شادی شدہ عورت کا حق ملکیت و تصرف

سوال:
کچھ لڑکیاں ڈاکٹر ہیں یا UPSC کے ذریعے سول سروسز میں جاب کر رہی ہیں، وہ سوچتی ہیں کہ والدین نے بہت غربت کے باوجود ان کو اعلیٰ تعلیم دلوائی، اس لیے ان کا حق ہے کہ ان کی مالی کفالت کی جائے۔ ایسی کچھ لڑکیوں کے بھائی ہوتے ہیں، لیکن وہ غربت کی وجہ سے والدین کی کفالت کی استطاعت نہیں رکھتے اور کچھ لڑکیوں کے بھائی نہیں ہوتے۔
کیا ایسی لڑکیاں مشروط نکاح کر سکتی ہیں کہ وہ اپنی کمائی کا کچھ حصہ نکاح کے بعد بھی اپنے والدین کو دیتی رہیں گی؟ کیا تفویضِ طلاق کے حق کی طرح نکاح نامے میں یہ شرط شامل کروا سکتی ہیں؟ کیوں کہ بعض مردوں نے زبانی وعدے کیے، لیکن نکاح کے بعد مکر گئے۔ ایسی صورت میں علاحدگی کا ہی راستہ بچتا ہے۔
نکاح نامے میں یہ شرط شامل کروانے کی کیا صورت بنے گی؟ اور شوہر آئندہ اس سے نہ پھرے، اس کا پابند بنانے کا کیا طریقہ ہوگا؟ اگر اس مسئلے کا شرعی حل موجود نہ ہو تو خود کفیل لڑکیوں میں بغیر نکاح کے زندگی گزارنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ اس کی فکر کرنی چاہیے۔

جواب:
اسلام نے ہر فرد کو ملکیت کا حق عطا کیا ہے۔ کوئی مرد ہو یا عورت، نوجوان لڑکا ہو یا لڑکی، شادی شدہ ہو یا غیر شادی شدہ، وہ خود کچھ کمائے یا کسی کی طرف سے اسے تحفہ ملے یا ماں باپ یا کسی رشتہ دار کی طرف سے وراثت پائے، اس کا وہ مالک سمجھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

لِّلرِّجَالِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبُوا ۖ وَلِلنِّسَاءِ نَصِيبٌ مِّمَّا اكْتَسَبْنَ (النساء: 32)

’’جو کچھ مردوں نے کمایا ہے اس کے مطابق ان کا حصہ ہے اور جو کچھ عورتوں نے کمایا ہے اس کے مطابق ان کا حصہ۔‘‘
یہ اسلام کا امتیاز ہے، جس کی نظیر دنیا کے دوسرے مذاہب اور تہذیبوں میں نہیں ملتی۔ ان میں عورت کافی عرصے کے بعد یہ حق حاصل کر سکی ہے۔ یورپ میں نشاۃ ثانیہ کے بعد بھی عورت حقِ ملکیت سے محروم تھی، یہاں تک کہ حقوق نسواں کی تحریکیں برپا ہوئیں۔ تب جا کر انیسویں صدی میں ان کے حق کے ملکیت کے بارے میں قانون سازی ہوئی۔
بہت سے مسلم معاشروں میں بھی عورتیں حقّ ملکیت سے محروم رہتی ہیں۔ نہ وہ مہر کی رقم پاتی ہیں، نہ انھیں وراثت میں حصہ ملتا ہے۔ انھیں کسِب معاش کی اجازت نہیں دی جاتی اور اگر دی جاتی ہے تو وہ جو کچھ کماتی ہیں اس پر شوہر قبضہ کر لیتے ہیں اور انھیں اس میں آزادانہ تصرف کرنے، کچھ خرچ کرنے یا کسی کو کچھ دینے کی اجازت نہیں رہتی۔
اسلام میں عورت کو عام حالات میں کسبِ معاش سے آزاد رکھا گیا ہے۔ اس کی کفالت کی ذمہ داری باپ پر ہے۔ باپ کا انتقال ہو جائے تو بھائی اس کا ذمہ دار ہے۔ نکاح کے بعد اس کے نفقہ (اخراجات) اور سکنیٰ (رہائش) کی ذمہ داری شوہر پر ڈالی گئی ہے۔ اس لیے شوہر کی اجازت کے بغیر عورت کو ملازمت کرنے یا کسبِ معاش کا کوئی دوسرا ذریعہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
اگر شوہر اجازت دے تو عورت ملازمت کر سکتی ہے۔ اس صورت میں وہ جو کچھ کمائے اس کی مالک سمجھی جائے گی اور اپنی ملکیت میں تصرف کرنے کا اسے پورا اختیار ہوگا۔ وہ کسی کو ہدیہ دے سکتی ہے اور بہ طور صدقہ و خیرات بھی خرچ کر سکتی ہے۔ شوہر اسے مناسب مشورہ تو دے سکتا ہے، لیکن اس پر اپنی مرضی نہیں تھوک سکتا۔
اہلِ ایمان مردوں اور عورتوں کے جو اوصاف قرآن مجید میں بیان کیے گئے ہیں ان میں یہ وصف بھی ہے :

وَٱلْمُتَصَدِّقِينَ وَٱلْمُتَصَدِّقَٰتِ (الاحزاب: 35)

’’صدقہ کرنے والے مرد اور صدقہ کرنے والی عورتیں۔‘‘
عہدِ نبوی میں متعدد مواقع پر اللہ کے رسول ﷺ نے عورتوں کو صدقہ و خیرات کرنے کی ترغیب دی تو انھوں نے اپنے زیورات اتار کر صدقہ کردیے۔
اسلام نے جب عورتوں کو اپنے اموال اور ملکیت کی چیزوں میں آزادانہ تصرف کا حق دیا ہے تو اس حق کی صراحت نکاح کے موقع پر نکاح نامہ میں کروانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ شوہروں سے عورتوں کا یہ حق تسلیم کروایا جائے اور اس کو ادا کرنے کی انھیں تلقین کی جائے۔
اولاد کو والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ حکم لڑکوں اور لڑکیوں دونوں سے متعلق ہے۔ جو لڑکیاں ملازمت پیشہ ہیں یا دیگر ذرائع سے مال کماتی ہیں، انھیں اپنی آزاد مرضی سے اپنے مال کا کچھ حصہ اپنے والدین کو دینے کا حق ہے۔ یہ حق نکاح کے بعد بھی انہیں حاصل رہتا ہے۔

٭ ٭ ٭

ویڈیو :

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے