۴۱؍ سال کے جاوید بیت النصر کے سب سے پرانے ممبران میں سے ایک ہیں۔ کچھ دہائیوں پہلے بیت النصر کو اپنا کام کاج بند کرنا پڑا تھا۔ جاوید اس سے پہلے سے بیت النصر کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ جاوید نے جب کباڑ کا کاروبار شروع کیا اس وقت سال 2016ء میں انھوں نے نئے سرے سے بیت النصر کی جوگیشوری برانچ میں کھاتہ کھلوایا۔
شروعات میں جاوید نے تیس روپے جمع کرنا شروع کیے تھے، اب کم سے کم پچاس روپے جمع کرتے ہیں۔ کئی دوسرے کھاتہ داروں کی طرح ہی جاوید کو بھی قرض لینے سے پہلے بچت کھاتے سے ہی مدد ملنا شروع ہوگئی۔ اس کھاتے میں ہر مہینے جو پیسے جمع ہوتے ہیں، جاوید اس سے اپنے بچوں کی اسکول کی فیس بھرتے ہیں۔ دکان کا کرایہ ادا کرتے ہیں۔ اور کاروباری ضرورتوں کے لیے چھوٹی موٹی نقدی اپنے پاس رکھتے ہیں۔ جاوید نے بتایا کہ ’’یہاں روز پیسے جمع کرنے سے مہینے کے آخر میں پانچ سے دس ہزار کی رقم ہاتھ آجاتی ہے۔ اس سے اپنا کام آسان ہوجاتا ہے۔ اگر روز پیسے جمع کرنے کی آسانی نہ ہو تو ہم جیسے لوگ اتنی بڑی رقم اکٹھا نہیں کرپائیں گے۔‘‘
بیت النصر کے بچت کھاتے میں پیسے جمع کرنے اور نکالنے کے تجربے کے بارے میں جاوید نے بتایا کہ یہ طریقہ کار بہت شاندار ہے اور بہت آسان ہے۔ انھوں نے سن رکھا ہے کہ کئی اداروں میں تو پیسہ نکالنے میں بھی پریشانی ہوتی ہے لیکن بیت النصر سے اپنے جمع پیسے نکالنے میں انھیں کبھی کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔ بیت النصر نے ان سے کبھی یہ نہیں کہا کہ آج کاغذ نہیں ہے، آج پیسے نہیں ہیں، یا پیسے کل ملیں گے۔ جاوید نے بتایا کہ ’’ہم کو جب بھی پیسہ نکالنا ہو نکال سکتے ہیں۔ دوسری جگہ کچھ بھی کہہ کر ٹالتے رہتے ہیں۔ یہاں ایک دن پہلے واؤچر مل جاتا ہے۔ اور اس پر سائن کر کے دوسرے دن پیسہ لیا جاسکتا ہے۔ یہاں ذرا سہولت ہوجاتی ہے۔ باقی جگہوں پر لائن لگنے میں بڑی دشواری ہوتی ہے۔‘‘
جاوید نے آگے بتایا کہ ’’مہینے دو مہینے میں بیت النصر کی آفس جاتا ہوں، وہاں مجھے عزت ملتی ہے، وہاں کے لوگ اچھی طرح سے بات کرتے ہیں، بہت سے بینک والے اپنے کھاتہ دار سے صحیح سے بات نہیں کرتے۔ بیت النصر کے ذیلی کلکشن والے بھی بہت سلجھے ہوئے ہیں اور لین دین میں آسانی پیدا کرتے ہیں۔ کبھی میری دکان بند رہتی ہے تو فون کرکے بلا لیتے ہیں۔‘‘
بھروسہ ہے کہ بچوں کی پڑھائی نہیں رکے گی
ممبئی کے ملاڈ علاقے میں جاوید کا اپنا مکان ہے۔ ان کا چھوٹا سا خاندان ہے جس میں تین بچے، دو لڑکیاں اور ایک لڑکا، ان کی بیوی اور ان کے والد رہتے ہیں۔ ان کی بیوی آس پڑوس کے بچوں کو پڑھاتی ہیں۔ جاوید کی بڑی بچی گیارہویں جماعت میں اور چھوٹی بچی دسویں جماعت اور لڑکا پانچویں جماعت کے طالب علم ہیں۔ جاوید کی بیٹیاں سرکاری اسکول میں پڑھتی ہیں، جبکہ وہ اپنے بیٹے کو ایک پرائیویٹ اسکول میں پڑھاتے ہیں۔
اپریل 2017ء میں جاوید نے چودہ ہزار روپے کا پہلا قرض لیا تھا۔ یہ قرض انھوں نے اپنے بچوں کی پڑھائی کے سلسلے میں لیا تھا۔ جاوید نے بتایا: ’’بچوں کی پڑھائی کا خرچ میں اپنی آمدنی سے نہیں پورا کر پارہا تھا۔ لہذا میں نے بیت النصر کی آفس میں بات کی اور مجھے دوسرے بینکوں کے مقابلے بہت کم سروس چارج پر قرض مل گیا۔ ہر مہینے لگ بھگ ایک فیصد کے سروس چارج پر مجھے گولڈ لون مل گیا۔ ‘‘
جاوید آگے کہتے ہیں: ’’قرض سے بچوں کی تعلیم آسانی سے ہورہی ہے۔ یہ بھروسہ بن رہا ہے کہ ان کی تعلیم کبھی رکے گی نہیں۔ آگے مزید پیسوں کی ضرورت پڑی تو اس کا انتظام بھی ہوجائے گا۔‘‘
جاوید قرض اور اس کی ادائیگی کے اپنے تجربے کو ان الفاظ میں بتاتے ہیں: ’’قرض لینے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ دوچار دنوں میں ہی سارا پروسیس مکمل ہوگیا۔ ساتھ ہی یہ سہولت بھی ملی کہ قرض کو ایک مشت ادا نہیں کرنا ہے۔ بلکہ تھوڑا تھوڑا کر کے ہر ماہ پندرہ سو دو ہزار دے کر میں نے قرض واپس کردیا۔ بیت النصر والوں نے میرا بہت ساتھ دیا اور میں نے بھی یہاں دو نئے لوگوں کے کھاتے کھلوائے۔ میں نے اپنے دوستوں کو بتایا کہ تھوڑے تھوڑے پیسے ہم لوگ جمع کریں تو ضرورت پڑنے پر یہ کام آسکتا ہے۔ بیت النصر ایک اچھا ادارہ ہے، اس میں کچھ فراڈ نہیں ہے۔ مجھ پر بھروسہ کرکے لوگوں نے بیت النصر میں کھاتہ کھلوایا ہے۔‘‘
جاوید نے 2018ء کے اپریل مہینے میں چودہ ہزار کا ایک اور قرض لیا تھا۔ یہ قرض بھی انھوں نے بچوں کی اسکول کی فیس جمع کرنے کے لیے لیا تھا۔ حالانکہ اس قرض کا ایک چھوٹا سا حصہ انھوں نے اپنے کاروبار میں بھی لگایا۔ ان دونوں قرضوں کے سلسلہ میں وہ کہتے ہیں کہ نیا تعلیمی سیشن ہونے کی وجہ سے اس مہینے میں انھیں بالخصوص پیسوں کی ضرورت پڑتی تھی۔
بیت النصر کے قرض کا فائدہ جاوید اس طرح بتاتے ہیں: ’’میں لون نہیں بھر پاتا تھا۔ اس لیے سوسائٹی والے بار بار فون کر کے قرض چکانے کی یاد دلاتے رہے تو میرا لون کلیر ہوا۔ ان کا یاد دلانا بھی آدمی کو سپورٹ کرتا ہے۔ کئی دفعہ یاد نہ ہونے کی وجہ سے یا یاددہانی نہ کرائے جانے پر بھی قرض کی ادائیگی نہیں ہو پاتی اور پس و پیش کی وجہ سے پیسے ختم ہو جاتے ہیں۔‘‘
اتنا ہی نہیں، جاوید کے مطابق قرض واپسی کے لیے طے شدہ وقت پر قرض کی ادائیگی نہ کرپانے کی صورت میں بھی بیت النصر آسانی فراہم کردیتا ہے۔
بیت النصر کی ایک انوکھی پہل
بیتے کچھ دنوں سے بیت النصر ایک انوکھے طریقے سے جاوید کی مدد کررہا ہے۔ دراصل آج کل ملک بھر سے یہ شکایت ملتی رہتی ہے کہ بینک سکے قبول نہیں کر رہے ہیں۔ بیت النصر کو بھی اس طرح کی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بیت النصر کے پاس بھی جو سکے جمع ہوجاتے ہیں بینک اسے قبول نہیں کرتے۔ ایسی صورت میں بیت النصر جاوید کو چار سے پانچ ہزار تک کے سکے اس شرط پر دے دیتا ہے کہ جاوید ا س کے برابر کی رقم کرنسی نوٹ کی شکل میں دھیرے دھیرے بیت النصر کو واپس لوٹائیں گے۔ یہ سکے جاوید کے کاروبار میں ایک سرمایہ کے طور پر کام آجاتے ہیں۔ جاوید کہتے ہیں: ’’سکے ملنے پر میں روز تین سو کے حساب سے بیت النصر کو کرنسی نوٹ واپس کردیتا ہوں۔ یہ سکے میں اپنے گاہکوں کو سو پچاس کی تعداد میں دیتا ہوں یا کبھی اسے اپنی نجی خریداری میں استعمال کرتا ہوں۔ یہ چلر کاروبار میں کام آجاتے ہیں۔ اس سے بہت فائدہ ہو رہا ہے۔‘‘
اب بینک سے جڑنے کی ضرورت نہیں رہ گئی
جاوید کا نہ کسی بینک میں کھاتہ چل رہا ہے اور نہ کبھی انہوں نے کسی بینک سے لون لینے کی کوشش کی ہے۔ آج سے پچیس سال پہلے جاوید کو جب بارہ سو روپے کی پہلی تنخواہ ملی تھی، اس وقت انھوں نے بامبے مرکنٹائل کوآپریٹو بینک لمیٹیڈ میں اپنا پہلا اور آخری کھاتہ کھلوایا تھا۔ یہ کھاتہ کھلوانے میں جاوید کے چچا نے ان کی مدد کی تھی۔ اب انہیں اس کھاتے کی تفصیلات یاد بھی نہیں۔
اب جاوید سرکاری یا نجی بینکوں میں کھاتہ کھلوانے کے بارے میں سوچ تو رہے ہیں مگر وہاں سے قرض لینے کے زیادہ خواہش مند نہیں ہیں۔ وہ کہتے ہیں: ’’اب لگتا ہے کہ سرکاری بینک میں کھاتہ کھول لینا چاہیے۔ حالانکہ مجھے وہاں سے قرض نہیں ملے گا۔ مگر گیس سبسڈی کے پیسے آجائیں گے۔ آخر میں بینک کے پاس قرض لینے کس بنیاد پر جاؤں گا۔ میرے پاس نہ تو بینک میں جمع کرنے کے لیے پیسے ہیں، نہ ہی ضمانت کے طور پر دینے کے لیے کوئی اثاثہ۔‘‘
جاوید کے مطابق انھوں نے کبھی مہاجنوں سے قرض نہیں لیا ہے۔ وہ کہتے ہیں: ’’بنا کچھ دیے قرض کے آفر آتے رہتے ہیں مگر ان کا سود بہت اونچا رہتا ہے۔ پچیس ہزار پر پانچ ہزار، پچاس ہزار پر دس ہزار، لیکن ہمارے لیے یہ جائز نہیں ہے اور ہم سے یہ چل بھی نہیں پائے گا۔ بیت النصر میں سروس چارج کم ہے۔ ان لوگوں کو جتنی محنت کرنی ہوتی ہے اسی حساب سے وہ ہم سے چارج لیتے ہیں۔‘‘
جاوید اپنی کاروباری یا نجی زندگی میں ضرورت پیش آنے پر اپنے دوستوں یا رشتے داروں سے مدد حاصل کر کے یا پھر بیت النصر سے کام چلاتے ہیں۔ مگر انہوں نے کبھی مہاجنوں سے اونچی شرح سود پر قرض لینا گوارا نہیں کیا۔
گھر کے لیے خریدا فریج اور پلنگ
کچھ برسوں پہلے تک جاوید مشترکہ خاندان کا حصہ تھے۔ ملاڈ کے علاقہ میں جب انھوںنے اپنا الگ گھر بسایا تو گھر کے لیے نئے سامان خریدنے پڑے۔ حالیہ برسوں میں میں انھوں نے بیت النصر کے قرض، بیت النصر کے کھاتے سے کچھ رقم اور اپنے کاروبار کے زائد منافع کو ملا کر گھر کے لیے کچھ ضروری سامان خریدا جس میں فریج اور پلنگ شامل ہیں۔
جاوید کو بیت النصر کی میٹنگوں کی اطلاع اور دعوت نامے پابندی سے ملتے رہتے ہیں لیکن وقت نہ ملنے کے سبب وہ ان میں کبھی شامل نہیں ہو پائے ہیں۔ کوآپریٹو سے جڑی اپنی امیدوں کو جاوید ان الفاظ میں بتاتے ہیں: ’’میں چاہتا ہوں کہ اس کی اور زیادہ برانچیز کھلیں اور زیادہ لوگ بیت النصر کے ساتھ آئیں، جتنے زیادہ لوگ جڑیں گے اتنا زیادہ پیسہ آئے گا اور زیادہ سے زیادہ لوگ بیت النصر کے قرض کی اسکیموں سے فائدہ اٹھاسکیں گے اور بینکوں کے سودی قرض سے نجات حاصل کرسکیں گے۔‘‘
جاوید بیت النصر میں اپنے بچت کھاتے میں جمع پیسوں سے ہی اپنے قرض کی ادائیگی کرتے ہیں۔ اگر کسی مہینے میں پریشانی ہو تو انہیں قرض کی ادائیگی سے چھوٹ مل جاتی ہے۔ اس سے انہیں بہت راحت ہوتی ہے۔ جاوید کہتے ہیں: ’’مثال کے طور پر میرے کھاتے میں چار ہزار روپے جمع ہیں، اور بیت النصر سے قرض ادا کرنے کے لیے فون آنے پر اگر میں اگلے مہینے قسط دینے کی بات کرتا ہوں تو مجھے بچت کیے ہوئے پیسے نکالنے کی اجازت مل جاتی ہے۔‘‘
زیادہ بڑے قرضے درکار ہیں
چھوٹے چھوٹے قرض سے جاوید کو اپنا گھر اور کاروبار چلانے کے لیے سہارا تو ملا ہے لیکن زندگی میں تیز گام ترقی کے لیے انھیں کاروبار کو بڑا کرنا ہوگا جس کے لیے بڑے سرمایے کی ضرورت ہوگی۔ اس غرض سے جاوید چاہتے ہیں کہ (1)یا تو انھیں ایک لاکھ تک کا قرض ملے اور لمبے وقت تک کے لیے ملے، یا پھر (2) پچیس پچیس ہزار کے قرض انھیں ہر دو تین مہینے پر ملتے رہیں۔
جاوید کہتے ہیں: ’’ہر ماہ دس پندرہ ہزار روپے کا مال بیچنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہرمہینے مجھے مال بیچنے کی ضرورت نہ پڑے۔ تانبہ، پیتل، اسٹیل جیسے سامان سال میں ایک دفعہ اکٹھا کر کے بیچنے سے مجھے زیادہ فائدہ ہوگا۔ اس کے لیے مجھے بڑی رقم کی ضرورت ہوگی۔ اس کام کے لیے اگر بیت النصر ایک لاکھ روپے کا قرض دے تو بہتر ہوگا۔‘‘
انھوں نے آگے بتایا: ’’بڑا قرض ملے تو تکلیف دور ہو، آج کل دس پندرہ ہزار روپے کہاں چلے جاتے ہیں کچھ پتہ نہیں چلتا۔ بڑا قرض ملے گا تو میرا اور بیت النصر دونوں کا کام اچھا چلے گا، پیسہ ہاتھ میں رہنے پر ہم پچاس ہزار کی چیز تیس ہزار روپے میں خرید سکتے ہیں۔ مگر جیب میں پیسہ ہی نہیں ہے تو ہم کہاں سے خریدیں گے!‘‘
ویسے جاوید نے بیت النصر سے ابھی تک بڑا قرض مانگا نہیں ہے۔ ان کے پاس بڑے قرض کی گارنٹی دینے کے لیے سونا نہیں ہے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments