وَ اِذۡ بَوَّاۡنَا لِاِبۡرٰہِیۡمَ مَکَانَ الۡبَیۡتِ اَنۡ لَّا تُشۡرِکۡ بِیۡ شَیۡئًا وَّ طَہِّرۡ بَیۡتِیَ لِلطَّآئِفِیۡنَ وَ الۡقَآئِمِیۡنَ وَ الرُّکَّعِ السُّجُوۡدِ. (الحج، ٢٦)
’’یاد کر و وہ وقت جب کہ ہم نے ابراھیم علیہ السلام کے لیے اس گھر (خانہ کعبہ) کی جگہ تجویز کی تھی، (اس ہدایت کے ساتھ) کہ میرے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کرو۔ اور میرے گھر کو طواف کرنے والوں اور قیام و رکو و سجود کرنے والوں کے لیے پاک رکھو۔ ‘‘
اللہ تعالیٰ نے ابراھیم علیہ سلام کو عالمی امامت کے منصب جلیل پر سرفراز فرمایا۔ اس کے بعد پھر ضروری تھا کہ اس دعوت کا ایک ایسا عالمی مرکز قائم کیا جائے، جہاں ہر سمت سے موسم میں لوگ پہنچ سکیں اور رجوع کر سکیں۔ قدیم زمانے میں حجاز کا علاقہ غیر آباد تھا، وہاں پانی اور سبزہ نہ تھا۔ اس مقصد کے لیے اللہ تعالیٰ نے مکہ معظمہ کو منتخب فر مایا اور اس سر زمین کو شرف بخشا کہ اہل ایمان کا مرکز قرار پائے۔ تعمیر کعبہ حضرت ابراھیم علیہ سلام کی زندگی کا اہم ترین اور زرین واقعہ ہے۔ کعبہ کی تعمیر سے تہذیب انسانی کو بے شمار نعمتیں حاصل ہوئی ہیں۔
إِنَّ أَوَّلَ بَيْتٍ وُضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِي بِبَكَّةَ مُبَارَكًا وَهُدًى لِّلْعَالَمِينَ. (آل عمران، ٩٦)
’’بے شک سب سے پہلی عبادت گاہ جو انسانوں کے لیے تعمیر ہوئی ہے، وہی ہے جو مکہ میں واقع ہے۔ اس میں خیر و برکت رکھی گئی ہے اور تمام جہان والوں کے لیے مرکز ہدایت بنادیا گیا ہے۔ ‘‘
اللہ تعالیٰ اپنی حکمت بالغہ کا مشاہدہ کرانے کے لیے شیر خوار بچے اسماعیل کو دعوت اسلامی کے لیے ایک ننھے بیج کی شکل میں یہاں لا کر جمایا۔ ان کی پرورش کا بندو بست فرمایا اور یہاں ان کے رہنے کا بندوبست فرمایا، تاکہ یہ بیج جم سکے اور اس کی جڑیں گہری ہوں۔
حضرت اسمعیل علیہ سلام کو بسانے کا مقصد یہ تھا کہ یہی مرکز ہدایت قائم ہو، یہی سے سارے عالم میں روشنی پھیلے، تاکہ قیامت تک یہ عالم منور رہے۔ یہی سے وہ عالم گیر تحریک پھیلی، جس نے وحدت الہ اور وحدتِ انسانیت کا درس دیا اور اس کو عملاً قائم کر کے دکھایا۔ پھر یہ اجتماع کسی خاص نسل، کسی خاص مفاد کی بنا پر نہیں ہوا، بلکہ خالص ہدایت خداوندی کی بنیاد پر ہوا۔ توحید باری تعالیٰ کی شمع یہاں جگ مگاتی اور ہر سمت سے اس کے پروانے اس طرف دوڑتے ہوئے آنے لگے اور ہدایت ربانی سے مالا مال ہونے لگے۔ اس لیے فرمایا گیا: ’ھدی للعالمین‘ اور اس میں ہدایت ہے تمام جہاں والوں کے لیے۔
انسانوں کے حق میں فائدے
(1) منتشر گروہوں میں بٹی ہوئی دنیا کو ایک مرکز ہدایت نصیب ہوا۔
(2) شرک وگم راہی میں ڈوبی ہوئی دنیا کو منبع ہدایت و توحید نصیب ہوا۔
(3) لوگوں کو لا تعداد خداؤں کو چھوڑ کر ایک خدا کا دامن پکڑنا نصیب ہوا۔
(4) ایک سنسان، غیر آباد، بے آب و گیاہ سر زمین کو ایک تجارتی مرکز مل گیا۔
یہ ایک ایسی عالمی برادری بننے کا موقع تھا جو نہ کسی نسل، نہ کسی رنگ، نہ کسی زبان، نہ کسی علاقے پر مبنی تھا، بلکہ ایک خالص نظریہ اور نصب العین سے تشکیل پائی تھی۔ وہ نظریہ لا الا االلہ الا کا کلمہ توحید تھا۔
عبادت کے لیے کعبہ کی شکل میں ایک ایسا مرکز ملا جو دنیا کے ہر خطہ میں رہنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیتا ہے۔ مشرق کا رہنے والا ہو یا مغرب کا، شمال کا رہنے والا ہو یا جنوب کا۔ ہر سمت اور ہر مقام کا رہنے اسی کی طرف رخ کر کے عبادت انجام دیتا ہے۔
ومن دخلہ کانا آمنا۔ جو اس میں داخل ہوا مامون ہوگیا۔ کعبۃ اللہ کو جب مرکزیت عطا ہوئی تو اس کا فیض جاری رکھنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے حکم دیا کہ اس کی زیارت کے لیے حج کا علان کرو اور لوگوں میں حج کا اذان عام کرو دو تاکہ تمھارے پاس ہر دور دراز مقام سے پیدل چل کر اور اونٹوں پر سوار ہوکر آئیں۔ اس علان عام کے ساتھ اس کو ایک ایسا فریضہ قرار دیا کہ جو شخص استطاعت کے باوجود اس گھر کی زیارت نہ کرے تو اللہ کی نظر میں اس نے کفر کا ارتکاب کیا۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص استطاعت کے باوجود حج نہیں کرتا تو اللہ ایسے شخص کی کوئی پروا نہیں کرتا، وہ یہودی ہوکر مرے یا نصرانی ہوکر۔ یعنی مسلمانوں کے لیے یہ فرض ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ نے ذرائع وسائل دیے ہیں تو وہ حج کا مقدس فریضہ انجام دے۔ ورنہ شدید بیماری، خانہ جنگی اور مالی مسائل سے دو چار ہو تو اس کے ذمے حج نہیں ہے۔
ہر طرح کی پاکیزگی کا اہتمام و انصرام کریں
(1) ہر طرح کی گندگی و ناپاکی سے پاک رہیں۔ اس طرف بول و براز (پیشاب پیخانہ) بھی ممنوع ہے۔
(2) ہر قسم کی شرک کی آلودگی سے پاک رکھا جائے۔ خدائے واحد کے سوا کسی اور کا کلمہ بلند نہ ہو۔ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کرے۔
وَإِذْ يَرْفَعُ إِبْرَاهِيمُ الْقَوَاعِدَ مِنَ الْبَيْتِ وَإِسْمَاعِيلُ رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا ۖ إِنَّكَ أَنتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ. (البقرۃ، 127)
’’اور یاد کرو اس وقت کو جب ابراھیم علیہ السلام اس گھر کی دیواریں اٹھا رہے تھے تو یہ دعا کرتے جا رہے تھے۔ اے ہمارے رب! ہم سے یہ خدمت قبول فرما۔ تو سب کی سننے والا اور جاننے والا ہے۔‘‘
ابراھیم علیہ السلام نے عرض کیا: ’’اے میرے رب! اس سر زمین کو پر امن بنا اور اس کے رہنے والوں میں سے ان لوگوں کو جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لائے، نعمتیں عطا فرما۔‘‘
جب ابراہیم کو تعمیر مرکز کا حکم مل گیا تو انھوں نے اپنے بیٹے اسماعیل کو جنھیں آئندہ اس مکان کا آمین بننا تھا، ساتھ لیا اور تعمیر شروع کردی۔ یہ باپ بیٹے نیک تمناؤں اور آرزوؤں کے ساتھ گھر کی تعمیر کر رہے تھے اور موقع پر دعا کر رہے تھے:
اے ہمارے رب! ہم دونوں کو اپنا مسلم (مطیع و فرمانبردار) بنا۔ ہماری نسل سے ایک ایسی قوم اٹھا جو تیری مطیع ہو۔ اپنی عبادت کے طریقے بتا اور ہماری کوتاہیوں کو در گزر فرما۔ تو بڑا معاف کرنے والا اور رحم فرمانے والا ہے۔
٭ ٭ ٭

![Memaar Jahaan Tu hai[Taameer Kaaba Ka Maqsad]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/04/Memaar-Jahaan-Tu-haiTaameer-Kaaba-Ka-Maqsad.jpg)
0 Comments