ٹریفک کے ہیرو

جنگل کے اسکول میں چھٹی کی گھنٹی بجی تو سب جانور خوشی سے اچھل پڑے۔
خرگوش چکّو، بندر مانو اور کچھوا ٹومی اکٹھے گھر جانے نکلے۔
سڑک کے کنارے پہنچ کر مانو نے ہنستے ہوئے کہا:
’’دوستوں! آج میں سب سے پہلے سڑک پار کروں گا۔ اچھا؟‘‘
چکّو نے چھلانگ لگائی۔ ’’کیوں نہیں! میں تو تم سے پہلے ہی دوڑ جاؤں گا!‘‘
ٹومی نے فوراً ہاتھ اٹھایا۔
’’رُکو! اس طرح کھیل کھیل میں سڑک پار کرنا خطرناک ہے!‘‘
دونوں دوست ہنس پڑے۔
’’اوئے ٹومی! تم تو چلنے میں بھی آدھا گھنٹہ لگا دیتے ہو، تم کیا ہمیں سڑک پار کرنا سکھاؤ گے؟‘‘
ٹومی نے سنجیدگی سے کہا:
’’ہاں، کیوں کہ احتیاط کرنے والا سب سے عقل مند ہوتا ہے۔ آؤ میں تمھیں طریقہ بتاتا ہوں۔‘‘
چکّو اور مانو ایک دوسرے کو دیکھ کر خاموش ہوگئے۔ پھر ٹومی نے سمجھایا:
٭ پہلے لائن کے پیچھے کھڑے ہو جاؤ۔
٭ پھر بائیں دیکھو، پھر دائیں، پھر دوبارہ بائیں۔
٭ اگر زیبرا کراسنگ ہو تو وہ استعمال کرو۔
٭ جب گاڑیاں رک جائیں، تب سکون سے چلو۔
مانو نے ماتھے پر ہاتھ مارا،
’’اُف! میں تو سیدھا بھاگنے والا تھا۔ شکر ہے تم نے روکا!‘‘
چکّو نے مذاق کرتے ہوئے کہا:
’’بھئی گاڑیاں اگر مجھے دیکھ لیں گی تو خود ہی رک جائیں گی۔ میں اتنا خوبصورت جو ہوں!‘‘
اتنے میں زور سے ہارن بجا۔ ایک ٹرک بالکل قریب سے گزرا۔
چکّو کی ٹانگیں کانپ گئیں۔
چکّو دھیمے لہجے میں بولا:
’’اِ م۔۔۔ ٹومی! آج سے میں بھی تمہاری بات مانوں گا۔‘‘
تینوں دوست لائن کے پیچھے کھڑے ہو گئے۔
ٹومی نے کہا: ’’اب بائیں، دائیں، اور دوبارہ بائیں!‘‘
گاڑیاں رک گئیں۔ سیگنل بھی سبز ہوگیا۔
پھر تینوں آہستہ آہستہ اور سیدھے چل کر سڑک پار کر گئے۔
پار ہوتے ہی مانو نے خوشی سے نعرہ لگایا:
’’ہمارا نام ہے۔ ٹریفک کے ہیرو!‘‘
چکّو نے ہاتھ ہوا میں گھماتے ہوئے کہا:
’’کیوں کہ اصل ہیرو وہ ہے جو خود بھی محفوظ رہے اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھے!‘‘
ٹومی نے کہتے ہوئے اپنا سینہ پھلایا:
’’اور ہیرو ہونا تیزی نہیں، سمجھداری ہوتی ہے!‘‘
تینوں تالیاں بجاتے اور ہنستے ہوئے گھر کی طرف چل پڑے۔
بغیر ڈر کے، بغیر بھاگ دوڑ کے، پوری احتیاط کے ساتھ۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے