موب لنچنگ کیا ہے؟
ہجوم کے ذریعے کسی شخص پر ہونے والے حملے کو موب لنچنگ (Mob Lynching) کہا جاتا ہے۔ دراصل شک، افواہ، غصے یا نفرت کی بنیاد پر ہونے والے تشدد کو عموماً موب لنچنگ کہا جاتا ہے۔ یہ تشدد کی ایک نہایت سنگین صورت ہے، جس کی انتہا یہ ہے کہ متاثرہ افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جاتی۔ بعض اوقات چلتی ہوئی ٹرین سے پھینکنے، مار کر نذرِ آتش کرنے اور زندہ جلانے جیسے ہولناک واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
موب لنچنگ کے بیش تر واقعات میں متاثرہ فرد کا کوئی قصور ثابت نہیں ہوتا، بلکہ صرف نفرت یا شبہے کی بنیاد پر اسے نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ہجومی تشدد کے ان واقعات میں اکثر دیکھا گیا ہے کہ ایک مخصوص مذہبی گروہ سے تعلق رکھنے والے افراد منظم انداز میں جمع ہو جاتے ہیں اور پھر حملہ آور ہجوم کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ نشانہ بنائے گئے شخص کو بے رحمی سے مارا پیٹا جاتا ہے اور بعض اوقات اسے مردہ سمجھ کر اَدھ مَری حالت میں چھوڑ دیا جاتا ہے۔
ہندوستان کے تناظر میں موب لنچنگ
اگر ہندوستان کے تناظر میں دیکھا جائے تو 2014ء کے بعد موب لنچنگ کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف ہجوم کے ہاتھوں حملوں اور قتل کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اب یہ ایک سنگین سماجی مسئلہ بن چکا ہے۔ درحقیقت یہ ایسا عمل ہے جس میں مجرموں کے اندر قانونی کارروائی کا خوف تقریباً ختم ہو جاتا ہے۔ وہ نہایت ڈھٹائی کے ساتھ واردات انجام دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان واقعات کی ویڈیوز کا وائرل ہونا اس بات کی علامت ہے کہ ایسے جرائم کھلے عام اور بے خوف ہو کر کیے جا رہے ہیں۔
اکثر معاشرتی تعصب، افواہوں اور فرقہ وارانہ کشیدگی کی بنیاد پر ایسا ماحول تیار کیا جاتا ہے جس میں ہجوم اندھا ہو کر اپنے ہی جیسے انسانوں کو درندگی کا نشانہ بنا لیتا ہے۔ عموماً یہ واقعات افواہوں اور غلط فہمیوں کی بنیاد پر پیش آتے ہیں، لیکن بڑھتے ہوئے واقعات نے یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ آخر اس مسئلے کا حل کیا ہے؟
ملک میں موب لنچنگ یا ہجومی تشدد کے واقعات اس تیزی سے بڑھ رہے ہیں کہ پورا معاشرہ اس کی لپیٹ میں آتا محسوس ہو رہا ہے۔ جگہ جگہ تنہا سفر کرنے والے افراد کو معمولی باتوں پر گھیر لیا جاتا ہے۔ کسی بھی معمولی مسئلے کو بنیاد بنا کر بحث و مباحثہ کو سنگین صورتِ حال میں تبدیل کر دیا جاتا ہے اور پھر متعلقہ شخص پر حملہ کر دیا جاتا ہے۔ اب یہ ایک عام صورتِ حال بنتی جا رہی ہے۔
مثلاً کسی کے کھانے میں بیف ہونے کے شبہے پر یا کسی مسلمان کے عبادت یا نماز ادا کرنے کو بنیاد بنا کر اسے ہراساں کیا جاتا ہے، حالاں کہ اس کے سامنے دوسرے افراد بھی اپنی مذہبی رسومات انجام دے رہے ہوتے ہیں، مگر صرف مسلم شناخت کی بنیاد پر انھیں نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان واقعات میں شدت اس حد تک بڑھتی جا رہی ہے کہ چلتی ٹرین سے پھینک دینے اور پیٹ پیٹ کر قتل کر دینے جیسے افسوس ناک واقعات تیزی سے سامنے آ رہے ہیں۔
موب لنچنگ کی وجوہات
عام طور پر ہندوستان میں ایک مخصوص طبقے کو اسی انداز میں تیار کیا جاتا ہے کہ ان کے ذہنوں میں نفرت اور تعصب بھر دیا جاتا ہے، پھر انھیں اس قسم کے تشدد پر آمادہ کیا جاتا ہے۔ بعض مواقع پر انھیں سیاسی یا سماجی سرپرستی بھی حاصل ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ان کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی نہیں ہو پاتی۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا، مین اسٹریم میڈیا اور بعض ایپس کے ذریعے افواہوں اور اشتعال انگیز خبروں کو بڑی تیزی سے پھیلایا جاتا ہے۔ بعض میڈیا ہاؤسز ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنا کر ایسی رپورٹنگ کرتے ہیں جس سے نفرت اور تعصب کو فروغ ملتا ہے۔ کئی مرتبہ اصل واقعے کو توڑ مروڑ کر اس انداز میں پیش کیا جاتا ہے کہ حقیقت پس منظر میں چلی جاتی ہے اور جھوٹ کو بار بار دہرا کر سچ بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ اس طرزِ عمل کے نتیجے میں عوام کے اندر خوف، عدم اعتماد اور تعصب پیدا ہوتا ہے، ماحول کشیدہ ہو جاتا ہے اور یہی صورتِ حال موب لنچنگ جیسے واقعات کو جنم دیتی ہے۔ اس طرح سوشل میڈیا اور مین اسٹریم میڈیا دونوں ہی زہریلی فضا پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہندوستان میں موب لنچنگ کے گزشتہ واقعات
2015ء سے 2019ء کے درمیان موب لنچنگ کے واقعات کا ایک طویل سلسلہ سامنے آیا، جس میں متعدد افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ ان متاثرین میں اکثریت مسلمانوں اور بعض دلت افراد کی تھی۔ گائے کے نام پر ایک ایسا ماحول تیار کیا گیا جس میں شبہے اور افواہوں کی بنیاد پر بے گناہ افراد کو بے رحمی سے قتل کیا گیا۔
2015ء میں اتر پردیش کے دادری گاؤں میں محمد اخلاق نامی شخص کو گائے کا گوشت رکھنے کے شبہے میں ہجوم نے قتل کر دیا۔ اسی طرح راجستھان کے الور میں پہلو خان کو گائے اسمگلنگ کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا۔
اسی نوعیت کے دیگر واقعات میں اجمیر میں ایک مسجد کے امام کو پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا۔ جھارکھنڈ میں تبریز انصاری کو ہجوم نے مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ اندور میں چوڑیاں بیچنے والے ایک مسلمان پر حملہ کیا گیا، جب کہ اجمیر میں ایک مسلم بھکاری کو مارا پیٹا گیا اور پاکستان جانے کو کہا گیا۔
حال ہی میں جھارکھنڈ کے ایک شخص کو چلتی ٹرین سے پھینکنے کا واقعہ بھی سامنے آیا۔ اپریل 2026ء میں بریلی سے سفر کرنے والے 30 سالہ مولانا توصیف رضا مظہری کو بری طرح پیٹا گیا اور چلتی ٹرین سے پھینک دیا گیا۔ ان کی اہلیہ کے مطابق آخری فون کال میں انھیں کسی سے مدد مانگتے ہوئے سنا گیا تھا۔ اس واقعے میں اب تک کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
اسی طرح جنوری 2026ء میں اتراکھنڈ کے کوٹ دوار میں وکیل احمد نامی بزرگ کو صرف اس بات پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا کہ انھوں نے اپنی دکان کا نام ’’بابا اسکول ڈریس اینڈ میچنگ سینٹر‘‘ رکھا تھا۔ ہجوم نے ان کی دکان پر جمع ہو کر نعرے بازی کی اور انھیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تاہم دیپک نامی ایک شخص نے آگے بڑھ کر انھیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوا۔ اس طرح کے واقعات اس حقیقت کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں کہ معاشرے میں انصاف پسند اور انسان دوست افراد کی کمی نہیں ہے۔
موب لنچنگ: اعداد و شمار کے تناظر میں
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (NCRB) موب لنچنگ کے عنوان سے الگ اعداد و شمار جاری نہیں کرتا، کیوں کہ اس جرم کے لیے کوئی مستقل قانونی زمرہ موجود نہیں ہے۔ اس لیے ایسے واقعات کو بھارتی تعزیراتِ ہند یا بھارتی نیائے سنہتا کے تحت قتل، فساد یا غیر ارادی قتل جیسے عمومی جرائم میں شمار کیا جاتا ہے۔
بھارتی حکومت نے پہلے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ NCRB نے 2017ء میں موب لنچنگ اور نفرت پر مبنی جرائم کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کیا تھا، لیکن بعد میں ریاستوں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کو غیر معتبر قرار دے کر یہ سلسلہ بند کر دیا گیا اور اسے سالانہ ’’کرائم اِ ن انڈیا‘‘ رپورٹ سے خارج کر دیا گیا۔
سرکاری سطح پر موب لنچنگ کے مخصوص اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں، تاہم انسانی حقوق کی تنظیمیں اور آزاد تحقیقی ادارے، جیسے FactChecker.in اور سینٹر فار اسٹڈی آف سوسائٹی اینڈ سیکولرزم (CSSS)، ان واقعات کا ریکارڈ مرتب کرتے رہے ہیں۔
CSSS کی رپورٹس کے مطابق:
2018ء میں ہجومی تشدد کے 48 واقعات رپورٹ ہوئے۔
2019ء میں 107 واقعات سامنے آئے۔
2020ء میں 23 واقعات رپورٹ ہوئے۔
2024ء میں 13 واقعات درج کیے گئے۔
2025ء میں 14 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 8 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق ان واقعات کی بڑی تعداد گاؤ رکشا، لَو جہاد، بین المذاہب تعلقات، چوری کے شبہے اور فرقہ وارانہ تعصب سے جڑی ہوئی تھی۔ FactChecker.in کے مطابق 2010ء سے 2017ء کے درمیان گائے کے نام پر ہونے والے ہجومی تشدد میں تقریباً 63 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ 2012ء کے بعد سے اس نوعیت کے 133 حملے ریکارڈ کیے گئے۔ متعدد مطالعات کے مطابق ان واقعات میں مسلمانوں کو غیر متناسب طور پر زیادہ نشانہ بنایا گیا۔
مسئلے کا حل
موب لنچنگ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے یہ ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے کہ حکومت اس مسئلے کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ اس سلسلے میں قوانین کے نفاذ کو مضبوط بنانے اور فوری قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
سپریم کورٹ نے 2018ء میں ہجوم کے ہاتھوں تشدد اور قتل کی وارداتوں کو روکنے کے لیے متعدد ہدایات جاری کی تھیں، جن میں خصوصی افسران کی تقرری، فاسٹ ٹریک عدالتوں کا قیام، متاثرین کو مناسب معاوضہ فراہم کرنا اور مخصوص قوانین بنانے کی سفارش شامل تھی۔ اس کے باوجود ملک بھر میں اینٹی لنچنگ قوانین مؤثر انداز میں نافذ نہیں کیے جا سکے۔
جھارکھنڈ اسمبلی نے 2019ء میں جھارکھنڈ لنچنگ بل منظور کیا، جس میں عمر قید کی سزا شامل تھی۔ اسی طرح راجستھان حکومت نے ’’راجستھان پروٹیکشن فرام لنچنگ بل 2019ء‘‘ منظور کیا، جس میں عمر قید اور متاثرین کو معاوضہ دینے کی شقیں شامل تھیں۔ مغربی بنگال میں بھی اس نوعیت کا قانون منظور کیا گیا، مگر ان قوانین کے باوجود مجرموں کو سزا دلانے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ پولیس اور انتظامیہ کی خاموشی اور سستی تشویش ناک حد تک بڑھتی جا رہی ہے، جب کہ مجرم کھلے عام نئی وارداتیں انجام دیتے دکھائی دیتے ہیں۔
اہم اقدامات
موب لنچنگ کے مجرموں کے لیے سخت سزائیں مقرر کی جانی چاہیے۔ نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ قوانین کے نفاذ میں سختی لائی جائے اور مجرموں کو فوری گرفتار کر کے سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں ایسے جرائم کی حوصلہ شکنی ہو۔
عوام کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ افواہوں، نفرت انگیز مہمات اور ہجومی تشدد کے خطرناک نتائج سے آگاہ ہو سکیں۔ ایسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے جو جھوٹی معلومات اور اشتعال انگیز مواد پھیلاتے ہیں۔ اس سلسلے میں سماجی رہنماؤں، معزز شخصیات اور مختلف طبقۂ فکر کے افراد کو آگے آنا چاہیے۔
پولیس اور عوام کے اشتراک سے بیداری مہمات چلائی جائیں، لوگوں کو قانونی حقوق سے آگاہ کیا جائے اور اپنی حفاظت کے لیے ضروری تربیت فراہم کی جائے۔
اس سلسلے میں عدلیہ کو بھی مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ فاسٹ ٹریک عدالتوں کو فعال بنایا جائے، مقدمات کی جلد سماعت ہو اور مجرموں کو فوری سزا دی جائے تاکہ دوسروں کے لیے عبرت کا سامان پیدا ہو۔
اس کے ساتھ ساتھ معاشرے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، محبت، اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنا بھی نہایت ضروری ہے۔ محلوں اور شہروں میں ’’سدبھاؤ منچ‘‘ جیسے پلیٹ فارمز قائم کیے جائیں، جہاں مختلف مذاہب اور برادریوں کے لوگ ایک دوسرے سے مل سکیں، ایک دوسرے کے عقائد کو سمجھ سکیں اور غلط فہمیاں دور ہو سکیں۔ مختلف تہواروں اور سماجی تقریبات کو مشترکہ طور پر منانے کا رجحان فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے میں اعتماد اور رواداری کو مضبوط بنایا جا سکے۔
٭ ٭ ٭


0 Comments