اللہ رب العزت کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بے حد عظیم نعمت اولاد ہے۔ جب نعمت اتنی بڑی ہے اور ایک عظیم ہستی کی طرف سے ہے تو اس کی دیکھ بھال اور قدر دانی بھی ایسی ہو جو اس کے شایان شان ہو۔تربیت اولاد اتنی اہم ، نازک، طویل آزما اور صبر آزما ذمہ داری ہے کہ اگر والدین اسے سمجھ لیں تو راتوں کی نیند اڑ جائے، لیکن افسوس یہ ہے کہ ہم محض بچوں کو آسائش زندگی مہیا کرکے اور اچھے اسکول میں داخلہ دلا کر مطمئن ہو جاتے ہیںیا پھر زیادہ سے زیادہ اٹھنے بیٹھنے کے طور طریقے اور چند اخلاقی تعلیمات دے کر خوش ہوجاتے ہیں۔ حالاں کہ تربیت میں یہ بات ہمیشہ ذہن میں رہنا ضروری ہے کہ ہمیں نہ صرف اپنے بچوں کو اس دنیا میں سر بلندی کے لیے تیار کرنا ہے، بلکہ ان کے اخلاق و کردار کو اس طرح آراستہ کرنا ہے کہ وہ جنت کے بھی اہل قرار پائیں۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ اولاد کی تربیت ماں باپ دونوں کی ذمہ داری ہے، لیکن اس میں ماں کا کردار باپ سے زیادہ اہم ہوتا ہے اور بچوں پر والد کی بہ نسبت والدہ کا اثر اور ان کے ساتھ انسیت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ پھر مائیں بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارتی ہیں، جب کہ باپ روزی روٹی کے لیے عموما مصروف ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ وقت کی اہم ضرورت ہے
کہ مائیں اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور تربیت اولاد کے لیے مستقل فکر مند اور کوشاں رہیں اور جس ذمہ داری کو اللہ نے ان پر ڈالا ہے، اسے حتی الامکان نبھانے کی کوشش کریں۔
ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ نہ تو شادی کے وقت نوجوان بچے بچیوں کی کونسلنگ ہو تی ہے اور نہ ہی جب وہ والدین بننے والے ہوتے ہیں۔ کوئی نہیں بتاتا کہ اولاد کی صورت میں کتنی اہم ذمہ داری آنے والی ہے اور اسلامی نہج پر کیسے اس کی تربیت کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے کیسے اپنا کردار درست کرنا ہوگا؟ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ایک دو بچوں میں ماؤں کو پتہ ہی نہیں ہوتا کہ کیسے کیا کرنا ہے ، جس سے بچوں میں کئی کمیاں پیدا ہو جاتی ہیں ۔ کچھ تجربے کے بعد چیزیں سمجھ میں آتی ہیں تب تک بہت دیر ہو چکی ہو تی ہے۔ اس سلسلے میں تجربہ کار ماؤں کو چاہیے کہ اپنی بیٹیوں اور بہؤوں کو جس طرح سے جسمانی طور پر دوران حمل تیار کرتی ہیں، ویسے ہی ذہنی اور جذباتی طور پر بھی تیار کریں۔ نئی ماؤں کو چاہیے کہ وہ دوران حمل یا اس سے بھی پہلے اپنی تربیت پر کام کرنا شروع کر دیں، ساتھ ہی مختلف ذرائع سے تربیت اولاد کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کریں۔
عورتوں کی اصل ذمہ داری اس کا گھر ہے
اس دنیا میں ہر شخص حقوق اور ذمہ داریوں کے ساتھ بھیجا گیا ہے۔ عورت کو اس کے شوہر کے گھر اور بچوں کی تعلیم و تربیت کا ذمہ دار بنایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نبی اکرم ﷺ نے فرمایا:
کلکم راع و کلکم مسئول عن رعیتہ۔۔۔المراۃ راعیۃ علی بیت زوجہا و ولدہ۔
تو عورت کی اصل ذمہ داری جس کے بارے میں وہ جواب دہ ہوگی شوہر کے گھرکی دیکھ ریکھ اور بچوں کی تعلیم و تربیت ہے۔ اس اہم ذمہ داری کے سلسلے میں ہمیں ویسے ہی ہمہ وقت تیار رہنے اور کوشش میں لگے رہنا چاہیے، جیسا کہ عبادات کے لیے رہتے ہیں۔ یہ کوئی دنیاوی کام نہیں ہے بلکہ سراسر عبادت ہے، جس میں کوتاہی ہونے کی صورت میں سزا کے مستحق ہو سکتے ہیں۔ اب سوچنے کا یہ مقام ہے کہ کیا ہم اولاد کی تربیت اس طرح سے کرتے ہیں جیسا کہ کرنے کا حق ہے؟؟؟
پھر یہ دیکھیے کہ ماں کے حقوق اتنے زیادہ ہیں، کیوں؟ اتنا بڑا درجہ یونہی تو نہیں مل گیا، بلکہ اس لیے ملا کہ ذمہ داری بہت بڑی ہے۔ جب ذمہ داری ہی نہیں پوری کی تو درجے کی امید کیسی؟ جب اولاد کی تربیت ہی نہیں کی تو ان سے اکرام و تکریم اور عزت کا مطالبہ کیسا؟ ان کی سنگ دلی اور بے حسی پر رونا کیسا؟ ہم نے اپنا فرض ادا نہ کرکے اپنی دنیا بھی خراب کر لی اور اپنے عزیز از جان بچوں کو جہنم کا ایندھن بننے کا سامان بھی کردیا۔ ( نعوذ باللہ من ذلک)
میری عزیز بہنو! اس نعمت کا سب سے بڑا حق یہ ہے کہ ان کی بہترین تعلیم و تربیت کے ذریعے دنیوی اور اخروی زندگی کی سعادت حاصل کر لی جائے۔ انسان سازی کا کام بہترین طور پر عورت ہی کر سکتی ہے۔ ابتدائی زمانے سے ہر دور میں یہ فریضہ خواتین ہی انجام دیتی رہی ہیں جیسا کہ نپولین بونا پارٹ کا کہنا ہے کہ : تم مجھے اچھی مائیں دو میں تمھیں اچھی قوم دوں گا۔ علامہ اقبال نے کہا: قوموں کی تاریخ اور ان کا ماضی و حال ماؤں کا فیض ہے۔
تربیت اولاد کی تیاری
تربیت اولاد کی تیاری دوران حمل سے ہی شروع کر دینی چاہیے اور ذہنی طور پر اس نئی ذمہ داری کے لیے خود کو تیار کر لینا چاہیے۔ اس دوران مائیں لڑائی جھگڑے، غلط سوچ و خیالات سے دور ہیں۔عبادت و ریاضت اور اچھے کاموں میں اپنے آپ کو مصروف رکھیں۔کوشش کریں کہ نوزائیدہ کے مسائل، ان کی دیکھ ریکھ اور ابتدائی دور میں تربیت کے حوالے سے معلومات حاصل کرتی رہیں اور خوش رہیں ۔ سائنسی طور پر یہ بات ثابت ہے کہ کسی بھی طرح کا ذہنی دباؤ، پریشانی، غصہ اور ٹینشن آنے والے بچے کو ذہنی اور جسمانی طور پر متاثر کر سکتا ہے۔یہاں گھر کے تمام ا فراد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ گھر کا ماحول خوشگوار بنانے کی پوری کوشش کریں اور ماں کو ذہنی سکون فراہم کریں۔
تربیت کے ذرائع
ہر شخص خصوصا بچے تین ذرائع سے سیکھتے ہیں: ۱۔ تقلید۲۔ رہنمائی ۳۔ تجربات
ان تینوں ذرائع میں بچوں کے معاملے میں پہلا ذریعہ سب سے اہم اور مؤثر ہے۔جس دن ایک نیا فرد خوشیوں کی سوغات کے ساتھ ساتھ بڑی ذمہ داری لے کر آپ کے گھرآیا، سمجھ لیجیے کہ ایک سی سی ٹی وی کیمرہ آپ کے گھر لگ گیا، جو چوبیس گھنٹے گردو پیش میں ہونے والی ایک ایک ایکٹیوٹی کو ریکارڈ کر رہا ہے۔ یہ ہر گز نہ سمجھیں کہ بچہ ہے، اسے کیا پتہ کہ کیا ہو رہا ہے؟ نہیں! دنیا میں آتے ہی اس کے حواس خمسہ کام کرنے لگتے ہیں، وہ ایک ایک چیز کو محسوس کرتا ہے۔ ماں کے لمس اور دوسروں کے لمس کو پہچانتا ہے۔ وہ محبت، غصہ، نرمی اور سختی کے فرق کو سمجھتا ہے یعنی وہ شروع کے ایام سے ہی اردگرد کے ماحول کا اثر قبول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، تو تربیت میں بڑے ہونے یا شعور کو پہنچنے کا انتظار کیوں؟ تب تک تو بہت دیر ہو چکی ہو گی ۔ ابھی بچہ اس نئے کمپیوٹر کی طرح ہے جسے آپ بازار سے لائے ہیں اور پلگ لگا کر آن کیا ہے۔ کوئی ڈیٹا نہیں ہے۔ اب آپ کے اوپر ہے کہ اس کے اند ر کیسا ڈیٹا فیڈ کرناچاہتے ہیں۔ ابتدا کے سات سالوں تک یہ بچہ صرف اسٹور کرنے والی مشین ہے، وہ تمام چیزیں اپنے دماغ میں محفوظ کررہا ہے۔ جذبات و احساسات ، ایکسپریشن اور ہر قسم کے ہونے والے کام اس کے دماغ میں محفوظ ہو رہے ہیں۔ یہ تربیت کے سب سے اہم ترین سال ہیں۔ اس میں محنت کر لی تو آ گے آسانی ہو گی، یہاں کوتاہی ہوگئی تو اب راہ راست پر لانا ایک مشکل عمل ہو گا۔لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ عموما یہ وقت ہم بچوں کو چھوٹا، ناسمجھ سمجھتے ہوئے ضائع کر دیتے ہیں۔اب سات سال کے بعد جو کچھ بچے نے دماغ میں فیڈ کیا ہے اس کے مطابق کام کرنے کا عمل شروع ہوتا ہے۔ یہ سب کچھ بالکل آٹومیٹک ہوگا۔ کس سیچویشن میں کیا کرنا ہے، وہ اپنی یادداشت کے مطابق کرے گا۔ اب تک بچے نے جیسا دیکھا ، سنا ہو گا ویسے ہی کام کرے گا۔ آس پاس لڑائی جھگڑا اور گالم گلوج دیکھا ہو گا تو ویسا ہی اس کا بھی عمل ہو گا، نرمی محبت اور شفقت دیکھی ہو گی تو وہ بھی نرم خو انسان ہو گا۔ ماں باپ کو لڑتا جھگڑتا دیکھا ہو گا تو دونوں میں سے کسی ایک کو غلط سمجھ کر اس سے دور ہو جائے گا۔ پیار محبت اور خلوص دیکھا ہوگا تو وہ بھی آئندہ زندگی میں ویسا ہی کرے گا۔ ماں کو شکوہ شکایت کرتے اور روتے دھوتے دیکھے گا تو خود بھی زندگی سے اور لوگوں سے شکوہ کناں رہے گا ۔ ہنستی مسکراتی اور ایک خوش مزاج ماں کو دیکھے گا تو یہ چہرہ زندگی بھر کے لیے نقش ہو جائے۔ ہر وقت ڈانٹ پھٹکار سنتا رہے تو والدین کی اہمیت کم ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی شخصیت نقص کا شکار ہو جائے گی۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ اس عرصے میں محفوظ ہوئی چیزیں ہی آئندہ زندگی میں اس کی شخصیت کیسی ہو گی اس کو طے کریں گی۔یہ سارا عمل لا شعوری طور پر ہوگا۔
ابھی جو سات سالوں تک تربیت کے مرحلے کا ذکر ہوا ہے تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس چھوٹی عمر میں تربیت کیسے کی جائے تو اس کا بس ایک ہی جواب ہے اپنے عمل کے ذریعے۔ آپ جیسا اپنے بچے کو بنانا چاہتے ہیں، ویسا آپ کو خود بننا پڑے گا۔ آپ کا عمل اس کے لیے نمونہ ہوگا۔ آپ کے عمل اور کردار سے چیزیں بچوں کے ذہن میں نقش ہوتی چلی جائیں گی، جو پوری زندگی اس کی رہنمائی کریں گی۔اکثر سنا ہے کہ جب والدین تہجد گزار ہوتے ہیں تو بچے پنج وقتہ نمازی ہوتے ہیں۔ یعنی والدین کا عمل جتنا بہترین ہوگا بچہ اتنا ہی اچھا ہوگا۔ بچوں پر وعظ و نصیحت کا وہ اثر نہیں ہوتا جو عملی نمونہ دیکھ کر ہوتا ہے اور اس دور میں ان کے رول ماڈل والدین ہوتے ہیں۔ چوں کہ وہ صحیح و غلط کا فیصلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اس لیے والدین نے جوصحیح کہا وہ صحیح ہے اور جو غلط کہا وہ غلط ہے اس کے ذہن پر نقش ہوتا ہے۔
رہنمائی
سات سال کے بعد بھی آپ کے پاس تھوڑا وقت ہے جو کمی بیشی ہو گئی ہے تربیت میں اسے صحیح کرنے کا۔ چودہ پندرہ سال کے بعد اب آپ کچھ نہیں کر سکتے، جب تک کہ بچہ خود کسی چیز کو غلط سمجھ کر خود چھوڑ دے یا کسی چیز کو صحیح سمجھ کر خود اپنا لے۔ اب آپ صرف اسے اپنے اعتماد میں لیں اور اسے بے لوث محبت دے کر خود سے قریب رکھیں۔سوائے اس رویے کے کوئی زور زبر دستی انھیں سدھار نہیں سکتی۔ عمر کے اس دور میں اسے رہنمائی کی ضرورت ہے۔ زندگی کے مختلف امور کی ادائیگی میں ابھی اس کا فہم اتنا پختہ نہیں ہوا ہے کہ وہ خوددرست نتائج اخذ کر سکے ۔ اس موقع پر درست اور مناسب رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ کو ئی بھی غلط عادت یا رویہ پختہ ہو کر اس کے اخلاق و کردار کا حصہ نہ بن جائیں ۔ رہنمائی میں بھی آپ کو مثال بننا پڑا گا تب کام آپ کے لیے آسان ہوگا ۔ مثال کے طور پر بچہ کام والی آنٹی سے بد تمیزی سے بات کرتا ہو تو اس عادت کو درست کرنے لیے آپ کو کام والی کے ساتھ عزت سے پیش آنا پڑے گا۔ محض یہ بتا دینے سے کہ یہ غلط بات ہے بچہ اس کا عادی نہیں ہو پائے گا۔ اس اسٹیج پر اسے ٹاسک دیجیے اور خود کرنے کے لیے کہیں، انھیں فیصلہ لینے دیجیے، اپنی بات کہنے اور دلائل دے کر منوانے کا فن پیدا کیجئے، اپنے کام خود کرنے کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ گھر کے کاموں میں ان کو شامل کریں۔ اپنے مسائل ان سے ڈسکس کریں اور ان کا کیا ممکن حل ہوسکتا ہے اس پر بات کریں۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ انھیں ذمہ دار انسان بننے کے لیے تیار کریں، جہاں وہ اپنی اہمیت کو سمجھے، حا لات کو سمجھ کر فیصلہ کرنے کی صلاحیت ہو، خود انحصاری کا جذبہ پیدا ہو، لیکن یہ مناسب رہنمائی کے ساتھ ہو، انھیں بالکل آزاد نہیں چھوڑا جا سکتا ہے۔
تجربات
تقلید کے ساتھ ساتھ بچہ تجربے سے بھی سیکھتا ہے۔ مثال کے طور پر بچے کو منع کرتے رہو کہ چائے گرم ہے جل جائیں گے، لیکن وہ اسی کی طرف لپکتے رہیں گے، مگر ایک بار جب جل جائیں گے تو اب دوبارہ بہت سنبھل کر چائے پئیں گے۔ بچے تجربات سے جو نتیجہ اخذ کرتے ہیں، ضروری نہیں ہے کہ وہ صحیح ہی ہو، یہاں بھی انھیں رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تجربے کرنے دیں لیکن بغور مشاہدہ کرتے رہیں تاکہ غلط نتیجہ بچے کی شخصیت پر اثر انداز نہ ہو۔
والدہ، والد اور گھر کے دوسرے افراد کے لیے تربیت کے چند بنیادی اصول
۱۔ تربیت ایک مسلسل عمل ہے، جس طرح ہر آن ہر لمحہ بچے کا جسم نشوونما پا رہا ہے، بالکل ویسے ہی اس کی عادات بھی تشکیل پا رہی ہیں۔ بچہ جو ایک باشعور ہستی ہے جس کا مشاہدہ بہت تیز ہے اس کی تربیت کے لیے بڑے ہونے کا انتظار نہ کریں۔
۲۔تربیت میں انعام اور سزا دونوں کی اہمیت ہے۔بچہ اگر چھوٹا ہی ہے اور کچھ بھی کرکے خوش ہو رہا ہے تو اس کی حوصلہ افزائی کریں، تالیاں بجائیں، خوشی کا اظہار کریں، کوئی غلط کام سر زد ہوگیا، کچھ گرا دیا ، توڑ دیا تو آنکھ دکھا دیں، ناراضگی ظاہر کریں بچہ سمجھ جائے گا کہ یہ کام غلط ہے۔دونوں میں اعتدال بہت ضروری ہے۔
۳۔ ہر بچہ منفرد ہے، اس کی صلاحیتیں اور شخصیت دوسروں سے جدا ہیں۔ ہر وقت بچوں کا باہم موازنہ کرتے رہنا ان کی شخصیت میں منفی رویہ پیدا کر سکتا ہے۔ بچے کی صلاحیت کو ابھارنے اور پروان چڑھانے کی کوشش کریں۔ ایک پلان بنائیں کہ بچہ کو کیسا بننا ہے کیا کرنا ہے اور اس پلان کے مطابق رہنمائی بھی کریں، لیکن اس میں اتنی لچک ضرور ہو کہ بچے کی صلاحیت اور شخصیت متاثر نہ ہو۔
۴۔ اپنے بچوں کو نظم و ضبط سکھا نے کے لیے گھر میں کچھ قوانین بنائیں جوآپ سمیت گھر کا ہر فرد مانے، تاکہ بچے وقت کی اہمیت کو سمجھیں اور ایک نظم و ضبط کے ساتھ زندگی گزارے کے عادی ہوں۔بچوں کو جو بھی آداب سکھانے ہوں ان پر عمل در آمد کے معاملے میں یکسانیت اور مستقل مزاجی ہو۔ جو غلط ہے وہ ہمیشہ غلط ہے۔
۵۔ بچپن سے ہی اس میں اچھی عادات کی تشکیل کریں۔ بچہ جو کام بار بار کرتا ہے وہ اس کی عادت کا حصہ بن جاتا ہے اور تادم حیات اسے کرتا ہے۔ مثلا کھانےکے آداب، مختلف کاموں کو کرتے وقت کی دعائیں پڑھنے کی عادت، سویرے سونے اور جلد بیدار ہونے کی عادت، نماز اور تلاوت کی عادت وغیرہ وغیرہ، لیکن جو بھی عادت ان میں ڈالیں اس کام کی اہمیت اور اس کا فائدہ بھی اسے بتاتی رہیں۔ صرف چند بار نہیں بلکہ بار بار جیسا کہ قرآن کہتا ہے : اے لوگوں جو ایمان لائے ہو اپنے اہل و عیال کو نماز کا حکم دو اور اس پر جمے رہو۔ ہم دو چار بار کہنے کے بعد غصہ کرنے لگتے ہیں۔ ڈانٹنے پھٹکارنے لگتے ہیں، اس سے گریز کریں۔خدا سے قریب کرنے والے کاموں کی ترغیب دینے میں جتنا محبت، شفقت اورعقلی دلائل کا استعمال کریں گی، بچہ اتنا ہی اللہ سے قربت محسوس کرے گا اور اسے خوش کرنے کے لیے اچھا کام کرے گا۔
۶۔ گھر کا ماحول خوشگوار ہو اور گھر کے ہر فرد کا دوسرے کے ساتھ مضبوط تعلق ہو۔ اس کا بچے کی شخصیت پر مثبت اثر رونما ہو گا اور رشتوں کو نبھانا بچہ عملی طور پر دیکھ کے سیکھے گا۔بڑوں کا احترام اور چھوٹوں سے پیار ہو۔ تمام اخلاقی خرابیوں سے والدین کے ساتھ ساتھ افراد خانہ خود کو بچا کر رکھیں ، بچہ خود بخود سیکھتا چلا جائے گا۔
۷۔ شروع سے ہی طہارت، لباس، شرم و حیا کے بارے میں بتاتی رہیں تاکہ بچوں کے ذہن میں رچ بس جائیں۔ اپنے پرائے کے فرق کو بتائیں، اچھے ٹچ اور برے ٹچ کے بارے میں بتاتی رہیں۔
۸۔ بچوں سے خوب بات کریں، اسکول کے بارے میں، ٹیچر اور دوستوں کے بارے میں، وین کے ڈرائیور کے بارے میں، کسی ملنے جلنے والے والے کے ساتھ بچوں نے اکیلے وقت گزارا ہو اس کے بارے میں، کسی رشتے دار کے گھر گیا ہو تو اس کے بارے میں۔ اس سے کسی بھی انہونی کے بارے میں بچہ بتائے گا اور آپ خود اس کے انداز اور باتوں سے محسوس کر لیں گی کہ بچے کے ساتھ خدا نخواستہ کچھ غلط تو نہیں ہو رہا ہے۔ بچوں کو سنیے۔ ان کی تمام چھوٹی اور عام سی باتوں میں دل چسپی لیجیے۔ اچانک در آنے والی کسی بھی تبدیلی یا انداز گفتگو پر چونکنا ہو جائیں۔ حالات بہت خراب ہیں بچوں کی حفاظت کیجیے۔کہانی سنانے کی عادت ڈالیں اس کا بہت اچھا اثر پڑتا ہے۔
۹۔ عمر کے حساب سے بچوں کواپنی حفاظت کے طریقے بتائیں۔کوئی انجان پکڑ رہا ہو،کسی جگہ کھو گئے ہوں ، کوئی زبر دستی کچھ کھانے کو دے رہا ہے وغیرہ حالات میں انھیں کیا کرنا ہے اس سے ضرور آگاہ کریں۔ ہر ممکنہ حالات کے لیے ذہنی طور پرتیار رکھیں۔ حفاظت کے طریقوں پر ویڈیوز بھی ہیں، وہ دکھا سکتی ہیں۔موبائل نمبر اور گھر کا ایڈریس، والد کی نوکری کی جگہ، کس ادارے میں ہیں وغیرہ باتوں کے بارے میں بتائیں۔
۱۰۔ بچوں کو بہادر بنائیں۔Never give upکی تعلیم دیں۔ صرف اللہ سے ڈرنا اور اسی سے مانگناسکھائیں۔
۱۱۔ تربیت کی تمام کوششوں کے ساتھ ساتھ اللہ سے دعائیںکرتی رہیں۔ اللہ پاک ہمیں اپنی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہمارے بچوں کو تمام آفات ، بلاؤں اور برے لوگوں سے محفوظ رکھے، آمین!
٭ ٭ ٭


0 Comments