حج: روحانیت اور اجتماعیت کا مظہر
زمرہ : ادراك

اسلام کے پانچ ارکان میں سے آخری اور عملی رکن حج بیت اللہ ہے۔ حج دراصل ایک عین اور مقررہ وقت پر اللہ کے دیوانوں کی طرح اس کے دربار میں حاضر ہونا اور اس کے خلیل حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اداؤں اور طور طریقوں کی نقل کر کے ان سے وابستگی اور وفاداری کا ثبوت دینا اور اپنی استعداد کے بہ قدر ابراہیمی جذبات اور کیفیات میں حصہ لینا اور ان کے رنگ میں رنگ جانا ہے۔
حج اور عمرہ کرنے والے لوگوں کو ’ضیوف الرحمن‘ کہا جاتا ہے۔ یعنی وہ لوگ جو اللہ کے گھر (بیت اللہ) کی زیارت کے لیے بلائے گئے۔ یہ اصطلاح اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ یہ سفر اللہ کی خاص دعوت پر اس کی عبادت کے لیے ہوتا ہے۔ ان مہمانوں کی دعائیں قبول ہونے کی امید زیادہ ہوتی ہے اور ان کی عزت اور خدمت کرنا بہت بڑی سعادت کی بات ہے۔
قرآن کریم نے اس حج کے اس سفر کو اس طرح بیان کیا ہے:

وَأَذِّن فِي النَّاسِ بِالْحَجِّ يَأْتُوكَ رِجَالًا وَعَلَىٰ كُلِّ ضَامِرٍ يَأْتِينَ مِن كُلِّ فَجٍّ عَمِيقٍ. (الحج: 27)

’’اور لوگوں میں حج کا اعلان کردو، وہ تمھارے پاس پیدل اور دُبلے اونٹوں پر دور دراز راستوں سے آئیں گے۔‘‘
ضیوف الرحمٰن یعنی حاجی دراصل سفر کی کڑی صعبوتیں برداشت کرتے ہوئے حج جیسی عبادت کے لیے چلے آتے ہیں۔ یہ کسی ملک کے کسی گروہ کے مہمان نہیں، بلکہ اللہ کے مہمان بنتے ہیں، اسی لیے انھیں ضیوف الرحمٰن کہا جاتا ہے، جو ایک عربی کی اصطلاح ہے۔

وَفْدُ اللہِ ثَلَاثَةٌ: الْغَازِي، وَالْحَاجُّ، وَالْمُعْتَمِرُ. (نسائی)

’’اللہ کے مہمان تین ہیں: مجاہد، حاجی اور عمرہ کرنے والا۔‘‘

حج کی روحانیت

اللہ تعالیٰ کی ایک شان یہ ہے کہ وہ ذوالجلال والجبروت، احکم الحاکمین اور شہنشاہ کل ہے اور ہم اس کے عاجز و محتاج بندے اور مملوک و محکوم ہیں۔ اس ذات اقدس کی دوسری شان یہ ہے کہ وہ تمام صفات جمال سے بہ درجۂ اتم متصف ہے جس کی وجہ سے انسان کو اس سے محبت ہوتی ہے۔ اس لحاظ سے صرف وہی محبوب حقیقی کا حق دار کہلاتا ہے۔ اس کی حاکمانہ اور شاہانہ شان کا پہلا تقاضا یہ ہے کہ اس کے حضور میں ادب و نیاز کی تصویر بن کر حاضر ہوں۔ ارکان اسلام میں پہلا عملی رکن نماز ہے جو اسی کا خاص مرقع ہے اور اس میں یہی رنگ غالب ہے۔ زکوۃ بھی اسی نسبت کے ایک دوسرے رخ کو ظاہر کرتی ہے۔
اس کی شان محبوبیت کا دوسرا تقاضا یہ ہے کہ بندوں کا تعلق اس کے ساتھ محبت کا ہو۔ روزے میں کسی قدر یہ رنگ غالب نظر آتا ہے۔ کھانا پینا چھوڑ دینا اور نفسانی خواہشات سے منہ موڑ لینا عشق و محبت کی منزلوں میں سے ہے۔ اسی طرح حج اس کا پورا پورا مرقع ہے۔ سلے کپڑوں کے بجائے ایک کفن نما لباس پہن لینا، ننگے سر رہنا، حجامت نہ بنوانا، ناخن نہ تراشنا، بالوں میں کنگھا نہ کرنا، تیل نہ لگانا، خوشبو کا استعمال نہ کرنا، چیخ چیخ کے لبیک لبیک پکارنا، بیت اللہ کے گرد چکر لگانا، اس کے الگ گوشے میں لگے ہوئے سیاہ پتھر (حجر اسود) کو چومنا اور اس کے درودیوار سے لپٹنا اور آہ وزاری کرنا، سعی کرنا، پھر شہر مکہ سے بھی نکل جانا، کبھی منی، کبھی عرفات اور کبھی مزدلفہ کے صحراؤں پر ٹھہرنا، پھر جمرات پہ بار بار کنکریاں مارنا، یہ سارے اعمال وہی ہیں جو محبت کے دیوانوں سے سرزد ہوا کرتے ہیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام گویا اس رسم عاشقی کے بانی ہیں۔ اللہ تعالی کو ان کی اس ادا پر اتنا پیار آیا کہ حج و عمرہ کے ارکان و مناسک کو اپنے دربار کی خاص الخاص حاضری قرار دے دیا۔ ابراہیم علیہ السلام کے انداز میں والہانہ عشق تھا۔ یہ کوئی جانتے بوجھتے نہیں، بلکہ خدا کی راہ میں عشق کے پروانے کی طرح بے قراری میں سرزد ہونے والے اعمال تھے، لیکن اللہ نے اسے اتنا پسند کیا کہ اسے مناسک حج قرار دیا۔

سعی (جدوجہد)

بچے کی بھوک پیاس کی شدت کو کم کرنے کے لیے ایک ماں کی بے قراری کو اللہ نے اتنا پسند فرمایا کہ جہاں باپ کی جد و جہد مناسک حج قرار پائی، وہیں اللہ نے ایک خاتون کی سعی کو بھی مناسک حج قرار دیا اور ساری دنیا کی ماؤں کے لیے سعی کو سراپا پیغام بنادیا کہ ماں کی بچوں کے لیے کی جانے والی دوڑ دھوپ دراصل اللہ کو پسند ہے۔ ہر وہ ماں جو اپنے بچوں کی تعلیم، اپنے بچوں کی غذا، ان کی تربیت، ان کی دنیا اور آخرت کی فکر کے لیے سرگرداں ہیں، دراصل وہ سعی کررہی ہے اور سنت ہاجرہ علیہ السلام ادا کررہی ہے۔ اسی کے ساتھ ساری دنیا کے معترضین کو بھی یہ جواب ہے کہ اللہ کے نزدیک مرد و خواتین کی کوشش میں کوئی تفاوت نہیں ہے۔ حج کے تمام مناسک پورے خاندان کی جدوجہد کی ایک مکمل تصویر ہے۔ وہ جو عشق الہی میں سرتاپا حکم بجالانے والے تھے، اللہ نے انھیں بہ طور مثال خاص الخاص مقام سے نوازا ہے۔

حج کا رکن اعظم

حج مکمل اجتماعیت کا منظر پیش کرتا ہے۔ عرفہ کا قیام حج کا رکن اعظم ہے۔ عرفات کے میدان میں ٹھہرنا میدان حشر کا منظر پیش کرتا تھا۔ وہاں ہر قسم کے نسلی تعلقات، لسانی وعلاقائی تفریق اور مقام کی تقسیم ختم ہو جاتی ہے اور انسان ایک رنگ میں ایسے ڈھل جاتا ہے، گویا رب کریم کے پروانے ہیں، جو حکم خداوندی میں اس مقام پر ٹھہرے ہیں۔ سورج ڈھلنے سے پہلے حاجیوں کا نکل جانا اور مزدلفہ کی طرف لوٹنا، منی میں قربانی کرنا اور شیطان کو کنکریاں مارنا یہ تمام اعمال روحانیت میں اضافہ کرتے ہیں اور عالم انسانیت کے لیے اجتماعیت کا تصور پیش کرتے ہیں۔

حج اجتماعیت کا استعارہ

ساری دنیا کے تمام انسان اپنے مقام سے صرف عشق خداوندی میں حج کے لیے چلے آتے ہیں۔ حج جیسی عبادت بھی تمام عبادتوں کی طرح اجتماعیت سے جڑی نظر آتی ہے۔ نماز کو اللہ نے مسجد سے جوڑا، زکوۃ کو اللہ نے اجتماعی نظام سے جوڑا، روزے کو ماہ رمضان سے جوڑ کر اسے اجتماعیت سے جوڑا اور حج کو اللہ رب العالمین نے عالمی اجتماعیت سے جوڑا۔ یہ عالمی اتحاد دراصل باطل پر ہیبت طاری کرتا ہے۔ روحانیت اور اجتماعیت کی یہ ملی جلی تصویر دراصل عبادات کا ایک خوبصورت منظر پیش کرتی ہے۔ حدیث میں اس اتحاد کے اصول کی وضاحت یوں بیان کی گئی ہے:

مَنْ صَلَّى صَلَاتَنَا، وَاسْتَقْبَلَ قِبْلَتَنَا، وَأَكَلَ ذَبِيحَتَنَا، فَذَلِكَ الْمُسْلِمُ الَّذِي لَهُ ذِمَّةُ اللَّهِ وَذِمَّةُ رَسُولِهِ، فَلَا تُخْفِرُوا اللَّهَ فِي ذِمَّتِهِ۔ (البخاري: 391)

’’جو شخص ہماری نماز پڑھے، ہمارے قبلہ کی طرف رخ کرے اور ہمارا ذبیحہ کھائے تو وہ ایسا مسلمان ہے جس کے لیے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی ذمہ داری (امان) ہے، لہٰذا اللہ کی امان کو نہ توڑو۔‘‘
مطلب وہ مسلمان ہے۔ اسے کافر کہنا، امت میں تفرقہ پیدا کرنا اور گروہی مسلکی انتشار برپا کرنا یہ مناسب نہیں ہے۔ کسی کے ایمان کی پیمائش کرنے کا انسانوں کو حق نہیں دیا گیا ہے۔ کیا وجہ ہے کہ ایک ساتھ حج کے موقع پر ساری امت اتحادی نظم کے ساتھ حج کا فریضہ انجام دیتی ہے اور گھر لوٹ کر سب بھول جاتی ہے۔
اس کے بعد عام حالات میں کسی پر تکفیر لگانا، مسلکی اور گروہی تقسیم کا شکار ہوجانا، شعیہ سنی کا ایک دوسرے سے دل کا پھٹا ہونا، یہ ساری باتیں باطل قوت کے لیے باعث تقویت ہے۔ اس لیے ہر ممکن کوشش ہونی چاہیے کہ ہم باطل کے لیے مفید بننے والے اعمال سے اجتناب کریں۔ہم یہ سمجھ لیں کہ کسی بھی قسم کا انتشار ہماری قوت کو کم زور اور باطل کو مضبوط بناتا ہے، اس لیے مومن کو ان الفاظ سے بھی دور رہنا چاہیے جو مومنین کو کمزور اور باطل کے تقویت کا سامان بنیں۔ عقیدہ اللہ رب العالمین کے لیے اعمال کی پیمائش بھی ہے۔ یہ بات ہمارے اختیار میں ہے کہ ہماری نیت صاف رہے۔ ہم باطل کی تقویت کا سامان نہ کریں اور اتحاد امت پر اپنی توجہ مرکوز کریں، چاہے کوئی کتنا ہی بااقتدار ہو، ہمیں عدل و قسط، انصاف کے علم بردار کی حثیت سے زندگی گزارنی ہے۔ ظالم کی تائید رمق برابر بھی نہیں کرنی چاہیے۔
حج جیسی عبادت کے اصل مقصد کو ہمیں ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے تاکہ یہ عبادت صرف حج کی تکمیل اور مناسک حج کی ادائیگی تک محدود نہ رہ جائے بلکہ اس اجتماع حج کے بعد ہم آپ اتحاد بین المسلمین پر لوگوں کی توجہ مبذول کروائیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے