تلخ حقیقتیں
زمرہ : ٹی ٹائم

تم رانی میں رانی

پورب کی دیہاتی عورتوں میں ایک کہاوت مشہور ہے جسے عام زبان میں یوں ادا کر سکتے ہیں: ’تم رانی، میں رانی کون بھرے گھر کا پانی‘۔ یہ مثل اس لیے یاد آئی کہ آج کل اخبارات میں پڑھیے، جہاں جائیے وہاں سنیے کہ قوم بد عقل ہے، بد نصیب ہے اور خدا جانے اور کیا کیا ہے۔ الیکشن کے زمانے میں یوں بھی اس طرح کا احساس بڑھ جاتا ہے۔ نیز یہ کہ قوم کا خدا جانے کیا حال ہو اگر اس میں ایسے نفوس قدسیہ (بہ مشمول راقم سطور) موجود نہ ہوں جو اس کی بد عقلی اور بد نصیبی پر مضمون لکھتے رہتے ہیں۔ چناں چہ کچھ تعجب نہیں اگر حساب لگایا جائے تو پرتا کچھ اس طرح کا پڑے کہ قوم کے ہر چار بدعقلوں یا بدنصیبوں میں پانچ اس پر مضمون لکھنے یا تقریر کرنے والے ہوتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ہم سب قوم کی حالت زار پر مقالہ افتتاحیہ لکھنے لگیں گے تو راہ راست پر آنے والا کون رہ جائے گا؟

عورتوں کی آزادی

جس ملک، معاشرہ یا قوم میں جب کبھی عورت کو امانت و ذمہ داری نہیں، بلکہ وسیلہ تفریح و طرب سمجھا گیا، وہاں فتور وفسادت کھڑا ہوا۔ ہر دو جنگ عظیم کے بعد ہم کو جس عالم گیر انتشار و ابتری کا سامنا کرنا پڑا اس کا مداوا ہم کر نہ سکیں اور اس اندیشے کا شکار ہو گئے کہ اپنے بچاؤ اور دوسرے کی ہلاکت کے لیے جدید ترین آلات حرب و ضرب دریافت اور فراہم نہ کر سکے تو ہمارا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔ چناں چہ اس کے لیے ہم نے اپنی ساری مادی و ذہنی متاع وقف کر دی، لیکن یہ وسائل سب کو یکساں مقدار میں میسر نہ تھے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ چھوٹی مچھلیاں بڑی مچھلیوں کا کسی نہ کسی شکل میں شکار ہونے لگیں۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی بے لگام و بے تحاشہ مسابقت نے اخلاقی و انسانی تقاضوں کو یک لخت معطل کر دیا۔ اس سراسیمگی، ہیبت و ہلاکت سے نبرد آزما ہونے کے بجائے ہم نے وہی طریقہ اختیار کیا جو پست حوصلہ اور غیر ذمہ دار بالعموم کیا کرتے ہیں۔ یعنی ہر طرح کی منہیات و مسکرات کو عام کر دیا، تاکہ نوجوان اپنی زبوں حالی اور حکومت کی نااہلی کا احساس نہ کر سکے۔ اس کا پہلا سب سے آسان اور سب سے عبرت ناک شکار عورت ہوئی، مدتوں کے جبر و قہر کی گرفت سے وہ آزاد ہوئی تھی۔ اس نے آنکھ بند کر کے یہ تسلیم کر لیا کہ بے راہ روی ہی آزادی ہے۔ اس کی تصدیق ہر طرف، ہر طرح اور ہر طبقے سے کی جانے لگی۔ آزادی پہلے پہل نصیب ہوتی ہے تو اس کا تصور ذہن میں مسخ ہی ہو کر آتا ہے۔

تنقید کی کثرت

جس طرح تنقید کی کثرت سے ادب میں تخلیقی استعداد ماند پڑ جاتی ہے، اسی طرح کسی شخص یا ادارے پر بھی تنقید کرتے رہنے سے اس کی برومندی کی صلاحیتیں مضمحل ہو جاتی ہیں۔ علی گڑھ میں اور علی گڑھ پر تنقیدیں اور تقریدیں بہت زیادہ ہونے لگی ہیں۔ کھانے پینے کی تقریبیں بھی! کچھ ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے اس کی تلافی دوسرے سے کی جاتی ہو اور کبھی کبھی ایسا معلوم ہونے لگتا ہے جیسے تقریبوں کے بہانے اسی تندہی سے ڈھونڈے جاتے ہیں، جیسے کسی زمانے میں اردو شعراء عجیب و غریب قافیے تلاش کیا کرتے تھے یا کچھ دنوں سے مشرق وسطی میں خدمت خلق کے لیے حکومتیں مواقع کی منتظر اور متلاشی رہتی ہیں!

مأخوذ، از: مضامین رشید احمد صدیقی

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے