کرۂ ارض پر بسنے والے بشر کی زندگی کا جائزہ لیا جائے تو وہ ہمہ جہت شعبوں کے گرد گھومتی نظر آتی ہے۔ چناں چہ معیشت و معاشرت، تہذیب و ثقافت، تعلیم وتربیت، خاندان وسیاست اس کی زندگی کا خاصہ ہے۔ ان میں سے کسی ایک سے بھی بے اعتنائی زبردست نقصان کا باعث ہو سکتی ہے۔ لہذا ان تمام شعبوں کی بقا کے لیے شریعت اسلامیہ نے ادائے امانت کا حکم دیتے ہوئے باصلاحیت افراد کو ہر شعبہ کا انچارج بنانے کا حکم دیا ہے اور اس ذمہ داری کو ذولیاقت لوگوں کا حق قرار دیا ہے اور اس منصب کو ناقابل لوگوں کے حوالے کرنے کو خیانت سے تعبیر کیا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: إنَّ اللَّهَ يَأْمُرُكُمْ أَنْ تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَى أَهْلِهَا۔ ( سورۃ نساء:58)
’’بے شک اللہ تمھیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں اُنہی لوگوں کے سپرد کرو جو ان کے اہل (حقدار) ہیں۔‘‘
مذکورہ بالا آیت میں امانت کو اس کے اہل تک لوٹانے کا جو حکم دیا گیا ہے وہ اپنے آپ میں بہت وسیع مفہوم رکھتا ہے جس میں صرف ودیعت کیا ہوا مال کا لوٹانا ہی نہیں، بلکہ کسی منصب کو اس کے حق دار یعنی باصلاحیت فرد کو سونپا جانا بھی شامل ہے۔
اس ضمن میں صاحب معارف القرآن لکھتے ہیں:’’تمام عہدے اور مناصب اللہ تعالیٰ کی امانتیں ہیں، جس کے امین وہ ذمہ دار ہیں، جن کے ہاتھ میں عزل و نصب کے اختیارات ہیں۔ ان کے لیے جائز نہیں ہے کہ کوئی عہدہ کسی ایسے شخص کے سپرد کر دیں،جو اپنی عملی یا علمی قابلیت کے اعتبار سے اس کا اہل نہ ہو؛ بلکہ ان پر لازم ہے کہ ہر کام اور ہر عہدہ کے لیے اپنے دائرہ ٴکار میں اس کے مستحق اور اہل کو تلاش کریں۔‘‘ (معارف القرآن)
امانت کو اس کے اہل کی طرف لوٹانے کے سلسلے میں متعدد احادیث بھی ملتی ہیں اور امانت کی پاس داری نہ کرنے پر وعیدیں بھی۔ چناں چہ مسند ِاحمد کی روایت میں جناب نبی ٴکریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد موجود ہے: ’’جس شخص کو عام مسلمانوں کی کوئی ذمہ داری سپرد کی گئی ہو، پھر اس نے کوئی عہدہ کسی شخص کو محض دوستی و تعلق کی بنا پر بغیر اہلیت معلوم کیے دے دیا، اس پر اللہ کی لعنت ہے۔ نہ اس کا فرض مقبول ہے نہ نفل، یہاں تک کہ وہ جہنم میں داخل ہو جائے۔‘‘ (مسند احمد: 1668، و جمع الفوائد، ص: 378)
علاوہ ازیں مستدرک حاکم اور طبرانی کی روایت ہے کہ ’’جس شخص نے کوئی عہدہ کسی شخص کے سپرد کیا، حالاں کہ اس کے علم میں تھا کہ دوسرا آدمی اس عہدے کے لیے اس سے زیادہ قابل اور اہل ہے تو اس نے اللہ کی خیانت کی اور رسول کی اور سارے مسلمانوں کی۔‘‘
فرمان باری تعالیٰ و فرمان رسول سے انحراف کا نتیجہ نظام حکومت میں بربادی کی صورت میں نمودار ہوتا ہے جب نااہل اور ناقابل لوگ عہدوں پر فائز ہو کر معاشرے میں ابتری پیدا کرتے ہیں۔
چناں چہ پردہ اٹھتا ہے اور آیت کی روشنی میں جب عالمی منظر نامے پر نظر پڑتی ہے تو موجودہ صورتحال اس بات کا پتہ دیتی ہے کہ اقوام عالم نے منصب کو نااہل کے حوالے کردیا ہے اور اس کا خمیازہ اسرائیل و فلسطین، عرب و اسرائیل اور ایران جنگ کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔
دوسرا پردہ اٹھتا ہے اور ایشیائی ممالک پر نظر پڑتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ بر صغیر کا اہم ترین ملک ہندوستان بھی انہی تمام شعبہ جات سے جڑا اپنی ترقی کے منازل طے کرتا ہوا ایک ایسا ملک بن گیا ہے جہاں ترقی کے نام پر استعداد و صلاحیت کا شیرازہ بکھیرا جارہاہے اور ملک کا سیاسی منظر نامہ خستہ حال ہوتا جارہا ہے۔
ملک میں گزشتہ انتخابات اور بنگال و آسام میں ہونے والے حالیہ انتخابات اس بات کے شواہد پیش کرتے ہیں کہ عوام الناس نے جب صاحب منصب کے انتخاب میں غیر سنجیدگی سے کام لیا اور بصیرت و دانائی کو پرے کر کے فرمان باری تعالیٰ ’’أَنْ تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَى أَهْلِهَا‘‘ کو پس پشت ڈالا تو چند لمحوں میں سیاسی منظر نامہ تبدیل ہوگیا اور ملک کی باگ ڈور ایسے حکمرانوں کے ہاتھوں میں پہنچ گئی جو ’ سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘ کا پر فریب نعرہ لگا کر سادہ لوح ہندوستانیوں کے ساتھ ہمیشہ کھلواڑ ہی کرتے آرہے ہیں۔
قوم نے انتخابی مہم میں ’’أَنْ تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَى أَهْلِهَا‘‘ کے مصداق اصل الاصول کو فراموش کیا اور بدلے میں ایسے صاحب اقتدار کو جاہ و منصب کا تاج پہنایا جس نے ہمیشہ قوم کو بنیادی ضروریات سے محروم کرکے اسے مجبور و بے کسی کی زندگی جینے پر مجبور کردیا۔ حال میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس بحران اور بجلی کی ناکافی سپلائی وغیرہ اس بات کے بین ثبوت ہیں کہ موجودہ حکومت نے انتہائی غیر دانش مندانہ اقدام اٹھاتے ہوئے ہمیشہ قوم کے منھ سے نوالے ہی چھینے ہیں۔
نااہل سیاست کا اثر اتنا ہی نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ چناں چہ اسکرین سے پردہ اٹھتا ہے اور تعلیمی شعبے پر نظر پڑتی ہے تو یہ شعبہ بھی کچھ اسی طرح کی بدعنوانی کا شکار نظر آتا ہے۔ یونیورسٹی ہو یا کالج، حکومتی ادارہ ہو یا نجی اسکول، دینی مدارس ہوں یا علاقائی تنظیم ہر سطح پر یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ جب بھی اساتذہ یا ذمہ داران کی تقرری کی بات آتی ہے تو باصلاحیت افراد و اساتذہ کے تحریری و مقابلہ جاتی امتحانات پاس کرنے کے باوجود محض انھیں اس بنا پر اس منصب سے دور کر دیا جاتا ہے کہ اس ادارے میں ان کی کوئی رشتہ داری نہیں ہوتی اور نہ ہی ذمہ داران تک کوئی رسائی اور نہ ہی رشوت دینے کے لیے وافر وسائل۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ان نااہل اساتذہ کے فیض یافتہ طلبہ کسی بھی میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر نہیں دکھا پاتے۔ وہ طلبہ اس کہاوت کے مصداق ہوتے ہیں کہ’ انسان کے پاس جو علم، ہنر، ظرف، یا مال ہوتا ہے، وہی وہ دوسروں کو دے سکتا ہے۔‘ لہٰذا نااہل نا اہلی بانٹتا ہے اور نتیجہ یہ نکلتا ہے بصیرت ان کے پاس بھی نہیں گزرتی جس کا نتیجہ آفتاب نیم روز کی طرح عیاں ہے۔
موجودہ دور میں طلبہ کا تعلیمی خرچ دوگنا ہوچکا ہے۔ ہر طالب علم پر اسکول کے اساتذہ کے علاوہ ایک ٹیوٹر سوار ہوتا ہے مگر نتیجہ پھر بھی ندارد۔ اس کا واحد سبب یہ ہے کہ تعلیمی بورڈ سے لے کر تعلیمی مراکز تک وہ نمائندے ہیں جو محض تعلیمی نصاب کو وسیع کرنے میں لگے ہیں اور وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ تربیت اور عملی مشق سے پرے محض کتابی بوجھ بچوں کی ذہنی استعداد و صلاحیت بڑھانے کے لیے ناکافی ہوتا ہے۔
آگے بڑھتے ہیں اور پردہ اٹھتا ہے تو خاندانی اسکرین پر نظر پڑتی ہے تو وہاں بھی حال کچھ مذکورہ بالا شعبوں سے مختلف نہیں دکھائی دیتا۔ خاندانی تحفظ و بقا کے لیے شریعت اسلامیہ جس چیز کو معیار قرار دیتی ہے وہ ہے رشتوں کے انتخاب میں زوجین کی دینداری مگر نااہلوں کی نگری میں جب زوجین کے انتخاب کی بات آتی ہے تو خاندان کے نا اہل سربراہ اپنی نااہلی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی اولاد کے لیے خوبصورتی و مال داری کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس کے منفی اثرات اس صورت میں رونما ہوتے ہیں کہ ازدواجی زندگی کی باگ ڈور ایک ایسے فریق کے ہاتھ میں دی جاتی ہے جو مال و دولت کی دنیا میں عظیم الشان حیثیت کا مالک تو ہو سکتا ہے مگر ایک نسل کی پرورش و پرداخت میں ناکام ہوتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ایک نسل کو پروان چڑھانے والی ماں اور خاندان کو تحفظ فراہم کرنے والی خاتون گھر میں داخل ہوتے ہی خاندان کی تقسیم کی فضا ہموار کرتی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک مستحکم خاندان کا شیرازہ بکھر جاتا ہے جب اس گھر کے سربراہ کو اس کی ترجیحات کا نتیجہ دکھاتے ہوئے اولڈ ایج ہوم کی نذر کر دیا جاتا ہے۔ اس طرح کے حالات کا رونا روتے ہوئے شاعر اپنے جذبات کچھ یوں بیان کرتے ہیں:
منصف وہی، گواہ وہی، مدعی وہی
نااہل اور نکمے، سوا اس کے کیا کریں
خاندانی اسکرین پر رونما ہوتی یہ فلم یہیں تک ختم نہیں ہو جاتی بلکہ یہ سلسلہ چلتے ہوئے دوسری نسل تک پہنچ جاتا ہے اور پھر نسل در نسل منتقل ہونے والے مناصب اس خاندان کو دیمک کی طرح چاٹ کر اس خاندان کا شیرازہ بکھیر دیتے ہیں جس خاندان کی سب سے مضبوط اکائی کو اسلامی شریعت ’اف ‘ کہنے کا بھی حق نہیں دیتی۔
اس کا واحد سبب یہ ہے کہ خاندانی نظام میں بھی امانت کی ادائیگی میں خیانت اس طرح نمودار ہوتی ہے کہ گھر کی اہم ترین ذمہ داریاں صرف رشتے و اقربا پروری کی نذر ہو جاتی ہیں جب گھر کی ساری ذمہ داری ایک ناکارہ فرد کے حوالے کردی جاتی ہے۔ اور پھر وہ شخص اپنی نااہلی کا ثبوت دیتے ہوئے اس گھر کو جنت نشاں بنانے کے بجائے جہنم کدہ بنا دیتا ہے۔
پردہ اٹھتا ہے اور دیگر شعبوں پر نظر پڑتی ہے تو نا اہلوں کی دنیا میں اخلاقیات سے عاری ایک معاشرہ دکھائی دیتا ہے جو اس کی زبوں حالی کا پتہ اس طور پر دیتا ہے کہ ہر میدان میں نا اہل و ناکارہ اور چاپلوس قسم کے افراد دندناتے پھر رہے ہیں؛ کہیں اقربا پروری اپنا گہرا اثر دکھارہی ہے تو کہیں نفاق اور تملق کے ہتھیارے اپنی چاپلوسی کا جال بچھا کر باصلاحیت و حق دار افراد کو اژدہے کی طرح بے رحمی سے نگل رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ وہ معاشرہ جو امیدوں کا چراغ اور کامیابی کا ضامن تھا آج نااہلی و ناکارکردگی کی لپیٹ میں آکر پورے انسانی وجود کو خاکستر کئے دے رہا ہے۔ ترقی یافتہ قوموں کی حالت دگرگوں ہے۔ آہنی و فولاد صفت معاشرہ اپنی بے بسی و لاچاری کا رونا رو رہا ہے۔ بقول شاعر:
سرخیِ دامنِ گل کس کو میسر آئی؟
اپنے ہی خوں میں نہائے لب و رخسار یہاں
قومی تنزل کا حل
قوم کی پست حالت کو مستحکم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شریعت اسلامیہ کے پیغام کو عام کیا جائے۔ منافقت کی علامت خیانت سے گریز کرتے ہوئے ادائے امانت کے احکام کو مد نظر رکھا جائے اور قرآن کریم کے اس قیمتی اصول کو سامنے رکھ کر ہر ذمہ داری اس کے اہل کو سونپی جائے تبھی مناصب مفید اور بار آور ہو سکتے ہیں اور تبھی معاشرہ بافیض ہو سکتا ہے، کیوں کہ کسی بھی وجہ سے نا اہل افراد کو فوقیت دینا اور انھیں مناصب سے نوازنا تنزلی اور تباہ کاریوں کو دعوت دینا ہے۔ لہٰذا ہر شعبے کے ذمہ داران کا یہ دینی فریضہ اور ذمہ داری ہے کہ اہلیت اور لیاقت واستعداد کو بنیاد بنائیں، خواہ مساجد کے لیے منصب امامت کا فریضہ ہو یا اساتذہ کی تقرری، تعلیمی نصاب کی تشکیل ہو یا دیگر ذمہ داریوں کی سپردگی، خانگی و عائلی سطح پر معاملات کی سربراہی ہو یا گھریلو امور کی ذمہ داری ہر معاملے میں کسی بھی قسم کی اقربا پروری سے احتراز کرتے ہوئے ہر قسم کی خیانت سے گریز کریں تو وہ دن دور نہیں جب معاشرے میں استعداد و صلاحیت کا پرچم لہرائے گا اور ہر طرف امید کی کرن نمودار ہوگی اورتعلیمی و ترقیاتی نظام سےتنزلی رخ موڑ لے گی۔
اللّہ تعالیٰ ہمیں ’’أَنْ تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَى أَهْلِهَا‘‘ کی عملی تفسیر بننے کی توفیق عطا فرمائے اور زندگی کے ہر شعبے میں کسی بھی قسم کی خیانت سے محفوظ رکھے۔آمین
٭ ٭ ٭

![Memaar Jahaan Tu Hai[Is Qawm ki Haalat Kya hogi Na ehl Jahaan Par Bethe Ho]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/05/Memaar-Jahaan-Tu-HaiIs-Qawm-ki-Haalat-Kya-hogi-Na-ehl-Jahaan-Par-Bethe-Ho.jpg)
0 Comments