کیمپس کلچر :تعمیرِ شخصیت کا سنگِ بنیاد
یونیورسٹی اور کالج کے کیمپس کسی بھی قوم کی محض تعلیمی درسگاہیں نہیں، بلکہ وہ فکری نرسریاں ہیں جہاں مستقبل کی فصل تیار ہوتی ہے۔ ان ایوانوں کا اصل مقصد صرف نصابی کتب کی تدریس اور ڈگریوں کا حصول نہیں، بلکہ یہ وہ مقدّس مقامات ہیں جہاں نوجوان ذہنوں میں خوابوں کی آبیاری ہوتی ہے، دلوں میں جذبوں کے چراغ روشن کیے جاتے ہیں اور انسان کے کردار کو ایک متعین سمت عطا کی جاتی ہے۔ بلاشبہ کلاس روم کے لیکچرز، لائبریری کے گوشوں میں بکھری خاموش سطریں اور اساتذہ کی مشفقانہ رہنمائی علمی پختگی کے لیے ناگزیر ہیں، مگر حقیقت کی آنکھ سے دیکھا جائے تو طالب علم کی شخصیت پر اس سے کہیں زیادہ گہرا اثر اس غیر رسمی ماحول کا ہوتا ہے جو کیمپس کی فضاو ٔں میں ہمہ وقت رقصاں رہتا ہے۔
کیمپس کی پرشور راہ داریوں میں ہونے والے مکالمے، کیفے ٹیریا کی فکری محفلیں، ہاسٹل کے کمروں کی بے تکلف گفتگو، کھیل کے میدانوں کی تگ و دو اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر جاری بحث و مباحثہ،یہ وہ حقیقی تجربہ گاہیں ہیں جہاں طالب علم کی اصل شخصیت نمو پاتی ہے۔ یہیں ان کا شعور بلوغت کی دہلیز پر قدم رکھتا ہے، نظریات کی تشکیل ہوتی ہے، سماجی تعلقات کا ہنر سیکھا جاتا ہے اور اخلاقی رویے ایک مستقل قالب میں ڈھلتے ہیں۔ یوں سمجھیں کہ کتب طالب علم کے ذہن کو معلومات سے منور کرتی ہیں، لیکن کیمپس کا مخصوص کلچر اس کے دل و دماغ کو طرزِ فکر اور طرزِ زندگی سے آشنا کرتا ہے۔
چنانچہ ’کیمپس کلچر‘ کو محض ایک اصطلاح سمجھنا تساہل ہوگا۔ دراصل یہ ایک تہذیبی رخ اور اجتماعی مزاج کا عنوان ہے۔ اگر یہ ماحول مثبت اقدار، علم دوستی، خدمتِ خلق، حیا اور مقصدیت کے نور سے معمور ہو، تو بنجر قومیں بھی جی اٹھتی ہیں۔ لیکن خدانخواستہ اگر یہی فضا غفلت، اخلاقی بے راہ روی، مادہ پرستی اور سطحی سوچ کی دھند میں گم ہو جائے، تو مستقبل کے معمار اپنی بنیادوں ہی سے کھوکھلے ہو کر رہ جاتے ہیں۔
اسی تناظر میں کیمپس میں گزارا گیا ہر لمحہ طالب علم کے لیے صرف وقت کا زیاں یا گزارا نہیں، بلکہ ایک مسلسل اخلاقی امتحان ہے۔ ایک ایسا امتحان جہاں اسے یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ اپنی جوانی کی توانائیوں کا رخ کس جانب موڑتا ہے؟ اس کی صحبت کن لوگوں سے ہے؟ اور وہ اپنے علم کو کس عظیم مقصد کی بھٹی میں تپاتا ہے؟ یہ فیصلہ صرف ایک فرد کے مستقبل کا نہیں، بلکہ پوری ملت کے عروج و زوال کا فیصلہ ہے۔ نوجوانوں کو یہ ادراک ہونا چاہیے کہ کیمپس کی راہ داریوں میں اٹھنے والا ان کا ہر قدم ایک نقشِ راہ ہے، جس کی سمت پر آنے والی نسلوں کے سفر کا انحصار ہے۔
کیمپس کلچر: حقیقت، مظاہر اور اثرات
کیمپس کلچر محض چند عادات یا مشاغل کا مجموعہ نہیں، بلکہ یہ وہ تہذیبی پرتو (Cultural Reflection) ہے جو تعلیمی اداروں کی فضا میں پروان چڑھتا اور بالآخر طالب علم کی شخصیت کا جزوِ لاینفک بن جاتا ہے۔ افسوس کہ آج ہماری درس گاہوں میں مقصدیت اور علم دوستی کا سورج گہنا رہا ہے اور اس کی جگہ بے سمتی اور سطحیت کی دھند گہری ہوتی جا رہی ہے۔ کتابوں سے رشتہ کمزور اور نمائش سے تعلق استوار ہو چکا ہے۔ آئیے! ان عوامل کا تجزیہ کریں جو خاموشی سے ہماری نسلِ نو کے فکری ڈھانچے کو تبدیل کر رہے ہیں۔
(۱) فیشن پرستی: جوہرِ اخلاق پر مادیت کا غلبہ
آج کا طالب علم اپنی شناخت علم و حکمت کے بجائے ظاہری ٹپ ٹاپ اور برانڈز کی مرہونِ منت سمجھنے لگا ہے۔ وہ تعلیمی ادارے جو سادگی اور فکری بلندی کے مراکز ہونے چاہیے تھے، آج مہنگے موبائل فونز اور برانڈڈ ملبوسات کی نمائش گاہ بن چکے ہیں۔ جب امتیاز کی وجہ اخلاق و کردارکے بجائے نمود و نمائش بن جائے، تو ذہنوں میں تعمیری سوچ کے بجائے احساسِ کمتری اور مادہ پرستی جنم لیتی ہے۔ یوں تعلیم، جو روح کی بالیدگی کا ذریعہ تھی، محض ایک سماجی رتبے (Social Status) اور کاغذ کے ٹکڑے (ڈگری) کے حصول تک محدود ہو کر رہ جاتی ہے۔
(۲) ڈیجیٹل سراب: سوشل میڈیا کی سحر انگیزی
یونیورسٹی کے وہ کیفے ٹیریا اور لان، جہاں کبھی افلاطون و ارسطو کے افکار اور قومی نظریات پر بحث ہوا کرتی تھی، آج وائرل کنٹینٹ، ٹرینڈز،ریلزاور سیلفیزکی بحث کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔
سوشل میڈیا نے بہ ظاہر دنیا کو ایک گلوبل ویلیج بنا دیا ہے، مگر حقیقت میں اس نے طالب علم کو فکری تنہائی اور ذہنی پراگندگی کا شکار کر دیا ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ اسکرین سے یہ والہانہ وابستگی طلبہ میں توجہ کی کمی (Lack ofo Focus)، اضطراب اور سطحیت پسندی کو فروغ دے رہی ہے۔ وہ وقت جو تحقیق اور جستجو میں صرف ہونا تھا، وہ لایعنی ٹرینڈز کی بھینٹ چڑھ رہا ہے۔
(۳) آزادی کے نام پر بے راہ روی
جدیدیت اور روشن خیالی کے لبادے میں آزادانہ میل جول اور غیر ضروری تعلقات کو کیمپس لائف کا لازمی جز قرار دے دیا گیا ہے۔ وقتی جذبات کی تسکین اور دل لگی کے اس کھیل نے نوجوانوں کو ان کے اصل نصب العین سے بے گانہ کر دیا ہے۔
یہ عارضی مسرتیں نہ صرف اخلاقی اقدار کو پامال کرتی ہیں بلکہ طالب علم کو ایک ایسے ذہنی خلفشار میں مبتلا کر دیتی ہیں، جہاں سے واپسی کا راستہ علمی معراج کے بجائے فکری زوال کی طرف جاتا ہے۔ یہ آزادی نہیں، بلکہ خواہشات کی وہ اسیری ہے جو مستقبل کے معماروں کو اپنی ہی بنیادوں سے کاٹ دیتی ہے۔
(۴) طلبہ یونینز: قیادت سے گروہ بندی تک
طلبہ تنظیموں کا اصل مقصد تو معاشرے کو نظریاتی قیادت فراہم کرنا اور خدمتِ خلق کا جذبہ بیدار کرنا تھا، مگر آج کی تنظیمیں طاقت کے نشے، گروہی مفادات اوردل لبھانے والے نعروں تک سمٹ گئی ہیں۔
ایثار، قربانی اور اخلاص جیسے جوہر اب سیاست کے بازار میں نایاب ہیں۔ جہاں قلم اور دلیل کی حکمرانی ہونی چاہیے تھی، وہاں اب پروپیگنڈا اور ذاتی برتری کا دور دورہ ہے۔ اس منفی سیاست نے تعلیمی ماحول کے تقدس کو مجروح کیا ہے اور حقیقی قیادت کا خلا پیدا کر دیا ہے۔ مزید برآںکہ ہمارے تعلیمی اداروں کا یہ مخصوص کلچر اب مقصدیت اور تعمیرِ شخصیت کے بجائے آہستہ آہستہ سطحیت اور خطرناک سماجی برائیوں کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے۔ کیمپس کی فضاؤں میںچند مہلک رجحانات بڑی تیزی سے جڑ پکڑ رہے ہیں، جن میں کیمپس میں سگریٹ نوشی کو اب ایک فیشن اور جدیدیت کی علامت بنا کر پیش کیا جاتا ہے، جو درحقیقت شراب اور دیگر مہلک منشیات کی جانب پہلا قدم ثابت ہوتا ہے۔ اسی طرح، ٹیکنالوجی کے غلط استعمال نے آن لائن گیمنگ اورڈیجیٹل سٹہ بازی (آن لائن گیمز میں پیسے لگانا) کو ایک نئی شکل دے دی ہے۔ جوئے کی یہ مختلف صورتیں نہ صرف طلبہ کو معاشی طور پر دیوالیہ کر رہی ہیں بلکہ انہیں ذہنی طور پر مفلوج کر کے محنت کے جذبے سے بھی محروم کر رہی ہیں۔
جدید آزادی کے ادھورے اور لایعنی تصور نے نوجوانوں کو ان کے محسن والدین سے بھی دور کر دیا ہے۔ علم کا اولین تقاضا توادب اور تواضع تھا، لیکن آج کیمپس کلچر میں والدین کی مشفقانہ نصیحتوں کو ’دقیانوسی‘ قرار دے دیا گیا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ والدین کی نافرمانی اور ان سے بغاوت کو اب خود اعتمادی اورانفرادیت کا نام دے کر فخر سے جیا جاتا ہے، جو کہ ایک عظیم تہذیبی زوال کی علامت ہے۔
جب کسی تعلیمی ادارے میں عزت اور برتری کا معیار علم و کردارکے بجائے مہنگے لباس، برانڈڈ اشیاءاور نمود و نمائش بن جائے، تو وہاں سے حقیقی علم کی برکتیں رخصت ہو جاتی ہیں۔ مادہ پرستی کے اس غلبے نے طالب علم کو ایک ایسی دوڑ میں لگا دیا ہے جہاں وہ اپنی باطنی خوبیوں کو نکھارنے کے بجائے اپنی ظاہری چمک دمک اور مصنوعی تشخص کو سنوارنے میں ہلکان رہتا ہے۔
حاصل: فکری و اخلاقی بانجھ پن
یہ تمام عوامل،خواہ وہ فیشن پرستی ہو، ڈیجیٹل نشہ ہو یا اخلاقی لغزشیں،باہم مل کر ایک ایسے فکری بانجھ پن کو جنم دے رہے ہیں جو قوموں کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ جب کیمپس کا کلچر مقصدیت سے خالی ہو جاتا ہے، تو معاشرہ ایسے افراد پیدا کرتا ہے جو ڈگریاں تو رکھتے ہیں مگر وژن سے محروم ہوتے ہیں۔
یاد رکھیے! کیمپس کلچر محض طالب علم کی زندگی کا ایک دور نہیں، بلکہ یہ ایک سمت ہے۔ اگر یہ سمت درست ہے تو قوم کا مستقبل روشن ہے اور اگر یہاں لغزش آ گئی تو پوری نسل اندھیروں کا لقمہ بن سکتی ہے۔
شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے اسی نوجوان کو پکارا تھا:
نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر
تو شاہیں ہے، بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں
ڈیجیٹل آوارہ گردی: کیمپس کلچر کی نئی سرحدیں اور خودی کا بحران
کیمپس کلچر اب صرف یونیورسٹی کی چار دیواری، کینٹین کی میزوں اور لائبریری کے گوشوں تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس کا ایک بڑا حصہ اب طلبہ کی جیبوں میں موجود موبائل اسکرینوں پر منتقل ہو چکا ہے۔ آج کا طالب علم جسمانی طور پر تو کلاس روم میں موجود ہوتا ہے، مگر فکری اور جذباتی طور پر وہ ان ڈیجیٹل راہداریوں میں سرگرداں رہتا ہے جہاں نہ کوئی منزل ہے اور نہ کوئی متعین مقصد۔ اسی فکری و اخلاقی بے سمتی کو ہم ’ڈیجیٹل آوارہ گردی‘ کا نام دیتے ہیں، جو اب ہمارے کیمپس کلچر کا ایک ایسا تاریک پہلو بن کر ابھری ہے جس نے طالب علم کی ذہنی یکسوئی اور اخلاقی حساسیت کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ یہ ایک نہایت نازک اور فکر انگیز پہلو ہے۔
یہ آوارہ گردی بہ ظاہر خاموش ہے مگر اس کے اثرات انتہائی گہرے ہیں۔ یہاں قدم سڑکوں پر نہیں بلکہ اسکرینوں پر بھٹکتے ہیں اور قیمتی وقت راہ داریوں کے بجائے لایعنی ’اسکرولنگ‘کی نذر ہو جاتا ہے۔ اس ڈیجیٹل سراب کے تہہ در تہہ اثرات درج ذیل ہیں:
1۔ بزمِ کیمپس کا بکھرتا شیرازہ اور ہجوم میں بڑھتی ڈیجیٹل تنہائی
وہ کیفے ٹیریا جہاں کبھی علمی مباحثے، قومی و ملی نظریات پر گفتگو اور فکری تبادلہ خیال کی گرم جوشی ہوا کرتی تھی، آج وہاں ایک عجیب سی مردنی اور خاموشی طاری ہوتی ہے۔ ہر طالب علم اپنے اپنے گیجٹس میں قید اور اسکرین کی نیلی روشنی کا اسیر نظر آتا ہے۔ کیمپس کی حقیقی سماجی زندگی، جہاں کبھی زندگی سے بھرپور مکالمے ہوا کرتے تھے، اب اسٹیٹس اپ لوڈکرنے اور دوسروں کی مصنوعی زندگی میں ’ورچوئل مٹر گشتی‘ تک سمٹ کر رہ گئی ہے۔ یہ المیہ صرف وقت کا ضیاع نہیں بلکہ انسانی رشتوں کے لمس اور حقیقی مکالمے کی موت ہے، جو طلبہ کو ہجوم میں بھی تنہا کر رہی ہے۔
2۔ نوجوان طلبہ: بے سمتی اور قوتِ عمل کا زیاں
نوجوانوں کے لیے یہ ڈیجیٹل آوارہ گردی ایک مہلک نشے کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ وقت کا بے دریغ ضیاع، آن لائن گیمنگ کی لایعنی لت اور غیر ذمہ دارانہ مواد کی لامتناہی تلاش ان کی ذہنی و جسمانی توانائیوں کو نچوڑ رہی ہے۔ کیمپس میں جو وقت تحقیق، کتب بینی اور اپنی عملی صلاحیتوں کو صیقل کرنے میں صرف ہونا تھا، وہ اب لایعنی ویڈیوز اور سوشل میڈیا کے لغو بحث و مباحثے کی نذر ہو رہا ہے۔ یہ فکری انتشار نوجوانوں کو ان کے اصل منصب یعنی امت کی فکری قیادت سے دور کر کے انہیں ایک بے مقصد ہجوم میں بدل رہا ہے جس کے پاس جوش تو ہے مگر ہوش نہیں۔
3۔ نمائش کی نفسیات اور خودی کا بحران
کیمپس کلچر کے بدلتے ہوئے رنگوں میں ایک نہایت نازک پہلو نوجوان طلبہ کی ڈیجیٹل زندگی ہے۔ سوشل میڈیا نے نوجوان طلبہ کے اعصاب پر ایک ایسا مقابلہ سوار کر دیا ہے جس کا کوئی اختتام نہیں۔ یہ مقابلہ ہے خوبصورتی کا، فیشن کا، مصنوعی طرزِ زندگی اور جھوٹی مقبولیت کا۔
مختلف فلٹرز، اسٹوریز اور ریلز ایک ایسی طلسماتی دنیا تخلیق کرتی ہیں جہاں ہر کوئی اپنی بہترین جھلک دکھانے کے خبط میں مبتلا ہے۔ اس کا المیہ یہ ہے کہ شخصیت کا معیار علم، ذہانت اور سیرت و اخلاق کے بجائے لائکس اور فالوورزکی تعداد بن جاتا ہے۔ یہ رجحان خاموشی سے خود اعتمادی کو احساسِ کمتری میں بدل دیتا ہے۔ وہ لڑکا/لڑکی جو اپنی قابلیت اور اعلیٰ اخلاق پر ناز کر سکتے تھے، وہ اپنی ظاہری ساخت اور دوسروں کی سطحی رائے کی اسیر ہو کر رہ جاتے ہیں۔ یوں ان کی خودی (Self) اندرونی مضبوطی کے بجائے بیرونی توجہ (Validation) کی محتاج ہو جاتی ہے، جو ان کی شخصیت کے وقار پر ایک کاری ضرب ہے۔
4۔نام نہاد آزادی کا سراب اور متاعِ حیا ت
جدید تہذیب نے’اظہار ذات‘ (Self Expression) کے نام پر نمائش کے ایسے دروازے کھول دیے ہیں جہاں وقار اور حیا کہیں پیچھے چھوٹ گئے ہیں۔ اکثر اوقات بے باکی کو خود اعتمادی کا نام دیا جاتا ہے، حالاں کہ یہ درحقیقت دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کی ایک نفسیاتی پکار ہوتی ہے۔ اسلام نے عورت کو عزت اور حیا کا استعارہ بنایا ہے۔ حیا کوئی پابندی نہیں، بلکہ وہ اخلاقی ڈھال ہے جو انسان کو اپنی نظروں میں معتبر رکھتی ہے۔ جب نجی زندگی کی تشہیر اور غیر محتاط روابط عام ہو جائیں، تو اخلاقی حس ماند پڑنے لگتی ہے اور شخصیت کا توازن بگڑ جاتا ہے۔
5۔ ورچوئل تعلقات: جذباتی استحصال کی آماج گاہ
ڈیجیٹل دنیا کے تعلقات بہ ظاہر معصوم گفتگو سے شروع ہوتے ہیں، مگر اکثر جذباتی وابستگی کے ایسے جال میں بدل جاتے ہیں جہاں سے واپسی کا راستہ کٹھن ہوتا ہے۔ ایک ناتجربہ کار ذہن جب غیر محفوظ پلیٹ فارمز پر اپنے گہرے احساسات بانٹتا ہے، تو وہ خود کو سنگین نفسیاتی و اخلاقی خطرات کے حوالے کر دیتا ہے۔ان نقاب پوش شکاریوں کے حوالے کردیتا ہے جو فرضی شناختوں کے پیچھے بیٹھ کر طلبہ کے رازوں اور نفسیات سے کھیلتے ہیں۔تاہم خطرہ صرف ان انجان چہروں تک محدود نہیں، درحقیقت اصل نام اور پہچان کے ساتھ بھی اسلامی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے تعلقات استوار کرنا قطعاً ناجائز ہے۔ایسے بندھن نہ معاشرے میں وقار پاتے ہیں اور نہ ہی اسلام ایسے آزادانہ میل جول کو پسند کرتا ہے۔ توجہ کی طلب اور وقتی تنہائی کا احساس اسے ایسے فیصلوں پر مجبور کر دیتا ہے جن کا داغ عمر بھر دھویا نہیں جا سکتا۔ جسے محض تفریح سمجھا جاتا ہے، اس کا انجام اکثرڈیجیٹل بلیک میلنگ، شدید ذہنی دباؤ، اضطراب اور پچھتاوے جیسے سنگین مسائل پر ہوتا ہے۔
6۔ فکری پراگندگی اور اخلاقی حساسیت کا خاتمہ
جب ذہن ہر لمحہ نئے نوٹیفکیشنز کا منتظر رہے، تو وہ تحقیق کی گہرائی و گیرائی اور علم کی لذت سے محروم ہو جاتا ہے۔ اس ڈیجیٹل آوارہ گردی کا نتیجہ نہ صرف تعلیمی کارکردگی میں کمی کی صورت میں نکلتا ہے، بلکہ وہ اخلاقی حساسیت بھی ماند پڑ جاتی ہے جو ایک باشعور طالب علم کا اصل زیور اور اس کی شخصیت کا محافظ تھی۔ علم کا نور وہاں داخل نہیں ہوتا جہاں ذہن لایعنیت کا شکار اور فکری پراگندگی میں مبتلا ہو۔
7۔ موبائل اسکرین: ایک اخلاقی امتحان
وقت کا اہم تقاضا ہے کہ نوجوان اپنی قدر و قیمت کا معیار خود طے کریں۔ کیمپس کا امتحان صرف امتحانی ہال تک محدود نہیں، اس کا ایک بڑا معرکہ اسکرین کے اس پار برپا ہے۔ ہر طالب علم کو روزانہ یہ فیصلہ کرنا ہے کہ:
وہ کس مواد کو اپنے ذہن کی خوراک بنائے گا؟
وہ کن لوگوں سے رشتہ جوڑے گا اور کن سے فاصلہ رکھے گا؟
وہ اپنی ظاہری تصویر پیش کرے گا یا اپنی باطنی شخصیت سنوارے گا؟
طلبہ کا اخلاقی امتحان: دو راستے، ایک انتخاب
کالج یا یونیورسٹی کی دہلیز پر قدم رکھنے والا ہر طالب علم محض نصابی کتب، اسائنمنٹس اور گریڈز کے حصار میں نہیں ہوتا، بلکہ وہ ایک ایسے خاموش اور ہمہ گیر امتحان سے گزر رہا ہوتا ہے جو اس کی پوری زندگی کے رخ کا تعین کرتا ہے۔ یہ امتحان کاغذ اور قلم کا مرہونِ منت نہیں، بلکہ کردار اور اخلاق کی کسوٹی ہے۔ یہاں کیمپس کی ہر راہ داری ایک تجربہ گاہ ہے اور ہر دن ایک نیا پرچہ۔کبھی کسی محفل کے انتخاب کی صورت میں، کبھی کسی دوستی کے فیصلے میں اور کبھی کسی نئے فیشن یا نظریے کو اپنانے یا مسترد کرنے کے کٹھن لمحے میں۔
اسی مقام پر ایک نوجوان کے سامنے دو واضح اور متضاد راستے ابھرتے ہیں:
۱۔ اندھی تقلید: ریگ زارِ تمنا کا سفر
یہ وہ راستہ ہے جہاں مسافر اپنی اصل پہچان اور ملی تشخص کو پسِ پشت ڈال کر محض مغرب زدہ کلچر اور وقتی ہیجانی رجحانات کی چکا چوند میں کھو جاتا ہے۔ یہاں تعلیم شعور کی بالیدگی کے بجائے محض ایک ڈگری اور نوکری کے حصول کا بے روح ذریعہ بن کر رہ جاتی ہے۔اس راستے پر چلنے والوں کے نزدیک آزادی، ذمہ داریوں سے فرار اور بے مقصد لذت پسندی کا دوسرا نام ہے۔یہاں عمر کی بیش بہا پونجی، ذہنی جولانی اور جوانی کی تمام تر توانائیاں سوشل میڈیا کے لایعنی شور، فیشن کی بوالہوسی اور خود غرضی کی نذر ہو جاتی ہے۔
یہ راستہ بہ ظاہر بڑا پرکشش اور سہل دکھائی دیتا ہے، مگر انجامِ کار یہ شخصیت کو اندر سے کھوکھلا کر دیتا ہے۔ ایسا نوجوان معاشرے کے ہجوم میں تو شامل رہتا ہے، مگر اپنی ذات کی معنویت اور مقصدِ حیات کھو بیٹھتا ہے۔
۲۔ کردار اور مقصدیت: جادہ حق کی مسافرت
اس کے برعکس، دوسرا راستہ وہ ہے جو طالب علم کو اس کی حقیقی عظمت سے آشنا کرتا ہے۔ یہ راستہ اگرچہ کٹھن ہے، مگر اس کی منزل نہایت تابناک ہے۔ اس شاہراہ کا مسافر علم کو محض معلومات کا ڈھیر نہیں سمجھتا، بلکہ اسے شعور اور قلبی بصیرت میں ڈھالتا ہے۔اپنے وجود کو حیا، امانت، ایثار اور خدمتِ خلق جیسے پاکیزہ اوصاف سے معطر کرتا ہےاور اپنی خداداد صلاحیتوں کو صرف اپنی ذات تک محدود نہیں رکھتا، بلکہ انھیں معاشرے کی تعمیر اور ملک و ملت کی سر بلندی کے لیے وقف کر دیتا ہے۔
یہی وہ صراطِ مستقیم ہے جو ایک عام نوجوان کو مستقبل کا مدبر اور معمار بناتی ہے۔ اسی راہ کے راہی علم اور کردار کے وہ چراغ روشن کرتے ہیں جن سے پوری قوم کی تقدیر سنورتی ہے۔
اصل پہچان کا لمحہ
کیمپس کی زندگی کا ہر لمحہ خاموشی سے ایک ہی سوال دہراتا ہے: ’تم کون ہو؟ اور تمہاری پرواز کی حد کیا ہے؟‘‘ یہی وہ فیصلہ کن گھڑی ہے جب طالب علم اپنی اصل پہچان کے نقش ابھارتا ہے۔ اگر وہ وقت کی لہروں میں بہہ کر اندھی تقلید کا شکار ہو گیا، تو اس نے اپنی متاعِ حیات لٹا دی لیکن اگر اس نے مقصدیت کو اپنا شعار بنایا، تو وہ اس بلندی پر فائز ہو جاتا ہے جہاں سے اس کا مستقبل پوری امت کے لیے مشعلِ راہ بن جاتا ہے۔
شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے نوجوان کو محض ایک طالب علم یا کل کا ملازم نہیں دیکھا، بلکہ اسے وہ انقلابی قوت قرار دیا جو تاریخ کے دھارے کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اسی لیے انہوں نے خبردار کیا تھا کہ تمہاری منزل یہ ظاہری ٹِپ ٹاپ نہیں۔
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
یعنی نوجوان کا حقیقی امتحان وہ کتابی علم نہیں بلکہ وہ اخلاقی و روحانی معرکہ ہے جہاں وہ اپنی خودی کو پہچان کر کائنات کو مسخر کرنے نکلتا ہے۔
اسلام کی نظر میں نوجوانی محض ایک عمرانی مرحلہ یا حیاتیاتی تبدیلی کا نام نہیں، بلکہ یہ حیاتِ انسانی کا وہ سنہری سرمایہ اور امانتِ الٰہی ہے جس پر پوری زندگی کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ یہ وہ دورِ جنوں ہے جب انسانی عزم ہمالیہ سے بلند، توانائی بپھرے ہوئے سمندر جیسی اور سوچ ستاروں پر کمند ڈالنے والی ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن و سنت نے نوجوان کے اس جوش و جذبے کو ایک مقدس رخ عطا کیا ہے تاکہ وہ وقت کے دھارے میں بہنے کے بجائے خود وقت کا رخ موڑ دے۔
اللہ تعالیٰ نے سورة الکہف میں ’اصحابِ کہف‘ کا ذکر کر کے رہتی دنیا تک کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال بیان کی کہ جب چند جواں ہمت نفوس حق کی خاطر اٹھ کھڑے ہوں، تو معجزات رونما ہوتے ہیں۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
إِنَّهُمْ فِتْيَةٌ ءَامَنُوا۟ بِرَبِّهِمْ وَزِدْنَـٰهُمْ هُدًۭى(الکہف: 13)
’’یہ چند نوجوان تھے جو اپنے رب پر ایمان لائے اور ہم نے ان کی ہدایت میں مزید اضافہ کر دیا۔‘‘
یہ آیت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ایمان محض ایک ساکن عقیدہ نہیں، بلکہ ایک ایسی متحرک قوت ہے جو جب کسی نوجوان کے دل میں گھر کر لے، تو اسے معاشرتی جبر، فتنوں کی یلغار اور باطل کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنا دیتی ہے۔ اصحابِ کہف کا اسوہ ہمیں بتاتا ہے کہ جوانی کا اصل حسن ظاہری ملمع کاری اور نفس پرستی نہیں بلکہ بندگیِ رب اور ثباتِ قدم ہے۔
تو ہی ناداں چند کلیوں پر قناعت کرگیا
ورنہ گلشن میں علاجِ تنگیِ داماں بھی ہے
رسول اللہ نے نوجوانی کو اللہ کی بارگاہ میں سب سے قیمتی نذرانہ قرار دیا۔ آپ نے قیامت کی ہولناکیوں کا ذکر کرتے ہوئے ایک عظیم اعزاز کی نوید سنائی:
’’سات خوش نصیب قیامت کے دن عرشِ الٰہی کے سائے تلے ہوں گے… ان میں سے ایک وہ نوجوان ہے جس کی جوانی اللہ کی عبادت میں گزری۔‘‘
غور کیجیے! یہ کتنا بڑا اعزاز ہے کہ دربار الٰہی سجا ہوگا تب وہ نوجوان جس نے اپنے جذبات کو لگام دی، اپنی توانائیوں کوراہِ حق میں لگادیا اور اپنی جوانی کو مقصدیت کی بھٹی میں تپایا، وہ خالقِ کائنات کا خصوصی مہمان ہوں گے۔ یہ حدیث رسول ہمیں یہی پیغام دیتی ہے کہ جوانی اگر خواہشات کی نذر ہو جائے تو خسارہ ہے، اور اگر اطاعتِ الٰہی میں گزرے تو ابدی کامیابی۔
1۔ دوراہے کا انتخاب: لذت بہ مقابلہ بصیرت
ایمان کی پکار نوجوان کے شعور کو بیدار کرتے ہوئے اسے دو واضح راستوں کے سنگم پر کھڑا کرتا ہے۔
پہلا راستہ سرابِ تمنا کاہے۔ جہاں وقتی لذتیں، بے مقصد فیشن، نمود و نمائش اور غفلت کی رنگینیاں اسے پکارتی ہیں۔ یہ راستہ بظاہر سہل ہے مگر اس کا انجام فکری و اخلاقی تنزلی ہے۔
دوسرراستہ ہے صراطِ مستقیم۔جہاں ایمان، حیا، شعور اور خدمتِ خلق کا نور ہے۔ یہ وہ راستہ ہے جو نوجوان کو اپنی ذات کے خول سے نکال کر زمانے کا امام بنا دیتا ہے۔ وہ امام جو اپنے اعلیٰ کردار سے انسانیت کی رہنمائی کرتا ہے۔
2۔ امت کی آرزوئیں اور نوجوان کا منصب
اسلامی نقطہ نظر سے نوجوان محض ایک فرد نہیں، بلکہ امت کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔ اگر یہ دل صحت مند ہے تو پورا جسم توانا ہوگا۔ ایک باکردار نوجوان معاشرے کے ہر شعبے میں انقلاب برپا کر سکتا ہے۔
وہ علم کو محض معلومات نہیں، بلکہ فلاحِ انسانیت کا آلہ بنا سکتا ہے۔
وہ سیاست کو اقتدار کی ہوس سے نکال کر دیانت و خدمت کا روپ دے سکتا ہے۔
وہ خود غرضی کے اندھیروں میں ایثار و قربانی کی قندیلیں روشن کر سکتا ہے۔
غرض نوجوانی ایک فیصلہ کن موڑ ہے۔ یہ وہ موسمِ بہار ہے جس میں بویا گیا بیج آخرت کی ابدی فصل کا تعین کرے گا۔ جس نے اس عمر کی قدر کی، اس نے نہ صرف اپنی دنیا سنواری بلکہ وہ قیامت کے دن بھی سرخرو ہوگا۔ نوجوان کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس کی پرواز کی حد قصرِ سلطانی کے گنبد نہیں، بلکہ وہ بلندی ہے جہاں اسے دیکھ کر فرشتے بھی رشک کریں۔
لائحہ عمل: طلبہ کیا کریں؟
کیمپس کا ماحول اور ڈیجیٹل زندگی جتنے پرکشش ہیں، اتنے ہی خطرناک بھی ہیں۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں طلبہ اپنے مستقبل کی بنیاد رکھتے ہیں۔ اگر اس دوران چند اصولوں کو اپنایا جائے تو نہ صرف موجودہ زندگی بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ آنے والے کل کا معاشرہ بھی سنوارا جا سکتا ہے۔
۱۔ وقت کی قدر کریں
وقت انسان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ یونیورسٹی کے چند سال دراصل زندگی کے سب سے کارآمد اور سنہری سال ہوتے ہیں۔ موبائل، فلموں اور فضول محفلوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے اسے علم، تحقیق اور مہارتوں میں لگائیں۔ ہر دن کے لیے ایک ©منصوبہ (Daily Plan) بنائیں تاکہ وقت کا بہتر استعمال ہو۔ یاد رکھیں، ایک گھنٹے کی بربادی صرف ایک دن کا نقصان نہیں بلکہ پوری زندگی کے مواقع کے ضیاع کا باعث بنتی ہے۔
علامہ اقبال ؒنے کہا تھا:
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
۲۔ صحیح صحبت اختیار کریں
دوست وہ آئینہ ہیں جن میں ہم اپنی شخصیت دیکھتے ہیں۔ کیمپس میں بری صحبت سب سے بڑا خطرہ ہے اور اچھی صحبت سب سے بڑی نعمت۔ ایسے دوست بنائیں جو دین، اخلاق اور آپ کے مقصد میں آپ کی رہنمائی کریں۔ فضول محفلوں اور بے مقصد گروپز سے بچیں جو وقت اور ذہن دونوں کو ضائع کرتے ہیں۔
صحبت صالح ترا صالح کند
صحبت طالح ترا طالح کند
(نیک کی صحبت نیک بنا دیتی ہے اور بد کی صحبت بد)
۳۔تحریکِ اسلامی سے جڑیں
اسلامی تحریکات اور طلبہ کی انجمنیں وہ پلیٹ فارم ہیں جو مقصدیت، قیادت اور خدمت کے جذبے کو پروان چڑھاتے ہیں۔ ان تحریکوں سے وابستہ ہوکر طلبہ اپنی فکر کو مضبوط اور اپنی زندگی کو ایک واضح مقصد سے جوڑ سکتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم کردار سازی، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داری سکھانے والی عملی درسگاہیں ہیں۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ رقمطرازہیں:
’’قوموں کی اصل طاقت ان کے نوجوان ہیں، اگر یہ سنبھل جائیں تو پوری قوم سنبھل جاتی ہے۔‘‘
۴۔ تحقیق اور مطالعہ کو عادت بنائیں
کیمپس کی سب سے بڑی دولت اس کی لائبریری ہے، لیکن افسوس کہ اکثر طلبہ کیفے اور کینٹین کو زیادہ آباد رکھتے ہیں۔ آپ کتب بینی کو شوق نہیں بلکہ عادت بنائیں۔ نصابی کتب کے ساتھ ساتھ فکری، تحقیقی اور اسلامی لٹریچر بھی پڑھیں۔ ہر ہفتے کم از کم ایک اچھی کتاب کو لازمی مطالعہ کا حصہ بنائیں۔ تحقیق کا مزاج اپنانے سے تخلیقی سوچ پیدا ہوتی ہے اور شخصیت کا افق وسیع ہوتا ہے۔
مولاناابوالکلام آزادؒ نے کہا تھا:
’’قوم کو اگر نئی زندگی دینی ہے تو اسے نئی فکر، نئی بصیرت اور نئی روحانی قوت دینا ہوگی، اور یہ سب علم و مطالعہ کے بغیر ممکن نہیں۔‘‘
۵۔ عملی خدمت کو اپنائیں
کیمپس کلچر کا اصل امتحان یہی ہے کہ طلبہ خود کو صرف ذاتی کامیابی تک محدود نہ کریں بلکہ سماج کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔ غریب طلبہ کی مدد کریں، تعلیمی رہنمائی دیں، اور معاشرتی مسائل میں حصہ لیں۔ ماحولیات، صحت اور تعلیم کے میدان میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔ اس طرح طلبہ نہ صرف اپنی شخصیت مضبوط بناتے ہیں بلکہ قوم کے معمار بھی ثابت ہوتے ہیں۔
جیسا کہ مولانا مودودیؒ نے کہا:
’’جو قوم اپنے افراد کو خدمتِ خلق کے لیے تیار نہ کرے، وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتی۔‘‘
کیمپس صرف کلاس روم اور امتحانات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مکمل تربیت گاہ ہے۔ اگر طلبہ وقت کی قدر کریں، اچھی صحبت اپنائیں، اسلامی فکر سے جڑیں، مطالعہ کو معمول بنائیں اور خدمتِ خلق کو زندگی کا مقصد بنائیں تو وہ نہ صرف اپنے اخلاقی امتحان میں کامیاب ہوسکتے ہیں بلکہ پوری امت کے مستقبل کے معمار بن سکتے ہیں۔
کیمپس کلچر دراصل ایک زمین کی مانند ہے جس میں طلبہ اپنی عادات، افکار اور رویوں کے بیج بوتے ہیں۔ یہ بیج چھوٹے اور غیر اہم دکھائی دے سکتے ہیں، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ وہ تناور درخت بن جاتے ہیں جو آنے والی نسلوں کو یا تو سایہ عطا کرتے ہیں یا زمین کو اپنے زہر سے بنجر بنادیتے ہیں۔
اگر طلبہ اپنے اخلاقی امتحان میں کامیاب ہو جائیں، اپنی جوانی کو مقصد، انسانیت کی خدمت اور اعلیٰ اخلاق و کردار کے ساتھ گزاریں تو انہی تعلیمی اداروں سے وہ قیادتیں جنم لیں گی جو امت کو امید،روشنی اور کامیابی کے راستے پرگامزن کریں گی۔ یہی کیمپس وہ سرچشمے بنیں گے جہاں سے علم کی خوشبو، ایمان کی روشنی اور اخلاق کی تازگی پورے معاشرے میں پھیلے گی۔
لیکن اگر طلبہ نے غفلت، وقتی لذت اور اندھی تقلید کا راستہ اختیار کیا تو یہی ادارے زوال اور اندھیروں کے گڑھ بن جائیں گے۔ یہاں سے نکلنے والی نسلیں اپنے آپ کو مقصدیت اور خدمت سے خالی پائیں گی اور پھر وہ معاشرہ جو ان پر تکیہ کر رہا ہے، فکری بانجھ پن، اخلاقی انحطاط اور روحانی زوال کا شکار ہوگا۔
یہ حقیقت ہے کہ آج کا طالب علم کل کا استاد، معمار، رہنما اور قائد ہے۔ اس کی موجودہ روش صرف اس کی اپنی ذات تک محدود نہیں بلکہ پوری امت کے مستقبل پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے۔لہٰذا کیمپس صرف کلاس رومز اور امتحانات کی دنیا نہیں، بلکہ یہ اخلاقی و فکری امتحان گاہ ہے جہاں کامیاب ہونے والے طلبہ نہ صرف اپنی زندگی بلکہ پوری ملت کا مستقبل سنوار دیتے ہیں۔ اب یہ فیصلہ ہر طالب علم کے ہاتھ میں ہے کہ وہ خوشبو کا بیج بوتا ہے یا تعفن کا۔وہ گلستاں کی آبیاری کرتا ہے یا ریگستان کی تخلیق۔
مستقبل کا نقشہ: ایک مثالی کیمپس اور ہماری ذمہ داریاں
کیمپس کلچر کی اصلاح محض سطحی تبدیلیوں یا کھوکھلے نعروں کی متقاضی نہیں، بلکہ یہ ایک ہمہ جہت اور ہمہ گیر انقلابی جدوجہد کا تقاضا کرتی ہے۔ ہمیں ایک ایسا علمی ماحول تخلیق کرنا ہے جہاں ’اقراء‘ کی آفاقی صدا محض در و دیوار سے ٹکرا کر واپس نہ آئے، بلکہ نوجوانوں کی روح کے نہاں خانوں میں اتر کر ایک نیا جہانِ فکر پیدا کرے۔
ایک مثالی کیمپس کی تعمیرِ نو کے لیے معاشرے کے ان چار بنیادی طبقات کا کلیدی کردار ناگزیر ہے:
۱۔ مثالی کیمپس: خانہ علم و خانقاہِ اخلاق
ایک مثالی کیمپس محض سیمنٹ اور گارے سے بنی عمارت نہیں، بلکہ ایک تہذیبی تجربہ گاہ ہوتا ہے۔ علم اور حیا کا سنگم ہوتا ہے۔ وہ مقام جہاں کی فضاؤں میں علم کی خوشبو بسی ہو اور جہاں کی راہداریوں پر حیا اور وقار کا پہرہ ہو۔ جہاں جدید سائنس اور ایمانی ورثہ باہم بغل گیر ہوں۔ جہاں تحقیق کا مقصد مادہ پرستی نہیں بلکہ ’خالق کی پہچان‘ اور ’مخلوق کی خدمت‘ ہو۔ جہاں کے کیفے ٹیریا لایعنی قہقہوں اور ’سوشل آوارہ گردی‘کے بجائے امت کے مسائل اور علمی مباحث کے گہوارے ہوں۔ جہاں کی لائبریریاں گرد آلود نہ ہوں بلکہ نوجوانوں کی علمی تڑپ سے ہمہ وقت آباد رہیں۔
۲۔ اساتذہ کا منصب: معمار، نہ کہ محض ملازم
استاد کیمپس کلچر کا وہ مرکز ہے جس کے گرد نسلوں کی تقدیر گھومتی ہے۔ استاد کا کام محض نصاب کی تدریس نہیں، بلکہ طالب علم کے سینے میں چھپے اس انسان کو بیدار کرنا ہے جو خلافتِ الٰہیہ کا بوجھ اٹھا سکے۔
استادکے کردار میں مقناطیسیت ہو۔وہ اپنے تقویٰ، بلند اخلاق اور باوقار گفتگو سے اسلام کا ایسا عملی نمونہ بنے کہ طالب علم اسے دیکھ کر مرعوب ہونے کے بجائے اس جیسا بننے کی آرزو کرے۔ استاد طالب علم کو محض معاشی آلہ کار بنانے کے بجائے اس کی نبض شناسی کے ذریعے اسے ایک مصلح اور امت کا نگہبان بنا کر کیمپس سے رخصت کرے۔
۳۔ والدین: پہلی درس گاہ اور آخری حصار
والدین اس مغالطے سے نکل آئیں کہ بھاری فیسیں ان کی ذمہ داری کا نعم البدل ہیں۔ یونیورسٹی کی دہلیز پار کرنے سے پہلے والدین اپنے بچوں کی اخلاقی بنیادیں اتنی مستحکم کریں کہ باہر کا کوئی بھی تہذیبی فتنہ ان کے ایمان کو جنبش نہ دے سکے۔ فکری حصار بندی کریں۔
وہ اپنے نوجوان بچوں کے ’پولیس افسر‘ بننے کے بجائے ان کے’رازدار دوست‘ بنیں۔ ان کے ڈیجیٹل مشاغل پر گہری نظر رکھیں اور مسلسل مکالمے کے ذریعے انھیں ان کے عظیم منصب کا احساس دلاتے رہیں۔
۴۔ طلبہ کا اصل مقام: سپاہِ حق اور امت کے نگہ بان
طالب علم کیمپس کی اصل طاقت ہے۔ اسے یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ وہ یہاں محض کاغذ کا ایک ٹکڑا (ڈگری) لینے نہیں آیا، بلکہ وہ اس امت کا مقدر بدلنے اور انسانیت کو جہالت کے اندھیروں سے نکالنے کا عزم لے کر آیا ہے۔
اسے احساس ہو کہ اس کی جوانی کا ایک ایک لمحہ اور اس کی آنکھ کا نور اللہ کی امانت ہے۔ اسے سوشل میڈیا کی لایعنیت اور اخلاقی پستی میں ضائع کرنااللہ کی عطا کردہ امانت میں خیانت اورملک و ملت کے ساتھ غداری ہے۔ اسے کیمپس میں بندگی رب کا علم بردار بن کر جینا ہے اور فیشن پرستی کے مقابلے میں سادگی و عفت کا علم بلند کرنا ہے اور ہمہ وقت تزکیہ نفس کرنا ہے۔
انتخاب کی گھڑی اور نوجوان کا عزم مصمم
آج جب عالمِ کفر کی یلغار ہمارے تعلیمی اداروں کے در و دیوار کو مسمار کر رہی ہے اور لادینیت ہمارے نوجوانوں کے دلوں سے نورِ ایمان چھیننے پر تلی ہوئی ہے، تو وقت ہم سے ایک تاریخی فیصلے کا تقاضا کرتا ہے۔ کیمپس کی یہ زمین بنجر نہیں ہے، اسے بس تھوڑی سی نمی کی ضرورت ہے۔ اس شجر کی تازگی دراصل نوجوان کے اخلاص کے پسینے سے ہے، اس کی بقا جذبۂ حق کے لہو سے ہے اور اس کی نمو فکر اسلامی کی حرارت سے ہے۔
اپنی اصلیت سے ہو آگاہ اے غافل کہ تو
قطرہ ہے ،لیکن مثالِ بحرِ بے پایاں بھی ہے
اے نوجوانِ ملت! تو وہ شاہین ہے جس کی ایک پرواز سے باطل کے ایوان لرز اٹھتے ہیں۔ تیری منزل کیفے ٹیریا کی عارضی رنگینیاں یا اسکرین کی بے ہودہ نمائش نہیں ہے۔ تیری منزل تو وہ خلافتِ الٰہیہ کا قیام ہے جس کا خواب تیرے اسلاف نے دیکھا تھا۔
آئیے! آج عہد کریں کہ ہم اپنے کیمپس کو حیا کے ناقابلِ تسخیر قلعے اور علم کے تابندہ مینار بنائیں گے۔ ہم اپنی جوانیوں کو نفسانی خواہشات کے قدموں میں ڈھیر نہیں کریں گے، بلکہ اسے اس ’مشنِ عظیم‘ کے لیے وقف کریں گے جس کے لیے ہمیں ’خیرِ امت‘ بنا کر بھیجا گیا ہے۔
وقت کی یہ پکار ہر اس نوجوان کے لیے ہے جو اپنے سینے میںملک و ملت کا درد اور اپنے دل میں خوف خدارکھتا ہے۔ اٹھو! کہ وقتِ سحر قریب ہے اور تمھارے ہی ہاتھوں سے اس امت کی تقدیر کا ستارہ طلوع ہونا ہے۔
عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں
رب العالمین! ہمارے ان نونہالوں کو وہ فکری بصیرت اور ایمانی قوت عطا فرما کہ یہ زمانے کی رنگینیوں میں گم ہونے کے بجائے خود زمانے کے لیے روشنی کا مینار بن جائیں۔ انھیں شاہین کی پرواز اور صدیقؓ و فاروقؓکا کرداراور علیؓ کی فہم و فراست عطا فرما، تاکہ یہ امتِ مسلمہ کے لیے نویدِ سحر ثابت ہوں۔ آمین یا رب العالمین!
٭ ٭ ٭


0 Comments