جہیز ایک ایسی رسم ہے جو بہ ظاہر محبت اور تعاون کے نام پر شروع ہوئی تھی، مگر آج ایک سنگین سماجی برائی کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ جہیز کا بنیادی تصور یہ تھا کہ والدین اپنی بیٹی کو اس کی نئی زندگی کے آغاز پر کچھ ضروری سامان فراہم کریں، تاکہ اسے سہولت میسر ہو۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ سادہ روایت ایک بوجھل اور ظالمانہ رسم میں تبدیل ہو گئی۔
اب جہیز صرف تحفہ نہیں رہا بلکہ ایک غیر اعلانیہ مطالبہ بن چکا ہے، جس کی تکمیل نہ ہونے پر لڑکی اور اس کے خاندان کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس رسم کے سب سے زیادہ منفی اثرات لڑکی کے خاندان پر پڑتے ہیں۔
غریب اور متوسط طبقے کے والدین اپنی بیٹی کی شادی کے لیے قرض لیتے ہیں، حتی کہ اپنی جمع پونجی خرچ کر دیتے ہیں اور بعض اوقات زندگی بھر مالی مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ نعوذ باللہ جہیز نہ دینے یا کم دینے کی صورت میں لڑکی کو سسرال میں تضحیک، ظلم اور بعض اوقات تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، جو ایک انتہائی افسوسناک حقیقت ہے۔
یہی وجہ ہے کہ آج نہ چاہتے ہوئے بھی بیٹیوں کو بوجھ سمجھا جانے لگا ہے اور شاید انھیں وجوہات کی بنا پر آج بعض خاندانوں میں بیٹیوں کی پیدائش پر خوشی کے بجائے لوگ فکر میں مبتلا ہو جاتے ہیں، جو کہ ایک غیر انسانی اور غیر اخلاقی رویہ ہے۔
مزید برآں یہ رسم سادہ اور بابرکت نکاح کے تصور کو بھی نقصان پہنچاتی ہے، جب کہ اسلام سادگی اور آسانی کا درس دیتا ہے۔ کتاب و سنت کی روشنی میں نکاح ایک پاکیزہ، سادہ اور بابرکت عمل ہے، جسے اسلام نے بہ حسن و خوبی انجام دینے کا حکم دیا ہے۔ سادگی اور کم خرچ والی شادی اسلامی تعلیمات کے مطابق سب سے زیادہ بابرکت نکاح مانا گیا ہے۔ نکاح کو بوجھ بنانے کے بجائے آسان بنانا چاہیے، مگر آج کے دور میں چیزیں اس کے برعکس ہو رہی ہیں۔
جہیز جیسی قبیح فعل سے بچنے کے لیے چند مفید تدابیر
(1) لڑکا اور لڑکی کے والدین کی آپسی گفتگو
شادی کی بات جب چلے تو فورا وہیں پر لڑکے کے گھر والوں کو چاہیے کہ مکمل طور سے جہیز لینے سے انکار کردیں۔
بعض لڑکی کے والدین تو جہیز اس لیے دیتے ہیں کہ لڑکا سرکاری نوکری والا یا زیادہ پیسہ کمانے والا ہوتا ہے، جب کہ یہ سراسر غلط اور شریعت کی خلاف ورزی ہے۔ حیف صد حیف کہ والدین اپنی بچیوں کی شادی سرکاری نوکری والا تو چاہتے ہیں، مگر دین کی حفاظت کرنے والا ہو یا نہ ہو، انھیں اس سے کوئی سروکار نہیں ہوتا ہے۔ جب کہ نکاح کے لیے اولین فریضہ یہی آتا ہے۔
اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ اسلام نے شادی میں دین داری کو مقدم رکھا ہے۔ فرمان نبوی ہے:
’’فاظفر بذات الدين۔‘‘
شادی میں دین داری کو ترجیح دو
ورنہ اس کا حال کیا ہوگا نبی اکرم نے خود اس کی تباہی وبربادی کو بھی بتایا: ’’تربت یداک‘‘ ایسی شادی باعث ہلاکت کے کچھ نہیں ہوسکتی۔
(2) اپنی ذات سے آغاز
سب سے مؤثر قدم یہ ہے کہ انسان خود اپنے گھر میں جہیز نہ لے اور نہ دے۔ جب چند لوگ ہمت کریں گے تو دوسروں کے لیے مثال بنے گی۔
(3) معاشرتی بائیکاٹ
جہیز مانگنے والوں کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے، ان کی شادی میں شرکت کرنے سے گریز کیا جائے اور واضح طور سے بتایا جائے کہ ہم ایسی شادی میں شرکت نہیں کرسکتے، جس میں جہیز جیسی برائی پائی جاتی ہو اور مزید ٹھوس قدم اٹھانے کے لیے علمائے کرام کو چاہیے کہ جس شادی میں جہیز کی لین دین ہو وہاں نکاح پڑھنے سے انکار کر دیا جائے۔
(4) علماء اور سماجی رہنماؤں کا اس پر بار بار توجہ دلانا
اجتماعی طور پر اس مسئلے پر مسلسل بات کی جائے، خطبات میں اس کی مذمت کی جائے، اور لڑکیوں کے لیے وراثت میں جو حصہ رکھا گیا ہے اس کے بارے میں بار بار تاکید کی جائے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ جہیز ایک ایسی سماجی بیماری ہے جس کا خاتمہ نہایت ہی ضروری ہے اور یہ اجتماعی کوششوں کے بغیر ممکن نہیں۔ اگر ہم ایک صحت مند اور متوازن معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اس رسم کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا اور سادگی کو فروغ دینا ہوگا۔
٭ ٭ ٭

![Girls Plant[Taa’wun Ke Naam Par Jahez Ka Len Den]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/05/Girls-PlantTaawun-Ke-Naam-Par-Jahez-Ka-Len-Den.jpg)
0 Comments