قدرت کے فیصلوں سے شکایت نہیں مجھے
اور بندگان رب سے عداوت نہیں مجھے
حق کہہ دیا تو اس کی ندامت نہیں مجھے
اپنے کیے پہ کوئی خجالت نہیں مجھے
میں آشنا ہوں دہر سے، حیرت نہیں مجھے
اب لفظ زہر سے بھی کراہت نہیں مجھے
اک سچ کی روشنی ہے مری رہ گزر کے ساتھ
باطل کی ظلمتوں سے بھی وحشت نہیں مجھے
عادی ہوں راہ حق میں، میں سنگ اور خار کی
وحشت نہیں، الم نہیں ، حیرت نہیں مجھے
جو کچھ ملا ہے زیست میں قسمت کا فیض ہے
تقدیر سے تو کوئی شکایت نہیں مجھے
جو لوگ راہ حق میں بچھاتے رہے ہیں خار
ان کے عمل سے کوئی شکایت نہیں مجھے
میں نے جلا کے خود کو چراغوں کو دے دیا
حق کی ضیا چھپانے کی عادت نہیں مجھے
ہر درد دے گیا ہے بصیرت نئی مجھے
دل میں کسی سے کوئی کدورت نہیں مجھے
موسم کی سختیوں سے میں بکھری نہیں کبھی
فصل خزاں سے کوئی شکایت نہیں مجھے
لوگوں کے تلخ لہجوں کو سمجھا ہے میں نے درس
اب زخم زخم ہوکے بھی وحشت نہیں مجھے
ہر موڑ پر ضمیر نے تھاما ہے دل مرا
راہ خطا میں جانے کی عادت نہیں مجھے
لفظوں کے وار سہہ کے سنورنے لگی ہوں میں
لہجوں سے اب کوئی بھی اذیت نہیں مجھے
کرکے انا کا قتل بھی، شیریں ہوں خوش بہت
اب فتح ہو کہ ہار، خجالت نہیں مجھے
جو تلخ سچ ہے، ذوق کا اظہار ہے مرے
شیریں منافقت کی تو عادت نہیں مجھے
٭ ٭ ٭

![Sukhn Sarapa [Ghazal]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/04/Sukhn-Sarapa-Ghazal.jpg)
بہت اچھے اس غزل سے بڑی ہمت مل رہی ہے معاشرے میں جینے کی۔