آج کی نوجوان لڑکیاں ایک ایسے دور سے گزر رہی ہیں جہاں تعلیم کے مواقع پہلے سے زیادہ موجود ہیں، مگر اس کے باوجود کیریئر کے انتخاب کے معاملے میں الجھن، دباؤ اور بے یقینی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اکثر لڑکیاں یہ طے نہیں کر پاتیں کہ انھیں زندگی میں کس میدان کا انتخاب کرنا چاہیے، ان کی اصل صلاحیت کیا ہے اور وہ کس شعبے میں بہتر انداز میں اپنی شخصیت اور صلاحیتوں کو استعمال کر سکتی ہیں۔
ہمارے معاشرے میں اب بھی کامیابی کو چند محدود پیشوں تک محدود سمجھا جاتا ہے۔ اکثر بچیوں کو یہی بتایا جاتا ہے کہ اگر اچھی طالبہ ہو تو ڈاکٹر بنو، ٹیچر بنو یا کسی روایتی شعبے کا انتخاب کرو۔ اگر کسی لڑکی کو لکھنے، ڈیزائننگ، فوٹوگرافی، ویڈیو سازی، نفسیات، تحقیق، کاروبار، کھانا پکانے، فنونِ لطیفہ یا ڈیجیٹل میدانوں میں دل چسپی ہو تو اسے اکثر صرف ’شوق‘ سمجھ لیا جاتا ہے، حالاں کہ یہی شوق مستقبل میں ایک کامیاب اور باوقار کیریئر بن سکتا ہے۔
اسی سوچ کی وجہ سے بہت سی لڑکیاں اپنی اصل دل چسپی اور صلاحیت کو پہچانے بغیر دوسروں کی توقعات کے مطابق فیصلے کر لیتی ہیں۔ کئی طالبات ایسے کورسز میں داخلہ لے لیتی ہیں جن میں نہ ان کا دل لگتا ہے اور نہ ہی وہ اپنے مستقبل کو روشن دیکھ پاتی ہیں۔ بعد میں یہی صورت حال ذہنی دباؤ، بے چینی، احساسِ ناکامی اور خود اعتمادی کی کمی کا سبب بنتی ہے۔
اصل مسئلہ یہ نہیں کہ ہماری بچیاں باصلاحیت نہیں ہیں، بلکہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ انھیں اپنی صلاحیت دریافت کرنے اور مختلف میدانوں کو سمجھنے کا موقع کم ملتا ہے۔ ہر لڑکی الگ ذہن، الگ شخصیت اور الگ دلچسپی رکھتی ہے۔ کسی کو تدریس پسند ہے، کسی کو تحقیق، کسی کو تخلیقی کام، کسی کو خدمتِ خلق اور کسی کو کاروبار یا ٹیکنالوجی۔
آج دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل دنیا نے خواتین کے لیے بے شمار نئے مواقع پیدا کر دیے ہیں۔ آج ایک لڑکی گھر بیٹھے تعلیم حاصل کر سکتی ہے، آن لائن کاروبار چلا سکتی ہے، اپنی مہارت پوری دنیا کو سکھا سکتی ہے، اسلامی اور تعلیمی مواد تیار کر سکتی ہے، یا اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو روزگار میں تبدیل کر سکتی ہے۔
اسی پس منظر میں معروف تعلیمی مواد تیار کرنے والے Dhruv Rathee نے نوجوانوں کے لیے ’۳۰؍دن کیریئر چیلنج‘ کا تصور پیش کیا۔ ان کی مشہور ویڈیو‘’Why You’ll Work Till You Die‘‘ میں اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی گئی کہ دنیا کے اکثر لوگ پوری زندگی ایسا کام کرتے رہتے ہیں جس سے انھیں حقیقی خوشی حاصل نہیں ہوتی، کیوں کہ انھوں نے کبھی مختلف میدانوں کو آزمایا ہی نہیں۔ اسی مقصد کے تحت ایک مفید رہنما کتابچہ بھی جاری کیا گیا جس میں سو سے زائد مختلف کیریئرز کا تعارف موجود ہے، تاکہ نوجوان اپنی دلچسپی اور صلاحیت کے مطابق مختلف راستوں کو سمجھ سکیں۔
اس چیلنج کا مقصد فوری فیصلہ کروانا نہیں بلکہ خود شناسی پیدا کرنا ہے۔ مختلف میدانوں کو سمجھنا، ماہرین کو سننا، سوالات کرنا، تجربات کرنا اور اپنی دل چسپی کو جاننا اس عمل کا اہم حصہ ہے۔ کیوں کہ صرف سوچنے سے راستہ واضح نہیں ہوتا بلکہ راستہ چلنے سے واضح ہوتا ہے۔
آج لڑکیوں کے لیے کیریئر کے بے شمار باوقار اور مفید مواقع موجود ہیں۔ تخلیقی ذہن رکھنے والی طالبات اسلامی فنون، خطاطی، فیشن ڈیزائننگ، اندرونی آرائش، دست کاری، پکوان کاری، تحریر نویسی اور مواد سازی جیسے شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔ لوگوں سے جڑنے اور رہنمائی کرنے کی صلاحیت رکھنے والی لڑکیاں تدریس، تربیت، نفسیاتی رہنمائی، تقریر، سماجی خدمت اور تعلقاتِ عامہ کے میدان میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔
اسی طرح تحقیق اور مطالعے کا شوق رکھنے والی طالبات نفسیات، تعلیمی تحقیق، ماحولیاتی مطالعہ، سماجی علوم اور اسلامی تحقیق جیسے میدانوں میں آگے بڑھ سکتی ہیں۔ ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی خواتین کے لیے بے شمار مواقع ہیں، جیسے ویب سازی، ایپ سازی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ، آن لائن تدریس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے۔
بعض لڑکیوں کے اندر خدمتِ خلق کا جذبہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ ایسی طالبات غذائی ماہر، ذہنی صحت کی مشیر، جسمانی تھراپی کی ماہر، سماجی کارکن یا بچوں کی تربیت اور رہنمائی کے میدان میں بہترین خدمات انجام دے سکتی ہیں۔
اسلام بھی خواتین کو باوقار، حلال اور مفید کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اسلامی تاریخ میں بے شمار عظیم خواتین نے علم، تجارت، تعلیم اور سماجی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اصل عزت اس بات میں ہے کہ انسان اپنی صلاحیت کو نیکی، خدمت اور انسانیت کے فائدے کے لیے استعمال کرے۔
والدین اور اساتذہ کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بچیوں پر صرف روایتی راستے مسلط نہ کریں، بلکہ ان کی صلاحیت، مزاج اور دل چسپی کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ ممکن ہے ایک لڑکی ڈاکٹر نہ بنے، لیکن وہ ایک بہترین معلمہ، کامیاب مصنفہ، تخلیقی ڈیزائنر، ماہرِ نفسیات یا کامیاب کاروباری خاتون بن کر معاشرے کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہو۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہماری نوجوان لڑکیاں خوف اور احساسِ کمتری کے بجائے اعتماد، جستجو اور خود شناسی کے ساتھ آگے بڑھیں۔ دنیا کو سمجھیں، مختلف میدانوں کو دیکھیں، سیکھیں، تجربات کریں اور اپنی صلاحیتوں کو دریافت کریں۔ ممکن ہے ان کا اصل مستقبل کسی ایسے شعبے میں ہو جس کے بارے میں انھوں نے آج تک کبھی سوچا بھی نہ ہو۔
’۳۰؍دن کیریئر چیلنج‘ دراصل نوجوانوں کو یہی پیغام دیتا ہے کہ کامیابی دوسروں کی نقل میں نہیں بلکہ اپنی اصل صلاحیت کو پہچاننے میں ہے۔ آج ہی اپنی صلاحیتوں کی تلاش کا سفر شروع کیجیے، شاید یہی آپ کی اصل منزل کی ابتدا ہو۔
٭ ٭ ٭


0 Comments