لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتَّى تُنْفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ(آل عمران: ۹۲)
ترجمہ: تم نیکی کو نہیں پہنچ سکتے جب تک اپنا دل پسند مال اللہ کی راہ میں قربان نہ کرو۔
قران کریم میں وقف لفظ تو موجودہے، لیکن یہ اصطلاح قران کریم میں نہیں ہے۔ صدقہ اور انفاق جن معنوں میں استعمال ہوئے ہیںانہی پر مشتمل یہ اوقاف ہے۔قران کریم میں کہاگیاکہ تم نیکی کو نہیں پہنچ سکتے جب تک کہ تم اپنی پسندیدہ چیز کو اللہ کی راہ میں قربان نہ کردو۔ اسی طرح بے شمار آیات قران کریم میں صدقہ اور انفاق کے تعلق سے آئی ہیں۔ کسی مقام پریہ کہاگیا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ اللہ کی راہ میں کیا خرچ کریں؟کہا کہ آپ کہہ دیجیے جو تمہارے پاس ہے وہ خرچ کرو۔ لوگوں نے کہا کہ کہاں خرچ کریں؟ تو کہا گیا کہ والدین،رشتہ داروں ،مسافروں پر، فقراء ومساکین پر خرچ کرو ۔دنیا میں جو کچھ تم خرچ کروگے وہ آخرت میں اللہ تعالیٰ کے یہاں واپس ملے گا ۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ وقف کیا ہے؟
۱۔وقف کیا ہے؟
وقف عربی زبان کالفظ ہے۔ اس کے لغوی معنی ہیں روکنے کے،جب کہ شریعت کی اصطلاح میں ’’اللہ کی راہ میں جو مال خرچ کیا جاتا ہے، اس کی اصل باقی رہے اور منافع سے لوگوں کو فائدہ ہو، وہ وقف کہلاتا ہے ۔‘‘
یہ وہ صدقہ ہے جو عام صدقے سے الگ ہے۔ عام صدقے میں صدقہ دے دیا جاتا ہے اور جس کو دیاجاتا ہے اس کو اس کا مالک بنا دیا جاتا ہے، لیکن وقف میں صدقہ توہے ہی لیکن مال کی اصل بھی باقی رہتی ہے۔ مثلاً باغ ہے تو اس کا پھل اور اس کی آمدنی سے فائدہ اٹھایا جائے گا، لیکن باغ باقی رہے گا۔ کھیت ہے تو اس کے غلے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ مکان ہے تو اس کے کرائے سے فائدہ اٹھایا جائے گا، لیکن اصل مال باقی رہے گا۔ صدقہ اور وقف میں یہی فرق ہے کہ صدقہ عارضی ہوتا ہے۔ مثلاً کسی کو۲ لاکھ روپیےدے دیا اور مالک بنا دیا۔ وہ انسان اسے خرچ کر لیتا ہے۔ مال ختم ہو جاتا ہے۔ اس کی اصل باقی نہیں رہتی، لیکن وقف میں اصل باقی رہتی ہے۔ فائدہ لوگوں کو حاصل ہوتارہتا ہے۔یہ ایسا صدقہ ہے جو عارضی اور دائمی دونوں ہے۔ یعنی اس کا فائدہ بھی حاصل ہوتا ہے اور ہمیشہ باقی بھی رہتا ہے۔ یعنی کل بھی فائدہ اٹھایا گیا اور ٓاج بھی اٹھایا جائے گا۔ اس طرح سے وقف کا اصطلاحی مفہوم یہ ہے کہ وہ جائیداد جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے اللہ کے نام پر عطیہ کی گئی ہو اسے وقف کہیں گے۔ اوقاف کی املاک کی اسلامی قانون میں بڑی اہمیت ہے۔کسی بھی جائیداد کو اپنی ملکیت سے علیحدہ کرکے صدقہ جاریہ کے طور پر اللہ کی راہ میں عطیہ کے طور پر دینا وقف کہلاتا ہے۔ اس جائیداد سے حاصل ہونے والی آمدنی رفاہی کاموں میں لگانا اس کے مقاصد میں شامل ہے۔ اس کا اصل مالک اسے جب راہِ خدا میں وقف کر دیتا ہے تو وہ خود بھی اس کا مالک نہیں رہ جاتا،بلکہ وہ واقف کی حیثیت سے جانا جاتا ہے لیکن اس سلسلے میں علماء کی رائے مختلف ہیں۔
۲۔وقف کرنے کا طریقہ
اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ کسی کو اپنی ملکیت کاکچھ حصہ وقف کر نا ہو تووہ کیا کرے گا ؟اس کے لیے ہمارے ہاں’’ وقف بورڈ‘‘ قائم ہے۔ اس سے رابطہ کر کے قانونی طریقے سے جائیداد یا پراپرٹی کو وقف کرنا ضروری ہے۔اور اب اسکا رجسٹریشن بھی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ اپنی وصیت میں یہ بات بھی لکھنی چاہیے کہ اس نے اپنی ملکیت سے اتنا حصہ وقف کر دیا ہےتاکہ اس کے وارثین اس ملکیت کو استعمال نہ کریں، اس پر کسی طرح کادعوی نہ پیش کریں۔ وقف کرنے کے لیے اپنی کوئی بھی پراپرٹی یا جائیداد مثلاً مکان، دکان،باغ،تالاب،کنواں ،روپیہ ،پیسہ کچھ بھی وقف کیاجا سکتاہے۔ قانوناً وقف کرنے والے کی عمر۱۸ سال سے زیادہ ہونی چاہیے۔شریعت میں وقف دو طرح کا ہوتا ہے۔
۱۔وقف عام یعنی وقف خیری ۔اس سے تمام لوگ فائدہ اٹھا ئیں گے۔
۲۔ دوسرا وقف خاص۔ اس کو وقف خاندانی یا وقف علی الاولاد بھی کہتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ کہ خاندان کے لوگ اس کا فائدہ اٹھائیں گے، لیکن اس کو بیچیں گے نہیں ۔
اسلام میں وقف کی روایات
اسلام میں سب سے پہلا وقف تین ہجری میں ہوا۔ ایک یہودی جو مسلمانوں کے ساتھ رہتا تھا۔اس کے سات باغ تھے۔جنگِ احد میں مسلمانوں کی طرف سے کفار مکہ سے لڑا تھا۔ اس نے یہ وصیت کی تھی کہ اگر میں اس جنگ میں مارا جاؤں تو میرے جو باغات ہیں، وہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ہیں۔ وہ جس طرح چاہیں اس سے تصرف کریں۔ چنانچہ جنگِ احد میں وہ شہید ہو گیا ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے ساتوں باغوں کو اپنے قبضے میں لیا اور اسے اللہ کی راہ میں وقف کر دیا۔ یہ پہلا وقف ہے جو اللہ کی راہ میں کیا گیا۔دوسرا وقف حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کا بڑا مشہور وقف ہے۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کا یہ مشہور تاریخی واقعہ ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو خیبر کی جنگ میں فتح حاصل ہوئی۔ وہاں سے ایک جائیداد ان کے حصے میں آئی۔ انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ اس کا بہترین استعمال کیا ہے؟ آپ نے ارشاد فرمایا: ’’ اسے روک دو۔ یعنی اسے استعمال سے،بکنے سے،تبدیل کرنےسے،تحفہ دینے سے۔ غرض ہر طرح سے روک کر اسے خلقِ خدا کے لیے وقف کر دو۔‘‘ اس طرح اسلامی اعتبار سے وقف کی املاک صرف مذہبی کاموں اور عوام الناس کی فلاح وبہبود کے لیے ہی استعمال ہو سکتی ہیں ۔حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اور حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ نے بھی وقف کیا۔ حضرت طلحہ انصاری کا ایک باغ تھا، جس کو انہوں نے وقف کیا۔ اس باغ کے اندر ایک چشمہ تھا۔چناں چہ اس باغ کو چشمہ سمیت اللہ کی راہ میں صدقہ کر دیا ۔ مدینہ منورہ میں آج جہاںعورتوں کے لیے مسجد میں داخلہ کا گیٹ ہے، وہاں پر یہ باغ واقع تھا۔ جب یہ آیت نازل ہوئی۔
مَّن ذَا الَّذِي يُقْرِضُ اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًاالبقرۃ (البقرہ:۲۴۵)
ترجمہ: کون ہے جو اللہ کو اچھا قرض دے، تاکہ اللہ اسے کئی گناہ بڑھا کر واپس کر دے۔
اس پر حضرت ابو دحدہ انصاری حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے۔ کہا کہ کیا اللہ ہم سے قرض مانگتا ہے؟ میرے پاس دو باغ ہیں۔ میں دونوں اللہ کی راہ میں دینا چاہتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’نہیں ۔ ایک باغ اللہ کی راہ میں دو اور ایک اپنے پاس رکھو۔‘‘ انہوں نے کہا کہ میں بڑا باغ اللہ کی راہ میں دیتا ہوں، چھوٹا باغ رکھتا ہوں۔ وقف کرنے کے بعد باغ کے باہر سے ہی اپنی بیوی سے کہا کہ اے ام دحدہ( دحدہ کی ماں) اے وحدہ کی ماں اس باغ سے نکل آؤ ۔اسے میں نے اللہ تعالیٰ کی راہ میں دے دیا۔ وہ بھی اتنی نیک تھیں کہ انھوں نے کہا کہ آپ نے بڑا اچھا سودہ کیا۔ اسی طرح صحابہ کرام کے بعد وقف کا ایک لمبا سلسلہ باغات اورجائدادوں کو وقف کرنے کا چلتا رہا۔ عہد صحابہ میں بھی اور عہدخلفائے راشدین میں بھی یہ وقف ہوتے رہے۔ یہی وقف بنو امیہ اوربنو عباسیہ میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ اب تک کے ریکارڈکے مطابق سب سے بڑا وقف اور جس کی تختی ابھی موجود ہے وہ فلسطین کا وقف ہے۔ فلسطین میں راملا اللہ کا وقف۔ اس پر ابھی تک پتھر کی تختی باقی ہے۔ اس لیے فلسطین کی جنگ جاری ہے۔ ان کے علماء اسے دینے کو تیار نہیں ہوتے۔ اس طرح ہندوستان میں بھی مسلمانوں نے وقف کیا۔ جہاں جہاں وہ گئے انہوں نے جائیدادیںوقف کیں۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ سلاطین سے زیادہ اہل خیر حضرات نے وقف کیا۔عام لوگوں اورخواتین نے وقف کیااور اپنی املاک کو اللہ کی راہ میں رضا و رغبت عبادت کے طور پر عطیہ کیا۔ان پرمساجد،درگاہیں، امام باڑے اور مدارس اور بڑے بڑے قبرستان واقع ہیں ۔
۳۔وقف کی تاریخ.
ہندوستان میں مسلمانوں کی آمد کے شروعاتی دور میں غالبا۶۲۹عیسوی کے دوران کیرلا کی پہلی ’’چیرامن جمعہ مسجد ‘‘تعمیر ہوئی۔ اسی طرح گجرات کے گھوگھا میںپہلی مسجد۶۲۳ عیسوی میں قائم ہوئی۔لیکن ہندوستان میں باقاعدہ وقف کی شروعات کو ریکارڈ شدہ دستاویز کے مطابق محمد غوری سے جوڑا جاتا ہے۔ اورپھردھیرے دھیرے ہندوستان میں مسلم حکمرانوں کی سلطنتیں پھیلنے کے ساتھ ساتھ وقف کی روایت بھی پورے ہندوستان میں ایک بڑی آراضی کے طور پر پھیل گئی۔ اس طرح وقف کی جائیدادوں میں کافی اضافہ ہوا۔۱۳۵۱ سے۱۳۸۸ میں فیروز شاہ تغلق کے زمانے میں لوگوں نے وقف کی جائیدادوں کے سلسلے میں منظم اقدامات کیے۔ انہوں نے ہسپتال قائم کیے،ادویات فراہم کیں۔ اس سے عوام کو فیض پہونچا۔ اس وقت بہت سے لوگوں نے اپنی جائیدادیں ہسپتال کی امداد کے لیے بھی وقف کیں۔ لوگوں کے لیے مفت علاج کو آسان بنایا گیا۔دہلی میں اور دیگر جگہوں پرمدارس بھی قائم کیے گئے۔ ایک مشہور مدرسہ ’’فیروزشاہی‘‘بھی اسی دور میں قائم ہوا۔ ان تمام کاموں کے لیے بہت سی جائیدادیں وقف کی گئیں ۔ ان کی آمدنی کو طلبہ کی تعلیم اور دیگر فلاحی کاموں کے لیے استعمال کیا گیا ۔اسی طرح شیر شاہ سوری۱۵۲۹ عیسوی تا۱۵۴۰ کے دور میں وقف کے نظام کو منظم اور بہتر انداز میں آگے بڑھایاگیا۔ان کے زمانے میں۱۷۰۰ مسافر خانے (Rest Houses)کا قیام عمل میں آیا۔یہ سب وقف کے نظام سے ہی چلائے جاتے تھے۔جلال الدین اکبر۱۶۰۵ تا ۱۹۵۶ تا عیسوی نے بھی اوقاف کے نظام کو بہتر کیا۔ اس طرح وقف کی املاک سے ملک میں بہت سی عمارتیں تعمیر کی گئیں اور بہت تیزی سے اوقاف کا نظام اس ملک میں منظم ہو کر پھیل گیا۔رفتہ رفتہ مسلمان اپنی املاک اور جائیدادیں وقف کرتے رہے اور ساتھ ہی انہوں نے وفادار شہری کی حیثیت سے آزادی کے لیے اپنی جان و مال کو بھی وقف کیا۔ مسلمانوں میں یہ سلسلہ اوقاف جاری رہا اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک میں متعدد اسکول،کالج، مدارس اور مساجد اوقاف کی زمینوں پر قائم ہو گئے۔ وقف کی جائیدادوں سے حاصل شدہ آمدنی کو مجاہدین آزادی کے لیے بھی استعمال کیا گیا ۔آج بھی بہت سے سرکاری دفاتر وقف کی املاک پر قائم ہیں ۔ بہت سی سرکاری عمارتیں بھی وقف کی پراپرٹی پر قائم ہیں۔ ہندوستان میں وقف قانون کی تاریخ۱۸۱۰ سے شروع ہوتی ہے۔ شروع شروع میں وقف املاک کی نگرانی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ قاضیوں یا ججوں کے ذریعے کی جاتی تھی۔
مغل سلطنت کے زوال کے بعد اوقاف کی حالت خراب ہونے لگی اور برطانوی راج میں وقف املاک کو ختم کرنے کا عمل شروع ہوا۔ اس وقت نہ صرف یہ کہ وقف املاک کو ذاتی طور پر فروخت اور منتقل کیا گیا بلکہ انگریزوں نے ایسے قانون اور پالیسیاں بنائیں جس سے یہ املاک تباہ ہوئیں اور ان پر ناجائز قبضہ بھی ہونے لگا ۔اس وقت سے اور اس کے بعد ہندوستان میں بہتر وقف قانون کا مطالبہ ابھرا۔ سب سے پہلے سر سید احمد خان نے ۱۸۷۵ میں وقف کے زیر اہتمام آل انڈیا ایجوکیشنل کانفرنس (All India Educational Confrence)قائم کی۔ اس کے سالانہ اجلاس بھی ہوئے اورقراردادیں بھی پیش ہوئیں۔ اس کے بعد مختلف ریاستوں اور صوبوں میں وقف بل پیش کیے گئے۔ آزادی کے بعد سب سے پہلے۱۹۵۴ میں وقف قانون بنایا گیا۔ اس قانون کے تحت صوبوں میں صوبائی وقت بورڈ بنائےگئے۔ اس کا مقصد اوقاف کی پراپرٹی کو بہتر طور سےچلانے کا انتظام کرناتھا۔۱۹۶۴ میںسنٹرل وقف کونسل (Central Waqf Council)کا قیام عمل میں آیا، جس کا مقصد صوبائی وقت بورڈ کو سپروائز کرنا تھا۔۱۹۹۵ وقف ایکٹ قانون میں ترمیم کی گئی، جس کے ذریعے اس میں بہت سی تبدیلیاں عمل میں آئیں۔ اور۱۹۹۵کے وقف ایکٹ میں۱۹۱۳ میں پھر سے ترمیم ہوئی اور ایک ترمیمی بل لایا گیا۔ ۱۹۹۵کےوقف قوانین کے ذریعے وہ تمام وقف جائدادیں جن کاکوئی کاغذی ثبوت نہیں ہے اسے مسلمان مذہبی کاموں کے لیے استعمال کرتے آئے تھے۔ اسے وقف جائیداد سمجھا جاتا تھا ۔
۴۔حالیہ وقت ترمیمی بل
وقف ترمیمی بل۲۰۲۴ کے حوالے سے جو کہ اب ایک قانونی حیثیت اختیار کر چکا ہے ،اس کے تحت یہ بل۴ اپریل۲۰۲۵ میں ایک قانون کے طور پر پاس ہوا۔ اس قانون کے تحت وقف بائی یوزر (Waqf By User) کی تمام املاک اور جائیدادیں قدیم مساجد اور قبرستان، درگاہیں سب کے سب خطرے میں آگئی ہیں۔اس شق کے روسےجو وقف بائی یوزر کے تحت ۱۹۹۵کے وقف ایکٹ کے تحت استعمال میں تھیں انہیں وقف کی پراپرٹی مانا جاتا تھا، لیکن اب اس قانون کے تحت وہ سب حکومت یا دیگر فریقین کے غیر قانونی قبضے کا شکار ہو سکتی ہیں۔ اس سے ملک میں فرقہ پرست عناصر کو وقف املاک اور اس پرتعمیر مساجد، درگاہوں اور قبرستانوں وغیرہ پر دعوی کر اسے ختم کرنے کا پورا موقع حاصل رہے گا۔ یاد رہے کہ اس وقت انڈین ریلوے (Indian Railway) اور فوج کے بعد وقف بورڈ کے پاس ہندوستان میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق۸ لاکھ۷۰ سے زیادہ وقف جائیدادیں موجو د ہیں۔ ان کی قیمت۲۰ لاکھ کروڑ سے بھی زیادہ ہے۔ اس میں سے% ۵۰ یعنی۴ لاکھ پراپرٹیز وقف بائی یوزر کے زمرے میں آتی ہیں۔ خود اکیلے دہلی میں ہی۱۲۳ وقف جائیدادوں کے مقدمات زیر سماعت ہیں، جن میں سے بیشتر وقف بای یوزر کے تحت ہیں( وقف بای یوزر یعنی استعمال سے وقف) اس میں سنہری باغ مسجد، پارلیمنٹ مسجد ،انڈیا گیٹ کے قریب واقع مسجد شامل ہیں،جن پر دہلی ہائی کورٹ میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے اسے سرکاری اراضی قرار دے دیا ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں واقع اراضی جو وقف بائی یوزر کے زمرے میں آتی ہیں، ان کا کیا حال ہوگا؟ حالانکہ اوقاف کی املاک اسلامی قانون میں ایک اہم مقام رکھتی ہیں۔جبکہ کوئی جائیداد ہمیشہ کے لیے وقف کے طور پر مخصوص کر دی جاتی ہے تو نسلاً بعد نسل مذہبی مقاصد کے لیے ہی خالص ہو جاتی ہیں اور اسے قانونی حیثیت بھی حاصل ہو جاتی ہے۔ پھر اس پر کسی کا قبضہ یا استعمال نہیں ہو سکتا ۔ہندوستان میں سپریم کورٹ نے بھی اس بات کو تسلیم کیا تھاکہ ایک بار جو جائیداد وقف ہو جاتی ہے، وہ ہمیشہ وقف رہتی ہے۔ہندوستان کے آئین یا قانون میں آرٹیکل۱۳ کے تحت سماجی رسوم و رواج کو قانون کا تحفظ حاصل ہے، لیکن اس۲۰۲۵ ایکٹ کے تحت وقف بائی یوزر کے طور پر استعمال ہونے والی وقف پراپرٹی کی دفعات کو ختم کر دینا وقف کی املاک کے تحفظ کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ اس نئے بل اور نئے قانون کا ایک منفی پہلویہ بھی ہے کہ اس میں ضلع کلیکٹرکو فیصلے کا اختیار دیاگیا۔ پہلے یہ کام وقف بورڈ کے ذریعے مقرر کردہ سروے کمشنرکے سپرد کیا جاتا تھا۔ جب بھی وقف بورڈ یا کسی نجی پراپرٹی کے درمیان جائیدادکے تنازعے کا معاملہ ہوتا تو سروے کمشنر اس کودیکھتاتھا، لیکن اب کلیکٹرجو حکومت کے آفیسر ہوتے ہیں اس تنازعے میں وہ فریق بن سکتے ہیں۔ اس طرح انصاف کے قدرتی اصولوں کے خلاف یہ اقدام ہوگا۔ یہ بات واضح ہے کہ کلیکٹر جو کہ حکومت کے نمائندہ ہوں گے یا ہیں،وہ حکومت کے حق میں ہی فیصلہ کریں گے یہ بات یقینی ہے۔
اس نئے قانون کے تحت اب وقف بورڈ میں۲۰ سے ۲۲ ممبران ہوں گے۔ اس میں صرف آٹھ مسلم ہوں گے اور اکثریت غیر مسلم اراکین کی ہوگی۔ اس میں دو خواتین بھی شامل ہوں گی۔ یہ مسلم ہوں گی یا غیر مسلم اس کی وضاحت نہیں ہے ۔
۱۹۹۵ایکٹ کے تحت وقف بورڈ کا CEO (چیف ایگزیکٹو افیسر) صرف مسلمان ہی ہو سکتاتھا، لیکن اس نئے قانون نے اس شرط کو ختم کر دیا جو کہ اس وقت ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ اس قانون کے جو خطرات ہیں،وہ اس طرح ہیںکہ اس ایکٹ کے تحت وقف جائیدادوں کے رجسٹریشن کے لیے ضلع کلیکٹرکی رپورٹ ضروری ہوگی۔ اس سے وقف کے رجسٹریشن میں مشکلات آ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام قبول کرنے والے افراد کے لیے جائیداد وقف کرنے کے لیے کم از کم پانچ سال تک اسلام قبول کیے ہوئے گزرنا ضروری ہے۔سوال یہ اٹھتاہے کہ کیاکوئی تین سال یا دو سال سے اسلام قبول کرنے والا مسلم نہیں سمجھاجائے گا؟یہ سراسر غیر منطقی ہے۔کسی بھی فردکوجائیداد خیرات کرنے پرکوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔اسلام قبول کرنے والا پہلے دن سے ہی مسلمان کہلاتاہے۔ اس پر کوئی وقت گزرنے کی قید مناسب نہیں۔
۱۹۹۵ایکٹ کے تحت غیر مسلم بھی وقف میں اپنی جائیدادیں دے سکتے تھے، لیکن اس نئے قانون نے اس پر بھی پابندی عائد کر دی جو کہ ایک امتیازی عمل ہے۔تو اس طرح سے ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ یہ نیا قانون سراسر وقف کی املاک پر ایک جارحانہ قبضہ ہے اور بھارت کے وقف کے اداروں کو تباہ و برباد کرنے کی کھلی سازش ہے۔ اس سلسلے میں یہ بھی بات آئی ہے کہ اس قانون کے تحت اگر کسی نے وقف جائیداد پر۱۲ سال سے قبضہ کر رکھا ہے تو وہ اس کا مالک ہوگا۔ اس طرح وقف بورڈ کی لاکھوں کی جائیداد کا نقصان ہوگانیز وہ اسے کھو بھی دے گا ۔وقف کی زیادہ تر املاک پر سرکار نے قبضہ کر رکھا ہے، لہذا وہ اب سرکارکے حوالے ہوگی۔
ان تمام تفصیلات کودیکھتے ہوئے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ وقف کی جائیدادیں اور وقف کی ہوئی املاک مسلمانوں کو رفاہی کاموں کے لیے حاصل ہوتی رہیں۔یہ اللہ کی طرف سے ایک تحفہ تھیں ۔بڑےپیمانے پر مسلمانوں نے اپنی پراپرٹیز جائیدادوں کو اللہ کی راہ میں قربان کیا اور اللہ کی راہ میں نذرانے پیش کیے ،لیکن بعدکے دور میں اگر مسلمانوں نے اس کو اپنے تسلط میں رکھتے ہوئے اسے رفاہی کاموں کے لیے ایمانداری سے استعمال کیا ہوتا اور اس نعمت کی قدر کی ہوتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ اس سلسلے میں مسلمانوں کو بھی اس پر غور کرناچاہیے کہ ان سے ماضی میں جو غلطیاں ہوئی ہیں، اسے آگے مستقبل میں ٹھیک کرنے کی کوشش کریں ۔اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا صحیح طرح سے استعمال کریں۔ رفاہی کاموں کے لیے اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا جذبہ پیدا کریں۔
ہم دیکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں مال دینے کا سلسلہ جب تک جاری رہا، مسلمان خوشحال رہے،لیکن جب سےیہ سلسلہ بند کیاگیا تب سے لاکھوں کروڑوں کے مالک ہونے،بڑی بڑی پراپرٹیز،گاڑیاںاوربینک بیلنس ہونے کے باوجود آج آپس میں کھینچا تانی اور ایک دوسرے سے زیادہ مال حاصل کرنے کی دھن نے مسلمانوںکو دیوانہ بنادیاہے۔دنیاکی دوڑمیں مسلمان اس قدر آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں پلٹ کریہ دیکھنے کا موقع ہی نہیں ملتاکہ کیا صحیح ہے ۔کیا غلط ہے! اس طرح حالات بد سے بدترہوتے جا رہے ہیں۔ملک میں اس وقت صورتحال ایک سنگین رخ اختیار کر چکی ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے قانون کے لیے جو آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں وہ تو اپنی جگہ بہتر ہیںنیز ان اوازوں کو اٹھاتے رہنا اور اپنے حقوق کے لیے باہر نکلنابھی ضروری ہے۔ ہماری صفوں میں اتحاد واتفاق بھی ضروری ہے، لیکن ساتھ ساتھ اپنے اندر جو بنیادی کمزوریاں اور خامیاں پیدا ہو گئی ہیں یااپنی صفوں میںجواتحاد کی کمی نظر آتی ہے، مال کی لالچ اور زیادہ حاصل کر لینے کی دھن جو لوگوں کو پاگل بنا چکی ہے ان تمام برائیوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس پر ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے ۔
نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے ہندوستاں والو
تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں۔
٭ ٭ ٭
مغل سلطنت کے زوال کے بعد اوقاف کی حالت خراب ہونے لگی اور برطانوی راج میں وقف املاک کو ختم کرنے کا عمل شروع ہوا۔ اس وقت نہ صرف یہ کہ وقف املاک کو ذاتی طور پر فروخت اور منتقل کیا گیا بلکہ انگریزوں نے ایسے قانون اور پالیسیاں بنائیں جس سے یہ املاک تباہ ہوئیں اور ان پر ناجائز قبضہ بھی ہونے لگا ۔


Jo Qhanoon Aap sallialahu alaihivasallam ne banaya usko qhayam rakhna hi chahiye . Allah hamare iss Qhanoon ki Waqht k jaedaad ki hifazat kare .Aameen