ملکی و عالمی منظر نامہ

ملکی منظر نامہ

سب تحفظ کے بھرم ٹوٹ رہے ہیں جاناں!

قارئینِ کرام! گزشتہ ماہ ایک مرتبہ پھر پیپر لیک کا معاملہ زبان زد رہا۔ ملک کے سب سے اہم طبی داخلہ امتحان NEET کے مبینہ پیپر لیک معاملے نے پورے تعلیمی نظام کو ایک بار پھر کٹہرے میں لاکھڑا کیا ہے۔ امتحان کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھنے کے بعد ملک بھر میں طلبہ، والدین اور تعلیمی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے بھی مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی ایجنسیوں نے مختلف ریاستوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے اور تحقیقات کے دوران تقریباً 45 افراد پر مشتمل ایک منظم نیٹ ورک کے انکشاف کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مبینہ طور پر لاکھوں روپے کے عوض سوالیہ پرچے فروخت کیے گئے، جب کہ بعض اطلاعات میں یہ رقم 20 لاکھ روپے تک بتائی جا رہی ہے۔ اس انکشاف نے لاکھوں طلبہ کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے، جنھوں نے برسوں کی محنت اور شب و روز کی جدوجہد کے بعد اس امتحان میں شرکت کی تھی۔
امتحان منسوخ کیے جانے کی خبروں کے بعد مختلف شہروں میں طلبہ نے احتجاج بھی کیا۔ طلبہ اور والدین کا کہنا ہے کہ بار بار ہونے والے ایسے واقعات نے نوجوان نسل کا اعتماد متزلزل کر دیا ہے۔ ان کے مطابق محنت اور قابلیت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے خواب اس وقت چکنا چور ہو جاتے ہیں جب امتحانی نظام میں بدعنوانی اور بدانتظامی سرایت کر جائے۔ سیاسی سطح پر بھی معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کا تعلیمی نظام مسلسل بحران کا شکار ہے اور حکومت امتحانات کے انعقاد میں شفافیت برقرار رکھنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ پیپر لیک کے مسلسل واقعات نہ صرف امتحانی نظام کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں، بلکہ ذہین اور محنتی طلبہ میں مایوسی بھی پیدا کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر بروقت سخت اقدامات نہ کیے گئے تو تعلیمی اداروں اور قومی امتحانات پر عوامی اعتماد مزید کمزور ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مختلف مسابقتی امتحانات میں پیپر لیک کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں، جس کے باعث شفافیت اور نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ موجودہ معاملے نے ایک بار پھر یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ آخر کب تک طلبہ کے خواب، والدین کی امیدیں اور برسوں کی محنت بدعنوان عناصر کی نذر ہوتی رہے گی؟ عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ حکومت محض بیانات تک محدود رہنے کے بجائے ایک مضبوط اور شفاف نظام تشکیل دے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

نوجوان نسل حکومت سے صرف یقین دہانیاں نہیں، بلکہ ایسا مضبوط اور غیر جانبدار نظام چاہتی ہے جو محنت کو اس کا حقیقی مقام دے اور قابلیت کا وقار بحال رکھ سکے۔ کیوں کہ جب تعلیمی اداروں سے انصاف اٹھ جائے تو صرف ایک امتحان نہیں، پوری قوم کا مستقبل مشکوک ہو جاتا ہے۔

روتی ہوئی گلیاں ہیں، سسکتے ہوئے گھر ہیں!

ملک کی اقتصادی راجدھانی کہلانے والا شہر ممبئی ایک بار پھر غریب بستیوں کی مسماری کے سبب بحث کے مرکز میں ہے۔ باندرہ کے غریب نگر علاقے میں ریلوے انتظامیہ اور بی ایم سی کی مشترکہ کارروائی کے دوران سینکڑوں جھونپڑیاں، مکانات اور کئی ڈھانچے زمین بوس کر دیے گئے، جس کے بعد پورا علاقہ ملبے کے ڈھیر میں دب کر بے بسی کی تصویر بن کر رہ گیا۔ کھلے آسمان تلے بیٹھے مرد، عورتیں، بچے اور بوڑھے نہ صرف اپنی چھت سے محروم ہوئے، بلکہ ان کی زندگیوں کا برسوں پرانا سکون بھی چند گھنٹوں میں اجڑ گیا۔ یہ کارروائی بامبے ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق انجام دی گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ زمین ریلوے محکمہ کی ملکیت تھی اور ریلوے کی توسیعی و ترقیاتی اسکیموں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانا ضروری قرار دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً پانچ سو غیر قانونی مکانات اور ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا تاکہ مستقبل میں ریلوے کے منصوبوں اور عوامی سہولیات کی راہ ہموار ہو سکے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ ترقی کی قیمت ہمیشہ غریب ہی کیوں ادا کرے؟ کیا شہر کو جدید بنانے کا مطلب یہ ہے کہ جھونپڑیوں میں رہنے والے انسانوں کے خواب، ان کی یادیں اور ان کی زندگی کی واحد پونجی بلڈوزر کے نیچے روند دی جائے؟ غریب نگر میں کارروائی کے بعد دل دہلا دینے والے مناظر دیکھنے کو ملے۔ عورتیں اپنے ٹوٹے ہوئے گھروں کے ملبے میں برتن، کپڑے اور بچوں کی کتابیں تلاش کرتی رہیں، جب کہ معصوم بچے حیرت و خوف کے عالم میں اپنے والدین سے یہ پوچھتے دکھائی دیے کہ اب وہ کہاں رہیں گے۔ کئی خاندان ایسے بھی تھے جن کے مطابق انھیں مناسب وقت نہیں دیا گیا کہ وہ اپنا سامان بحفاظت منتقل کر سکیں۔ ایک متاثرہ خاتون نے نم ناک آنکھوں کے ساتھ کہا: ’’اگر گھر توڑنا تھا تو کم از کم ہمیں کچھ وقت دے دیتے۔ گھر ٹوٹنے کا دکھ اپنی جگہ ہے، لیکن وہ مسجد نہیں توڑنی چاہیے تھی۔ مسجد میں اللہ کا کلام تھا، قرآن تھا، وہ بھی نکالنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ اب ہمارے بچے کہاں نماز پڑھیں گے؟‘‘
اس خاتون کے الفاظ صرف ایک فرد کی فریاد نہیں، بلکہ اس پورے طبقے کی آواز ہیں جو برسوں سے شہروں کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے باوجود بنیادی انسانی وقار سے محروم ہیں۔ ممبئی جیسے مہنگے شہر میں لاکھوں مزدور، رکشہ چلانے والے، گھریلو ملازمین اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد انہی بستیوں میں رہتے ہیں۔ یہی لوگ شہر کی معیشت کا خاموش ستون ہیں، لیکن جب زمین کی قیمت بڑھتی ہے یا ترقیاتی منصوبے سامنے آتے ہیں تو سب سے پہلے انہی کی بستیاں نشانہ بنتی ہیں۔ قانونی اعتبار سے اگرچہ سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا، مگر آئین ہند ہر شہری کو باوقار زندگی کا حق دیتا ہے۔ سپریم کورٹ بھی متعدد فیصلوں میں یہ واضح کر چکی ہے کہ رہائش صرف ایک سہولت نہیں، بلکہ انسانی وقار سے جڑا بنیادی حق ہے۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا متبادل رہائش فراہم کیے بغیر لوگوں کو بے گھر کر دینا سماجی انصاف کے اصولوں سے مطابقت رکھتا ہے؟

ماہرین کا ماننا ہے کہ حکومتوں کے پاس ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ انسانی ہمدردی پر مبنی پالیسی بھی ہونی چاہیے۔ اگر واقعی زمین خالی کرانا ناگزیر تھا تو متاثرین کی باز آبادکاری، متبادل رہائش، بچوں کی تعلیم اور روزگار کے تحفظ کے لیے جامع منصوبہ پہلے سے تیار ہونا چاہیے تھا۔ صرف قانونی جواز پیش کر دینا انسانی المیے کا حل نہیں بن سکتا۔ غریب نگر کی مسماری نے ایک بار پھر یہ احساس دلایا ہے کہ ہندوستان میں شہری ترقی اور سماجی انصاف کے درمیان توازن ابھی تک ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ بلند و بالا عمارتوں اور جدید انفراسٹرکچر کے خواب اس وقت تک ادھورے رہیں گے جب تک ان شہروں کے اصل محنت کش خوف اور بے یقینی کی زندگی گزارنے پر مجبور رہیں گے۔
یہ واقعہ صرف ایک بستی کی کہانی نہیں، بلکہ اس سوال کی بازگشت ہے کہ آخر اس ملک میں ترقی کا حق کس کے لیے ہے اور اس ترقی کی قیمت کون ادا کرے گا؟

گرم ہو جاتا ہے جب محکوم قوموں کا لہو

ملک عزیز میں نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے سماجی و سیاسی اضطراب نے حالیہ دنوں ایک غیر معمولی اور دل چسپ رخ اختیار کر لیا، جب سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کے انداز میں وجود میں آنے والی ’’کاکروچ جنتا پارٹی‘‘ چند ہی دنوں میں غیر متوقع مقبولیت حاصل کرنے لگی۔ انسٹاگرام پر اس نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ نے محض پانچ دنوں کے اندر کروڑوں فالوورز سمیٹ کر سیاسی و سماجی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت زیرِ بحث آیا جب سپریم کورٹ کے ایک جج سے منسوب ایک بیان سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگا، جس میں مبینہ طور پر بے روزگار نوجوانوں کو ’کاکروچ‘ سے تشبیہ دی گئی۔ اگرچہ اس بیان کے مختلف پہلوؤں پر قانونی و صحافتی حلقوں میں بحث جاری ہے، تاہم نوجوان طبقے نے اس لفظ کو طنزیہ علامت میں بدلتے ہوئے ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے نام سے ایک آن لائن مہم شروع کر دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ مہم میمز، ویڈیوز، طنزیہ پوسٹس اور سیاسی تبصروں کی شکل اختیار کر گئی۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اس تیزی سے ابھرنے والی مقبولیت کو محض ایک مزاحیہ رجحان قرار دینا شاید کافی نہ ہو، کیوں کہ سماجی ماہرین کے مطابق یہ دراصل نوجوان نسل کے اندر پائے جانے والے اضطراب، بے یقینی اور نظام سے بڑھتی ہوئی دوری اور نفرت کا اظہار بھی ہے۔ ملک میں بڑھتی بے روزگاری، مسابقتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں، روزگار کے محدود مواقع اور سیاسی جماعتوں سے مایوسی نے نوجوانوں کے ایک طبقے کو احتجاج کے نئے اور غیر روایتی انداز اپنانے پر آمادہ کیا ہے۔
فی الحال ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ ایک رسمی سیاسی جماعت نہیں، بلکہ ایک ڈیجیٹل اور علامتی تحریک کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، مگر اس نے مختصر وقت میں یہ ضرور ثابت کر دیا ہے کہ نئی نسل اپنی بات پہنچانے کے لیے روایتی نعروں کے بجائے جدید اور غیر متوقع ذرائع اختیار کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔

عالمی منظرنامہ

ظلم بس ظلم ہے آغاز سے انجام تلک!

معزز قارئین! عالمی منظرنامہ دیکھنے پر درد کی وہی داستان مزید شدت کے ساتھ دکھائی دیتی ہے۔ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قائم اسرائیلی جیلیں ایک بار پھر انسانیت سوز مظالم کی علامت بن کر دنیا کے سامنے آئی ہیں، جہاں فلسطینی قیدیوں پر ہونے والے تشدد اور غیر انسانی سلوک کی لرزہ خیز داستانیں عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔ انسانی حقوق کے علم بردار اداروں کی جانب سے بارہا توجہ دلانے کے باوجود اسرائیلی عقوبت خانوں میں ظلم و جبر کا سلسلہ تھمنے کے بجائے مزید شدت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جیلوں میں زیرِ حراست فلسطینی قیدیوں، خصوصاً نوجوانوں اور کم عمر بچوں کو جسمانی تشدد، ذہنی اذیت، مسلسل تفتیش اور بنیادی سہولیات سے محرومی کا سامنا ہے۔ کئی قیدیوں کو علاج معالجے کی سہولت تک میسر نہیں، جب کہ بعض کو طویل عرصے تک تنہائی میں رکھ کر نفسیاتی دباؤ کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین، بلکہ انسانی اقدار کی بھی سنگین پامالی ہیں۔ مبصرین کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں ہونے والے یہ مظالم انسانیت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ بن چکے ہیں۔ ایسے وقت میں جب دنیا انسانی حقوق، انصاف اور آزادی کے بلند بانگ دعوے کرتی ہے، فلسطینی قیدیوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک عالمی برادری کی خاموشی پر بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ معصوم انسانوں پر ڈھائے جانے والے یہ مظالم انسانیت کو شرمسار کر رہے ہیں اور عالمی اداروں کی بے حسی کو بے نقاب کر رہے ہیں۔
سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی قوتیں واقعی انسانی حقوق کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں تو انھیں فلسطینی قیدیوں کے معاملے پر فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسرائیلی جیلوں میں جاری ظلم و تشدد کو روکنے اور قیدیوں کو بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ ناگزیر ہو چکا ہے۔

٭ ٭ ٭

Comments From Facebook
اگر پسند آیا تو لائک ضرور کریں:

0 Comments

Submit a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے