دیکھتے ہی دیکھتے ٹیکنالوجی نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی جگہ بنالی ہے۔ ہر فرد دانستہ و نادانستہ ٹیکنالوجی سے اتنا جڑ گیا ہے کہ اس کے بغیر زندگی گزارنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی نے انسانی ذہن کو مکمل طور پر اس طرح جکڑ لیا ہے کہ وہ ہر بات جاننا چاہتا ہے اور ضروری و غیر ضروری کاموں میں تمیز کیے بغیر محض جاننے اور معلومات جمع کرنے میں منہمک نظر آتا ہے۔ معلومات زندگی گزارنے کے لیے ضروری تھی، مگر اب معلومات محض ذخیرہ اندوزی کے لیے حاصل کی جارہی ہے۔
مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence)نے جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی مثلا: علم، طب، تعلیم، زراعت، فوٹو ویڈیو گرافی اور جدید ٹیکنالوجی میں حیرت انگیز ترقی کے دروازے کھول دیے ہیں، وہیں اس نے اخلاقی، سماجی اور تہذیبی لحاظ سے ایک نہ ختم ہونے والا طوفان بھی جنم دیا ہے۔
انسان سلامت طبع اور شر دونوں سے تعبیر ہے۔ زیرک سماج اپنی توجہ اس بات پر مرکوز رکھتا ہے کہ انسان کا فطری شر اس کی سلیم الطبعی سے ری پلیس کریں۔ اس طرح یہ پورا انسانی نظام ہی اسی بنیاد پر کھڑا ہوتا ہے، لیکن جوں ہی انسان کو ٹیکنالوجی کی آزادی میسر ہوئی، سلیم الطبعی کے بجائے ہر فرد اپنے شر کو سراٹھانے کا زیادہ موقع فراہم کررہا ہے، اس میں کیا چھوٹا کیا بڑا! طرفہ تماشا یہ کہ اب اے آئی سے شرپسندی کو زیادہ اور سیلف کنٹرول کو کم سے کم تر درجے میں دیکھا جارہا ہے۔ خود احتسابی کا نظام منہدم ہوگیا اور تربیت کا نظام ’’في طغیانھم یعمھون‘‘ کی طرح سرکشی میں سر اٹھانے لگا ہے۔
جہاں اے آئی آپ کی معلومات کو کم وقت میں آپ تک پہنچاتا ہے، نیز ترجمہ کرنے، حوالہ ڈھونڈنے، رجحانات کا اندازا لگانے میں مددگار ہوتا ہے، وہیں یہ انسانوں کا انسانوں سے رشتہ کاٹ کر اسے تنہا پسند بنا دیتا ہے۔
ہمارے پاس کاؤنسلنگ کے لیے کئی طلبہ کے کیسز ہیں، جو چیٹ جی پی ٹی سے تنہائی میں بیٹھ کر سوال پوچھتے ہیں کہ میرے اس دماغی خلل کے مرض کا نام کیا ہے یا مختلف ذہنی الجھنوں سے متعلق چیٹ جی پی ٹی سے پوچھ کر وقت گزار رہے ہیں۔ اسے ہم ایموشنل بائی (Emotional Bypass) پاس کہہ سکتے ہیں۔
جب کوئی بچہ بار بار AI سے بات کرتا ہے تو اس کا Limbic System (جذباتی دماغ) حقیقی انسانوں کے جذبات کو پڑھنے کی پریکٹس نہیں کرتا۔ اس کا Empathy لیول کمزور ہوجاتا ہے۔اور وہ ایک بے جان سے پوچھے گئے مشین کے جوابات کو اپنی حقیقی زندگی سے جوڑنے لگتا ہے، یہ جانے بغیر کہ اس کی کیفیت آپ نے بیان کی ہے یا آپ کی بیان کی گئی کیفیت کو آپ نے خود اپنی نظر سے دیکھا؟ اس کے برعکس جب آپ اپنی کیفیت کسی انسان سے بتاتے ہیں تو اس انسان کی زیرک نگاہ جان لیتی ہے کہ آپ اس وقت ٹوٹے دل کے ساتھ جانب دارانہ انداز میں بیان کررہے ہیں اور وہ آپ کے سلسلے میں فورا نتیجے پر نہیں پہنچتا۔ اس لیے ان کے مشورے بھی جذباتی نہیں ہوتے، بلکہ وہ وقتی سپورٹ آپ کو دیتے ہیں۔ رفتہ رفتہ وہ آپ کو الجھن سے نکالنے کے لیے آپ کے خود کار نظام کو جسے ہم Coping skill کہتے ہیں، اسے ریگولیٹ کرتا ہے۔ لیکن یہ بات فرسٹیڈ طالب علم کو نہیں پتہ کہ چیٹ جی پی ٹی آپ کے پرامٹ سے آپ کا تجزیہ کررہا ہے۔ اگر نوجوان انسانوں کے بجائے صرف AI پر جذباتی انحصار کریں، تو شخصیت، جذباتی نشوونما اور فیصلہ سازی متاثر ہو سکتی ہے۔
نیوروسائنس کے مطابق ہوتا یہ ہے کہ Dopamine Loop فوراً جواب دیتا ہے، وہ جج نہیں کرتا، مخالفت نہیں کرتا، بلکہ دماغ میں ڈوپامین ریلیز کا تناسب بڑھاتا ہے۔ پھر بچہ اصل میں انسانوں کی سست، پے چیدہ باتوں سے بے زار ہونے لگتا ہے۔ اس طرح نوجواں آدم بے زار نظر آتے ہیں، وہ تہہ دار گفتگو کو سمجھنے، مطالب کو اخذ کرنے، تاثرات کو پڑھنے اور انسانی مزاج کو سمجھنے سے عاری ہوجاتے ہیں۔ آپ مشاہدہ کرتے ہیں کہ جو نوجوان یا بزرگ دیر تک موبائل استعمال کرنے کے عادی ہوتے ہیں، جب انھیں کوئی کام کرنے کی نوبت آجائے تو وہ بہت جلد بوریت محسوس کرتے ہیں اور اکتا جاتے ہیں۔ ان کے چہرے پر کوفت کے تاثرات دیکھے جاسکتے ہیں، کیوں کہ اس طرح اے آئی پر انحصار کرنا ان کی قوت فیصلہ کو شدید متاثر کرتا ہے اور ان کا پری فرنٹل کارٹیکس کام کرنا بند کردیتا ہے۔
Reality Distortion (حیقیقت کا ادراک) یا جذبات جیسے سرگرم عوامل معتل ہوجاتے ہیں۔
Prefrontal Cortex (فیصلہ سازی کا حصہ)میں دشواری کے سبب انسان گھبرانا شروع کردیتا ہے کہ میرے ساتھ کیا ہوگا؟ مجھے کیا کرنا چاہیے اور رویے سے اضطرابی کیفیت میں نظر آتا ہے۔
اسی طرح تنہائی میں نوجوانوں کا چیٹ جی پی ٹی سے گفتگو کرنا اور سماجی تعلقات سے کٹ جانا مزید اٹیچمنٹ ڈس آرڈر (Attachment Disorder) کی طرف لے جاتا ہے۔ بچے آج کل والدین سے بھی لاتعلق ہوکر صرف اے آئی سے محو گفتگو ہیں اور یہ کہتے بھی ہیں کہ ’’ہم صرف AI سے ہی سکون محسوس کرتے ہیں۔‘‘ انھیں ہم دو طرح سے اپنا نقصان کرتے پائیں گے؛ ایک یہ کہ وہ Avoidant Attachment یا Emotional Withdrawal کی علامت بن سکتا ہے۔
دوسرا یہ کہ آپ یہ بھی پائیں گے کہ ایک شخص اپنی تصویر اپنے دوست کے ساتھ بناتا ہے اور اے آئی کی مدد سے اپنا دوست ہٹا کر کسی لڑکی کی تصویر اپنے ساتھ لگوالیتا ہے یا آئے دن کسی بھی لڑکی کی تصویر یا ویڈیو کو ایک حقیقی کردار کے ساتھ اس کے کردار کو مسخ ہوتا دیکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا ایسے غیر اخلاقی پوسٹ سے بھرا پڑا ہے۔ یہ طوفان بے ہودگی، عریانی اور اخلاقی زوال کی شکل میں تیزی سے ہماری معاشرتی دیواروں سے ٹکرا رہا ہے۔
آج اے آئی کے ذریعے ایک عام شخص چند لمحوں میں ایسی جھوٹی تصاویر، ویڈیوز اور آوازیں تخلیق کر سکتا ہے، جو حقیقت اور فریب کے درمیان فرق مٹا دیتی ہیں۔ مشینیں وہ سب کچھ بنانے لگی ہیں جو کبھی صرف انسانی تخیل کی حد تک محدود تھا، لیکن افسوس کہ یہ تخلیقی قوت اب معاشرے کے کمزور حصوں خصوصاً نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے تک لے جا رہی ہے۔
انٹرنیٹ پر اے آئی سے بنائی جانے والی فحش اور غیر اخلاقی تصاویر ایک نئی وبا بن چکی ہیں۔ یہ نہ صرف عزتِ نفس اور انسانی حرمت کی توہین ہے بلکہ ہمارے ثقافتی اور مذہبی اقدار کے لیے ایک کھلا چیلنج بھی ہے۔ بدقسمتی سے مغرب میں آزادیِ اظہار کے نام پر اسے”creative liberty“کہا جا رہا ہے، جب کہ درحقیقت یہ انسانیت کے وقار پر حملہ ہے۔
یہ طوفان صرف ٹیکنالوجی کا مسئلہ نہیں، بلکہ کردار کا امتحان ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ اے آئی بذاتِ خود کوئی بُری چیز نہیں، بلکہ اس کا استعمال ہی نیکی یا بدی کا تعین کرتا ہے۔ جیسے چاقو سے کوئی انسان دوا بھی کاٹ سکتا ہے اور کسی کا گلا بھی۔ اسی طرح اے آئی خیر و شر دونوں کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ ہمارا کردار کیا ہونا چاہیے؟
1) سب سے پہلے علم و شعور کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی نئی نسل کو سکھانا ہوگا کہ ٹیکنالوجی ایک امانت ہے، کھلونا نہیں۔ مدارس، اسکولز اور یونیورسٹیز میں ڈیجیٹل اخلاقیات (Digital Ethics) کو نصاب کا حصہ بنانا ہوگا۔ ہمیں اپنے دروس، خطبات جمعہ میں ڈیجیٹل اقدار پر بات کرنا چاہیے کہ ہم جعل سازی، دھوکہ دہی، یا فریب کو اے آئی کے مدد سے درست سمجھنا بند کریں، اس سلسلے میں بے داری لائیں۔
2) ریاستی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ ایسے قوانین ہونے چاہیے جو اے آئی کے ذریعے بنائی جانے والی جعلی اور غیر اخلاقی مواد کی روک تھام کریں۔
3) سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پابند کیا جائے کہ وہ اس طرح کے مواد کو نہ صرف فلٹر کریں بلکہ اس کے پھیلاؤ کو فورا روکیں۔ ہر فرد کا انفرادی کردار بھی اہمیت رکھتا ہے۔ ہمیں اپنی آنکھ، زبان اور انگلیوں پر پہرا دینا ہوگا، اس لیے کہ بے ہودگی تب ہی پھلتی ہے، جب دیکھنے والے موجود ہوں۔ اگر ہم اجتماعی طور پر انکار کر دیں تو یہ مصنوعی آندھی اپنا زور خود کھو دے گی۔
4) بہ حیثیت مسلمان ہمیں اپنی اقدار کی فکر کرنی ہوگی کہ ہم اپنے اخلاقیات کو تباہی سے بچائیں۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ اے آئی کا اصل امتحان انسانیت کے لیے نہیں، انسان کے ضمیر کے لیے ہے۔
اگر ہم نے اس طاقت کو ایمان، اخلاق اور شعور کے ساتھ قابو میں نہ رکھا، تو یہی ٹیکنالوجی ہمیں غلام بنا دے گی۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم اس طوفان کا مقابلہ ایمان، علم اور کردار سے کریں۔
5) وہ نوجوان جو اس کے عادی ہوچکے ہیں وہ سب سے پہلے پختہ ارادہ کریں اور موبائل کی گرفت سے نکل کر لمبی واک کریں، فطرت کے مناظر کو دیکھیں اور ڈیوائس سے دوری بنانا شروع کردیں۔
6) آے آئی آپ کا ٹول ہے نہ کہ آپ کا رہنما یا تھراپسٹ، اس کو آپ خود تیار کرتے ہیں۔ اس لیے آپ کے اپنے اے آئی کے پاس وہی معلومات ہے جو آپ نے پرامٹ دیا ہے۔ وہ آپ سے زیادہ یا مختلف نہیں ہے۔
7) انسانوں سے رابطہ یا Human Counseling لازمی ہے۔ غصہ، اداسی، مایوسی دو ہفتے سے زیادہ رہے تو ماہر نفسیات سے رجوع ضروری ہے۔ اپنے آپ کو ذہنی الجھن سے نکالنے کے لیے لازما کاؤنسلر یا ذمہ دار کی مدد لیں۔ اس سلسلے میں آپ Emotional Fitness Activities جیسے جرنل لکھنا، گروپ ڈسکشن، کہانی سنانا، کھیل وغیرہ اپنا سکتے ہیں، یہ سب دماغ میں Oxytocin بڑھاتے ہیں، جو تعلقات کے لیے ضروری ہے۔
٭ ٭ ٭

![Idraak[Digital Ethics]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/01/IdraakDigital-Ethics.jpg)
0 Comments