اے کہ تیرے رنگ سے رنگین ساری کائنات
رونقِ بزمِ جہاں کو تیرے دم سے ہے ثبات
تیری شوخی سے ہے پیدا نبضِ ہستی میں حیات
پھیر دے موسم کے رخ اک تیری نظرِ التفات
ماورا الفاظ سے ہیں تیری بے پایاں صفات
کتنے ہی اوصاف کا ملجا ہے تیری ایک ذات
روشنی رخ کی ہے تیرے صبح روشن کی کلید
رات نے تاریکیاں زلفوں سے تیری کی کشید
تیرے چہرے کا اترنا شام ہونے کی نوید
تیرا ہنسنا جانے کتنے ہی گُلِستانوں کی عید
مسکراہٹ پر تری خنداں جہانِ بحر و بر
اور خشونت پر تری نظمِ جہاں زیر و زبر
تجھ سے ہم آہنگئ لیل و نہار و سحر و شام
تجھ سے ہی آہنگئ آئینِ فطرت کو دوام
سازِ عالم پر ترے ہی زمزمے و زیر و بم
تیری ہستی کی جھلک ہے پر توِ باغِ ارم
چومتی ہے جھوم کر خلدِ بریں تیرے قدم
اور ملائک کھاتے ہیں تیرے تقدّس کی قسم
تیری فطرت ہے زمانے کی ہر اک شے سے جدا
آفریں ہر نقش تیرا آفریں ہر اک ادا
آئینہ خانۂ جہاں میں عکس تیرا چار سو
تیرے جلوے در بدر خانہ بہ خانہ کو بہ کو
تیری عظمت تیرا رتبہ آسماں سے بھی بلند
کتنی قوموں کی ہیں تقدیریں تری مُٹھّی میں بند
دنیا کے آزار سب تعبیر تیرے غم سے ہیں
کاروبار دَہر جاری ایک تیرے دم سے ہیں
٭ ٭ ٭

![Sukhn Sarapa 1 [ Aitraaf.]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/04/Sukhn-Sarapa-1-Aitraaf.jpg)
0 Comments