حج عبادت، روحانیت اور عصر حاضر کے چیلنجز

اسلام ایک مکمل نظامِ حیات ہے، جس کا بنیادی تقاضا یہ ہے کہ انسان کی پوری زندگی اللہ تعالیٰ کی بندگی اور اطاعت میں بسر ہو۔ دینِ اسلام میں فرض کی گئی عبادات محض چند رسومات کا مجموعہ نہیں، بلکہ انسان کی ہمہ جہت تربیت کا ایک جامع نظام ہیں، جو اس کے ظاہر و باطن دونوں کی اصلاح کا ذریعہ بنتے ہیں۔
جب ایک انسان کلمۂ شہادت کے ذریعے اللہ تعالیٰ کو اپنا رب اور خالق تسلیم کر لیتا ہے تو اس کی زندگی کا ہر پہلو عبادت کے دائرے میں داخل ہو جاتا ہے۔ نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج یہ سب عبادات دراصل اسی بندگی کے مختلف مظاہر ہیں، جو انسان کو اپنے رب سے جوڑتے اور اس کے کردار کو سنوارتے ہیں۔

نماز، روزہ، زکوٰۃ: تربیتِ نفس کے بنیادی ستون

اسلامی عبادات کا نظام محض چند رسمی اعمال کا مجموعہ نہیں، بلکہ یہ ایک مکمل تربیتی پروگرام ہے جو انسان کی شخصیت کو باطن سے سنوارتا اور اس کے ظاہر و باطن کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے تابع بناتا ہے۔ ان عبادات میں نماز، روزہ اور زکوٰۃ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، کیوں کہ یہ تینوں مل کر انسان کے ایمان، اخلاق اور معاشرتی رویّوں کی ایسی تربیت کرتے ہیں جو اسے ایک صالح اور متوازن انسان بنا دیتی ہے۔
نماز دن میں پانچ مرتبہ انسان کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ محض چند رکعات ادا کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک مسلسل یاد دہانی ہے کہ بندہ اپنے رب کے سامنے جواب دہ ہے۔ نماز انسان کو اس کے مقامِ عبدیت کا شعور دیتی ہے، اس کے اندر خشوع و خضوع پیدا کرتی ہے اور اسے ہر لمحہ اللہ کی نگرانی (احساسِ رقابت) میں جینے کی تربیت دیتی ہے۔
اسی طرح روزہ ایک ایسی عبادت ہے جو انسان کے باطن کی اصلاح کا نہایت مؤثر ذریعہ ہے۔روزہ انسان کو صبر، ضبطِ نفس اور اپنی خواہشات پر قابو پانے کی عملی تربیت دیتا ہے۔
زکوٰۃ تیسرا اہم ستون ہے جو انسان کی مالی زندگی کو پاکیزہ بناتا اور معاشرے میں عدل و توازن قائم کرتا ہے۔ زکوٰۃ کے ذریعے انسان کے دل سے مال کی بے جا محبت کم ہوتی ہے اور اس کے اندر ایثار و ہمدردی کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ اس طرح نماز، روزہ اور زکوٰۃ تینوں عبادات مل کر انسان کی ایک ہمہ جہت تربیت کرتی ہیں۔ نماز اس کے روحانی تعلق کو مضبوط کرتی ہے، روزہ اس کے باطن کو سنوارتا ہے اور زکوٰۃ اس کے معاشرتی کردار کو متوازن بناتی ہے۔

حج: عبادات کا جامع اور ہمہ گیر مظہر

اسلامی عبادات میں حج کو ایک منفرد اور جامع حیثیت حاصل ہے، کیوں کہ اس میں بندگی کے وہ تمام پہلو یکجا ہو جاتے ہیں جو دیگر عبادات میں جدا جدا نظر آتے ہیں۔ یہ محض ایک عبادت نہیں بلکہ ایک ایسا عظیم تربیتی نظام ہے جس میں انسان اپنی جسمانی مشقت، مالی قربانی اور روحانی وابستگی تینوں کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے یکجا کرتا ہے۔ حج دراصل اس بات کا عملی اظہار ہے کہ بندہ اپنی پوری زندگی کو اللہ کی اطاعت کے تابع کر دیتا ہے اور اس کے حکم پر لبیک کہنے کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے۔ اسی حقیقت کو قرآن مجید میں اس شان کے ساتھ بیان کیا گیا ہے کہ گویا پوری انسانیت کو ایک عالمی اجتماع کی طرف دعوت دی جا رہی ہو:

وَأَذِّنْ فِي النَّاسِ بِالْحَجِّ يَأْتُوكَ رِجَالًا وَعَلَىٰ كُلِّ ضَامِرٍ يَأْتِينَ مِن كُلِّ فَجٍّ عَمِيقٍ (الحج: 27)

’’اور لوگوں میں حج کا اعلان کر دو، وہ تمہارے پاس پیدل اور دُبلے اونٹوں پر سوار ہو کر دور دراز راستوں سے آئیں گے۔‘‘
یہ اجتماع دراصل اس حقیقت کی جیتی جاگتی تصویر ہے کہ اسلام ایک عالمی دین ہے اور اس کے ماننے والے ایک امت ہیں۔ یہاں نہ کوئی امیر و غریب کا فرق باقی رہتا ہے، نہ حاکم و محکوم کا امتیاز۔ سب ایک ہی لباس میں، ایک ہی شعار کے ساتھ، ایک ہی رب کے حضور حاضر ہوتے ہیں۔ یوں حج نہ صرف عبادت کا جامع نمونہ ہے بلکہ انسانی مساوات، وحدتِ امت اور کامل بندگی کا عملی مظہر بھی ہے۔

مناسکِ حج اور ان کی معنویت

حج کے مناسک محض چند ظاہری اعمال کا مجموعہ نہیں بلکہ ہر رکن اپنے اندر ایک گہرا روحانی، اخلاقی اور تربیتی پیغام رکھتا ہے۔ یہ اعمال دراصل بندے کو اس کی حقیقت سے آشنا کرتے ہیں، اس کے اندر بندگی کے جذبات کو تازہ کرتے ہیں اور اسے ایک ایسی ہمہ گیر تربیت فراہم کرتے ہیں جو اس کی پوری زندگی کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے سانچے میں ڈھال دیتی ہے۔ اگر ان مناسک کو شعور اور تدبر کے ساتھ ادا کیا جائے تو ہر مرحلہ ایمان کو تازہ کرنے اور زندگی کے رخ کو درست کرنے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔
حج کا آغاز احرام سے ہوتا ہے اور یہی احرام دراصل اس روحانی سفر کی پہلی منزل ہے۔ احرام کا سادہ لباس انسان کو اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ دنیا کے تمام ظاہری امتیازات: مال و دولت، عہدہ و منصب، رنگ و نسل سب عارضی ہیں۔ دو سادہ چادروں میں ملبوس ہو کر انسان گویا اپنی اصل حقیقت کی طرف لوٹ آتا ہے۔
اس کے بعد کعبۃ اللہ کے گرد طواف ایک ایسا عمل ہے جو بندگی کے عہد کی ایک تجدید ہے۔ بندہ جب بیت اللہ کے گرد چکر لگاتا ہے تو وہ دراصل یہ اعلان کرتا ہے کہ اس کی پوری زندگی کا محور اور مرکز اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔ جس طرح وہ کعبہ کے گرد گردش کر رہا ہے، اسی طرح اس کی زندگی کے تمام معاملات بھی اللہ کی رضا کے گرد گھومنے چاہیے۔ یہ عمل بندے کے دل میں کامل اطاعت اور ہمہ گیر وابستگی کا شعور پیدا کرتا ہے۔
صفا اور مروہ کے درمیان سعی ایک اور عظیم سبق اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ یہ عمل حضرت ابراہیمؑ، حضرت ہاجرہؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال قربانیوں اور جدوجہد کی یاد تازہ کرتا ہے۔
عرفات کا میدان حج کی روح اور اس کا نقطۂ عروج ہے۔ یہاں لاکھوں انسانوں کا ایک جگہ جمع ہونا، ایک ہی لباس میں، ایک ہی مقصد کے تحت، ایک عظیم الشان منظر پیش کرتا ہے جو نظم، اتحاد اور اجتماعیت کا بے مثال نمونہ ہے۔
یوں مناسکِ حج کا ہر مرحلہ اپنے اندر ایک مکمل تربیتی نظام رکھتا ہے، جو انسان کو بندگی، اخلاص، صبر، توکل اور اتحادِ امت جیسے عظیم اوصاف سے آراستہ کرتا ہے۔

قربانی:تسلیم و رضا اور تقویٰ کی معراج

حج کے مناسک میں قربانی ایک ایسا عمل ہے جو بہ ظاہر ایک جانور کے ذبح کرنے تک محدود دکھائی دیتا ہے، لیکن اپنی حقیقت اور روح کے اعتبار سے یہ بندگی، ایثار اور کامل اطاعتِ الٰہی کا نہایت بلند مظہر ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں بندہ اپنی خواہشات، اپنی محبتوں اور اپنی ذات کو اللہ تعالیٰ کے حکم کے آگے سرِ تسلیم خم کر دیتا ہے۔ قربانی دراصل حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی اس بے مثال اطاعت اور سپردگی کی یادگار ہے جس میں باپ نے بیٹے کو اور بیٹے نے اپنی جان کو اللہ کے حکم کے سامنے پیش کر دیا۔ اسی حقیقت کو قرآن مجید میں نہایت بلیغ انداز میں یوں بیان کیا گیا ہے:

 وَفَدَيْنَاهُ بِذِبْحٍ عَظِيمٍ (الصافات: 107)

’’اور ہم نے ایک عظیم قربانی کے ذریعے اس کا فدیہ دے دیا۔‘‘
یہ آیت اس عظیم واقعے کی طرف اشارہ کرتی ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیلؑ کی جگہ ایک دنبہ قربان کرنے کا حکم دے کر اس سنت کو قیامت تک کے لیے زندہ کر دیا۔ اس واقعے میں اصل سبق یہ نہیں کہ جانور ذبح کیا جائے، بلکہ یہ ہے کہ بندہ اللہ کے حکم کے سامنے اپنی سب سے قیمتی چیز بھی قربان کرنے کے لیے تیار رہے۔ یہی وہ جذبہ ہے جو قربانی کو محض ایک رسم کے بجائے ایک زندہ اور مؤثر عبادت بناتا ہے۔ تاہم قرآن مجید اس حقیقت کو مزید واضح کرتا ہے کہ قربانی کی اصل روح ظاہری عمل میں نہیں بلکہ باطنی کیفیت میں مضمر ہے۔

عصرِ حاضر میں حج کی ایک بدلتی ہوئی تصویر

حج اپنی اصل کے اعتبار سے ایک خالص روحانی سفر ہے جس کا مقصد بندے کو دنیا کی ظاہری چمک دمک سے نکال کر اللہ تعالیٰ کی کامل بندگی اور اخلاص کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ تاہم عصرِ حاضر میں اس عظیم عبادت کی صورتِ حال میں ایک نمایاں تبدیلی محسوس کی جا رہی ہے، جہاں روحانیت کے ساتھ ساتھ مادی اور تجارتی پہلو بھی بتدریج غالب آتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ تبدیلی نہ صرف حج کے ظاہری نظم و نسق میں نظر آتی ہے بلکہ اس کے پس منظر میں کارفرما محرکات اور رویّوں میں بھی اس کے اثرات واضح ہیں۔
آج حج کے سفر میں مہنگے پیکجز، لگژری ہوٹلز اور وی آئی پی سہولیات کا اضافہ ایک ایسی حقیقت بن چکا ہے جس نے اس عبادت کو کسی حد تک معاشی حیثیت سے وابستہ کر دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں امیر اور غریب کے درمیان فرق زیادہ نمایاں ہو گیا ہے، حالاں کہ حج کا بنیادی پیغام ہی مساوات اور یکسانیت ہے۔ ایک طرف جدید سہولیات نے سفر کو آسان بنایا ہے، تو دوسری طرف وہ سادگی اور مشقت، جو اس عبادت کی روحانی تربیت کا اہم حصہ تھیں، پس منظر میں جاتی محسوس ہوتی ہیں۔
اسی طرح ڈیجیٹل نظام اور جدید ٹیکنالوجی نے انتظامی امور کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، مگر اس کے ساتھ ایک نیا چیلنج بھی سامنے آیا ہے۔ عبادت کے دوران سیلفیاں لینا، ویڈیوز بنانا اور سوشل میڈیا پر براہِ راست نشریات کرنا ایک عام رجحان بنتا جا رہا ہے۔ یہ طرزِ عمل بسا اوقات اخلاص کے بجائے نمود و نمائش کے جذبے کو فروغ دیتا ہے، جو عبادت کی روح کے منافی ہے اور بندے کی توجہ کو اللہ تعالیٰ سے ہٹا کر لوگوں کی طرف مبذول کر دیتا ہے۔

انتظامی مسائل

حج جیسے عظیم عالمی اجتماع کے لیے مؤثر انتظامات اور مضبوط سیکیورٹی ناگزیر ہیں، کیوں کہ لاکھوں انسانوں کے ہجوم میں نظم و ضبط قائم رکھنا اور انسانی جانوں کی حفاظت یقینی بنانا ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ اس کے لیے مختلف انتظامی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں، جن کا مقصد سہولت فراہم کرنا اور ممکنہ خطرات سے بچاؤ کرنا ہوتا ہے۔ تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بعض اوقات یہی سخت انتظامات زائرین کے روحانی سکون اور عبادت کی کیفیت پر اثر انداز ہونے لگتے ہیں، جس سے اس عبادت کی اصل روح متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہو جاتا ہے۔
موجودہ حالات میں بعض ایسے انتظامی پہلو سامنے آتے ہیں جن پر سنجیدہ غور و فکر کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ مثلاً نماز یا طواف کے فوراً بعد زائرین کو مسجدِ حرام سے باہر نکال دینا، مطاف میں محدود رسائی دینا، یا بعض اوقات ایسی پابندیاں عائد کرنا جو غیر ضروری محسوس ہوتی ہیں،یہ سب امور زائرین کی عبادت کی یکسوئی کو متاثر کرتے ہیں۔ بہت سے افراد کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کچھ دیر بیت اللہ کے سامنے بیٹھ کر ذکر و دعا میں مشغول رہیں، مگر سختی کے باعث انھیں اس سے محروم ہونا پڑتا ہے۔
اس صورتِ حال کا تقاضا یہ ہے کہ انتظامی نظم کو برقرار رکھتے ہوئے عبادت گزاروں کے روحانی جذبات اور ضروریات کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے۔ ایک ایسا متوازن نظام تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جس میں نہ تو سیکیورٹی اور نظم و ضبط متاثر ہو اور نہ ہی زائرین کی روحانی کیفیت مجروح ہو۔

 روحانیت سے غفلت

حج ایک ایسا مبارک سفر ہے جس کا ہر لمحہ قیمتی اور روحانی اعتبار سے نہایت اہم ہوتا ہے۔ یہ وہ موقع ہوتا ہے جب بندہ دنیا کی مصروفیات سے کٹ کر مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنے رب کی طرف متوجہ ہوتا ہے۔ اس لیے حج کے ایام کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنے وقت کو عبادت، ذکر و دعا اور باطنی اصلاح میں صرف کرے۔ تاہم عملی صورتِ حال یہ ہے کہ بہت سے حجاج اس قیمتی وقت کو غیر ضروری مصروفیات میں ضائع کر دیتے ہیں، جس سے اس عبادت کی روح متاثر ہوتی ہے۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض حجاج اپنے اس قیمتی وقت کا بڑا حصہ بازاروں میں خرید و فروخت میں صرف کر دیتے ہیں۔ گھر واپسی پر اہلِ خانہ کے لیے تحائف، تبرکات اور یادگار چیزیں لے جانے کا جذبہ بلاشبہ ایک فطری اور قابلِ فہم امر ہے، لیکن جب یہی جذبہ حد سے بڑھ جائے اور عبادت کے اوقات کو متاثر کرنے لگے تو یہ قابلِ غور بن جاتا ہے۔ جائے نماز، کھجوریں اور دیگر اشیاء کی خریداری میں گھنٹوں صرف ہو جاتے ہیں، حالاں کہ یہی وقت اللہ کے ذکر، تلاوت اور دعا میں گزارا جانا چاہیے تھا۔
اگر ہم ماضی پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ پہلے زمانے میں حج کا سفر نہایت دشوار اور طویل ہوتا تھا۔ لوگ مہینوں سمندری جہازوں کے ذریعے سفر کرتے تھے اور واپسی کی کوئی یقینی ضمانت بھی نہیں ہوتی تھی۔ سہولتیں نہ ہونے کے باوجود ان کے اندر اخلاص، للّٰہیت اور عبادت کا جذبہ نہایت گہرا ہوتا تھا۔ وہ اس سفر کو اپنی زندگی کا آخری اور فیصلہ کن مرحلہ سمجھ کر مکمل یکسوئی کے ساتھ عبادت میں مشغول رہتے تھے۔
اس کے برعکس آج حالات یکسر بدل چکے ہیں۔ سفر آسان ہو گیا ہے، سہولتیں وافر ہو گئی ہیں، مگر اس کے ساتھ ایک خطرہ بھی پیدا ہوا ہے کہ کہیں یہ سہولتیں انسان کو غفلت میں مبتلا نہ کر دیں۔ آج اخلاص اور روحانیت کی وہ گہرائی کم ہوتی محسوس ہوتی ہے جو پہلے کے زمانوں میں نمایاں تھی۔
لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حجاج کرام اپنے اس قیمتی سفر کے ہر لمحے کی قدر کریں، غیر ضروری مصروفیات سے حتی الامکان بچیں اور اپنی توجہ کو اصل مقصدیعنی اللہ تعالیٰ کی رضا اور باطنی اصلاح پر مرکوز رکھیں۔ یہی وہ طرزِ عمل ہے جو حج کو ایک حقیقی روحانی انقلاب میں تبدیل کر سکتا ہے۔

روحِ حج سے ناواقفیت: ایک بنیادی خلا

 ایک اہم اور بنیادی پہلو جس کی طرف عمومی طور پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی، وہ حج کی روح، اس کے مقاصد اور اس کے تقاضوں سے حقیقی واقفیت ہے۔ عموماً عازمینِ حج روانگی سے قبل مناسکِ حج کی ادائیگی کے طریقوں سے اچھی طرح آگاہی حاصل کر لیتے ہیں، لیکن اسی کے ساتھ ایک بڑی کمی یہ بھی رہ جاتی ہے کہ بہت سے عازمین ان تاریخی پس منظر اور واقعات سے واقف نہیں ہوتے جن سے مناسکِ حج کی بنیاد جڑی ہوئی ہے۔ مثلاً:حضر ت ابراہیمؑ کی بے مثال اطاعت، حضرت ہاجرہؑ کی سعی و جستجو اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی کا جذبہ۔جب کہ یہی واقعات حج کے اعمال کو معنی اور روح عطا کرتے ہیں۔
چنانچہ جب حج کی تیاری صرف ظاہری مناسک تک محدود رہ جاتی ہے اور اس کے روحانی، فکری اور تاریخی ابعاد سے گہرا تعلق قائم نہیں ہو پاتا، تو اس کے نتیجے میں وہ انقلاب انگیز اثرات ظاہر نہیں ہو پاتے جو اس عبادت کا اصل مقصود ہیں۔ حالانکہ حج کے بعد انسان کے اندر اخلاقی پاکیزگی، معاملات میں دیانت، عبادات میں استقامت، نفس کی اصلاح، گناہوں سے حقیقی اجتناب اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق کی صورت میں ایک واضح اور دیرپا تبدیلی نمایاں ہونی چاہیے۔ اس لیے ازحد ضروری ہے کہ حج کی تیاری کے مرحلے میں عازمین کو نہ صرف مناسک کی عملی تربیت دی جائے، بلکہ حج کے روحانی معانی، اس کے پیغام، اس کے تاریخی پس منظر اور اس کے عملی تقاضوں سے بھی روشناس کرایا جائے، تاکہ یہ عظیم عبادت ان کی شخصیت سازی، فکر کی اصلاح اور عملی زندگی کی درست سمت متعین کرنے کا مؤثر ذریعہ بن سکے۔

عبادات کا مقصد

اسلام میں عبادات کا نظام محض چند ظاہری اعمال یا رسمی افعال کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر تربیتی عمل ہے، جس کا بنیادی مقصد انسان کے اندر ایک گہرا اور حقیقی باطنی انقلاب برپا کرنا ہے۔ یہ عبادات انسان کے ظاہر ہی نہیں بلکہ اس کے باطن، اس کی نیتوں، اس کے اخلاق اور اس کے کردار کو سنوارنے کے لیے مشروع کی گئی ہیں۔ اگر یہ عبادات اپنی اصل روح کے ساتھ ادا کی جائیں تو وہ انسان کی پوری زندگی کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور بندگی کے سانچے میں ڈھال دیتی ہیں۔
آج کے دور میں سب سے بڑی ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عبادات کو محض رسم و رواج کے طور پر ادا کرنے کے بجائے ان کی اصل روح کو سمجھیں اور انھیں اپنی عملی زندگی کا زندہ حصہ بنائیں۔ اسلام کا نظامِ عبادات انسان کو اپنے خالق سے جوڑتا ہے، اس کے اندر انسانیت کی خدمت، عدل و احسان اور ہمدردی کے جذبات پیدا کرتا ہے اور اسے ایک ذمہ دار اور باکردار فرد بننے کی تربیت دیتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ اگر ہم عبادات کی اس روح کو پا لیں تو یہی ہماری دنیاوی کامیابی اور اخروی نجات کی ضمانت بن سکتی ہے۔ حج جو اس پورے نظامِ عبادات کا نقطۂ عروج ہے، اپنے اندر بندگی، ایثار، مساوات، اتحاد اور مسلسل جدوجہد کے وہ تمام عناصر سموئے ہوئے ہے جو ایک کامل مومن کی زندگی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
تاہم جب عبادات اپنی روح سے خالی ہو کر محض ظاہری مظاہر تک محدود ہو جائیں تو ان کا اصل مقصد فوت ہو جاتا ہے۔ اس لیے موجودہ دور کا سب سے بڑا تقاضا یہ ہے کہ ہم جدید سہولیات اور تقاضوں کے درمیان ایک متوازن رویہ اختیار کریں اور عبادات کی سادگی، اخلاص اور روحانیت کو ہر حال میں محفوظ رکھیں۔ ہمیں اپنی نیتوں، اعمال اور رویّوں کا سنجیدگی سے جائزہ لینا ہوگا تاکہ ہماری عبادتیں حقیقی معنوں میں ہمارے ایمان اور کردار کی تعمیر کا ذریعہ بن سکیں۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

1 Comment

  1. farhat zartaj

    مین ھادیہ رسالہ کا مطالعہ کئ برسوں سے کر رہی ہوں رسالہ کے سبھی مضامین دلچسپ ہوتے ہیں
    ہر مضون دینی اور دنیاوی معكومات فراہم کرتا ہے

    Reply

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے