صحافت کا اک مرد درویش تھاپرواز رحمانی مرحوم کے لیے

ہوا نے کیا آج گُل اک چراغ
اجالوں کا داعی وہ روشن دماغ

قلم کی صداقت پہ اس کا یقیں
قلم تھی امانت، وہ اس کا امیں

خبر اور نظر کا تھا وہ پاسباں
وہ نیکی کی قوت کا تھا ترجماں

خبر معتبر تھی، نظر معتبر
حصولِ مقاصد پہ اس کی نظر

وہ ‘دعوت‘ کا داعی، مزاج آشنا
وہ سچائی کا ہم نفس، ہم نوا

نہ کی اس نے لفظوں کی سوداگری
نہ رفتارِ دنیا سے کی ہم سری

ہر اک حرف اس کا تھا با اعتبار
طوالت پہ حاوی رہا اختصار

تواضع میں تھا منکسر،نرم خو
تھی گفتار جیسے کوئی آبجو

نہ شہرت کی خواہش نہ دولت کی چاہ
نہ مطلوب اس کو ستائش، نہ واہ

متاعِ محبت ہی ایمان تھی
بس اک سادگی اس کی پہچان تھی

ہوا دل یہ غم سے ہم آغوش ہے
صدائے جنوں آج خاموش ہے

ہوئے آج اس سے جو محروم ہیں
وہ قاری ہیں دعوت کے، مغموم ہیں

صحافت کا ایک مرد درویش تھا
خلوص اس کا سرمایۂ خویش تھا

سنائے گا اک دن یہی آسماں
بڑے آدمی کی بڑی داستاں

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے