شادی میں طرح طرح کی رسمیں کی جاتی ہیں، ہر ملک میں کئی نئی رسمیں، ہر قوم اور ہر خاندان کا اپنا الگ رواج ہے۔ یہ کوئی نہیں سمجھتا کہ شرعاً ان رسم ورواج کی کیا حقیقت ہے؟ یہ ضرور ہے کہ رسموں کی پابندی اس حد تک کی جائے کہ کسی حرام کام میں مبتلا نہ ہو۔کچھ لوگ رسموں کی اس قدر پابندی کرتے ہیں کہ ناجائز و حرام کاموں کو بھلے ہی کرنا پڑجائے، مگر رسم نہ چھوٹنے پائے۔ ہندوستان کے مسلمان میں بچے کی پیدائش سے لے کر مرنے تک مختلف موقعوں پر ایسی کئی بے بنیاد رسمیں جاری ہیں، جنھوں نے مسلمانوں کی جڑیں کھوکلی کر دی ہیں کہ مرنے جینے شادی بیاہ کی رسموں کی بدولت صدا مسلمانوں کے مکانات اور دکانیں وغیرہ سودی قرض میں چلی گئی۔ شادی کی رسموں اور اخراجات کو پورا کرنے کے لیے مسلمان سودی قرض لیتے ہیں، جب کہ سود دینا بھی حرام ہے اور لینا بھی حرام ہے، اس لیے وہ رسم حرام کاری کا ذریعہ ہے۔ ہمارے ہندوستان میں عام طور پر بہت سے رسموں کی پابندی کی جاتی ہے، جیسے رت جگ سانچک، ہلدی کھیلنے کی رسم، ڈھول باجے، ناچ گانا، جس کے ذریعے سے بے پردگی، چھچھورا پن، عیاشی اور حرام کاموں کا وجود ہوتا ہے۔ ہلدی کی رسم کو جوان لڑکے اور لڑکیاں ہندوؤں کے تہوار کی طرح کھیلتے ہیں۔ ناچنا گانا، بےہودہ پن، ہنسی مذاق اور طرح طرح کی گری ہوئی حرکتیں کرتے ہیں۔ اگر ان تمام رسموں کی پابندی کے لیے روپیے نہ ہوں تو سود پر روپے قرض لینے سے بھی نہیں چوکتے۔
معاشرے کی اس سنگینی کی جانب مختصر باتیں قرآن وحدیث کی روشنی میں پیش کرتی ہوں۔ سورہ بنی اسرائیل کی آیت نمبر 27 میں اللہ سبحانہ و تعالی فرماتے ہیں: ’’اور فضول نہ اڑاؤ، بے شک فضول اڑانے والے شیطان کے بھائی ہیں اور شیطان اپنے رب کا بڑا ناشکرا ہے۔ ‘‘
سورہ لقمان کی آیت نمبر 6 میں اللہ سبحانہ و تعالی فرماتے ہیں: ’’جو کلامِ دل فریب خرید کر لاتا ہے، تاکہ لوگوں کو بغیر علم کے اللہ کے راستے سے بھٹکا دے۔‘‘
یعنی ایسی بات جو آدمی کو اپنے اندر مشغول کر کے ہر دوسری چیزوں سے غافل کر دے۔ مثلا: گپ شپ، خرافات، ہنسی مذاق، داستان گوئی اور گانا بجانا اور اسی طرح کی دوسری چیزیں جو انسان کو دین سے غافل کر دے۔
آج کل شادی بیاہ میں ویڈیو شوٹنگ کروانا شادی کا ایک حصہ بن چکا ہے۔ اِدھر قاضی صاحب نکاح کا خطبہ پڑھ رہے ہیں اور اُدھر شیطانی آلہ سامنے آ کھڑا ہوا اور پھر اسی پر بس نہیں، اب یہ شیطانی آلہ، یعنی ویڈیو کیمرہ زنانہ کمرے تک پہنچ گیا ہے اور ہماری ماں بہنوں کو بے پردہ کرنے لگا ہے۔ وہ لوگ جنھوں نے ہماری ماں بہنوں کو کبھی نہیں دیکھا تھا یا جن سے وہ پردہ کرتی تھیں، وہ اب ویڈیو کے ذریعے کھلے عام مجلس میں دکھائی دینے لگیں ہیں۔
نہایت افسوس کی بات ہے کہ ہمارے مسلمان بھائی بہنوں کو شادی اور رسموں کے چکر میں نماز کا بھی خیال نہیں رہتا۔ وہ نماز جو کسی بھی حالت میں معاف نہیں ہے، ان موقعوں پر پورے دن کی نمازیں قضا ہو جاتی ہیں۔
آج کون سا درد رکھنے والا دل ہے جو مسلمانوں کی موجودہ پستی اور ان کی موجودہ ذلت خواری اور ناداری پر نہ دکھتا ہو اور کون سی آنکھ ہے جو ان کی غربت و مفلسی، بے روزگاری پر آنسو نہ بہاتی ہو؟ حکومت ان سے چھن گئی، دولت سے محروم ہیں، عزت وقار ان کا ختم ہو چکا، زمانے کی ہر مصیبت کا شکار مسلمان بن رہے ہیں۔ ان کو دیکھ کر درد مندوں کا کلیجہ منہ کو آتا ہے، مگر اے مسلمانو! فقط رونے اور دل دکھانے سے کام نہیں چلتا، بلکہ یہ ضروری ہے کہ اس کے علاج پر خود غور کرو۔ آج ہمارا یہ حال ہے کہ ہماری بادشاہت گئی، عزت گئی، دولت گئی، وقار گیا۔ ان سب کی صرف اور صرف ایک وجہ یہ ہے کہ ہم نے شریعتِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی چھوڑ دی۔ ہماری زندگی اسلامی نہ رہی۔ مسجدیں ہماری ویران، ہر قسم کے عیوب مسلمانوں میں موجود، ہندوانی رسمیں ہم میں قائم، پھر ہم کس طرح عزت پا سکتے ہیں؟ مسلمانوں کی اصل بیماری تو شریعت مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم کو چھوڑنا ہے۔ اب اس کی وجہ سے اور بہت سی بیماریاں پیدا ہو گئیں ہیں۔ مسلمانوں کی بیماریاں تین قسم میں منحصر ہیں:
اولاً تو روزانہ نئے نئے مذہبوں کی پیداوار اور ہر آواز پر مسلمانوں کا آنکھیں بند کر کے چل پڑنا۔
دوسرے مسلمانوں کے آپسی اختلافات اور مقدمہ بازیاں اور آپس کی عداوت۔
تیسرے یہ کہ ہمارے باپ داداؤں کی ایجاد کی ہوئی خلافِ شریعت یا فضول رسم و رواج
ان تینوں قسم کی بیماریوں نے مسلمانوں کو تباہ کر ڈالا، برباد کر ڈالا، گھر سے بے گھر بنا دیا اور مقروض کر دیا۔ غرض ذلت کے گڑھے میں دھکیل دیا۔ ان بیماریوں کا علاج یہ ہے کہ اگرچہ کپڑا نیا پہنو، مکان عمدہ بناؤ، اچھی سے اچھی غذائیں کھاؤ، ہر دنیاوی کام نئے نئے کرو، مگر دین وہی 1400 برس قبل والا اختیار کرو، جو ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمارے پسند فرمایا۔ اس کا حل یہ ہے کہ ہر مذہب کی صحبت سے بچو۔ اس انسان کے پاس بیٹھو جس کے پاس بیٹھنے سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عشق اور اتباعِ شریعت کا جذبہ پیدا ہو۔
سید ابوالاعلی مودودی رحمت اللہ علیہ کی مشہور کتاب تفہمات صفحہ نمبر 317 میں لکھا ہے کہ مسلمانوں کی تباہی کا اصل سبب روایات نہیں، بلکہ نفسانیت اور عصبی جاہلیت اور فروغ کو اصول سے بڑھ کر اہمیت دینے کی حماقت اور کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ کو چھوڑ کر اپنے مزعومات میں حد سے زیادہ غلو کرنے کی عادت اور نئے نئے طریقے ایجاد کرنے کا شوق ہے۔
مسلمانو! کاش تم اپنی اولاد کے نکاح کے لیے خاتون جنت شہزادی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالی عنہا کے نکاح پاک کو نمونہ بناتے، لیکن افسوس آج مسلمان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت علی وحضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ تعالی عنھما کی محبت کا دعوی تو ضرور کرتے ہو، لیکن عمل ان کے طریقے پر کرنے کے لیے تیار نہیں ہو۔
خدا کی قسم اگر سرکار کون و مکاں علیہ وسلم کی مرضی مبارک ہوتی کہ میری لختِ جگر کی شادی بڑی دھوم دھام سے ہو تو دنیا کی ہر نعمت آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی صاحبزادی کے قدموں میں لا کر رکھ دیتے اور اگر حضور صحابہ کرام کی شادی کے موقع پر دھوم دھام کرنے کا حکم فرما دیتے تو اس کے لیے حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا خزانہ موجود تھا جو ایک ایک جنگ کے لیے ہزار ہزار اونٹ اور لاکھوں اشرفیاں حاضر بارگاہ کر دیتے، لیکن چوں کہ منشا یہ تھا کہ قیامت تک یہ شادی مسلمانوں کے لیے نمونہ بن جائے، اس لیے نہایت سادگی سے اسلامی رسم ادا کی گئی۔
سرکار کون و مکاں علیہ وسلم کی شہزادی فاطمہ زہرا کی شادی کا نمونہ مختصر انداز میں ملاحظہ ہو۔ حضرت علی سب سے پہلے اسلام لانے والوں میں سے تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے دل میں علی کے لیے بڑی جگہ تھی۔ ایک دن ڈرتے ڈرتے حضرت علی رضی اللہ عنہ حضور کی خدمت میں حاضر ہوئے اور بیٹھ گئے اور بہت شرمائے سے تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بڑی شفقت سے پوچھا: کیا بات ہے؟ کیسے آنا ہوا؟ حضرت علی رضی اللہ عنہ کانپتی ہوئی آواز میں ڈرتے ہوئے کہا: حضور! میں فاطمہ بنت رسول اللہ علیہ وسلم کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا مبارک چہرہ خوشی سے دمک اٹھا۔ فرمایا: خوب بہت! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے درخواست منظور کر لی۔ دوسری صبح کو حضرت علی رضی اللہ عنہ پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی سے پوچھا: مہر کے لیے کچھ ہے تمہارے پاس تو حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ نے جواب دیا: نہیں، یا رسول اللہ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: خطمیہ ذرہ کیا ہوئی (جنگ میں جیتا ہوا ہتھیار) جو جنگ بدر میں ہاتھ آئی تھی؟ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے کہا: حضور! وہ موجود ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بس وہ کافی ہے۔ پھر حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ اس ذرہ کو لے کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو فروخت کرنے کا حکم دیا، تاکہ اس سے حاصل ہونے والی رقم سے شادی کا سامان ہو سکے حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ جب وہ ذرہ فروخت کرنے کے لیے گئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشہور صحابی اور داماد حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالی عنہ نے وہ ذرہ 4700 درہم میں خرید لی اور حضرت علی رضی اللہ عنہ نے وہ رقم لے جا کر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پیش کی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس رقم سے عطر اور خوشبو خریدا اور بقیہ رقم ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہ کو دے دی کہ وہ دلہن کے لیے سامان خرید لیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی صاحبزادی سے مرضی معلوم کر لی اور پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم باہر تشریف لائے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بڑی تعداد میں جمع تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ پڑھا اور ایک طبق کھجور منگوا کر مہمانوں کی ضیافت کی اور پھر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کو مخاطب کیا اور فرمایا: علی! اللہ تعالی نے مجھے حکم دیا ہے کہ میں فاطمہ کو تم سے بیاہ دوں، تو میں نے تم سے بیاہ دیا۔
آپ نے 400 مثقال چاندی مہر مقرر کیا۔ یہ تھی سیدہ عالم کی شادی کی تقریب جو حسن، سادگی، وقار اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاؤں کے ساتھ انجام پذیر ہوئی۔
نبی کے اس اسوہ کو ہمیں اپنانا چاہیے اور نہایت سادگی سے نکاح کی اس سنت کو ادا کرنا چاہیے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments