وہ شہر جو کتابوں سے دل میں آباد ہوئے

بعض شہر ایسے ہوتے ہیں جو نقشوں میں نہیں، دل کے کسی خاموش گوشے میں آباد ہو جاتے ہیں۔ سولہ برس کی عمر تھی۔ عمر کا وہ حصہ جہاں انسان کو ابھی اپنے ہی دل کی وسعتوں کا اندازہ نہیں ہوتا۔ اتفاق سے ایک دن ابّو کے شیلف میں رکھی بوسیدہ کتابوں کے درمیان ایک کتاب پر نظر پڑی۔
گرد آلود سرورق، زرد پڑتے صفحات اور پرانی کتابوں والی وہ مخصوص خوشبو، جیسے وقت اپنی سانسیں ان ورقوں میں چھوڑ گیا ہو۔ وہ کتاب بے حد پرانی تھی اور جن شہروں سے اس نے ملاقات کروائی وہ اس کتاب سے بھی زیادہ پرانے، جو پہلی ہی ملاقات میں اپنے لگنے لگے۔
تب یہ بھی معلوم نہ تھا کہ ناول کسے کہتے ہیں، اور نہ یہ خبر تھی کہ چند سیاہ حروف انسان کی روح پر اس طرح قبضہ بھی جما سکتے ہیں۔ مگر نسیم حجازی کے لفظوں میں ایک عجیب سحر تھا۔ ان کے قلم نے پہلی بار مجھے اندلس کی ان گلیوں میں لے جا کر کھڑا کیا جہاں سنگِ مرمر کی دیواریں اذانوں کی بازگشت سناتی تھیں، جہاں کوٹھریوں کے نیم تاریک دریچوں سے علم کی روشنی جھانکتی تھی، جہاں پرانے کیواڑوں پر وقت نے اپنے زخم ثبت کر رکھے تھے۔پھر کیا تھا! قرطبہ صرف ایک شہر نہ رہا، ایک خواب بن گیا۔ غرناطہ محض تاریخ کا باب نہ رہا، بلکہ دل کی ایک مستقل دھڑکن بن گیا۔ نسیم حجازی جب اندلس کے زوال کا ذکر کرتے تو یوں محسوس ہوتا جیسے الحمرا کے سرخ پتھروں پر ابھی تک مسلمانوں کے آنسو تازہ ہوں۔ ان کے کردار جب تلواریں تھامے اپنے شہر کی گلیوں سے گزرتے، تو میں بھی اپنے تخیل میں انہی کوچوں سے گزرتی، انہی فصیلوں کو چھوتی، انہی خاموش مسجدوں میں کھڑی ہو جاتی جہاں کبھی تکبیر کی آواز بلند ہوا کرتی تھی۔ پھر ایک ایک کر کے اندلس کے دروازے کھلتے گئے۔ ’’یوسف بن تاشفین‘‘ پڑھا تو پہلی بار معلوم ہوا کہ کبھی ایسے مردِ درویش بھی دنیا میں آئے تھے جو اقتدار سے زیادہ امت کے زخموں کی فکر کرتے تھے۔ ’’شاہین‘‘ نے اندلس کے آسمان پر پرواز کرنا سکھائی۔ اس ناول کے ہر باب میں شکست کے سائے بھی تھے اور امید کی آخری کرن بھی۔ ’’اندھیری رات کے مسافر‘‘ میں یوں لگا جیسے زوال کی راتوں میں بھی کچھ چراغ بجھنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ اور ’’کلیسا اور آگ‘‘ تو گویا اندلس کی جلی ہوئی تاریخ تھی، جس کے ہر صفحے سے دھویں، اذیت اور بچھڑ جانے کی مہک آتی تھی۔ ان ناولوں نے صرف کہانیاں نہیں سنائیں، انھوں نے شہروں سے تعلق جوڑ دیا۔ قرطبہ کی گلیاں، اشبیلیہ کے مینار، غرناطہ کے سنسان محل سب میرے تخیل کا حصہ بنتے گئے۔ بعد میں مسلم اسپین پر ڈاکومنٹریز دیکھیں، تاریخ کے اوراق کھولے، تب احساس ہوا کہ نسیم حجازی نے صرف ناول نہیں لکھے تھے؛ انھوں نے ایک کھوئی ہوئی دنیا کو لفظوں میں زندہ کر دیا تھا۔ عجیب بات یہ ہے کہ اب جب کبھی ذہن میں سوال آتا ہے کہ دنیا کے کس شہر میں جانا چاہوں گی؟ تو دل بے اختیار ’غرناطہ‘ کہتا ہے۔ حالاں کہ معلوم ہے وہاں اب ماضی کی اداس راکھ ہے، شکست خوردہ یادیں ہیں اور وہ اذانیں نہیں رہیں جو کبھی فضاؤں میں لہرا کرتی تھیں۔ علامہ اقبال نے اس کی یاد میں جو نظم کہی ہے، وہی تسلی دل کو کافی ہے۔

ہسپانيہ تو خون مسلماں کا اميں ہے
مانند حرم پاک ہے تو ميری نظر میں
پوشيدہ تری خاک ميں سجدوں کے نشاں ہيں
خاموش اذانيں ہيں تری باد سحر میں
روشن تھيں ستاروں کی طرح ان کی سنانيں
خيمے تھے کبھی جن کے ترے کوہ و کمر ميں
پھر تيرے حسينوں کو ضرورت ہے حنا کی؟
باقی ہے ابھی رنگ مرے خون جگر ميں
پھر کيوں کر خس و خاشاک سے دب جائے مسلماں
مانا وہ تب و تاب نہيں اس کے شرر ميں
غرناطہ بھی ديکھا مری آنکھوں نے و ليکن
تسکين مسافر نہ سفر ميں نہ حضر ميں
ديکھا بھی دکھايا بھی، سنايا بھی سنا بھی
ہے دل کی تسلی نہ نظر ميں، نہ خبر ميں

شاید محبت ہمیشہ آباد شہروں سے نہیں ہوتی؛ بعض اوقات انسان کھنڈرات سے بھی عشق کر بیٹھتا ہے، صرف اس لیے کہ وہاں کبھی اس کی روح کا کوئی حصہ زندہ رہا ہوتا ہے۔ اندلس میرے لیے صرف تاریخ نہیں، ایک احساس ہے۔ایک ایسا احساس جو پہلی بار کتابوں کے ذریعے دل میں اترا اور پھر ہمیشہ کے لیے وہیں ٹھہر گیا۔ شاید ہمیں اپنی تاریخ سے دوبارہ رشتہ جوڑنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ جو قومیں اپنے ماضی کو بھلا دیتی ہیں، وہ اپنی پہچان بھی کھو بیٹھتی ہیں۔

“History whispers lessons, before it repeats Tragedies”

ہماری تاریخ صرف جنگوں اور سلطنتوں کی داستان نہیں، بلکہ ایمان، علم، قربانی، تہذیب اور کردار کی وہ روشنی ہے جس نے کبھی دنیا کو منور کیا تھا۔ قرطبہ( Córdoba) کی لائبریریاں، غرناطہ( Granada) کے مینار، اشبیلہ( Seville) کے کوچے، بلنسیہ(Valencia) کے مسافر خانے، یہ صرف شہر نہیں تھے، یہ ہماری اجتماعی یادداشت کا حصہ تھے۔ کتابیں شاید اسی لیے اہم ہوتی ہیں۔ وہ ہمیں صرف کہانیاں نہیں سناتیں، بلکہ ہمیں ہماری جڑوں تک واپس لے جاتی ہیں۔

وَلَا غَالِبَ إِلَّا الله

There is no victor except Allah.
still echoes through the halls of Alhambra.

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے