بچے تنہائی میں دل سے باتیں کیوں کرتے ہیں؟

کیا آپ نے کبھی بچوں کو دل سے باتیں کرتے دیکھا ہے؟ دل سے باتیں کرتے ہوئے بچے آپ کے لیے تنہا ضرور ہیں، لیکن ان کے تخیل میں ایک پوری دنیا بسی ہوئی ہوتی ہے۔ آپ اپنا بچپن یاد کیجیے جہاں آپ نے ایک ایسی تصوراتی دنیا بسائی تھی، جہاں آپ کے کچھ نامعلوم دوست رہتے تھے جو صرف آپ کو نظر آتے تھے؟ یا شاید آپ کے خاندان میں کوئی ایسا بچہ ہو جسے دیکھ کر آپ کو لگتا ہو کہ وہ کسی وہم کا شکار ہے، کیوں کہ وہ اکثر اپنے آس پاس موجود کسی ایسے دوست سے باتیں کرتا دکھائی دیتا ہے جو حقیقت میں وہاں ہوتا ہی نہیں ہے۔ اس بچے نے نہ صرف اس غیر مرئی دوست کا نام رکھا ہوتا ہے، بلکہ اس کے ذہن میں اس کے کپڑوں اور بالوں کا انداز بھی پوری طرح واضح ہوتا ہے۔ یہ بچے کے تخیل میں ایک کردار ہوتا ہے جس سے وہ باتیں کرتا ہے۔
اگر آپ نے ایسا کچھ دیکھا ہے آپ کا بچہ بھی دل سے باتیں کررہا ہے یا تنہائی میں اپنے دوستوں کے نام کے ساتھ مخاطب ہے، تو گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں۔ درحقیقت یہ اس بات کی علامت ہے کہ بچے کی تخیلاتی اور تخلیقی صلاحیتیں بہترین انداز میں پروان چڑھ رہی ہیں۔
دماغ کا خود کار نظام بچے کے تخیل و تصور کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے، لیکن یہ بھی المیہ ہے کہ موبائل کے استعمال نے بچوں سے تنہائی چھین لی ہے، جس سے ان کے تصور و تخیل کا نظام کم زور پڑ گیا ہے۔
نفسیاتی تحقیق بتاتی ہے کہ یہ رویہ عموماً تین سے سات سال کی عمر کے درمیان ظاہر ہوتا ہے اور زیادہ تر بچوں میں چھ سال کی عمر تک خود بہ خود ختم ہو جاتا ہے، لیکن اگر یہ سلسلہ اس کے بعد بھی جاری رہے تو یہ کوئی پریشانی کی بات نہیں۔ اکثر بچے اس بات سے بہ خوبی واقف ہوتے ہیں کہ ان کے یہ دوست حقیقی نہیں ہیں، لیکن وہ اپنے دلی سکون اور جذباتی اطمینان کے لیے ان کا تصور باقی رکھتے ہیں۔ اکثر بچے تنہا کھیلتے ہوئے یا کبھی کبھی واش روم میں حاجت سے فراغت کے وقت اپنے دوست سے بات کرتے ہیں۔ کبھی تخیل میں اسکول بناتے ہیں۔ خود ٹیچر بن جاتے ہیں، استاد کے مکمل کردار میں ڈھل جاتے ہیں اور بچوں سے استاد کے انداز میں مخاطب ہوتے ہیں۔
بچوں میں یہ رجحان دراصل دماغی نشوونما کا ایک فطری طریقۂ کار ہے جو انھیں سماجی رویوں کو سمجھنے، اپنی لسانی صلاحیتوں کو نکھارنے اور قوتِ اظہار کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ جب بچوں کو حقیقی دنیا میں لوگوں سے گھلنے ملنے کے مواقع کم ملتے ہیں، تو وہ تنہائی اور بوریت سے بچنے کے لیے اپنے ذہن کی اختراع سے یہ غیر مرئی دوست تخلیق کر لیتے ہیں۔ بعض اوقات بچے کسی پالتو جانور کا تصور قائم کر لیتے ہیں، تو کبھی بے جان چیزوں کو اپنا دوست مان کر ان سے دل کی باتیں کرنے لگتے ہیں۔ یہ سب ایک نارمل اور صحت مندانہ عمل ہے۔ اس کے فوائد جاننے کے بعد آپ گھبرانے کے بجائے جو بچہ سیلف انجوائے نہیں کرتا اور موبائل میں مصروف ہوتا ہے، اس سے آپ کو شکایت ہونے لگے گی۔ اس کے فوائد درج ذیل ہیں:

(1) تخیل کی مضبوطی
(Imagination development)

اس عمر میں دماغ خاص طور پر تخلیقی ہوتا ہے۔ بچہ کہانیاں، کردار اور فرضی دنیا بناتا ہے۔ یہ ذہنی نشوونما کی علامت ہے۔ تنہائی میں وہ باتیں کرتا ہے جو وہ سوچتا ہے، دوست سے کہنا چاہتا ہے۔ تصور میں دوست کا کردار مکمل ہیولے کے ساتھ ہوتا ہے۔ گفتگو میں ٹھہراؤ آتا ہے، قوت اظہار پروان چڑھتی ہے اور اپنی بات سمجھانے کی کوشش کرتا ہے۔

(2) جذبات کا اظہار
(Emotional expression)

بچہ اپنے ڈر، خوشی، غصہ یا خواہشات اس خیالی دوست کے ذریعے ظاہر کرتا ہے، خاص طور پر جب وہ الفاظ میں سب کچھ واضح نہ کر سکے یا وہ حقیقی ملاقات میں نہ کہہ سکے۔ اس ادھوری گفتگو کو تنہائی میں دوست کے تصور سے مکمل کرلیتا ہے، گویا اپنی تشنگی کو بجھاتا ہے۔

(3) اکیلاپن یا توجہ کی ضرورت

اگر بچہ زیادہ وقت اکیلا گزارتا ہے یا والدین مصروف ہوں تو وہ اپنے لیے ساتھی بنا لیتا ہے۔چار سال کی عمر سے بچوں کو اپنے ہم جولیوں کا گروہ چاہیے۔ یہ اس کی ارتقائی منازل کا تقاضا ہے۔ اگر والدین کم گو ہوں یا فرصت کم ہو اور بچے کا ہم عمر گروہ نہ ہو تو بچہ اپنی سوشل ٹریننگ کو اس طرح مکمل کرتا ہے۔

(4) سماجی مشق (Social practice)

یہ ایک طرح کی پریکٹس ہوتی ہے۔ بچہ سیکھ رہا ہوتا ہے کہ بات کیسے کرنی ہے؟ شیئر کیسے کرنا ہے یا جھگڑا کیسے حل کرنا ہے؟ اپنی بات کیسی سمجھانی ہے؟ ہدایت کیسی دینی ہے؟ کبھی کبھی وہ انسٹریکٹر ہوتا ہے، حکم جاری کرتا ہے۔ کبھی تصور میں اپنے دوست سے بہت دوستانہ انداز میں بات کرتا ہے، کبھی لڑائی کی بات کا جواب دے رہا ہوتا ہے۔

(5) کنٹرول اور خود اعتمادی

خیالی دوست کے ساتھ بچہ خود کو طاقت ور محسوس کرتا ہے، کیوں کہ وہ اس دنیا کو خود کنٹرول کرتا ہے۔ وہ اپنی محرومی پر قابو پاتا ہے اور جو چاہتا ہے وہ بات کرنے لگتا ہے۔
خیالی دوست بنانا انسانی ذہن کی نشوونما کا ایک انتہائی خوبصورت اور امتیازی پہلو ہے، لیکن افسوس کہ آج کی برقی اور مصنوعی دنیا اس نایاب انسانی تجربے کو نگلتی جا رہی ہے۔ موجودہ دور میں جیسے ہی بچے کو ذرا سی بوریت محسوس ہوتی ہے، فوراً اس کے ہاتھ میں موبائل فون تھما دیا جاتا ہے۔ بچہ اپنی بوریت کا خود حل نہیں نکلتا، اس طرح اس کے مسئلے کو ازخود حل کرنے کی صلاحیت مجروح ہوتی ہے۔ وہ فوراً بوریت کو موبائل سے دور کرنے کی کوشش میں شارٹس اور ریلز کی نہ ختم ہونے والی یلغار میں پھنس جاتا ہے اور اس کے پاس اتنا وقت ہی نہیں بچتا کہ وہ بوریت محسوس کریں اور ان کا ذہن کوئی نیا تخیل یا خیالی دوست تراش سکے۔ یہ صورت حال ایک اہم سوال کو جنم دیتی ہے کہ کہیں یہ جدید ٹیکنالوجی ہمارے بچوں کی دماغی نشوونما اور تخلیقی ترقی کی راہ میں رکاوٹ تو نہیں بن رہی؟ کیا مستقبل میں ہمارے بچے واقعی سمارٹ بنیں گے، یا یہ سمارٹ ڈیوائسز انھیں ذہنی طور پر مفلوج اور احمق بنا رہی ہیں؟ وہ اپنے مسائل کو حل کرنے کے بجائے کسی تعاون یا غیبی ہاتھ کے متمنی ہوں گے۔
تخیلاتی دوست سے گفتگو بچے کی نشوونما سے جڑی ہوتی ہے، بہ شرط یہ کہ یہ حد سے تجاوز نہ کرے۔ تشویش کی بات صرف تب پیدا ہوتی ہے جب بچہ اپنی خیالی دنیا میں اس قدر مگن ہو جائے کہ حقیقت سے اس کا ناطہ ہی ٹوٹ جائے، یا پھر وہ جارحانہ رویہ اپنانے لگے اور اپنے ہی خیالی دوستوں سے خوف زدہ یا پریشان رہنے لگے۔
برطانیہ میں ہونے والے ایک حالیہ سروے نے اس خطرے کی تصدیق کی ہے۔ تحقیق کے مطابق محض پچھلے پانچ سالوں کے دوران بچوں میں خیالی دوست بنانے کی صلاحیت میں واضح اور تشویش ناک کمی واقع ہوئی ہے۔ ہم سب یہ سوچتے ہیں کہ بوریت ایک بری چیز ہے اور کوئی اسے پسند نہیں کرتا، لیکن حقیقت میں یہی وہ خاموشی ہے جو انسان کے اندر تخیل اور تخلیق کے بیج بوتی ہے۔ جب آپ کے پاس کرنے کے لیے کچھ نہیں ہوتا، تبھی آپ کا دماغ آوارہ خیالی کی ان وادیوں میں نکلتا ہے جہاں سے تخلیقیت کے سوتے پھوٹتے ہیں۔ مگر افسوس کہ سمارٹ فونز نے نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کی زندگیوں سے بھی ان قیمتی لمحات اور بوریت کے ان مواقع کو یکسر چھین لیا ہے جو کبھی ہمارے ذہنوں کو زرخیز کیا کرتے تھے۔
آج کل بچوں میں خیالی دوست (imaginary friend) یا اکیلے بیٹھ کر خود سے باتیں کرنے کا رجحان پہلے کے مقابلے میں کچھ کم نظر آتا ہے۔ خیالی دوست سے گفتگو کم ہونے کا پہلا سبب تو اسکرین ٹائم ہے۔

اسکرین ٹائم میں اضافہ

موبائل، ٹی وی اور ٹیبلیٹ نے بچوں کی توجہ پوری طرح لے لی ہے۔ پہلے بچہ خود کہانیاں بناتا تھا، اب اسے تیار کہانیاں (cartoons, videos) مل جاتی ہیں، جس نے تخیل (imagination) کی تربیت کو بری طرح متاثر کیا اور حقیقی طور پر زمینی واقعات کی نسبت ویڈیوز میں دکھائی جانے والی غیر حیقیقی تخیلات، جیسے چاکلیٹ کی دنیا چاکلیٹ کے پیڑ پودوں نے لے لی۔

مصروف اور شیڈیولڈ زندگی

اب بچوں کا دن اسکول، ٹیوشن، ایکٹیویٹیز سے بھرا ہوتا ہے۔ انھیں بور ہونے یا اکیلے کھیلنے کا وقت کم ملتا ہے۔ نظم و ضبط کی رسیوں سے بچوں کو باندھ دیا گیا۔ اب انھیں وقت ہی نہیں ملتا، جب کہ یہی وقت خیالی دوست بنانے میں مدد دیتا ہے اور حقیقی زندگی کے تصورات اور تخیلات کو جلا بخشتا تھا۔

والدین کا اندازِ پرورش

آج کل والدین زیادہ رئیلسٹک اور کنٹرولڈ ماحول دیتے ہیں۔ پیرینٹنگ کے نام پر مکمل کنٹرول رکھتے ہیں اور دوسرے بچوں سے تقابل کرتے ہیں۔ بچے کی بات نہیں سنتے، فوراً روک ٹوک کا مزاج ہوتا ہے۔ کبھی کبھی بچہ کچھ imaginative بات کرے تو فوراً کہا جاتا ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوتا۔ اس سے بچہ اپنی تخیل کو دبانا سیکھ لیتا ہے۔

چھوٹے خاندان اور کم سوشل انٹریکشن

پہلے مشترکہ خاندان (joint family) اور گلی محلوں میں کھیل زیادہ تھا۔ اب نیوکلئیر فیملی اور انڈور لائف ہے۔ بچہ یا تو اکیلا اسکرین پر ہوتا ہے یا محدود سوشل دائرہ رکھتا ہے۔

جلدی بالغ بننے کا دباؤ

آج کل بچوں پر جلدی سیکھنے، اچھا پرفارم کرنے اور سمجھ دار بننے کا دباؤ ہوتا ہے۔ imaginative کھیل کم ہوتا جارہا ہے۔ پہلے سادہ کھلونوں سے بچہ خود کہانی بناتا تھا، اب گیمز اور کھلونے پہلے سے scripted ہوتے ہیں۔ نتیجتاً بچوں میں تخلیقی سوچ کی گنجائش کم رہ جاتی ہے۔
والدین بچوں کو فری ٹائم دیں کہ وہ اپنے کھیل میں جدت لاسکیں، دل سے باتیں کر سکیں، دل کی محفل جماسکیں، ان کے تصورات مضبوط ہوں اور بچہ اسکرین پر دکھائی جانے والی غیر حقیقی دنیا سے دور اور آنکھوں دیکھی حقیقتوں سے آشنا ہوسکے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے