ملکی منظر نامہ
مجھے میرے وطن میں کہہ رہے ہیں بے وطن ساقی!
قارئین کرام! مغربی بنگال میں جاری انتخابی سرگرمیوں کے دوران گزشتہ ماہ کئی ایسے معاملات سامنے آئے ہیں جنھوں نے نہ صرف سیاسی حلقوں بلکہ عام شہریوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی۔ ان میں سب سے نمایاں مسئلہ انتخابی فہرستوں سے متعدد افراد کے ناموں کا اخراج ہے، جس نے انتخابی شفافیت اور شہری حقوق سے متعلق اہم سوالات کو جنم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں ایسے کئی واقعات رپورٹ ہوئے جہاں ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے گئے۔ محمد پور گاؤں کی ایک رہائشی خاتون مامونی نے اس سلسلے میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا نام ایک غیر معمولی بنیاد پر خارج کیا گیا۔ ان کے مطابق متعلقہ حکام نے والدین اور ان کی عمر کے فرق کو اعتراض کی بنیاد بنایا، جسے وہ نہ صرف ناقابلِ فہم بلکہ غیر منصفانہ قرار دیتی ہیں۔ انھوں نے اس حوالے سے موصول ہونے والا سرکاری نوٹس بھی پیش کیا، جس میں مذکورہ وجہ درج تھی۔ یہ معاملہ جلد ہی سیاسی بحث کا موضوع بن گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک اہم رہنما دلیپ گھوش نے اس صورت حال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات دستاویزی خامیاں یا ریکارڈ کی عدم مطابقت اس نوعیت کے فیصلوں کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ انتخابی عمل کو درست رکھنے کے لیے ضوابط پر عمل درآمد ضروری ہے، مگر دوسری جانب ترنمول کانگریس کے رہنماؤں نے اس معاملے پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی ایک بڑی تعداد کا تعلق ایک مخصوص کمیونٹی سے ہونا تشویشناک ہے اور اس پہلو کی غیر جانبدارانہ جانچ ہونی چاہیے۔
کیا یہ محض اتفاق ہے کہ اس زمرے میں زیادہ تر مسلم ووٹرز ہی متاثر ہوئے ہیں یا اس کے پس پردہ کوئی اور حقیقت کارفرما ہے؟ متاثرہ شہریوں کے لیے یہ معاملہ محض ووٹ ڈالنے کے حق تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس نے ان کی شناخت اور شہریت کے حوالے سے بھی خدشات کو جنم دیا ہے۔ ایک متاثرہ شخص ضیاء الرحمن خان نے اپنی تشویش بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر نام ووٹر لسٹ سے نکالا جا سکتا ہے تو مستقبل میں شناخت کے دیگر پہلو بھی زیر سوال آسکتے ہیں، جو ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے تنازعات انتخابی عمل پر عوامی اعتماد کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ضروری ہے کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر وضاحت فراہم کریں اور متاثرہ افراد کو مناسب موقع دیا جائے تاکہ وہ اپنے دستاویزات کی تصدیق کرا سکیں۔
مغربی بنگال میں انتخابی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں، ایسے میں اس طرح کے معاملات نہ صرف سیاسی ماحول کو گرما رہے ہیں، بلکہ جمہوری اقدار کے تحفظ کے حوالے سے بھی اہم بحث کو جنم دے رہے ہیں۔ مگر بنیادی سوال اب بھی اپنی جگہ قائم ہے کہ انتخابی شفافیت کہاں ہے؟ اگر واقعی سب کچھ ضابطوں کے مطابق ہو رہا ہے تو پھر یک طرفہ طور پر مخصوص طبقے کے نام ہی کیوں حذف ہو رہے ہیں؟ کیا یہ محض انتظامی غلطی ہے یا ایک خاموش ناانصافی؟ اور اگر یہ ناانصافی ہے تو اس کا ازالہ کب اور کیسے ہوگا؟
ہٹا کر جھوٹ سے پردہ صداقت کب بتاؤگے؟
گزشتہ ماہ ناشک کے صنعتی افق پر اٹھنے والے ایک طوفان نے حقیقت، بہتان اور تعصب کی دھند غالب کردی ہے۔ ناشک میں واقع ایک معروف آئی ٹی کمپنی کے بی پی او یونٹ سے منسوب ایک مبنیہ اسکینڈل نے حالیہ دنوں میں عوامی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے۔ 2022ء سے 2026ء کے درمیانی عرصے پر محیط ان الزامات میں خواتین ملازمین کے ساتھ جنسی ہراسانی، بلیک میلنگ اور جبری مذہبی تبدیلی جیسے سنگین دعوے شامل کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق اس معاملے میں اب تک نو ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں، جب کہ بعض متاثرہ خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ انھیں شادی کے جھوٹے وعدوں کے جال میں پھنسا کر استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔
یہ معاملہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے نہایت حساس اور توجہ طلب ہے، جس میں شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی اشد ضرورت ہے۔ تاہم اس ساری کہانی کا ایک اور رخ بھی ہے اور وہ ہے کردار کشی، افواہ سازی اور تعصب کا وہ زہر جو سچائی کے چہرے کو مسخ کرنے لگتا ہے۔
خاص طور پر ایک خاتون ندا خان کا نام اس قضیے میں اس انداز سے اچھالا گیا، جیسے وہ اس تمام مبینہ نیٹ ورک کی کلیدی کردار ہوں۔ مگر دستیاب معلومات اس بیانیے کو یکسر رد کرتی ہیں۔ ندا خان نہ تو کسی انتظامی عہدے پر فائز ہیں اور نہ ہی ایچ آر سے ان کا کوئی تعلق ہے۔ وہ ایک عام ٹیلی کالر کے طور پر سیلز ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دے رہی ہیں اور اس وقت حاملہ بھی ہیں۔ ایسے میں ان پر الزامات کی بوچھاڑ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ معلوم ہوتی ہے بلکہ ایک سوچے سمجھے کردار کشی کے منصوبے کا شاخسانہ بھی محسوس ہوتی ہے۔ یہ سوال اپنی پوری شدت کے ساتھ ابھرتا ہے کہ آخر سچائی کے نام پر جھوٹ کی ایسی دبیز تہہ کیوں جمائی جا رہی ہے؟ کیا یہ محض تفتیشی غفلت ہے یا پھر ایک مخصوص اقلیتی طبقے کو بدنام کرنے کی شعوری کوشش؟ جب خبر اور افواہ کے درمیان حدِ فاصل مٹنے لگے تو صحافت کا آئینہ بھی دھندلا جاتا ہے اور معاشرہ شکوک و شبہات کے اندھیروں میں بھٹکنے لگتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ اس معاملے کو سنسنی خیزی کے بجائے سنجیدگی کے ساتھ دیکھا جائے۔ الزامات کی غیر جانب دارانہ چھان بین ہو، متاثرین کو انصاف ملے اور بے گناہوں کی عزت کو بحال کیا جائے۔ کیوں کہ اگر سچائی کو تعصب کی دھول میں دفن کر دیا گیا تو یہ صرف ایک فرد یا ادارے کا نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے اخلاقی زوال کا نوحہ ہوگا۔
یہ وقت ہے کہ ہم خبر اور بہتان کے درمیان لکیر کھینچیں، ورنہ کل یہی دھند ہر سچ کو نگل جائے گی۔
عالمی منظرنامہ
جبر کی ارزانیاں ہیں ظلم کی بہتات ہے!
گزشتہ ماہ عالمی منظرنامے میں پھر غاصب ریاست کے ظلم کی تصویر سر فہرست رہی۔ غاصب ریاست کی پارلیمنٹ نے ایک متنازع اور نہایت سخت گیر قانون 62 کے مقابلے میں 47 ووٹوں سے منظور کر دیا۔ جس کے تحت فلسطینی قیدیوں کو سزائے موت دی جا سکے گی۔ اس قانون کی سب سے تشویش ناک شق یہ ہے کہ اس میں نہ تو کسی قسم کی معافی کی گنجائش رکھی گئی اور نہ ہی سزا میں کمی یا اپیل کا کوئی راستہ چھوڑا گیا۔ مزید برآں، قانون کے مطابق یہ سزائیں محض 90 دن کے اندر اندر نافذ کر دی جائیں گی، گویا انصاف کے دروازے بند کر کے صرف سزا کے دروازے کھول دیے گئے ہوں۔
یہ اقدام نہ صرف قانونی اصولوں بلکہ انسانی ضمیر کے لیے بھی ایک کڑا امتحان بن کر سامنے آیا ہے۔ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اسے انصاف کے بنیادی تقاضوں کے منافی قرار دیا۔ سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا انصاف کی روح کو یوں سرِ بازار نیلام کیا جا سکتا ہے؟ کیا قانون کا کام زندگی چھیننا ہے یا اسے تحفظ فراہم کرنا؟
یہ قانون ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پہلے ہی فلسطینی قیدیوں کے حقوق کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔ اب یہ نیا فیصلہ گویا زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے عدل کے ترازو کو دانستہ جھکا دیا گیا ہو اور انصاف کی آنکھوں پر بندھی پٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہو، تاکہ وہ سچائی کو دیکھ ہی نہ سکے۔
ناقدین کے مطابق، اس قانون کے ذریعے انصاف کے نام پر انتقام کی راہ ہم وار کی جا رہی ہے۔ اگر کسی معاشرے میں اپیل، معافی اور نظرثانی جیسے بنیادی اصول ختم کر دیے جائیں تو وہاں قانون نہیں، محض طاقت کی حکمرانی رہ جاتی ہے۔ یہ اقدام ایک خطرناک نظیر قائم کر سکتا ہے، جہاں عدالتیں انصاف کا منبع نہیں، بلکہ فیصلوں کی مہر لگانے کا ذریعہ بن کر رہ جائیں۔
عالمی برادری کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے۔ کیا وہ اس صورت حال پر خاموش تماشائی بنی رہے گی یا انصاف اور انسانی وقار کے حق میں آواز بلند کرے گی؟ کیوں کہ جب قانون انسانیت سے خالی ہو جائے تو وہ محض الفاظ کا ڈھانچہ رہ جاتا ہے اور ایسے ڈھانچے اکثر ظلم کے ایوانوں کی بنیاد بن جاتے ہیں۔
٭ ٭ ٭


0 Comments