درس حدیث
زمرہ : النور

عن ثوبانَ مولىٰ رسولِ اللهِ صلى الله عليه وسلم أن رسولَ الله صلى الله عليه وسلم قال:
’’يُوشِكُ الأمَمُ أَنْ تَدَاعَى عَلَيْكُمْ كَمَا تَدَاعَى الأَكَلَةُ إِلَى قَصْعَتِهَا. فقال قائل: وَمِنْ قِلَّةٍ نَحْنُ يَوْمَئِذٍ؟ قَالَ: بَلْ أَنْتُمْ يَوْمَئِذٍ كَثِيرٌ، وَلَكِنَّكُمْ غُثاءُ كَغُثَاءِ السَّيْلِ، وَلَيَنْزِعَنَّ اللهُ مِنْ صُدُورِ عَدُوِّكُمُ الْمَهَابَةَ مِنْكُمْ، وَلَيَقْذِفَنَّ اللهُ فِي قُلُوبِكُمُ الْوَهْنَ. فقال قائل: وَمَا الْوَهْنُ؟ قَالَ: حُبُّ الدُّنْيَا وَكَرَاهِيَةُ الْمَوْتِ.‘‘(أبو داؤد: ٤٢٩٧)

’’قریب ہے کہ دوسری قومیں تم پر اس طرح ٹوٹ پڑیں، جیسے کھانے والے اپنے دسترخوان پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔ کسی نے سوال کیا: کیا ہم اس وقت تعداد میں کم ہوں گے ؟ آپ ﷺ نے فرمایا: نہیں، بلکہ تم اس وقت بہت زیادہ ہوگے، لیکن تم سیلاب کے جھاگ کی طرح ہوگے اور اللہ تمھارے دشمنوں کے دلوں سے تمھارا رعب نکال دے گا اور تمھارے دلوں میں وہن ڈال دے گا۔ کسی نےپوچھا: وَبَن کیا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: دنیا کی محبت اور موت سے نفرت۔‘‘

اگر ہم قرآن کریم کی روشنی میں دیکھیں تو یہی بات بار بار مختلف انداز میں بیان کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

بَلْ تُؤْثِرُونَ الْحَيَاةَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةُ خَيْرٌ وَأَبْقَى. (الأعلى: ١٦-١٧)

’’بلکہ تم دنیا کی زندگی کو ترجیح دیتے ہو، حالاں کہ آخرت بہتر اور باقی رہنے والی ہے۔‘‘
یہ آیت بالکل اسی ’وَھن‘ کی وضاحت کرتی ہے، جس کا ذكر حدیث میں ہے۔ آپ ﷺ نے دنیا کی حقیقت کو ایک ایسی مؤثر اور دل میں اتر جانے والی مثال سے سمجھایا ہے کہ اگر انسان اس پر سنجیدگی سے غور کرے تو اس کی سوچ بدل سکتی ہے۔ واقعی یہ مثال دل کو جھنجھوڑ دیتی ہے اور انسان کو اپنی حقیقت یاد دلا دیتی ہے۔
آپ ﷺ نے فرمایا:

مَا الدُّنْيَا فِي الْآخِرَةِ إِلَّا مِثْلُ مَا يَجْعَلُ أَحَدُكُمْ إِصْبَعَهُ فِي الْيَمِّ فَلْيَنظُرُ بِمَ يَرْجِعُ. (المسلم: ٢٨٥٨)

’’دنیا کی مثال آخرت کے مقابلے میں ایسی ہے جیسے تم میں سے کوئی اپنی انگلی سمندر میں ڈالے، پھر دیکھے کہ وہ کیا لے کر واپس آتی ہے۔‘‘
ذرا تصور کریں ایک وسیع و عریض سمندر ہے، جس کی کوئی حد نظر نہیں آتی اور اس میں اگر ایک انگلی ڈالی جائے تو اس پر کتنا پانی آتا ہے؟ شاید ایک بوند بھی پوری نہ بنے۔ یہی نسبت دنیا اور آخرت کی ہے۔
موت سے ڈر تبھی لگتا ہے جب دنیا کی محبت دل میں ہو اور آخرت کے لیے کوئی زادِ راہ نہ ہو۔ جو لوگ اپنی زندگی کے ہر شعبے میں اللہ کی پیروی کرتے ہیں اور آخرت میں جواب دہی کا احساس رکھتے ہیں، ان کے لیے دنیا کی حقیقت محض ایک قید ہے جس سے رہائی کا پروانہ ایک مومن کو خوش کر دیتا ہے اور جس نے اپنی زندگی کا مقصد صرف دنیا کا حصول سمجھ لیا اور ساری تگ و دو دنیا پانے کے لیے صرف کر دی تو ظاہر ہے اسے موت سے نفرت ہوگی۔ نبی ﷺ نے کیا ہی خوبصورت مثال بیان فرمائی:

الدُّنْيَا سِجْنُ الْمُؤْمِن وَجَنَّةُ الْكَافِرِ. (المسلم: ٢٩٥٦)

’’دنیا مومن کے لیے قید خانہ ہے اور کافر کے لیے جنت ہے۔‘‘
یعنی مومن اس دنیا میں اپنے نفس کو قابو میں رکھتا ہے، خواہشات کو روکتا ہے، اللہ کے احکامات کی پابندی کرتا ہے، گویا وہ ایک قید میں ہے۔ لیکن جیسے ہی موت آتی ہے، اس کے لیے اصل آزادی اور راحت کا دروازہ کھل جاتا ہے۔
جو شخص دنیا ہی کو سب کچھ سمجھ کر جیتا ہے، اس کے لیے یہی دنیا جنت بن جاتی ہے۔ اس لیے وہ موت سے گھبراتا ہے، کیوں کہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ آگے حساب ہے، جواب دہی ہے۔
قومیں تم پر اس طرح ٹوٹ پڑیں گی جیسے لوگ کھانے پر ٹوٹ پڑتے ہیں۔ اس مثال میں نبی ﷺ نے بہت گہری حقیقت بیان فرمائی ہے۔ ذرا تصور کریں جب بھوکے لوگ دسترخوان دیکھتے ہیں تو وہ کس طرح جلدی لالچ اور ہے خوفی کے ساتھ اس پر جھپٹتے ہیں۔ انھیں نہ کسی رکاوٹ کا خیال ہوتا ہے اور نہ کسی کا ڈر۔ بس مقصد یہ ہوتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ حاصل کر لیا جائے۔
اسی طرح ایک وقت آئے گا جب مختلف قومیں مسلمانوں پر اسی انداز میں حملہ آور ہوں گی۔ وہ انھیں کمزور اور بے بس سمجھ کر ان کے وسائل زمین اور عزت پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں گی، جیسے کوئی آسان شکار سامنے ہو۔ اس میں سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ وہ آپس کے اختلافات بھلا کر بھی مسلمانوں کے خلاف اکٹھے ہو جائیں گے۔
یہ مثال ہمیں یہ بھی سمجھاتی ہے کہ اصل مسئلہ صرف دشمن کی طاقت نہیں، بلکہ ہماری اپنی کمزوری ہے۔ جب دلوں میں دنیا کی محبت بڑھ جاتی ہے اور آخرت کی فکر کم ہو جاتی ہے، تو انسان کے اندر سے وہ طاقت غیرت اور اللہ پر بھروسہ کم ہو جاتا ہے جو اسے مضبوط بناتا ہے۔ پھر وہی امت جو کبھی باوقار تھی دوسروں کے لیے آسان ہدف بن جاتی ہے۔
جب نبی کریم ﷺ نے یہ خبر دی کہ قومیں تم پر ٹوٹ پڑیں گی تو صحابہ کے دل میں فوراً ایک فطری سوال پیدا ہوا کیا ہم اس وقت تعداد میں کم ہوں گے؟
یہ سوال خود اس بات کی دلیل ہے کہ صحابہ کے ذہن میں طاقت کا معیار ایمان تھا، صرف تعداد نہیں۔ انھوں نے اپنی زندگی میں دیکھا تھا کہ کم تعداد کے باوجود اللہ کی مدد کیسے آتی ہے۔
قرآن کریم اسی حقیقت کو واضح کرتے ہوئے فرماتا ہے:

كم مِّن فِئَةٍ قَلِيلَةٍ غَلَبَتْ فِئَةً كَثِيرَةً بِإِذْنِ اللَّهِ وَاللَّهُ مَعَ الصَّابِرِينَ.” (سورة البقرة: ٢٤٩)

’’کتنی ہی چھوٹی جماعتیں اللہ کے حکم سے بڑی جماعتوں پر غالب آ گئی ہیں اور اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔‘‘
یہ آیت بتاتی ہے کہ کامیابی کا دار و مدار تعداد پر نہیں، بلکہ اللہ کی مدد ایمان اور صبر پر ہے۔ اسی طرح غزوہ بدر میں صرف 313 مسلمان تھے، مگر اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

وَلَقَدْ نَصَرَكُمُ اللَّهُ بِبَدْرٍ وَأَنتُمْ أَذِلَّةٌ.” (سورة آل عمران: ١٢٣)

’’اور بے شک اللہ نے بدر میں تمھاری مدد کی، جب کہ تم کمزور تھے۔‘‘
یعنی کمزوری کے باوجود مدد آئی کیوں کہ دل مضبوط تھے۔ صحابہ کا سوال دراصل ایک ایمانی سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔ انھیں یقین تھا کہ اگر ہم کم ہوں گے تو شاید اس وجہ سے کمزور ہوں، لیکن اگر ہم زیادہ ہوں تو ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ جب نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم تعداد میں زیادہ ہوگے، مگر پھر بھی کمزور ہوگے، تو اس کی وجہ بھی خود بیان فرما دی۔ اس لیے کہ تمھارے دلوں میں دنیا کی محبت غالب آجائے گی اور موت سے نفرت پیدا ہو جائے گی۔ حالاں کہ اللہ تعالیٰ نے کامیابی اور سربلندی کا وعدہ مومنوں سے کیا ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہوتا ہے:

وَلَا تَهِنُوا وَلَا تَحْزَنُوا وَأَنتُمُ الْأَعْلَوْنَ إِن كُنتُم مُّؤْمِنِينَ. (سورة آل عمران: ١٣٩)

’’اور تم نہ کمزور پڑو اور نہ غمگین ہو، تم ہی غالب رہو گے اگر تم سچے مومن ہو۔‘‘
یہ آیت صاف بتا رہی ہے کہ غلبہ اور کامیابی ایمان کے ساتھ مشروط ہے۔ اگر ایمان مضبوط ہو تو کم تعداد بھی غالب آتی ہے اور اگر ایمان کمزور ہو جائے تو بڑی تعداد بھی بے اثر ہو جاتی ہے۔
غزوہ احد میں وقتی شکست کی بنیادی وجہ نبی کریم کے حکم کی خلاف ورزی تھی، جس کے پیچھے دنیا کی طرف معمولی رغبت مال غنیمت کی خواہش بھی شامل ہو گئی۔ نبی ﷺ نے پہاڑی درے (جبل رماۃ پر تیر اندازوں کو سختی سے حکم دیا تھا کہ ہمیں فتح ہو یا شکست تم اپنی جگہ نہ چھوڑنا،۔لیکن جب ابتدا میں مسلمانوں کو برتری حاصل ہوئی اور مال غنیمت نظر آیا تو اکثر تیر انداز اپنی جگہ چھوڑ کر نیچے اتر آئے۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دشمن خالد بن ولید، جو اُس وقت مسلمان نہیں ہوئے تھے، نے پیچھے سے حملہ کیا اور جنگ کا نقشہ بدل گیا۔
قرآن کریم نے اس واقعہ کی وجہ کو یوں بیان فرمایا:

وَلَقَدْ صَدَقَكُمُ اللَّهُ وَعْدَهُ إِذْ تَحُسُّونَهُم بِإِذْنِهِ حَتَّىٰ إِذَا فَشِلْتُمْ وَتَنَازَعْتُمْ فِي الْأَمْرِ وَعَصَيْتُم مِّن بَعْدِ مَا أَرَاكُم مَّا تُحِبُّونَ، منكُم مَّن يُرِيدُ الدُّنْيَا وَمِنكُم مَّن يُرِيدُ الْآخِرَةَ.” (سورة آل عمران: ١٥٢)

’’اور بے شک اللہ نے تم سے اپنا وعدہ سچا کر دکھایا، جب تم اس کے حکم سے انھیں قتل کر رہے تھے، یہاں تک کہ جب تم نے کمزوری دکھائی، آپس میں اختلاف کیا اور حکم کی نافرمانی کی۔ بعد اس کے کہ اللہ نے تمھیں وہ چیز دکھا دی جو تم چاہتے تھے، یعنی فتح۔ تم میں سے کچھ دنیا چاہتے تھے اور کچھ آخرت چاہتے تھے۔‘‘
اس آیت سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ ابتدا میں فتح اللہ کی طرف سے آ چکی تھی، لیکن کمزوری، اختلاف اور نافرمانی نے حالت بدل دی اور اس کے پیچھے ایک وجہ دنیا کی رغبت بھی تھی۔
یہ واقعہ دراصل اسی حدیث ’وَھن‘ کی عملی مثال ہے کہ جب دل میں دنیا کی محبت آ جائے، تو مضبوط جماعت بھی کمزور ہو جاتی ہے۔
آج Palestine کی سرزمین پر ہونے والے مظالم ہر صاحب دل انسان کو جھنجھوڑ دیتے ہیں۔ معصوم بچوں کی شہادت، گھروں کا ملبہ بن جانا، ماؤں کی آہیں اور مسجدوں کی بے حرمتی، یہ سب صرف خبریں نہیں بلکہ ایک امت کے لیے ایک گہرا پیغام ہیں۔ بہ ظاہر Jews (یہود) کا غلبہ نظر آتا ہے اور دل میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر ایسا کیوں ہو رہا ہے؟
وھن” آج ہماری کمزوری بن چکا ہے۔ ہم تعداد میں زیادہ ہونے کے باوجود ایک مضبوط طاقت نہیں بن پا رہے، کیوں کہ ہمارے دل دنیا کی محبت اور خوف میں الجھ چکے ہیں۔
یا اللہ ! ہمارے دلوں سے ’وَھن‘ کو نکال دے، ہمیں دنیا کی محبت اور موت کے خوف سے بچا۔ یا رب! Palestine کے مظلوم مسلمانوں کی مدد فرما، ان کی حفاظت فرما اور انھیں صبر و استقامت عطا فرما۔ یا اللہ! پوری امت مسلمہ کو اتحاد ایمان اور سچی ہدایت نصیب فرما اور ہمیں حق کے ساتھ کھڑا ہونے کی توفیق دے، آمین!

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے