روزہ:تزکیۂ نفس کا بہترین ذریعہ

نفس انسانی ہمہ وقت مختلف بہانوں سے روح انسانی کو ’’احسن تقویم‘‘ کی بلندیوں سے ’’اسفل السافلین‘‘ کی پستیوں میں ڈھکیلنے کے لیے سر گرداں رہتا ہے۔ نفس کے بے لگام گھوڑے کو قابو میں لانے کے لیے اس کی ماہیت، اس کے افعال اور ان افعال کے اسباب سے آگاہی لازم ہے، تاکہ موثر طور پر ان اسباب کا احاطہ کرتے ہوئے رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں سے بہرہ یاب ہوکر روح انسانی کو نفس پر غالب کیا جاسکتا ہے۔
قرآن مجید میں ارشاد فرمایا گیا کہ اللہ تعالیٰ کسی جان کو اس کی طاقت سے بڑھ کر تکلیف نہیں دیتا۔ نفس کو انسانی زندگی میں فتنہ وشر کا منبع قرارد یا گیا ہے اور تصوف کی زبان میں اسے اس طرح کا محل (مقام) کہا گیا ہے، جس طرح آنکھ کو محل بصر، کان کو محل سماع، زبان کو محل ذائقہ کہا جاتا ہے۔ اسی طرح نفس کو فتنہ و شر اور بدی کا محل کہا گیا ہے۔ نفس انسانی کے افعال دو قسم پر مشتمل ہیں:
(١) جھوٹ، بدکاری، چوری، رشوت، چغلی، حرام خوری جیسے وہ سارے گناہ جن کے ارتکاب سے شریعت نے منع کیا ہے۔
(٢) نفس انسانی کی دوسری قسم کو رذائل سے تعبیر کیا جاتا ہے، جس سے مراد وہ تمام خصلتیں ہیں، جو کمینگی اور گھٹیا پن کی پیداوار ہیں، جیسے: بخل، تکبر، حسد، بغض وعناد اور کینہ و عداوت وغیرہ۔ یہ سب خصلتیں ہیں گناہ اور نافرمانی کی شکل میں، جنھیں تصوف کی اصطلاح میں رذائل اخلاق سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
وہ اعمال جو گناہ اور نافرمانی کی وجہ سے صادر ہوتے ہیں، محض ظاہری ریاضت یعنی تسبیحات ونوافل سے ان اثرات کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ ان سے چھٹکارا اسی وقت ممکن ہے جب باطن سے صفائی اور خاتمہ ہوگا۔
انسان کے باطنی مرض کی اصطلاح کا آغاز توبہ سے ہوتا ہے۔ بغیر توبہ کے زندگی بھر کی ریاضت اور محنت بے کار ہوجائے گی۔ اگر صفائے باطن حاصل ہوجاتی تو معصیت، گناہ اور نافرمانی سے نفس پاک ہوسکتاہے۔ نماز، روزہ اور دیگر عبادات کا مقصد انسان کے اندر تقوی کا نور پیدا کرنا اور نفس کی اصطلاح اور رذائل سے نجات حاصل کرنا ہے۔ اس تزکیہ نفس کے عمل کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ’’جہاد اکبر ‘‘ قرار دیا ہے۔
حدیث میں آیا ہے کہ ایک غزوہ سے صحابہ کرام لوٹ کر آرہے تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: ’’اے صحابہ! ہم چھوٹے جہاد سے ایک بڑے جہاد کی طرف لوٹ رہے ہیں۔‘‘ صحابہ کرام نے پوچھا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! بڑا جہاد کونسا ہے؟ تو آپ نے فرمایا: ’’نفس سے جہاد کرنا بڑا جہاد ہے۔‘‘
نفس کی خواہشات کو پامال کرنے کا عمل مسلسل جاری رکھیں، اس لیے ضروری ہے کہ آپ مسلسل نفس کی خواہش کا جائزہ لتے رہیں کہ وہ کس چیز کا شدت سے خواہش مند ہے؟
خواہش نفس کی مخالفت تزکیہ نفس اور مجاہدہ نفس کے عروج کی متقاضی ہے۔ اس کا سہل اور آسان ہونا ممکن ہوجائےگا، جب تن میں عشق الٰہی کا آتش پیدا ہو جائے۔ اگر انسان کے قلب و باطن میں اللہ تعالی کی محبت راسخ ہوجائے تو پھر محبت الٰہی کی آگ بھڑک اٹھے۔ اس کی تمام مادی خواہشات جل کر راکھ ہوجاتی ہے اور خواہش نفس کو ترک کرنا آسان تر ہوجاتا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے