مئی ۲۰۲٥
وقف حکومت کے نشانے پر۔۔!!

وقف کا مطلب ہے اپنی زمین و جائیدادکو اللہ تعالیٰ کی ملکیت میں دے دینا،اور اپنے حق سے مکمل دستبرداری اختیار کرلینا۔
اسلام دین رحمت ہے۔غم خواری اورانسانیت نوازی کو دین اسلام میں ہمیشہ نمایاں مقام حاصل رہاہے۔اسی لیے روزِ اول سے ہمارے اسلاف نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختلف موقعوںپر اوقاف قائم کیا۔کبھی عام لوگوں کے لیے کنویں خرید کر وقف کیا ،کبھی باغات اور زمینیں وقف کیں،کبھی شفا خانے تو کبھی راستے اور نہریں تعمیر کر کے وقف کیا ۔ یہ تمام چیزیں بدلتے دور ،حالات اورمنشاء وقف کے مطابق کام کرتی رہیں،نیز شرعی نقطہء نظرسے ان کی حیثیت تاقیامت وقف ہی قرارپائی۔اس میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی ہے۔اس کی اصل حیثیت باقی رہے گی اور اس کے ثمرات سے لوگ مستفید ہوتے رہیں گے۔

ہمارے ملک ہندوستان میں اعداد و شمار کے مطابق کاغذ پر نو لاکھ ایکڑ وقف اراضی موجود ہے ۔ لیکن عام طور پر یہ اراضی لینڈ مافیائوں،سرکاری اداروں، سرمایہ کاروں اور ناجائز قابضین کے قبضے میں ہے ،جس سے عوام اور مسلمانوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہاہے ۔
وقف کے بہتر نظام کے لیے ہردور میں حکومتوں نے قوانین و ضوابط مرتب کیے۔ آزاد ہندوستان میں وقف کے انتظام و انصرام کو منظم اور بہتر انداز میں چلانے کےلیے وقف ایکٹ۱۹۵۴ (Waqf Act)نافذ کیا گیا ،اور ملک کی تمام ریاستوں میں وقف بورڈ (Waqf Board)اور وقف ٹریبونل (Waqf Tribunal) قائم کیے گیے۔ لیکن وقف ایکٹ۱۹۵۴ وقف کے تحفظ اور ترقی میں موثر اور کارگر ثابت نہیں ہوا ۔
حکومتِ ہند نے وقف کی بد سے بد تر صورتحال کو محسوس کیا ،چنانچہ وقف کو موثر اور کارگربنانے کے لیے وقف ایکٹ۱۹۹۵ ترتیب دیا گیا ۔
یہ پچھلے تمام قوانین کی بہ نسبت زیادہ طاقتور اور موثر تھا ۔اس قانون کی مدد سے ناجائز قابضین پر شکنجہ کساجانے لگا ۔جن لوگوں نے فرضی دستاویزات کے ذریعہ وقف کی زمینیں اپنے ناموں پر منتقل کرلیں، وہ قانون کی گرفت میں آنے لگے۔وقف بورڈ،وقف ٹرسٹ،اور وقف کمیٹیاں،وقف ایکٹ۱۹۹۵کی مدد سے اپنی اپنی کھوئی ہوئی جائیدادوں کو حاصل کرنے کی کوشش کرنے لگیں جس سے ناجائز قابضین ،سیاستدانوں اور سرمایہ کاروں کو بے چینی محسوس ہونے لگی ۔انہیں اس بات کا ڈر ستانے لگاکہ وہ وقف قانون کی زد میں آ جایں گے۔اسی لیےوقف کے خلاف پورے ملک میں ایک فرضی بیانیہ (Fake Narrative) کھڑا کیا گیا :
عوام کو وقف ایکٹ اور وقف بورڈ کے خلاف اکسانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ عام ہندوؤں کو یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی کہ وقف بورڈ جس جگہ پر اپنی انگلی رکھ دے وہ اس جگہ کا مالک ہوجاتا ہےاور اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑسکتا۔اسی طرح ’’وقف بورڈنےہندؤں کی ہزاروں ایکڑ زمینیں چھین لیں ۔اور یہ وقف ایکٹ اس عمل کو تحفظ فراہم کرتا ہے، لھٰذا اس کو اب بدلنا ضروری ہے۔‘‘
جب فرقہ پرستوں کو اس بات کا یقین ہوگیاکہ ان کے حق میں وقف کے خلاف بیانیہ سیٹ ہوگیاہے ،تب حکومت نے پارلیمنٹ میں یونیفائیڈ وقف مینیجمنٹ امپاورمنٹ ایفیسنسی اینڈ ڈیولپمنٹ (Unified Waqf Managemwnt Empowerment Efficiency and Development) کے نام سے نیا بل اگست۲۰۲۴ میں لوک سبھا میں متعارف کروایا،جو دراصل وقف ایکٹ۱۹۹۵کا خاتمہ ،اور وقف اداروں کی تباہی کا پیش خیمہ تھا۔جس پرپارلیمنٹ میں خوب ہنگامہ ہوا۔بل جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی(Joint Parliamentary Commitee) کو بھیج دی گئی۔کمیٹی نے۱۱ ستمبر۲۰۲۴ سے لوگوں کے اعتراضات طلب کیے ، مختلف شہروں کا دودہ کیا،متعلقہ افراد سے گفتگوکی۔پورے ملک سے وقف بل کے خلاف کمیٹی کو پانچ کروڑ ای میل بھی موصول ہوئے ،لیکن کمیٹی نے کسی کی کوئی تجویزیاسفارش قبول نہیں کی ۔۳ اور۴ اپریل۲۰۲۵ کو یہ بل اپوزیشن لیڈروں کے زبردست احتجاج کے باوجود نمبرز کی بنیاد پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظور کروالیاگیا،اور۸ اپریل۲۰۲۵ سے پورے ملک میں نافذ بھی کردیا گیا ۔
بل کا قانون کی شکل اختیارکرلیناہندوستانی مسلمانوں کے لیے کسی قیامت سے کم نہیںہے۔کیونکہ اب ان کے دینی ادارے مثلاًمساجد،خانقاہیں، قبرستان، وغیرہ حکومت کے ڈائریکٹ کنٹرول میں چلے جائیں گے ،جس کے لیے یہ پورا کھیل کھیلا گیا ۔نیا وقف ایکٹ جو مکمل طور سے اوقافی اداروں کو کھوکھلا کردے گا ،ناجائز قابضین ،سیاستدانوں اور سرمایہ کاروں کو قانونی تحفظ فراہم کرے گا،جس کے خطرناک اور تباہ کن اثرات کی زد میں مسجدیں ، خانقاہیں،درگاہیں،اور ان سے منسلک اراضی و جائیدادیں آگئیں ۔حکومت نے بہت چالاکی اور مکاری سے وقف ایکٹ۱۹۹۵کی۴۷ شقوں میں تبدیلی کی ہے ۔

وقف بائے یوزر :

پچھلے وقف قانون میں وقف بائے یوزر کی دفعہ موجود تھی ،جس کی رو سے قدیم ترین اوقافی ادارے وقف مانےجاتےتھے۔اب نئے ایکٹ میں وقف بائے یوزر کو ختم کردیا گیا۔اس کا مطلب یہ ہواکہ اب ان اداروں کو وقف ثابت کرنے کے لیے سو سال ،دو سو سال ،تین سو چار سو اور پانچ سو سال پرانے کاغذات پیش کرنے ہوں گے ۔ بھلا ہم یہ کہاں سے لائیں گے ۔۔۔؟؟
دیگر مذاہبِ کی چیریٹی اور وقف قانون میں وقف بائے یوزر موجود ہے ۔۔! مسلمانوں سے آخر یہ امتیاز کیوں ؟؟
ا گر کاغذ پیش نہیں کیے گیے تو پھر یہ جائیدادیں حکومت کی ہو جایں گی ۔۔!!
وقف بائے یوزر کو ختم کرنے سے لاکھوں وقف ادارے حکومت کی ملکیت بن جایں گے ۔۔!
وقف ایکٹ۱۹۹۵ کی دفعہ۱۴وقف بورڈ کی تشکیل سے متعلق تھی ،جسمیں تمام ممبران کا مسلم ہونا شرط تھا ۔تقررات اور الیکشن دونوں ذرائع سے ممبران منتخب ہوکر بورڈ مکمل ہوتا تھا ۔نئے ایکٹ میں دفعہ۱۴ کو تبدیل کردیا گیا،ممبر کے لیے مسلم کی شرط حذف کردی گئی، اور الیکشن کا پروویزن بھی ختم کردیا گیا ۔اب وقف بورڈ میں کل گیارہ ممبر ہوں گے ،جس میں چار مسلم اور باقی سات غیر مسلم ہوسکتے ہیں۔اور یہ تمام تقررات کے اختیارات ریاستی حکومت کے ہوں گے۔ اس طرح وقف بورڈ ریاستی حکومت کے رحم و کرم پر ہوگا اور بورڈ میں اکثریت ہندو ممبرز کی ہو جائےگی۔سی ای او (CEO) کے لیے مسلم ہونے کی شرط کو نئے ایکٹ میں حذف کر دیا گیا ۔اب غیر مسلم بھی وقف بورڈ کا CEO بن سکتا ہے ۔جبکہ دیگر کسی مذہب کے ٹرسٹ یا بورڈ میں کوئی دوسرا شخص ممبر نہیں بن سکتا تو مسلمانوں کے ساتھ یہ نا انصافی آخر کیوں ؟؟
یہ دستورِ ہند کی دفعہ۲۶ کا صریح violation ہے ۔جس میں مذہبی اقلیتوں کو اپنے ادارے قائم کرنے اور اپنے مذہبی ضابطوں کے مطابق چلانے اور مینیجمنٹ کرنے کا اختیار حاصل ہے ۔

وقف ایکٹ۱۹۹۵کی آرٹیکل۴۰ اور۴۱ کے ذریعہ وقف بورڈ کو یہ اختیار حاصل تھاکہ دستاویزات اورکاغذات کی تصدیق کے بعد وقف میں رجسٹریشن کرے یا کسی جائیداد یا زمین پرکوئی تنازعہ ہو تو مقدمے کی سماعت کرے ،اور فیصلہ دے ۔اب آرٹیکل۴۰ اور۴۱ کے اختیارات وقف بورڈ سے چھین کر حکومت نے نئے ایکٹ کی مدد سے کلکٹر کو دے دئیے ۔اب کلکٹر رجسٹریشن اور ڈکلیئریشن کی ذمہ داری ادا کرے گا ،جو کہ حکومت کا نمائندہ ہوتا ہے۔ بھلا یہ اپنے خلاف کسی مقدمے کی سماعت لے کر فیصلہ کیسے دے گا ۔۔؟؟
ہم مایوس نہیں ہے :
کچھ NGOS اور دینی ملی تنظیموں نے اس نئے ایکٹ ’’ امید‘‘ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ عدالت عظمیٰ اس کھلی نا انصافی اور حکومت کی بددیانتی پرکیا فیصلہ سناتی ہے۔اس معاملہ میں عوام انتہائی سنجیدہ ہے ،جسکا ثبوت عوامی پروٹیسٹ ہے ۔ ملت اپنے حقوق کی اس جنگ میں مسلم پرسنل بورڈ (Muslim Personal Law Board)کے پرچم تلے یکسو ہوکر ، متحد ہوکر ’’ امید ‘‘ ایکٹ کے خلاف ڈٹی ہوئی ہے ۔ اس ملک کے انصاف پسند شہری اس لڑائی میں مسلمانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،بلکہ ان سے آگے بڑھ کر یہ لڑائی لڑرہے ہیں۔چاہے پارلیمنٹ ہو،سپریم کورٹ ہو یا پھر احتجاجی دھرنے اور مورچے ہوں۔
اب یہ لڑائی صرف وقف بچانے تک محدود نہیں ہے،بلکہ ہندوستان کے آئین اور قانون کے تحفظ کا بھی مسئلہ ہے۔ وقف کے نئے قانون نے آئین ہند کی روح کو مجروح کرنے کا کام کیا ہے ۔

اٹھو وگر نہ حشر نہیں ہوگا پھر کبھی
دوڑو زمانہ چا ل قیامت کی چل گیا !

٭ ٭ ٭

ہمارے ملک ہندوستان میں اعداد و شمار کے مطابق کاغذ پر نو لاکھ ایکڑ وقف اراضی موجود ہے ۔ لیکن عام طور پر یہ اراضی لینڈ مافیاوں ،سرکاری اداروں، سرمایہ کاروں اور ناجائز قابضین کے قبضے میں ہے ،جس سے عوام اور مسلمانوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہاہے ۔

Comments From Facebook

1 Comment

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے