آج کل ہماری صبح سورج کی روشنی سے نہیں بلکہ موبائل کی اسکرین کی روشنی سے ہوتی ہے۔ اسی لیے ’’سیفر انٹرنیٹ ڈے‘‘(محفوظ انٹرنیٹ کا عالمی دن) منانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہم ایک لمحے کے لیے رکیں اور سوچیں کہ یہ ٹیکنالوجی، جو ہماری زندگی کا سب سے اہم حصہ بن چکی ہے، ہمیں فائدہ دے رہی ہے یا ہمیں دیمک کی طرح اندر سے کھوکھلا کر رہی ہے؟انٹرنیٹ، سوشل میڈیا (Meta) اور مصنوعی ذہانت (AI) نے جہاں دنیا کو ایک گاؤں بنا دیا ہے، وہیں اس نے ہمارے گھروں کے دروازے ان خطرات کے لیے بھی کھول دیے ہیں جو پہلے موجود ہی نہیں تھے۔آئیے! آج ان مصنوعی ذہانت کے فوائد و نقصانات اور ذہنی صحت پر سوشل میڈیا کے اثرات،آن لائن فراڈز ، ہیکنگ اور ڈیجیٹل ڈیٹاکس جیسے پہلوؤں پر بات کریں۔
محفوظ انٹرنیٹ کا عالمی دن (Safer Internet Day)، جو ہر سال فروری کے دوسرے ہفتے میں منایا جاتا ہے، اس بار10 ؍فروری 2026ء کو ایک ایسےتھیم کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے جو عصرِ حاضر کی سب سے بڑی ضرورت ہے :
Smart tech, safe choices
Exploring the safe and responsible use of AI
(اسمارٹ ٹیک، محفوظ انتخاب: مصنوعی ذہانت کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کا جائزہ)
انٹرنیٹ نے بلا شبہ ہماری دنیا بدل دی ہے۔ میلوں دور بیٹھے رشتہ دار اب ہمارے ڈرائنگ روم میں اسکرین پر موجود ہوتے ہیں۔ معلومات کا خزانہ ایک کلک پر موجود ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی ٹھنڈے دماغ سے سوچا ہے کہ یہ سہولت ہم سے کیا قیمت وصول کر رہی ہے؟
مصنوعی ذہانت (AI): ایک جادوئی چراغ
ٹیکنالوجی کے ماہرین کا خیال ہے کہ اے آئی کا محفوظ استعمال تب ہی ممکن ہے جب صارفین(Users)میں’’ڈیجیٹل خواندگی‘‘(Digital Literacy) کے ساتھ ساتھ’’اے آئی خواندگی‘‘ (AI Literacy) بھی پیدا ہو ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ صارف کو معلوم ہو کہ جب وہ کسی چیٹ بوٹ (جیسے چیٹ جی پی ٹی یا SNAPCHAT MY AI ) سے بات کر رہا ہے، تو وہ ڈیٹا کہاں جا رہا ہے اور کیا مشین کا دیا گیا جواب حقیقت پر مبنی ہے یا محض ایک فرضی خیال تک محدود ہے؟
مصنوعی ذہانت: فوائد و نقصانات
مصنوعی ذہانت 2026ء میں ایک طرف عظیم الشان انسانی ترقی ہے تو دوسری طرف گہرے نفسیاتی اور سماجی خطرات ۔ اگر ہم فوائد کی بات کریں تو اے آئی نے خاص طور پر ذہنی صحت اور تعلیم کے میدان میں انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں ۔
تعلیمی میدان میں اے آئی اب ایک’’ذاتی ٹیوٹر‘‘کے طور پر کام کر رہی ہے جو ہر طالب علم کی سیکھنے کی رفتار کے مطابق اسباق تیار کرتی ہے ۔ طبی لحاظ سے، 2026ء میں ایسے ماڈلز عام ہو چکے ہیں جو مریض کے موبائل ڈیٹا، نیند کے پیٹرن اور آواز کے اتار چڑھاؤ سے یہ اندازہ لگا لیتے ہیں کہ اسے کب ذہنی تناؤ یا ڈپریشن کا دورہ پڑنے والا ہے ۔
ڈیوک یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، اے آئی ماڈلز 84فیصد درستی کے ساتھ ذہنی صحت کے مسائل کی پیش گوئی ایک سال پہلے ہی کر سکتے ہیں ۔ اسی طرح Therabot جیسے ایپس ان افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں جو معاشی یا سماجی وجوہات کی بنا پر انسانی معالج تک رسائی نہیں رکھتے ۔
انٹرنیٹ اور اے آئی (AI):
سہولت یا مصیبت؟
آج کل ہر جگہ اے آئی (Artificial Intelligence) کا شور ہے۔ یہ ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو انسانوں کی طرح سوچنے اور کام کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
فائدے: اے آئی ہماری زندگی آسان بنا رہی ہے۔ اگر آپ کو کوئی ای میل لکھنی ہے اور انگریزی کمزور ہے، تو چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) جیسے ٹولز سیکنڈوں میں بہترین ای میل لکھ دیتے ہیں۔
اگر آپ کو کھانے کی ترکیب چاہیے یا کوئی تصویر بنوانی ہے، اے آئی حاضر ہے۔
نقصانات: سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ ہم نے خود سوچنا چھوڑ دیا ہے۔ جب ہر کام مشین کر دے گی تو ہمارا دماغ زنگ آلود ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ ’’ڈیپ فیکس‘‘(Deepfakes) ٹیکنالوجی سے کسی کی بھی جعلی آواز یا ویڈیو بنائی جا سکتی ہے جو کہ بہت خطرناک ہے۔
بچوں کی ذہنی صحت، پڑھائی اور توجہ (Attention Span)
یہ اس وقت کا سب سے سنگین مسئلہ ہے۔
والدین فخر سے کہتے ہیں’’ہمارا دو سال کا بچہ یوٹیوب خود لگا لیتا ہے۔‘‘ یہ فخر کی نہیں، فکر کی بات ہے۔
نقصان: چھوٹی ویڈیوز (ریلز/ٹک ٹاک) یوٹیوب شارٹس دیکھنے سے بچوں کا’’فوکس‘‘ ختم ہو رہا ہے۔ ان کے لیے اب دس منٹ بیٹھ کر کتاب پڑھنا مشکل ہو گیا ہے، کیوں کہ ان کا دماغ ہرتیس سیکنڈ بعد کچھ نیا چاہتا ہے۔ ان میں صبر ختم ہو رہا ہے اور چڑچڑاپن بڑھ رہا ہے۔
مثال: آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ بچہ ہوم ورک کر رہا ہے لیکن ہر دو منٹ بعد اس کا دھیان بھٹک جاتا ہے۔ اسے بار بار موبائل چیک کرنے کی طلب ہوتی ہے۔ یہ اسی’’اسکرولنگ‘‘ کی عادت کا نتیجہ ہے جس نے دماغ کو ایک جگہ ٹکنے کے قابل نہیں چھوڑا۔
جب کوئی نوجوان ایک کے بعد دوسری ریل دیکھتا ہے، تو ہر 15 سے 30 سیکنڈ بعد اسے ایک نیا جھٹکا (Surprise) ملتا ہے، جس سے دماغ میں ڈوپامائن خارج ہوتا ہے ۔ یہ عمل دماغ کو فوری تسکین (Instant Gratification) کا عادی بنا دیتا ہے، جس کے نتیجے میں طویل مدتی کاموں جیسے کہ مطالعہ، گہری سوچ، یا کسی پیچیدہ مسئلے کو حل کرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔2026 ء کی ایک میٹا اینالیسس رپورٹ کے مطابق، ریلز کے کثرت سے استعمال اور توجہ کی کمی (Attention Deficit) کے درمیان گہرا تعلق پایا گیا ہے ۔
سماجی موازنہ اور احساسِ کم تری
سوشل میڈیا پر موجود مواد اکثر حقیقت سے دور ہوتا ہے، جسے ’’ہائی لائٹ ریل‘‘ کہا جاتا ہے ۔ لوگ صرف اپنی کامیابیوں، بہترین سفر، اور فلٹر شدہ تصاویر شیئر کرتے ہیں ۔ جب ایک عام نوجوان ان تصاویر کا موازنہ اپنی عام زندگی سے کرتا ہے، تو اس میں احساسِ کم تری، ڈپریشن اور بے چینی (Anxiety) پیدا ہوتی ہے ۔ خاص طور پر 10 سے 14 سال کی لڑکیوں میں جسمانی ساخت (Body Image) کے حوالے سے شدید عدم تحفظ دیکھا گیا ہے، کیوں کہ وہ فلٹرز کے ذریعے تبدیل شدہ چہروں کو ہی اصل خوبصورتی کا معیار سمجھنے لگتی ہیں ۔ ہر دوسرے گھر کی صورت حال یہ ہے کہ دس سال کا بچہ کھانا تب تک نہیں کھاتا جب تک سامنے کارٹون نہ لگا ہو۔ یا جب والدین فون واپس لیتے ہیں تو بچہ چیخنے چلانے لگتا ہے اور چیزیں توڑتا ہے۔ یہ نشے کی علامت ہے۔
’’بیڈ روٹنگ‘‘اور نیند کا بگاڑ
2026 ء میں’’بیڈ روٹنگ‘‘ (Bedrotting) کی اصطلاح کافی مشہور ہو چکی ہے، جس کا مطلب ہے کئی گھنٹے بستر پر لیٹ کر موبائل اسکرول کرتے رہنا ۔ یہ عمل نہ صرف جسمانی سستی کا باعث بنتا ہے بلکہ اسکرین کی نیلی روشنی (Blue Light) نیند کے ہارمو ن میلاٹونن Melatoninکو دبا دیتی ہے، جس سے نیند کا دورانیہ اور معیار دونوں متاثر ہوتے ہیں ۔ نیند کی کمی خود بہ خود ذہنی تناؤ اور غصے میں اضافے کا سبب بنتی ہے ۔
میٹا (Meta) کا ماحولیاتی نظام اور الگورتھم کی سیاست
فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا (Meta) 2026 میں بھی ڈیجیٹل دنیا پر حاوی ہے، لیکن اس کا الگورتھم ڈیزائن اب بحث کا مرکز بن چکا ہے۔ میٹا کے الگورتھمز اس طرح تیار کیے گئے ہیں کہ وہ صارف کو زیادہ سے زیادہ وقت پلیٹ فارم پر رکھ سکیں ۔
اس کے لیے’’انفنائٹ اسکرول‘‘ (Infinite Scroll) اور’’آٹو پلے‘‘ (Autoplay) جیسے فیچرز استعمال کیے جاتے ہیں جو انسانی ارادے (Willpower) کو شکست دے دیتے ہیں۔
٭فلٹر ببلز Filter Bubblesاور سماجی تقسیم
الگورتھم کا ایک دوسرا پہلو’’فلٹر ببلز‘‘ (Filter Bubbles) بنانا ہے ۔ یہ سسٹم یوزرکو وہی چیزیں دکھاتا ہے جو اسے پہلے سے پسند ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ نئی سوچ یا مختلف نظریات سے کٹ کر رہ جاتا ہے ۔ اس کے نتیجے میں معاشرے میں انتہا پسندی اور تقسیم بڑھتی ہے ۔ میٹا پر موجود “Like” اور “Comments” کا نظام بھی نوجوانوں میں سماجی توثیق (Social Validation) کی ایسی بھوک پیدا کرتا ہے کہ وہ اپنی پوری شخصیت کو ان نمبروں کی بنیاد پر منحصرسمجھتے ہیں ۔
آن لائن فراڈز،موبائل ہیکنگ اور ہماری لاپرواہی
ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا موبائل ہماری جیب میں محفوظ ہے، لیکن ہیکرز انٹرنیٹ کے ذریعے اس میں گھس سکتے ہیں۔
٭اسموشنگ (Smooshing): جدید ہیکنگ تکنیک
اسموشنگ (Smooshing) یا سم سویپنگ 2026 ء کا ایک خطرناک ٹرینڈ ہے ۔ اس میں ہیکرز آپ کی ذاتی معلومات چوری کر کے موبائل کمپنی کو قائل کرتے ہیں کہ آپ کی سم گم ہو گئی ہے اور آپ کا نمبر ایک نئی سم پر منتقل کروا لیتے ہیں ۔ جیسے ہی نمبر ہیکر کے پاس جاتا ہے، وہ آپ کے بینک اکاؤنٹ کے تمام OTPs (ون ٹائم پاس ورڈ) حاصل کر لیتا ہے اور منٹوں میں آپ کی جمع پونجی صاف کر دیتا ہے ۔ اگر آپ کا فون اچانک سگنل چھوڑ دے اور گھنٹوں غائب رہے ، تو یہ ایک سنگین وارننگ ہے ۔
٭اے آئی وائس کلوننگ اور ڈیپ فیک ایمرجنسی
اب ہیکرز کو کسی بھی شخص کی آواز چرانے کے لیے اس کی صرف چند سیکنڈ کی ویڈیو یا آڈیو ریکارڈنگ چاہیے ہوتی ہے۔ وہ اس آواز کو اے آئی کے ذریعے کلون کر کے آپ کے گھر والوں کو کال کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ ’’میں حادثے کا شکار ہو گیا ہوں، فوراً پیسے بھیجیں۔‘‘ آواز اتنی اصل ہوتی ہے کہ والدین یا عزیز پہچان نہیں پاتے اور گھبراہٹ میں پیسے بھیج دیتے ہیں۔ اسی طرح’’ڈیپ فیک‘‘ ویڈیوز کے ذریعے لوگوں کو یہ یقین دلایا جاتا ہے کہ کوئی مشہور شخصیت کسی خاص اسکیم کی تشہیر کر رہی ہے ۔
٭کوئشنگ (Quishing): کیو آر کوڈ فراڈ
کیو آر کوڈز (QR Codes) کا استعمال 2026 ء میں ہر جگہ ہے، لیکن ہیکرز اب اصل کیو آر کوڈز کے اوپر اپنے جعلی اسٹیکرز لگا رہے ہیں ۔ جب آپ ریسٹورنٹ میں مینو دیکھنے یا پارکنگ فیس دینے کے لیے اسکین کرتے ہیں، تو آپ کی ادائیگی ہیکر کے اکاؤنٹ میں چلی جاتی ہے یا آپ کے فون میں وائرس (Malware) داخل ہو جاتا ہے ۔
٭لالچ:
انجانی لنکس پر کلک کرنا یا لالچ میں آ جانا۔ ہیکرز آپ کا ڈیٹا چراتے ہیں اور بینک اکاؤنٹ خالی کر دیتے ہیں۔
آپ کو میسج آتا ہے: ’’مبارک ہو! آپ کا فلاں اسکیم میں انعام نکلا ہے’’یا ‘‘آپ کا بینک اکاؤنٹ بند ہونے والا ہے، فوراً اس لنک پر کلک کریں۔ایک بزرگ خاتون نے ایسے ہی ایک لنک پر کلک کیا اور اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔ یا پھر کسی نے واٹس ایپ پر آنے والے کوڈ (OTP) کو دوست سمجھ کر شیئر کر دیا اور اپنا واٹس ایپ ہیک کروا لیا۔
ہیکنگ حملوں سے بچاؤ کی تکنیکی تدابیر
٭ سافٹ ویئر اپ ڈیٹس:
کبھی بھی فون یا ایپ کی اپ ڈیٹ کو کل پر نہ چھوڑیں ۔ یہ اپ ڈیٹس Updates دراصل ہیکرز کے خلاف نئی ڈھال ہوتی ہیں ۔
٭ پبلک وائی فائی سے پرہیز:
ریلوے اسٹیشن یا کیفے کے مفت وائی فائی پر کبھی بھروسہ نہ کریں ۔
٭ ایپ پرمیشنز کا جائزہ:
کیسے ہوتا ہے؟ ہم اکثر’’فری‘‘کے چکر میں ایسی ایپس ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں جو محفوظ نہیں ہوتیں۔ یہ ایپس انسٹال ہوتے ہی آپ کے کیمرے، مائیکروفون اور گیلری تک رسائی مانگتی ہیں اور ہم بغیر پڑھے “Allow” کر دیتے ہیں۔
مثال: آپ نے موبائل میں ’’ٹارچ‘‘جلانے والی ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔ اس ایپ نے آپ سے “Contacts” تک رسائی مانگی۔ سوچنے کی بات ہے کہ ٹارچ کو آپ کے دوستوں کے نمبروں کی کیا ضرورت؟ دراصل وہ ایپ آپ کا ڈیٹا چوری کر رہی ہے۔
٭ پاس ورڈ مینیجر:
2026 میں اتنے زیادہ پاس ورڈز یاد رکھنا مشکل ہے، اس لیے ایک ’’پاس ورڈ مینیجر ‘‘ استعمال کریں جو آپ کے لیے مشکل پاس ورڈز بنائے اور محفوظ رکھے ۔
٭ ٹو اسٹیپ ویریفکیشن (Two-Step Verification):
اپنے واٹس ایپ، فیس بک اور جی میل پر یہ سیٹنگ لازمی آن کریں۔ یہ آپ کے گھر کے دوسرے تالے کی طرح ہے۔
٭ لالچ سے بچیں: انٹرنیٹ پر کوئی بھی مفت میں پیسے نہیں دیتا۔ انعام والے میسجز کو فوراً ڈیلیٹ کریں۔
بچوں کے لیے (3 سے 11 سال): سادہ اور عملی مشورے
٭چھوٹے بچوں کے لیے انٹرنیٹ ایک جادوئی دنیا کی طرح ہے، لیکن انہیں اس کے پیچھے موجو’’مشین‘‘ کا علم ہونا چاہیے ۔
٭مشین بہ مقابلہ انسان:
بچوں کو بتائیں کہ الیکسا alexa یا چیٹ بوٹChatbot ایک کمپیوٹر ہے، وہ آپ کا دوست یا جیتا جاگتا انسان نہیں ہے ۔ وہ غلطی بھی کر سکتا ہے۔
٭والدین کی نگرانی7:
سال تک کے بچوں کو انٹرنیٹ صرف والدین کی موجودگی میں استعمال کرنا چاہیے ۔
٭اسکرین ٹائم کا معاہدہ:
گھر میں ایک چارٹ بنائیں جہاں اسکرین ٹائم اور کھیل کود کا وقت واضح ہو ۔
والدین پیرینٹنگ ایپ کے ذریعے بچوں کی کارکردگی پر نظر رکھتے رہے۔
نوجوانوں کے لیے (12 سے 18 سال): تنقیدی سوچ اور اخلاقیات
نوجوان نسل سب سے زیادہ اے آئی اور سوشل میڈیا استعمال کرتی ہے، اس لیے انہیں’’ڈیجیٹل ذمہ داری‘‘سکھانا ضروری ہے ۔
٭حقائق کی جانچ (Fact-checking):
اے آئی سے ملنے والی ساری معلومات کو سچ نہ مانیں، اسے کسی معتبر ویب سائٹ سے ضرور چیک کریں ۔
٭ڈیجیٹل فٹ پرنٹ:
انہیں بتائیں کہ آج جو وہ پوسٹ کریں گے، وہ ان کے مستقبل کے کیریئر پر اثر انداز ہو سکتا ہے ۔
٭سائبربلنگ کے خلاف آواز:
اگر کوئی آن لائن تنگ کرے یا غلط تصاویر کا مطالبہ کرے، تو فوراً والدین یا استاد کو بتائیں۔
٭اپنی پرائیویسی کا خیال رکھیں۔ اپنی ہر تصویر اور ہر پل کی خبر سوشل میڈیا (میٹا/فیس بک) پر نہ ڈالیں۔ ہیکرز ان تصاویر کا غلط استعمال کر سکتے ہیں۔
٭ریلز دیکھ کر اپنی زندگی کا موازنہ مت کریں۔ جو اسکرین پر دکھتا ہے وہ اکثر جھوٹ ہوتا ہے۔
٭آن لائن کمائی کے جھوٹے طریقوں میں اپنا وقت برباد نہ کریں، ہنر سیکھنے پر توجہ دیں۔
بزرگوں کے لیے (Senior Citizens): سلامتی اور وقار
ہمارے بزرگ اکثر ٹیکنالوجی سے ڈرتے ہیں یا اس پر حد سے زیادہ بھروسہ کر لیتے ہیں ۔
٭شک کا فائدہ:
اگر کوئی ’’بینک‘‘ سے فون کر کے پن (PIN) مانگے، تو یاد رکھیں کہ بینک کبھی فون پر پاس ورڈ نہیں مانگتا ۔
٭مضبوط پاس ورڈ:
اپنی سالگرہ یا 123456 کے بجائےکسی جملے کو پاس ورڈ بنائیںجیسے :Me!AndMyCoffee:2026
٭ٹو سٹیپ ویریفیکیشن(Two-Step Verification):
اپنے واٹس ایپ اور فیس بک پر دو مرحلہ وار تصدیق لازمی آن کریں ۔
٭مشورے میں شرم نہیں:
کوئی بھی مالیاتی لین دین یا نیا ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے اپنے بچوں یا کسی بھروسہ مند نوجوان سے ضرور پوچھیں ۔
ڈیجیٹل ڈیٹاکس (Digital Detox):
وقت کی اہم ضرورت:
جیسے معدے کی صفائی کے لیے ہم کبھی کبھی ہلکا کھانا کھاتے ہیں، ویسے ہی دماغ کی صفائی کے لیے’’ڈیجیٹل ڈیٹاکس‘‘ ضروری ہے۔
مسلسل اسکرین دیکھنے سے آنکھیں تو خراب ہوتی ہی ہیں، لیکن ذہنی سکون بھی برباد ہوتا ہے۔ نیند نہ آنا، بے چینی، ہر وقت کا تھکا ہوا محسوس کرنا یہ سب موبائل کے تحفے ہیں۔
ڈیجیٹل ڈیٹاکس کیسے کریں؟
(آسان طریقے):
٭ اسکرین کو بے رنگ کر دیں (Grayscale Mode):
ہمارے فون کے رنگ اتنے پرکشش ہوتے ہیں کہ وہ آنکھوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ اپنے فون کی سیٹنگ میں جا کر اسکرین کو بلیک اینڈ وائٹ کر دیں۔ آپ حیران رہ جائیں گے کہ رنگ ختم ہوتے ہی آپ کا فون کتنا بورنگ ہو جائے گا اور آپ کا اسے بار بار دیکھنے کا دل نہیں کرے گا۔
٭ نوٹیفیکیشنز کا گلا گھونٹ دیں:
ہمارے موبائل پر آنے والا ہر’’ٹنگ‘‘ کا شور ہمیں مجبور کرتا ہے کہ ہم فون اٹھائیں۔ اپنی سیٹنگز میں جائیں اور واٹس ایپ کے علاوہ تمام ایپس (فیس بک، انسٹا، ٹک ٹاک) کے نوٹیفیکیشن بند کر دیں۔ جب فون بجے گا نہیں، تو آپ کا دھیان بھی بار بار وہاں نہیں جائے گا۔
٭ بستر کو’’موبائل فری‘‘ Mobile-Freeزون بنائیں:
رات کو سوتے وقت موبائل کو اپنے تکیے سے دور، کسی دوسرے کمرے یا الماری میں رکھیں۔ اس سے نہ صرف آپ کی نیند بہتر ہوگی بلکہ صبح اٹھتے ہی آپ کا پہلا کام اسکرین دیکھنا نہیں ہوگا۔
٭ ’’اسکرین ٹائم‘‘پر نظر رکھیں:
آج کل ہر فون میں یہ فیچر ہوتا ہے جو بتاتا ہے کہ آپ نے دن بھر میں کتنا وقت کس ایپ پر گزارا۔ جب آپ دیکھیں گے کہ آپ نے دن کے 4 گھنٹے صرف ریلز دیکھنے میں گزارے ہیں، تو آپ کو خود اپنے وقت کا افسوس ہوگا۔ ان ایپس پر’’ٹائم لمٹ‘‘Time Limits لگا دیں تاکہ وقت پورا ہوتے ہی وہ بند ہو جائیں۔
٭ الگورتھم کو توڑیں:Break the Algorithm
کبھی کبھی ایسی چیزیں سرچ کریں جو آپ کی پسند سے بالکل الٹ ہوں تاکہ آپ کی فیڈ میں تنوع آئے۔ جب آپ کو وہی پرانی ریلز نہیں ملیں گی، تو آپ خود ہی فون رکھ دیں گے۔
٭ ہاتھ میں موبائل کے بجائے کچھ اور رکھیں:
اکثر ہم بوریت مٹانے کے لیے موبائل اٹھاتے ہیں۔ اپنے پاس کوئی کتاب رکھیں، کوئی ڈائری لکھنا شروع کریں یا گھر والوں کے ساتھ بیٹھ کر چائے پئیں۔ شروع میں ہاتھ بار بار موبائل کی طرف جائے گا، لیکن دو چار دن میں عادت بدل جائے گی۔
٭ ڈیجیٹل روزہ (Digital Fasting) :
ہفتے میں ایک دن ایسا رکھیں جب آپ موبائل کو ہاتھ نہیں لگائیں گے۔ شروع میں یہ بہت مشکل لگے گا، لیکن اتوار کا دن اپنے پیاروں، کتابوں یا سیر و تفریح کے لیے وقف کرنا آپ کی روح کو تازگی بخشے گا۔
ایک چھوٹی سی مشق:
اگلے اتوار کو ’’نو اسکرین ڈے‘‘منائیں۔ فون کو الماری میں رکھ دیں۔ بچوں کے ساتھ لوڈو کھیلیں، پارک جائیں یا پرانے البم دیکھیں۔ یقین کریں، آپ کو وہ خوشی ملے گی جو ہزار لائکس ملنے پر بھی نہیں ملتی۔
اس ڈیجیٹل ڈیٹاکس کا مقصد ٹیکنالوجی سے نفرت کرنا نہیں، بلکہ اپنی زندگی کا توازن درست کرنا ہے۔ اس اسکرین سے باہر ایک بہت بڑی اور خوبصورت دنیا ہے جہاں پرندوں کی چہچہاہٹ، اپنوں کی باتیں اور خاموشی کا سکون موجود ہے۔آج ہی سے اپنی زندگی کی لگام اپنے ہاتھ میں لیں اور ڈیجیٹل ڈی ٹاکس کی شروعات کریں۔
٭ ٭ ٭

![Aks E Haadiya[Digital Dunya]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/01/Aks-E-HaadiyaDigital-Dunya.jpg)
0 Comments