حج اور عمرے میں خواتین کے مخصوص مسائل

سوال:
الحمد للہ حج کمیٹی کی طرف سے حج پر جانے والوں میں ہمارا نام آگیا ہے۔ میں اپنے شوہر کے ساتھ حج پر جانے والی ہوں۔ جلد ہی روانگی ہے۔ میں نے حج کی معلومات کے لیے کچھ کتابوں کا مطالعہ کرلیا ہے، لیکن اب بھی کنفیوژن باقی ہے۔ بہ راہ کرم حج کے مناسک میں عورتوں کے لیے جن معاملات میں کچھ فرق ہے انھیں اکٹھا بیان کردیں، تاکہ انھیں ذہن نشیں کرنے میں آسانی ہو۔

جواب:
دین کے تمام احکام جس طرح مردوں کے لیے ہیں اسی طرح عورتوں کے لیے بھی ہیں۔ دونوں کے لیے ان کی پابندی ضروری ہے۔ بس چند احکام پر عمل کے معاملے میں ان کے درمیان کچھ فرق پایا جاتا ہے۔ عورتوں کو انھیں جان لینا چاہیے۔ حج اور عمرے کے سلسلے میں بھی ایسا ہی ہے کہ بیش تر احکام مردوں اور عورتوں کے لیے یکساں ہیں، صرف چند احکام میں فرق ہے۔ حج یا عمرے کے لیے نکلنے سے قبل عورتیں انھیں جان لیں تو بہتر ہے:
(1) احرام: مردوں کا احرام دو سفید چادریں ہیں، لیکن عورتوں کے لیے کوئی تخصیص نہیں۔ ان کا احرام اُن کے اپنے کپڑے ہیں، جو وہ روز مرّہ پہنتی ہیں۔ عمرے یا حج کی نیت کرنے کے بعد مردوں کے لیے سلے ہوئے کپڑے پہننا جائز نہیں ہے، لیکن عورتیں اپنے عام کپڑوں ہی میں احرام کی نیت کریں گی۔
(2) احرام کی حالت میں زیورات کا استعمال: عورت احرام کی حالت میں کان، ناک، گلے اور ہاتھ پیر کے زیورات پہن سکتی ہے –
(3) تلبیہ: مرد بلند آواز سے تلبیہ کہیں گے، لیکن عورتوں کے لیے ایسا کرنا منع ہے۔ وہ اتنی پست آواز سے تلبیہ کہیں گی کہ خود سُن سکیں۔
(4) سر ڈھانپنا: احرام کی حالت میں مردوں کے لیے سر ڈھانپنا منع ہے، لیکن عورتیں اپنا سر ڈھانپیں گی، یہ ان کے لیے واجب ہے۔ البتہ ان کے لیے چہرہ ڈھانپنا منع ہے۔ وہ احرام کی حالت میں چہرہ کھلا رکھیں گی۔ اگر وہ پردے کی خاطر چہرہ چھپانا چاہیں تو اس طرح چھپائیں کہ کپڑا چہرے سے نہ لگے، بلکہ الگ رہے۔
(5) رمل اور اضطباع: مردوں کے لیے طواف کے ابتدائی تین چکّروں میں ’رمل‘ یعنی سینہ تان کر تیز چلنے اور پورے طواف میں ’اضطباع‘ یعنی دایاں کندھا کھلا رکھنے کا حکم ہے، لیکن عورتوں کے لیے یہ دونوں کام ممنوع ہیں۔
(6) میلین اخضرین کے درمیان تیز چلنا: صفا و مروہ کے درمیان ہرے نشانات (جنھیں ’میلین اخضرین‘ کہا جاتا ہے) پر مردوں کو تیز چلنا چاہیے، لیکن عورتیں اس حکم سے مستثنیٰ ہیں۔
(7) اپنے بال کاٹنا: مردوں کے لیے ’حلق‘ یعنی پورا سر منڈوانا یا’قصر‘ یعنی بال کتروانا ضروری ہے، لیکن عورتوں کے لیے اتنا کافی ہے کہ وہ اپنی چوٹی پکڑ کر انگلی کے ایک پور کے برابر بال کاٹ لیں۔
(8) دوسری عورت کے بال کاٹنا: عمرہ یا حج کرنے والی عورت دوسری عورت کے بال کاٹ سکتی ہے، اپنے بال کاٹنے سے پہلے بھی۔
(9)سر پر پٹّی احرام نہیں: بعض عورتیں سر پر کوئی کپڑا یا پٹی باندھ لیتی ہیں اور اُسے احرام سمجھتی ہیں۔ یہ احرام نہیں، یہ تو صرف بالوں کی حفاظت کے لیے ہے کہ وہ ٹوٹنے نہ پائیں۔
(10) دوپٹّے کے اوپر سے مسح: بعض عورتیں وضو کرتے وقت دوپٹّے یا سر کی پٹّی کے اوپر سے مسح کر لیتی ہیں، یہ غلط ہے۔ حالتِ احرام میں عورت اپنے محرم کے سامنے سر سے کپڑا ہٹالے تو حرج نہیں۔ عورت کا سر ڈھانپنا اِحرام کی شرط نہیں، وہ ستر کے لیے ہے، جو نامحرم کے سامنے ضروری ہے۔
(11) محرم کی شرط: عورت کے ساتھ عمرہ یا حج کے سفر میں محرم ہونا ضروری ہے۔ وہ تنہا سفر کرے تو اس کا عمرہ یا حج ہوجائے گا، لیکن گناہ گار ہوگی۔ البتہ مناسک ادا کرتے وقت اس کے ساتھ محرم ہونا ضروری نہیں۔ وہ تنہا مناسک ادا کرسکتی ہے۔
(12) حیض روکنے کی دوا کھانا: کوئی عورت عمرہ یا حج کا ارادہ رکھتی ہو تو حیض روکنے یا اس کے ایّام آگے بڑھانے کے لیے دوا کھاسکتی ہے، لیکن بہتر ہے کہ ایسا نہ کرے، اس لیے کہ بسا اوقات دوا کھانے سے حیض کے معمول میں خرابی پیدا ہوجاتی ہے۔
(13) عمرے کی مشروط نیت: حیض آنے کا اندیشہ ہو تو عورت عمرے کی مشروط نیت کرے (یعنی یوں نیت کرے: اگر کوئی رکاوٹ پیش آگئی تو میں عمرہ نہیں کروں گی) فائدہ یہ ہوگا کہ احرام کی نیت کرنے کے بعد اگر عمرہ ادا کرنے میں کوئی رکاوٹ آجائے تو اس پر کوئی فدیہ ہوگا نہ اس کی قضا کرنی ہوگی۔
(14) اگر حیض آجائے:
(الف) اگر عورت کو عمرہ یا حج کی نیت کرنے سے پہلے حیض آجائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ اس حالت میں بھی وہ غسل کرکے احرام باندھ لے اور عمرہ یا حج کے سفر پر روانہ ہو جائے۔ پاک ہونے تک وہ احرام میں باقی رہے گی۔ جب پاک ہوجائے تو غسل کرلے۔ اس وقت اسے میقات پر جانے اور احرام کی نیت کرکے آنے کی ضرورت نہیں۔
(ب) حیض کی حالت میں عورت تلبیہ پڑھ سکتی ہے اور ذکر و دعا کرسکتی ہے۔
(ج) حائضہ عورت عمرہ یا حج کے تمام مناسک ادا کرے گی، سوائے طواف کے۔ کیوں کہ طواف مسجدِ حرام میں ہوتا ہے اور مسجد میں حائضہ عورت کو جانا منع ہے۔
(د) حج کا سب سے بڑا رکن وقوفِ عرفات ہے۔ عورت حیض کی حالت میں اس میں شامل ہو سکتی ہے۔
(ہ) اگر طوافِ افاضہ کے وقت عورت حالتِ حیض میں ہو تو اسے چاہیے کہ پاکی کا انتظار کرے۔ اگر اس انتظار میں طوافِ افاضہ کا وقت گزر جائے تو کوئی حرج نہیں۔ جب پاک ہوجائے تب طواف کرلے۔ اگر روانگی کے وقت تک پاک نہ ہو سکی ہو تو اسی حالت میں جاکر طواف کرلے اور حدودِ حرم میں ایک دم دے۔ یعنی بڑے جانور کی قربانی کرے۔
(و) اگر عورت طوافِ وداع کے وقت حائضہ ہوگئی ہو اور اسے فوراً واپس ہونا پڑجائے تو طوافِ وداع کی ضرورت نہیں۔ اگر وہ ٹھہری رہے تو بہتر ہے کہ پاک ہونے کے بعد طوافِ وداع کرلے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے