سوال:
میں فائنل ائیر کا طالب علم ہوں۔ ایک لڑکی کو پسند کرتا ہوں۔ اپنی والدہ سے ذکر کیا تو وہ بڑی مشکل سے راضی ہوئیں۔ لڑکی عمر میں مجھ سے تین سال بڑی ہے۔ اس بنا پر لڑکی کی والدہ رشتہ منظور کرنے پر آمادہ نہیں ہیں، جب کہ میں ہر لحاظ سے راضی ہوں۔ مجھ کو وہ لڑکی اپنی سنجیدگی، متانت، پردہ، لحاظ اور تعلیم کی وجہ سے بہت پسند ہے۔ وہ لڑکی بھی عمر کی وجہ سے مجھ سے دوری بناتی ہے۔
براہ کرم کچھ ایسا شرعی جواب دیجیے، تاکہ وہ لوگ مان جائیں۔
جواب:
شرعی اعتبار سے نکاح میں اصل اہمیت دین، اخلاق، کردار اور باہمی رضامندی کو دی گئی ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا ہے:
إذا خطبَ إليكم مَن ترضَونَ دينَه وخلقَه فزوِّجوهُ، إلّا تفعلوا تَكن فتنةٌ فی الأرضِ وفسادٌ عريضٌ
(ترمذی: 1084، ابن ماجہ: 1967)
’’جب کوئی ایسا شخص تمھارے پاس تمھارے بیٹی سے نکاح کا پیغام دے جس کے دین اور اخلاق پر تمھیں اطمینان ہو تو اس سے نکاح کردو۔ اگر ایسا نہیں کرو گے تو زمین میں فتنہ اور بڑے پیمانے پر فساد پھیل جائے گا۔‘‘
لڑکی کا عمر میں لڑکے سے کچھ بڑا ہونا شرعاً کوئی عیب یا رکاوٹ نہیں ہے۔ رسول اللہ ﷺ کا نکاح حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا سے ہوا۔ روایات کے مطابق وہ عمر میں آپ سے 15 برس بڑی تھیں۔ حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کا نکاح حضرت ام ایمن رضی اللہ عنہا سے ہوا، جو عمر میں ان سے بڑی تھیں۔ حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا کو ان کے شوہر نے طلاق دے دی تو انھوں نے عدّت گزارنے کے بعد اللہ کے رسولﷺ کے مشورے سے دوسرا نکاح حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے کیا، جو عمر میں ان سے چھوٹے تھے۔ حضرت فاطمہ بنت قیس نے بعد میں بیان کیا کہ اللہ کے رسول ﷺ کے مشورے سے کیا گیا یہ نکاح میرے لیے بہت بابرکت ثابت ہوا۔ اس طرح کی بہت سی مثالیں پائی جاتی ہیں۔
اس سے معلوم ہوا کہ صرف عمر کے فرق کی بنیاد پر کسی رشتے کو نامناسب قرار دینا درست نہیں۔ البتہ اس مسئلے کو صرف شرعی پہلو سے دیکھنے کے بجائے نفسیاتی، سماجی اور خاندانی پہلوؤں کو بھی مدّنظر رکھنا چاہیے۔
اسلام چاہتا ہے کہ لڑکا اور لڑکی دونوں دین دار اور اچھے اخلاق والے ہوں۔ نکاح دونوں افراد اور خاندانوں کی رضامندی سے ہو۔ خاندانوں میں فساد اور قطع رحمی پیدا نہ ہو اور آئندہ زندگی میں نباہ کی امید ہو۔ عورت میں دین داری، اخلاق، حیا اور سمجھ داری اچھے اوصاف ہیں۔ اگر آپ اس کے ان اوصاف سے متاثر ہوکر اس سے نکاح کرنا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کا فیصلہ وقتی اور جذباتی نہیں، بلکہ سوچا سمجھا ہے۔
آپ کی والدہ اور لڑکی دونوں کی ہچکچاہٹ کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔ اکثر مائیں یہ سوچتی ہیں کہ لڑکے اور لڑکی کے درمیان عمر کا فرق کہیں آگے چل کر مسائل نہ پیدا کرے، سماج باتیں نہ بنائے، بیٹے کو بعد میں احساسِ محرومی نہ ہو۔ یہ تردّد عموماً اپنی انا اور ضد کی وجہ سے نہیں، بلکہ مستقبل کے اندیشوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس لیے اس موضوع پر ہٹ دھرمی اور اکڑ کے بجائے نرمی، احترام، حکمت اور تدریج کے ساتھ بات کرنی چاہیے۔
لڑکی کا پیچھے ہٹنا بھی ایک سنجیدہ اور باوقار رویہ ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے وہ خاندان کی رضامندی کے بغیر رابطہ نہ بڑھانا چاہتی ہو۔ اسے ڈر ہو کہ کہیں بعد میں عمر کا مسئلہ اس کے لیے طعنہ نہ بن جائے۔ اس لیے وہ جذبات کے بجائے حقیقت پسندانہ فیصلہ چاہتی ہو۔ اس کا یہ رویّہ اس کی سنجیدگی کی علامت ہوسکتی ہے۔
ہمارے معاشرے میں نکاح کے موقع پر عموماً لڑکے کا عمر میں بڑا ہونا پسند کیا جاتا ہے اور رشتہ طے کرتے وقت اس کی رعایت کی جاتی ہے۔ اگر لڑکی کی عمر لڑکے سے زیادہ ہو تو یہ چیز رشتہ طے کرنے میں رکاوٹ بنتی ہے، لیکن اس معاشرتی رواج کی کوئی شرعی بنیاد نہیں ہے۔
اصل سوال یہ ہے کہ کیا لڑکا اور لڑکی دونوں ایک دوسرے کی شخصیت کو سمجھتے ہیں؟ کیا ان کے مزاجوں میں ہم آہنگی ہے؟ کیا دونوں کے خاندان کم از کم بنیادی سطح پر راضی ہوسکتے ہیں؟ کیا یہ فیصلہ آپ جذبات کے بجائے احساسِ ذمہ داری کے ساتھ کررہے ہیں؟ اگر ان سوالات کے جواب مثبت ہیں تو عمر میں صرف چند برس کا فرق کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
آپ کو چاہیے کہ اپنی والدہ کے سامنے ادب، نرمی اور حکمت سے اپنی بات رکھیں۔ خاندان کے کسی بزرگ کو درمیان میں لائیں۔ لڑکی اور اس کے خاندان کو یہ احساس دلائیں کہ آپ کا فیصلہ وقتی جذبات پر مبنی نہیں، بلکہ سوچ سمجھ کر لیا گیا ہے۔ یہ بھی واضح کریں کہ آپ عمر کے فرق کو مسئلہ نہیں سمجھتے اور آئندہ کبھی اسے طعنہ نہیں بنائیں گے۔ امید ہے ان تدابیر سے آپ کا مسئلہ حل ہوجائے گا اور آپ اپنے مقصد میں کام یاب ہوجائیں گے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments