمانی صاحب کا آبائی وطن، محض ایک جغرافیائی حوالہ نہیں، بلکہ تحریکی اسلامی کے مخلص کارکنان کا استعارہ ہے۔ اکوٹ سے پرواز صاحب کو بہت محبت تھی۔ شہر کی تاریخی گول بازار کی مسجد میں آپ مکتب پڑھاتے اور نوجوانوں کی فکر سازی کرتے۔ اس فکر ساز فیکٹری نے اقامت دین کی جدوجہد کرنے والے مخلص افراد دیے۔ پرواز صاحب کی زندگی سادگی کا نمونہ، شفافیت اور وقار کی علامت تھی، ان کے قلم میں بھی اور ان کے رویّے میں بھی۔ بڑے شہروں کی چکاچوند، صحافتی دنیا کی سیاست، شہرت کے دباؤ اور ادارتی کشمکش کے باوجود ان کی شخصیت میں وہی چھوٹے شہر کی شرافت اور بزرگوں کی سی متانت باقی رہی۔ وہ جہاں بھی رہے، اپنوں کے لیے محبت ان کے لہجے میں، ان کی آنکھوں میں اور ان کی مسکراہٹ میں موجود رہی۔
پرواز رحمانی صاحب کی صحافت محض خبر رسانی نہیں تھی، وہ شعور سازی کا عمل تھی۔ وہ خبر کو سنسنی نہیں بناتے تھے، بلکہ اسے سماج کے تناظر میں رکھ کر قاری کے سامنے پیش کرتے تھے۔ ان کے کالم محض تبصرہ نہیں ہوتے تھے، بلکہ فکری مکالمہ ہوتے تھے۔ وہ سوال اٹھاتے تھے مگر اشتعال کے لیے نہیں، شعور کے لیے۔ وہ تنقید کرتے تھے مگر نفرت کے لیے نہیں، اصلاح کے لیے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی تحریروں میں تلخی کم اور درد زیادہ نظر آتا تھا۔ وہ نظام پر تنقید کرتے تھے مگر انسان سے نفرت نہیں کرتے تھے۔ وہ ظلم کے خلاف لکھتے تھے مگر مظلوم کے وقار کو مجروح نہیں ہونے دیتے تھے۔
پرواز رحمانی صاحب نے اردو صحافت کو محض معلومات نہیں دیں، بلکہ سمت دی۔ ان کی تحریروں میں ایک خاص طرح کی تہذیب ملتی تھی۔ اختلاف ہو تو شائستگی کے ساتھ، تنقید ہو تو دلیل کے ساتھ اور درد ہو تو دعا کے ساتھ۔ آج کے شور زدہ میڈیائی ماحول میں ان کا اسلوب ایک خاموش احتجاج کی مانند تھا۔ ایسا احتجاج جو چیخ کر نہیں، بلکہ ٹھہر کر بات کرتا ہے۔
ان کی شخصیت کا ایک پہلو وہ بھی تھا جو اخبارات کے صفحات پر نہیں ملتا، بلکہ ملاقاتوں میں، نشستوں میں اور خاموش لمحوں میں محسوس ہوتا تھا۔ وہ گفتگو میں کم گو تھے مگر اثر بہت رکھتے تھے۔ زیادہ بولتے نہیں تھے مگر جو کہتے تھے وہ دیر تک ذہن میں رہتا تھا۔ ان کے چہرے پر ہمیشہ ایک مانوس سی شفقت رہتی تھی، جیسے وہ سامنے والے کو صرف سن نہیں رہے بلکہ سمجھ بھی رہے ہوں۔ یہی وجہ تھی کہ ان کے ساتھ بیٹھنے والا خود کو اہم محسوس کرتا تھا اور ان سے بات کرنے والا خود کو محفوظ محسوس کرتا تھا۔
اکوٹ جب کبھی وہ آتے تو یوں نہیں لگتا تھا کہ کوئی مشہور صحافی آیا ہے، بلکہ یوں محسوس ہوتا تھا جیسے خاندان کا کوئی بڑا لوٹ آیا ہو۔ ان کی آمد میں کوئی رسمی پن نہیں ہوتا تھا، کوئی تصنع نہیں ہوتا تھا۔ سادہ سی مسکراہٹ، ہلکی سی آواز اور دل میں اتر جانے والا انداز۔ وہ جس گھر میں ٹھہرتے، وہ گھر محض قیام گاہ نہیں رہتا تھا بلکہ ایک چھوٹا سا فکری مرکز بن جاتا تھا۔ باتیں صحافت کی بھی ہوتیں، حالات کی بھی، امت کے درد کی بھی اور زندگی کی سادہ خوشیوں کی بھی۔ ان کی موجودگی میں گفتگو بوجھ نہیں بنتی تھی، بلکہ بوجھ ہلکا ہونے لگتا تھا۔
ان کا تعلق محض ہم عصروں تک محدود نہیں تھا۔ وہ نسلوں کو جوڑنے والے لوگ تھے۔ بزرگ انہیں اپنا بیٹا سمجھتے تھے، ہم عمر انھیں اپنا ساتھی اور نوجوان انھیں اپنا مربی۔ وہ نصیحت کم کرتے تھے، مثال زیادہ بنتے تھے۔ ان کی زندگی خود ایک نصیحت تھی کہ بڑے عہدے انسان کو بڑا نہیں بناتے، بڑا کردار عہدوں کو بڑا بناتا ہے۔
ان کی زندگی میں جو شفقت، وقار اور علمی ذوق جھلکتا تھا، اس کے پیچھے بعض ایسی خاموش نسبتیں بھی تھیں جو عام قاری کی نگاہ سے اوجھل رہتی ہیں۔ علم و تدریس کے ماحول سے جڑی ہوئی شخصیات سے ان کا تعلق محض رسمی نہیں، بلکہ روحانی تھا۔ بزرگوں کی صحبت، اساتذہ کا فیض اور پرانے تعلقات کی خوشبو ان کے مزاج میں رچی بسی تھی۔ اسی لیے ان کے رویّے میں استادانہ شفقت بھی تھی اور میرے والد ذی وقار کے لیے بڑے بھائی جیسی اپنائیت بھی۔ وہ جہاں بیٹھتے، وہاں گفتگو محض تبادلۂ خیال نہیں رہتی بلکہ تربیت کا ایک غیر محسوس عمل بن جاتی۔
ان کے انتقال کی خبر محض ایک فرد کے جانے کی خبر نہیں تھی، بلکہ ایک اسلوب کے ختم ہونے کی خبر تھی۔ ایک ایسی صحافت کے رخصت ہونے کی خبر تھی، جو تہذیب کے ساتھ بولتی تھی، جو ذمہ داری کے ساتھ لکھتی تھی، اور جو خوف کے بغیر مگر فساد کے بغیر سچ کہتی تھی۔ آج جب میڈیا کی دنیا میں آوازیں بہت ہیں مگر وقار کم، الفاظ بہت ہیں مگر وزن کم اور خبریں بہت ہیں مگر خیر کم۔ ایسے وقت میں پرواز رحمانی صاحب کی کمی صرف محسوس نہیں ہوتی، کاٹتی ہے۔
اکوٹ کی گلیاں، اکولہ کی فضا اور اردو صحافت کا افق تینوں نے ایک ہی دن ایک خاموش نقصان محسوس کیا۔ وہ جسمانی طور پر رخصت ہو گئے، مگر ان کی تحریریں، ان کی باتیں، ان کی نشستیں اور ان کی مسکراہٹیں ابھی باقی ہیں۔ وہ شاگردوں کے قلم میں زندہ ہیں، دوستوں کی یادوں میں زندہ ہیں اور قارئین کے شعور میں زندہ ہیں۔
کچھ لوگ مر کر ختم نہیں ہوتے، وہ یاد میں منتقل ہو جاتے ہیں۔ کچھ لوگ خاموش ہو کر بھی بولتے رہتے ہیں۔ پرواز رحمانی صاحب بھی اب ایسے ہی ہیں۔ وہ اب اخبار کے صفحے پر نہیں، مگر دل کے صفحے پر ہیں۔ وہ اب کالم میں نہیں، مگر دعا میں ہیں۔ وہ اب نشست میں نہیں، مگر ہر اس شخص کے لہجے میں ہیں جو صحافت کو عبادت سمجھتا ہے اور قلم کو امانت۔
اکوٹ نے ایک بیٹا کھویا ہے، اردو صحافت نے ایک نگہبان اور بہت سے دلوں نے ایک اپنا اور تحریک اسلامی نے ایک مخلص کارکن۔ پرواز رحمانی صاحب گئے نہیں ہیں، دراصل وہ بس خبر سے نظر میں منتقل ہو گئے ہیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments