مطالعہ کیسے کیا جاتا ہے؟

ہم ایک عجیب عہد میں زندہ ہیں۔ پڑھنے کا وقت شاید تاریخ میں کبھی اتنا زیادہ نہیں تھا اور گہرے مطالعہ کا ذوق شاید کبھی اتنا کم نہیں تھا۔ ہم دن بھر اسکرین پر سرکتے ہوئے الفاظ پڑھتے رہتے ہیں، مگر جب کتاب سامنے آتی ہے تو ذہن بوجھل ہونے لگتا ہے۔ چند صفحات کے بعد طبیعت اُکتا جاتی ہے، توجہ بکھر جاتی ہے اور کتاب بند ہو جاتی ہے۔ سوال یہ نہیں کہ ہم پڑھتے کیوں نہیں، سوال یہ ہے کہ ہم مطالعہ کرنا جانتے کیوں نہیں۔
مولانا ابوالکلام آزاد نے بہت معنی خیز بات کہی تھی کہ ’’کتاب اگر تم سے بات نہ کرے تو سمجھ لو تم نے کتاب نہیں پڑھی، صرف لفظ گنے ہیں۔‘‘ یہ جملہ مطالعہ کی حقیقت کھول دیتا ہے۔ مطالعہ آنکھ کا عمل نہیں، ذہن اور روح کا عمل ہے۔ کتاب ہاتھ میں ہوتی ہے، مگر اصل قاری شعور ہوتا ہے۔
اچھا مطالعہ ہمیشہ کتاب کھولنے سے پہلے شروع ہوتا ہے۔ علامہ اقبال نے علم کو “دل کی روشنی” کہا ہے اور دل اسی وقت روشن ہوتا ہے جب ذہن حاضر ہو۔ بکھرا ہوا ذہن علم کو ایسے ہی گرا دیتا ہے، جیسے الٹا پیالہ پانی کو۔
مولانا مناظر احسن گیلانی نے لکھا ہے کہ مطالعہ سے پہلے چند لمحے خاموشی اختیار کرنا ذہن کو قبولیت کے مرحلے میں داخل کر دیتا ہے۔ اس لیے مطالعہ سے قبل ذہن کو منتشر کرنے والی تمام چیزوں سے دوری، چند گہری سانسیں اور نیت کی درستی مطالعہ کے معیار کو یکسر بدل دیتی ہے۔ یہی لمحہ مطالعہ کو عادت سے عبادت بناتا ہے۔
مولانا شبلی نعمانی فرمایا کرتے تھے کہ جو شخص مقصد کے بغیر پڑھتا ہے، وہ بہت کچھ پڑھ کر بھی خالی ہاتھ رہتا ہے۔ کتاب اٹھانے سے پہلے قاری کو یہ طے کرنا چاہیے کہ وہ علم کیوں چاہتا ہے۔ اصلاح کے لیے، فکر کے لیے، تحقیق کے لیے، یا محض معلومات کے لیے؟

جب مقصد واضح ہوتا ہے تو ذہن خود بہ خود غیر ضروری مواد الگ کرنے لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک ہی کتاب دو افراد پڑھتے ہیں، مگر دونوں کے ذہن میں دو الگ کتابیں بنتی ہیں۔
صحیح مطالعہ کی سمت کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کسی بھی کتاب کے تمام ابواب پر نظر دوڑائیں، عناوین، ذیلی عناوین، ابتدا اور اختتام دیکھیں۔ پھر خود بہ خود مطالعہ کی سمت متعین ہو جائے گی۔ دماغ کو راستہ معلوم ہو تو رفتار خود بہ خود تیز ہو جاتی ہے۔ یہی مرحلہ مطالعہ کو بوجھ کے بجائے سفر بنا دیتا ہے۔ ذہن کے پاس جب خاکہ ہوتا ہے تو فہم بھی تیز ہوتی ہے اور رفتار بھی۔ مولانا ابو الحسن علی ندوی لکھتے ہیں کہ بہترین مطالعہ وہ ہے جس میں قاری مصنف سے خاموش گفتگو کرتا ہے۔ سوال، توقف، اتفاق، اختلاف یہی سب مل کر مطالعہ کو زندہ عمل بناتے ہیں۔ اہم سطروں پر نشان لگانا، حاشیے میں مختصر نوٹس لکھنا اور ہر باب کے اختتام پر خود سے پوچھنا کہ میں نے کیا پایا؟ یہ سب فعال مطالعہ کی نشانیاں ہیں۔ یہی عمل مطالعہ کو معلومات سے اٹھا کر فکر میں بدل دیتا ہے۔

مطالعہ کی رفتار کیوں سست ہو جاتی ہے ؟

اکثر لوگ لفظ بہ لفظ پڑھنے کے عادی ہوتے ہیں۔ دل ہی دل میں ہر لفظ بولتے ہیں۔ یہ عادت ابتدا میں سیکھنے کے لیے مفید ہوتی ہے، مگر آگے چل کر یہی رفتار کی سب سے بڑی دشمن بن جاتی ہے۔ مولانا وحید الدین خان نے لکھا ہے کہ دماغ لفظ نہیں، خیال پڑھتا ہے۔ جب تک ہم لفظوں سے اوپر اٹھ کر مفہوم کو پکڑنے کی تربیت نہیں دیتے، رفتار محدود رہتی ہے۔
اسی حقیقت کی طرف جدید تعلیمی نفسیات کے معروف مصنف Mortimer J. Adler بھی اشارہ کرتے ہیں کہ ’’اچھا قاری وہ نہیں جو زیادہ لفظ دیکھ لے، بلکہ وہ ہے جو کم وقت میں زیادہ مفہوم پا لے۔‘‘ یہ بات اس امر کی تصدیق کرتی ہے کہ رفتار کا اصل راز آنکھ میں نہیں، ذہن میں ہے۔

مطالعہ کی رفتار بڑھانے کے عملی اصول

(۱) آواز سے آگے بڑھنا

دل ہی دل میں بولنے کی عادت کم کرنے کے لیے ہونٹوں کی حرکت پر قابو اور نظر کی روانی ضروری ہے۔ ابتدا میں قلم یا انگلی کے ذریعے سطر کے نیچے ہموار حرکت آنکھ کو آگے بڑھنے کی تربیت دیتی ہے۔

(۲) پیچھے لوٹنے کی عادت توڑنا

ڈاکٹر محمد حمیداللہ طلبہ کو تاکید کرتے تھے کہ غیر ضروری طور پر بار بار سطر پڑھنا ذہن کو سست بنا دیتا ہے۔ اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا رفتار کا بنیادی راز ہے۔

(۳) ذخیرۂ الفاظ میں وسعت

شبلی اور ندوی کی نثر اسی لیے تیزی سے سمجھی جاتی ہے کہ وہ قاری کے ذہنی سرمائے کو وسیع کرتی ہے۔ جتنا لفظ مانوس ہوگا، اتنا ہی دماغ کم وقت میں مفہوم اخذ کرے گا۔ اردو قارئین نے مطالعہ کی رفتار بڑھانے کے لیے مشتاق یوسفی، پطرس بخاری، ابن صفی، شبلی نعمانی، ابوالحسن علی ندوی کو ابتداءً زیادہ پڑھنا چاہیے۔ روانی کے ساتھ ساتھ ذخیرہ الفاظ میں اضافی ہوگا، اسی طرح انگریزی میں مطالعہ کرنے والے افراد نے شیکسپیئر، ڈیل کارنیگی، جین آسٹن، اروندھتی رائے، ٹوئنکل کھنہ وغیرہ کو پڑھیں تو مطالعہ کی رفتار میں اچھی تبدیلی واقع ہوگی۔

(۴) ہر تحریر ایک رفتار نہیں مانگتی

مولانا مودودی نے بارہا توجہ دلائی کہ دینی و فکری تحریریں تدبر مانگتی ہیں اور عمومی تحریریں روانی۔ دانشمند قاری وہ ہے جو رفتار کو کتاب کے مزاج کے تابع رکھے۔
مطالعہ کا اصل حاصل معلومات نہیں، تبدیلی ہے اور تبدیلی بغیر یادداشت کے ممکن نہیں۔ اسی لیے ہمارے اساتذہ تین باتوں پر زور دیتے تھے: لکھنا، دہرانا اور آگے پہنچانا۔ مولانا مناظر احسن گیلانی کہا کرتے تھے کہ ’’جو علم آگے پہنچ گیا، وہی علم دل میں بیٹھ گیا۔‘‘
مطالعہ کوئی وقتی مشغلہ نہیں، ایک تہذیبی عمل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سر سید سے اقبال تک، شبلی سے ندوی تک، سب نے کتاب کو قوموں کی تعمیر کا بنیادی اوزار قرار دیا۔

حوالہ جات

(۱) مولانا ابوالکلام آزاد : غبارِ خاطر
(۲) علامہ محمد اقبال : مکتوباتِ اقبال، خطباتِ اقبال
(۳) شبلی نعمانی : مقالاتِ شبلی
(۴) سید سلیمان ندوی : نقوشِ سلیمانی، حیاتِ شبلی
(۵) مولانا مناظر احسن گیلانی : کتاب اور صاحبِ کتاب، تعلیم و تربیت
(۶) مولانا ابو الحسن علی ندوی : مطالعہ اور صاحبِ مطالعہ
(۷) مولانا وحید الدین خان : مطالعہ کی اہمیت، تعمیرِ شخصیت
(۸) مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی : تفہیمات، دین اور عقل
(۹) ڈاکٹر محمد حمیداللہ : خطوطِ حمیداللہ
10. Mortimer J. Adler, How to read a book

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے