حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کے نزدیک عید الاضحیٰ کے دن خون بہانے (قربانی کرنے) سے زیادہ کوئی محبوب عمل نہیں ہے۔ قربانی کا جانور قیامت کے دن اپنے سینگوں، بالوں اور کھروں کے ساتھ آئے گا اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ کے ہاں مقامِ قبولیت پا لیتا ہے، پس تم خوش دلی سے قربانی کیا کرو۔ (جامع الترمذي: 1493)
اسلام ایک ایسا دین ہے جو اپنے پیروکاروں کو صرف ظاہری عبادات کا حکم نہیں دیتا، بلکہ ہر عبادت کے پیچھے ایک گہرا فلسفہ اور تاریخ پوشیدہ ہوتی ہے۔ قربانی بھی اسلام کے شعائر اور اہم ترین واجبات میں سے ایک ہے، جس کا رشتہ براہِ راست تاریخِ انسانی کی عظیم ترین ہستیوں سے جڑا ہوا ہے۔ شریعتِ محمدی ﷺ میں اس عبادت کی بنیاد اطاعت، فرمانبرداری اور جانثاری کے اسی جذبے پر ہے جو تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ کے لیے ثبت ہو چکی ہے۔
ایک مرتبہ صحابۂ کرامؓ نے جب رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر دریافت کیا کہ یا رسول اللہ! یہ قربانی کیا ہے؟ یعنی اس عمل کی اصل حقیقت اور اس کی ابتدا کہاں سے ہوئی؟ تو آپ ﷺ نے اس کی تاریخی اور نسبتی حیثیت کو واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: یہ تمھارے باپ ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے۔ (مسند احمد)
یہ مختصر مگر جامع جواب ہمیں اس عظیم تاریخی واقعے کی طرف لے جاتا ہے، جہاں ایک بوڑھے باپ نے اپنے اکلوتے اور چہیتے بیٹے سیدنا اسماعیل علیہ السلام کے گلے پر چھری پھیرنے میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کی، کیوں کہ یہ حکم احکم الحاکمین کا تھا۔ اللہ تعالیٰ کو اپنے خلیل کی یہ ادا اتنی پسند آئی کہ اسے قیامت تک آنے والے مسلمانوں کے لیے ایک لازمی یادگار اور عبادت بنا دیا۔
سال کے بارہ مہینوں میں اللہ تعالیٰ نے مختلف ایام کو مختلف عبادات کے لیے خاص کیا ہے۔ جس طرح رمضان المبارک میں روزہ سب سے افضل ہے، اسی طرح ذوالحجہ کے مخصوص ایام (۱۰ سے ۱۲ ذوالحجہ) میں جانور قربان کرنا ایک منفرد اور بے مثل مقام رکھتا ہے۔ ان دنوں میں اللہ کی رضا حاصل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ یہی عمل ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اس عبادت کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: ’’قربانی کے دنوں میں اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ عمل خون بہانا (قربانی کرنا) ہے۔‘‘ (سنن ترمذی)
اس حدیثِ مبارکہ سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ان مخصوص دنوں میں اگر کوئی شخص قربانی کے پیسے کسی دوسرے نیک کام یا صدقہ و خیرات میں بھی خرچ کر دے، تب بھی وہ قربانی کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ ان تین دنوں میں اللہ تعالیٰ کو اپنے بندے کا جانور ذبح کرنا اور اس کا خون بہانا ہی سب سے زیادہ محبوب ہے۔ یہ عمل بندے کی طرف سے اس بات کا عملی اقرار ہے کہ میری جان، میرا مال اور میری ہر چیز اللہ ہی کی امانت ہے۔
اللہ تعالیٰ رحیم و کریم ہے، وہ اپنے بندوں کو کسی بھی مشقت میں نہیں ڈالتا، مگر اس کے بدلے میں بے حساب اجر و ثواب کے دروازے کھول دیتا ہے۔ قربانی بہ ظاہر ایک مالی اور بدنی خدمت نظر آتی ہے، لیکن اس پر ملنے والا ثواب انسانی سوچ اور گنتی سے باہر ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کو خوش خبری سناتے ہوئے ارشاد فرمایا: ’’قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے ایک نیکی ملتی ہے۔‘‘
صحابۂ کرامؓ جو ہر وقت نیکیوں کی تلاش میں رہتے تھے، انھوں نے جانوروں کی ساخت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اور سوال کیا کہ یا رسول اللہ! اون کے بالوں کا بھی؟ کیوں کہ دنبے اور بھیڑ وغیرہ پر عام بالوں کے بجائے کثرت سے اون (Wool) ہوتی ہے جس کا شمار ممکن نہیں۔ آپ ﷺ نے ان کے دلوں کو ڈھارس دیتے ہوئے اور اللہ کی رحمت کی وسعت ظاہر کرتے ہوئے فرمایا: ’’اون کے ہر بال کے بدلے بھی ایک نیکی ملتی ہے۔‘‘ (سنن ابن ماجہ)
یہ حدیث ظاہر کرتی ہے کہ جب بندہ اللہ کی راہ میں ایک جانور لاتا ہے تو اس کے جسم پر موجود لاکھوں بالوں کے عوض اللہ تعالیٰ بندے کے نامۂ اعمال میں کروڑوں نیکیاں لکھ دیتا ہے اور اس کی خطاؤں کو معاف فرما دیتا ہے۔
جہاں ایک طرف قربانی کرنے والوں کے لیے عظیم بشارتیں ہیں، وہیں دوسری طرف شریعت نے ان لوگوں کو سخت تنبیہ کی ہے جو صاحبِ حیثیت ہونے کے باوجود کنجوسی یا غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ قربانی صرف ایک اختیاری یا رسمی عمل نہیں ہے جسے مرضی پر چھوڑ دیا جائے، بلکہ یہ صاحبِ استطاعت افراد پر ایک لازمی ذمہ داری ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ایسے غافل اور بخیل لوگوں کے بارے میں انتہائی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے فرمایا: “جس شخص میں قربانی کی وسعت ہو پھر بھی قربانی نہ کرے، وہ ہماری عیدگاہ کے قریب نہ آئے۔” (سنن ابن ماجہ)
آپ ﷺ کا یہ فرمانا کہ ایسا شخص عیدگاہ کے قریب نہ آئے، اس بات کی علامت ہے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو اس کی عید کی خوشیوں میں شامل ہونا پسند نہیں جو اللہ کے دیے ہوئے مال میں سے اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے کتراتا ہے۔ یہ وعید بندے کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے کہ مالی وسعت کے باوجود قربانی ترک کرنا اللہ کی ناراضگی اور عید کی برکات سے محرومی کا سبب بنتا ہے۔
قربانی کا ظاہری پہلو ایک صحت مند جانور کا انتخاب کرنا، اسے ذبح کرنا اور اس کا گوشت تقسیم کرنا ہے۔ لیکن شریعتِ اسلامیہ صرف ظاہر پر نظر نہیں رکھتی، بلکہ وہ عمل کے پیچھے چھپی نیت اور دل کی کیفیت کو دیکھتی ہے۔ اگر قربانی میں دکھاوا، نام و نمود، سوسائٹی میں واہ واہ کروانا یا مہنگا جانور لا کر اپنی دولت کی نمائش کرنا شامل ہو جائے، تو وہ قربانی محض ایک گوشت خوری کا ذریعہ بن کر رہ جاتی ہے، عبادت نہیں رہتی۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں قربانی کی اصل روح اور فلسفے کو انتہائی خوبصورت اور واضح انداز میں بیان فرمایا ہے: ’’اللہ کو نہ ان کا گوشت پہنچتا ہے نہ خون، بلکہ تمھارا تقویٰ پہنچتا ہے۔‘‘ (سورۃ الحج 22:37)
اس ربانی فرمان سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے کہ اللہ رب العزت جو تمام جہانوں کا مالک ہے، اسے کسی کے مال، چربی، گوشت یا خون کی کوئی حاجت نہیں ہے۔ وہ تو صرف یہ دیکھتا ہے کہ بندے نے جب جانور کے گلے پر چھری چلائی، تو کیا اس کے دل میں اللہ کا خوف، محبت اور تقویٰ موجود تھا؟ کیا وہ اپنے اندر کی خواہشاتِ نفسانی کو بھی اللہ کے حکم پر ذبح کرنے کے لیے تیار تھا؟ لہذا قربانی کی قبولیت کا دارومدار صرف اور صرف نیت کے اخلاص پر ہے۔ دل میں تقویٰ جتنا زیادہ ہوگا، اللہ کے یہاں اس قربانی کا مقام اتنا ہی بلند ہوگا۔
قربانی جہاں ایک خالص عبادت ہے، وہیں یہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی دل جوئی اور آپس میں محبت بڑھانے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔ شریعتِ اسلامیہ نے قربانی کے گوشت کے استعمال اور اس کی تقسیم کا ایک منصفانہ اور خوبصورت طریقہ کار مقرر کیا ہے، تاکہ اس کی برکات ہر فرد تک پہنچ سکیں۔ علما اور فقہا نے احادیث کی روشنی میں مستحب طریقہ یہ بیان کیا ہے کہ قربانی کے گوشت کے تین برابر حصے کیے جائیں:
ایک حصہ اپنے گھر کے بال بچوں اور اہل و عیال کے استعمال کے لیے رکھا جائے۔ دوسرا حصہ اپنے قریبی رشتہ داروں، عزیز و اقارب اور دوست احباب میں تحفے کے طور پر تقسیم کیا جائے، تاکہ خونی رشتوں میں محبت اور ہم آہنگی پیدا ہو۔
تیسرا حصہ غریبوں، مسکینوں اور معاشرے کے ان سفید پوش لوگوں کا حق ہے، جنھیں سال بھر اچھا گوشت نصیب نہیں ہوتا۔ یہ تقسیم اس بات کا درس دیتی ہے کہ اسلام صرف اپنی ذات تک محدود رہنے کا نام نہیں، بلکہ اپنے اردگرد موجود انسانوں کے دکھ سکھ میں شریک ہونے کا نام ہے۔ اس طریقے پر عمل کرنے سے معاشرے میں ہم دردی اور مروت کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔
خلاصۂ کلام یہ ہے کہ قربانی صرف ایک رسم یا تہوار نہیں، بلکہ یہ مومن کے ایمان کا امتحان اور اللہ کی بارگاہ میں سرِ تسلیم خم کرنے کا نام ہے۔ یہ ہمیں سکھاتی ہے کہ جب بھی اللہ کا حکم آئے، مومن اپنی ہر عزیز چیز، یہاں تک کہ اپنی جان اور مال کو بھی اللہ کی راہ میں نچھاور کرنے سے گریز نہ کرے۔ اللہ ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وہ ہمارے دلوں کو ریاکاری، دکھاوے، نام و نمود اور ہر قسم کے دنیاوی غرض و غایت سے پاک فرمائے۔ الٰہی! جو جانور ہم تیری رضا کے لیے ذبح کریں، ان کے ہر بال کے بدلے ہمیں نیکیاں عطا فرما۔ آمین
٭ ٭ ٭


0 Comments