نڈر ہرن

گھنے جنگل میں سکون اور آزادی تھی۔ ہر جانور اپنی مرضی سے رہتا، پانی پیتا، خوراک تلاش کرتا اور ہنسی خوش زندگی بسر کرتا تھا۔
مگر ایک دن جنگل میں دھاڑ گونجی۔ شیر نے اعلان کیا:
شیر (غرور سے):
’’آج سے جنگل کا بادشاہ میں ہوں! جو میرا حکم مانے گا وہ محفوظ رہے گا اور جو میرے خلاف بولے گا وہ سخت سزا پائے گا۔‘‘
سب جانور کانپ گئے۔ خرگوش سر جھکا کر بولا: ’’جی حضور! آپ ہی ہمارے بادشاہ ہیں۔‘‘
نیل گائے نے کہا: ’’آپ کی شان ہی الگ ہے، حضور!‘‘
لومڑی نے چاپلوسی کرتے ہوئے کہا: ’’دنیا میں آپ جیسا عقل مند بادشاہ کوئی نہیں۔‘‘
سب ڈرے ہوئے تھے، مگر ایک جانور نے ہمت کی۔ وہ تھا ہرن۔
ہرن (پوری جرات سے):
’’شیر! جنگل سب کا ہے۔ اگر تو طاقت ور ہے تو کیا ہم بے زبان ہیں؟ کم زوروں پر ظلم کرنا بادشاہی نہیں۔ پانی اور گھاس پر سب کا حق ہے۔ یہ ناانصافی ہے اور یاد رکھ! ظلم کبھی نہیں ٹکتا۔‘‘
شیر آگ بگولا ہوگیا۔
(غصے سے دہاڑتے ہوئے):
’’ہرن! تیری ہمت کیسے ہوئی میرے خلاف زبان کھولنے کی؟ ابھی تجھے قید کر کے سبق سکھاتا ہوں۔‘‘
شیر نے ہرن کو قید کر لیا۔ باقی جانور خوف سے خاموش ہو گئے۔
لیکن ہرن کے الفاظ سب کے دل میں گھر کر گئے۔
رات کو درختوں پر بیٹھے پرندے چہچانے لگے:
طوطا: ’’ہرن ٹھیک کہتا ہے! ظلم بڑھ رہا ہے۔‘‘
الو: ’’اگر ہم سب چپ رہے تو ظلم بڑھتا جائے گا۔‘‘
کبوتر: ’’ہمیں اپنی آزادی بچانی ہوگی۔‘‘
دوسرے جانور بھی بات کرنے لگے۔
ہاتھی (پرعزم لہجے میں):
’’ہم سب مل کر ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے۔‘‘
بندر (چھلانگ لگاتے ہوئے):
’’ہم اکیلے کم زور ہیں، مگر مل کر طاقت ور۔‘‘
سب نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا اور حوصلہ بڑھا۔ پھر انھوں نے نعرے لگائے:
سب جانور مل کر:
انصاف! انصاف!
آزادی! آزادی!
صبح ہوئی تو شیر نے دیکھا کہ پورا جنگل ایک ساتھ کھڑا ہے۔ پرندوں کی پکار فضا میں گونج رہی تھے، ہاتھی زمین ہلا رہے تھے، ہرن کے ساتھی صف باندھ کر کھڑے تھے۔
شیر سب جانوروں کی یک جہتی دیکھ کر گھبرا گیا۔
شیر (دھیمی آواز میں):
’’یہ سب ایک ساتھ…؟‘‘
ہرن (قید سے بلند آواز میں):
’’ہاں شیر! میں اکیلا تھا تو تُو نے مجھے قید کیا، مگر اب ہم سب ایک ہیں۔ ظلم کے مقابلے میں اتحاد سب سے بڑی طاقت ہے۔‘‘
شیر کی آنکھوں میں خوف تھا۔ وہ پیچھے ہٹا اور آخرکار جنگل چھوڑ گیا۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے