درس قرآن استقامت اور ذکر الٰہی: آزمائش سے نجات کی کنجی
زمرہ : النور

یا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا إِذَا لَقِیتُمْ فِئَةً فَاثْبُتُوا وَاذْکُرُوا اللَّہَ کَثِیرًا لَعَلَّكُم تُفْلِحُوْنَ.

(سورۃ الأنفال: ٤٥)
’’اے ایمان والو! جب تم کسی گروہ سے ٹکراؤ تو ثابت قدم رہو اور اللہ کو کثرت سے یاد کرو، تاکہ تم کامیاب ہو جاؤ۔ ‘‘
یہ سورۃ الانفال کی 45 ویں آیت ہے، جو غزوہ بدر (2 ہجری) کے تناظر میں نازل ہوئی ہے۔ اس میں مسلمانوں کو مقابلہ آرائی میں فتح یاب ہونے کی دو اہم کنجیاں عطا کی گئیں۔ کفارِ مکہ کے ظلم کے سبب اپنی دولت، اپنا گھر، اپنے اہل چھوڑ کر ہجرت کرنے والے مہاجرین مکہ اور بھائیوں کی طرح استقبال کرنے والے مدنی انصار اور دونوں کا ایک صف میں شامل شانہ بشانہ مقام بدر پر دشمنوں سے جہاد کے موقع پر یہ نازل شدہ آیت اور اس مضمون کی دوسری آیات دو رہنما خطوط عطا کرتے ہیں، جو زندگی کی ہر آزمائش اور ہر جنگ میں کامیابی سے ہم کنار کرتے ہیں۔

بدر: حق بہ مقابلہ باطل

اسلامی تاریخ کا پہلا فیصلہ کن معرکہ! ایک طرف کم تعداد، بے سر وسامانی والا اسلامی لشکر، دوسری طرف تین گنا بڑی، ہتھیاروں سے لیس، غرور میں ڈوبی قریش کی فوج۔ جزیرۃ العرب اسلام کو مٹانے کا عزم لیے ہوئی تھی۔
مسلمانوں کے پاس اسلام کے ساتھ جینے کا حوصلہ تھا اور راہ میں آنے والی ہر مصیبت کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر یہ کہنے کی ہمت تھی:

باطل سے دبنے والے اے آسماں نہیں ہم
سو بار کر چکا ہے تو امتحاں ہمارا

دلوں میں اللہ کی یاد اور عزائم میں ثبات نے جنگ بدر میں انھیں فتح یاب بنایا اور جزیرۂ عرب کو کھلا پیغام دیا کہ ہم دبنے والے نہیں، گر تم ہمیں مٹانے کی سازش کروگے تو ہم اٹھنے اور بلند ہونے کی راہ تلاش کر لیں گے۔

آیت کا پیغام: دو سنہری اصول

1. ثابت قدم رہو، پیچھے نہ ہٹو۔
2. اللہ کا ذکر کرو۔
اللہ کی یاد سے دل آباد رہے، اس کے احساس سے دل زندہ رہے۔
جنگ شروع نہ کرو اور مدافعت سے پیچھے نہ ہٹو۔ یہ استقامت ایک آزمائش ہے، جو زندگی کے ہر شعبے میں آتی ہے۔ صحت، رزق، خوشی، غم، یہ زندگی کا حصہ ہے، تو استقامت اور رب کی یاد ان پے چیدہ حالات میں بہترین ساتھی ہے۔

زندہ مثال: فلسطین کی استقامت

آج فلسطینی اس کی زندہ تصویر ہیں۔ 2023ء سے 2026ء تک اسرائیلی جارحیت نے غزہ کو برباد کر دیا۔ ہزاروں شہید، بمباری، بھوک، محاصرہ۔ نہ وہ جھکے نہ بھاگے، بلکہ اپنا کام بحسن خوبی انجام دینے میں لگے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر فلسطینی صحافی خواتین نے صحافت کے میدان میں بے مثال ہمت دکھائی۔ مثال کے طور پر: لیلا (غزہ کی مشہور جرنلسٹ) نے بمباری کے درمیان لائیو رپورٹنگ کی، زخمی ہونے اور گھر تباہ ہونے کے باوجود اپنا کام یکسوئی سے جاری رکھا۔ عالمی دنیا کو سچائی پہنچاتے ہوئے ثابت قدم رہیں۔ یقینا ثابت قدمی اللہ کا انعام ہے۔

باحوصلہ ثابت قدم صحابیات کی مثالیں

جنگِ بدر میں ام عمارہ مصعب بن عمیر کے ساتھ لڑیں، گہرے زخم کے باوجود نہ ہٹیں۔ جنگِ احد میں ان کا ہاتھ کٹ گیا، جسم پر 12 تیر لگے۔ جنگِ یمامہ میں شہادت پائی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ’’دائیں بائیں دیکھتا تو ام عمارہ ہی نظر آتیں۔‘‘ (سیرت ابن ہشام، ص 29-30)۔
جنگِ احد، جنگ یمامہ میں اسماء بنت یزید، ام سلیم، ام حارث جیسی صحابیات نے بھرپور کردار ادا کیا۔
مزید قرآنی ہدایات

’’فَاسْتَقِمْ کَمَا أُمِرْتَ‘‘ (ھود: 112)

’’ثابت قدم رہو جیسا کہ حکم دیا گیا۔ ‘‘
بہانے بناکر میدان سے بھاگ کھڑے ہونا، آزمائش سے گھبرا کر اسلامی تعلیمات کو نظر انداز کردینا، پریشان ہو کر حلال حرام میں فرق نہ کرنا، یہ استقامت نہیں ہے۔ اپنی مکمل کوشش کرنا، اس مسئلہ سے نکلنے کی مناسب تدبیر اختیار کرنا اور اللہ کی ذات پر مکمل بھروسہ رکھنا، اسے یاد کرنا، اس سے مدد چاہنا، یہ رویہ مطلوب ہے۔

استقامت کا لازوال درس: عمل کی دعوت

یہ آیات، صحابیات اور فلسطین کی بیٹیوں کی مثالیں واضح پیغام دیتی ہیں: استقامت اور اللہ کے ذکر سے غیبی مدد آتی ہے، جیسا کہ قرآن فرماتا ہے:

وَاسْتَعِینُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ ۚ وَإِنَّهَا لَکَبِیرَةٌ إِلَّا عَلَى الْخَاشِعِینَ (البقرہ: 45)

’’صبر اور نماز سے مدد لو۔ یہ اگرچہ دشوار کام ہے، مگر خشو کرنے والوں کے لیے آسان ہے۔‘‘
حدیث میں ہے:

عَجَبًا لِأَمْرِ الْمُؤْمِنِ، إِنَّ أَمْرَهُ كُلَّهُ خَيْرٌ. إِنْ أَصَابَتْهُ ضَرَّاءُ صَبَرَ، فَكَانَ خَيْرًا لَهُ

(مسلم: 2999)
’’مؤمن کا معاملہ سارا کا سارا حیرت انگیز ہے؛ مصیبت میں صبر کرے تو بھلائی ہے۔‘‘
اور یہ یاد رہے کہ

Patience is not the ability to wait, but the ability to keep a good attitude while waiting. (Joyce Meyer)

’’صبر انتظار کرنے کی صلاحیت نہیں، بلکہ انتظار کے دوران اچھا رویہ برقرار رکھنے کی صلاحیت ہے۔‘‘
ہم سب پر لازم ہے کہ ذاتی، سماجی یا عالمی آزمائشوں میں ’فَاثْبُتُوا وَاذْکُرُوا اللَّہَ کَثِیرًا‘ پر عمل پیرا ہوں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. Humera Ruhi

    Alhamdulillah.. behtreen

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے