يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تُحَرِّمُوا طَيِّبَاتِ مَا أَحَلَّ اللَّهُ لَكُمْ وَلَا تَعْتَدُوا ۚ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِينَ. وَكُلُوْا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللّٰهُ حَلٰلًا طَیِّبًا۪، وَّاتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْۤ اَنْتُمْ بِهٖ مُؤْمِنُوْنَ. (سورۃ المائدة: ۸۷، ۸۸)
اے ایمان والو اللہ نے تمہارے لیے جو پاکیزہ چیزین حلال کی ہیں، اُسے حرام قرار نہ دو اور حد سے تجاوز نہ کرو۔ اللہ کو زیادتی کرنے والے سخت ناپسند ہے۔ جو کچھ حلال و طیب رزق اللہ نے تم کو دیا ہے، اسے کھاؤ، پیو اور خدا کی نافرمانی سے بچتے رہو، جس پر تم ایمان لائے ہو۔
ان آیات کی تفسیر سے پہلے قرآن مجید کی اہمیت کو جان لینا ضروری ہے۔ قرآن مجید تاریخ انسانیت کا ایسا زندہ و جاوید معجزہ ہے، جس کو نہ کبھی بوسیدگی لاحق ہوئی ہے اور نہ کبھی اس کی تازگی و شادابی کم ہوگی۔ یہ لافانی، لاثانی، ابدی و آفاقی معجزہ ہے۔
ہمارے آخری نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل شدہ قرآن اللہ کے علم محیط کا ایک ایسا مظہر ہے کہ اس میں علوم و فنون اور معانی کا ایسا وسیع ذخیرہ اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے کہ آج چودہ صدیاں گزر جانے کے بعد بھی اس پر نت نئی تحقیقات ہو رہی ہے اور خدا کے کلام کی تشریح میں سات سمندروں کی روشنیاں تو ختم ہو سکتی ہے، لیکن خُدا کے کلام کی تشریح مکمل نہیں ہو سکتی۔
قرآن مجید وہ معجزہ ہے جو دنیا و آخرت، روحانیات و مادّیّت اور مذہب و سیاست میں ایک غیر معمولی توازن قائم کرتا ہے۔ اسی لیے میری پیاری بہنوں اس کی تلاوت و تعلیم، اس میں غور و فکر، اس کی نشر و اشاعت، اس پر عمل، اس کے نظام کی ترسیل و تبلیغ اس کا حق ہے اور اس کا مطالبہ ہے۔
مذکورہ آیت ۸۷ میں دو باتیں ارشاد ہوئی ہیں:
(۱) ایک یہ کہ خود حلال و حرام کے مختار نہ بن جاؤ۔ حلال وہی ہے جو اللہ نے حلال کیا اور حرام وہی ہے جو اللہ نے حرام ٹھہرایا ہے۔ اپنے اختیار سے کسی بھی حلال کو حرام کروگے تو قانون الٰہی کے بجائے قانونِ نفس کے پیروکار قرار پاؤگے۔
(۲) رہبانیت و قطع لذات: رہبانیت کہتے ہیں ترک دُنیا (گھر بار و خاندان، نفس کی دنیاوی لذتوں اور دنیا کے سامان زیست سے تعلّق کو توڑنا۔ جب کہ کسی بھی حلال چیز کو حرام قرار دینے کے تین درجات پائے جاتے ہیں:
(۱) اعتقاد کے لحاظ سے کسی چیز کو حرام سمجھ لینا۔
(۲) قولاً کسی چیز کو اپنے اوپر حرام کریں۔
(۳) اعتقاداا و قولاً تو کبھی نہیں ہو۔ محض عملاً کسی حلال چیز کو اپنے اوپر حرام کر لینے کا فیصلہ یا عزم کرنا۔
اعتقادا کی پہلی جو صورت ہے اس میں حرام کی ہوئی چیز کا حلال ہونا قطعی دلائل سے ثابت ہو تو حرام ٹھہرانے والا کافر مانا جائے گا۔
دوسری صورت قولاً میں اگر قسم کھا کر کسی چیز کو اپنے اوپر حرام کردے، تو اللہ کا حکم یہ ہے کہ بلا ضرورت ایسی قسم کھانا گناہ ہے۔ اس پر لازم ہے کہ اس قسم کو توڑ دیا جائے اور قسم کا کفارہ ادا کر دیا جائے۔
تیسری صورت میں حلال کو حرام ٹھہرانا، اس کو عمل میں لانا گناہ ہے۔ ہاں اگر کوئی جسمانی يا روحانی بیماری کے سبب کسی خاص چیز کو دائمی طور پر چھوڑ دے تو اس صورت میں کوئی گناہ کی بات نہیں۔
مذہبی ذہنیت کے نیک مزاج لوگوں میں ہمیشہ سے یہ میلان پایا جاتا رہا ہے کہ نفس و جسم کے حقوق ادا کرنے سے روحانی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہو جاتی ہے۔ وہ یہ گمان کرتے ہیں کہ ترک دُنیا اور ترک لذت بجائے خود ایک نیکی ہے، جس کے بغیر خُدا کا تقریب حاصل نہیں ہو سکتا۔ یہ آیات اُن صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم کے بارے میں نازل ہوئی ہے، جن کے اندر اس طریقے کی ذہنیت پائی جاتی تھی۔ ایک مرتبہ کی بات ہے کہ کُچھ صحابہ کرام ازواج مطہرات کے پاس آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی غیر موجودگی میں گئے۔ آپ صلي اللہ علیہ وسلم کے بارے میں دریافت کیا کہ آپ کی عبادت کیسی ہے؟ آپ کے بارے میں جاننے کے بعد ایک صحابی نے عہد کیا وہ ہمیشہ دن میں روزہ رکھے گا۔ دوسرے صحابی نے عہد لیا کہ کبھی بھی رات کو نہ سوؤں گا اور جاگ جاگ کر عبادت کروں گا۔ تیسرے صحابی نے عہد لیا کہ کبھی بھی نکاح نہیں کروں گا۔ جب آپ کو اس بات کا علم ہوا تو آپ نے خطبہ دیا اور فرمایا: مجھے ایسی باتوں کا حکم نہیں دیا گیا ہے۔ تمھارے نفس کے بھی تم پر حقوق ہیں۔ روزہ بھی رکھو اور کھاؤ بھی، راتوں کو قیام بھی کرو اور سو بھی۔ مجھے دیکھو! میں سوتا بھی ہوں اور قیام بھی کرتا ہوں، روزہ رکھتا بھی ہوں اور نہیں بھی رکھتا ہوں۔ پس جو میرے طریقے کو پسند نہیں کرتا وہ مجھ سے نہیں۔
پھر فرمایا: یہ لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ اُنھوں نے عورتوں کو، اچھے کھانوں کو اور خوشبو اور نیند کو اور دنیا کی لذتوں کو اپنے اوپر حرام کر لیا ہے۔
اسی سلسلے میں بعض روایات مذکور ہیں:
ایک صحابی کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سنا کہ وہ ایک مدت سے اپنی بیوی کے پاس نہیں گئے ہیں اور شب و روز میں مشغول رہتے ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلاکر حکم دیا کہ ابھی اپنی بیوی کے پاس جاؤ۔ انھوں نے کہا میں روزے سے ہوں۔ آپ نے فرمایا کہ روزہ توڑ دو اور جاؤ۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے زمانے میں بھی ایک خاتون نے شکایت کی کہ میرے شوہر دن بھر روزہ رکھتے ہیں اور رات بھر عبادت کرتے ہیں اور مجھ سے کوئی تعلّق نہیں رکھتے۔ حضرت عمر رض اللہ تعالیٰ عنہ نے مشہور تابعی کعب بن سور الازدی کو مقدمے کے فیصلے کے لیے مقرر کیا۔ فیصلہ یہ ہوا کہ اس خاتون کے شوہر کو تین راتوں کے لیے اختیار ہے، جتنی چاہے عبادت کرے، مگر چوتھی رات لازماً اُن کی بیوی کا حق ہے۔
ایسی بہت سی آیات قرآن میں موجود ہے، جس میں حلال کو حرام ٹھہرانے سے روکا گیا ہے اور اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کے صحیح استعمال کی تعلیم دی گئی ہے۔
لا تَعْتَدُوا، إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ الْمُتَعَدِّينَ۔
حد سے تجاوز نہ کرو، اللہ کو زیادتی کرنے والے سخت ناپسند ہے۔
حدود اللہ سے مراد وہ قانونی و اخلاقی حدیں ہیں، جنھیں اللہ تعالٰی نے قرآن و سنت میں مقرر کی ہیں۔ اُن سے آگے بڑھ جانا اور ان میں کمی کرنا ہی تجاوز ہے۔ آج کے دور میں تجاوز کی بہت سی مثالیں اور طریقے ہمیں دیکھنے کو ملتے ہیں:
(۱) حلال کو حرام اور حرام کو حلال ٹھہرانا
سود کو مجبوری یا نیا نظام کہ کر جائز ٹھہرانا
حلال رزق کو کم روحانی کہہ کر چھوڑ دینا
نکاح کو دینداری کے نام پر برا سمجھنا
(۲) عبادات میں غلو کرنا
فرض و واجب چھوڑ کر صرف نوافل کو اصل سمجھنا
خود ساختہ اپنے اوپر سختی کرنا
عبادت میں انتہا پسندی اتنی ہو کہ ذمہ داریاں متاثر ہو جائے
(۳) دین میں بدعت کو لازم سمجھنا
خاص دنوں یا رسموں کو فرض جیسا سمجھنا
جو عمل شریعت میں نہیں ہے، اُس پر ثواب و گناہ کے فتوے لگانا۔
(۴) آزادی یا جدیدیت کے نام پر اخلاقی قدروں کو اور حدود کو پامال کر دینا
بےحیائی کو ذاتی آزادی کہنا
شریعت کے توازن کو توڑ دینا
اللہ تعالٰی سورہ بقرہ میں فرماتا ہے:
تِلْكَ حُدُودُ اللہ فَلَا تَعْتَدُوهَا۔
سورہ مائدہ میں آیت تین میں اللہ تعالٰی فرماتا ہے:
الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِينًا۔
آج میں نے تمھارے دین کو تمہارے لیے مکمل کر دیا ہے اور اپنی نعمت کو تم پر تمام کر دی ہے اور تمھارے لیے اسلام کو تمھارے دین کی حیثیت سے قبول کر لیا ہے۔ ( لہٰذا حلال و حرام کی جو قیود تم پر عائد کردی گئی ہے اُن کی پابندی کرو۔
وَكُلُوْا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللّٰهُ حَلٰلًا طَیِّبًا۪، وَّ اتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِیْۤ اَنْتُمْ بِهٖ مُؤْمِنُوْنَ۔
جو کچھ حلال و طیب رزق اللہ نے تم کو دیا ہے، اسے کھاؤ، پیو اور خدا کی نافرمانی سے بچتے رہو، جس پر تم ایمان لائے ہو۔
ان دو آیتوں کا مطالعہ کرنے سے یہ بات اچھی طرح سے سمجھ میں آئی کہ انسان کی سعادت اس میں ہے کہ وہ اللہ پر مخلصانہ ایمان لانے کے بعد اس کی اطاعت و فرمانبرداری کا پکّا ارادہ کرے اور راہ حق پر یکسوئی اور ہمت کے ساتھ چل پڑے۔ یہ بھی ضروری ہے کے وہ اپنے جسم اور نفس کو اللہ کی بندگی کا عادی بنائے۔ وہ فلاح اس وقت پا سکے گا جب وہ باطل افکار سے نجات پالے اور اللہ کی ہدایت کی روشنی میں زندگی گزارے۔
میری پیاری بہنو! رمضان ایسا بابرکت مہینہ ہے جس کی آمد اہل ایمان کو یاد دلاتی ہے کہ جتنی بھی نعمتیں اللہ رب العزت نے ہمیں عطا کی ہیں، ان کی طرف ہم متوجہ ہوں۔ جس میں اللہ تعالٰی نے قرآن جیسی عظیم نعمت کا نزول کیا، تاکہ ہم اس کی تلاوت اور اس میں غور و فکر کر کے اس کا پورا پورا حق ادا کریں۔ اسی مہینے میں روزے جیسی عبادت کو بھی رکھا، جو ہمیں معصیت و نافرمانی سے روکتا ہے۔ زکوۃ، صدقہ و خیرات اور فطرہ جیسی عبادت کے ذریعے سے حق دار اور ضرورت مندوں کی ضرورت کو پورا کر سکیں۔ رمضان کے مہینے میں نماز کا پورا پورا اہتمام تراویح اور قیام اللیل جیسی عبادتیں رکھی گئی ہیں، جس کے ذریعے سے ہم اللہ رب العزت کا قرب حاصل کر سکیں۔ یہ بابرکت مہینہ اب ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے، جس کی تیاری ہم پر لازم ہے۔
آخر میں اللہ سے دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی ہم سب کو رمضان المبارک کا مہینہ نصیب فرمائے اور کما حقہ اللہ تعالی قرآن اور سنت کے مطابق زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین یا رب العالمین!
٭ ٭ ٭


0 Comments