محترمہ چیف ایڈیٹر و ایڈیٹر صاحبہ!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
الحمدللہ، ہادیہ ای میگزین ماہِ مئی 2026 کا مطالعہ ہوا۔ ماہِ مئی کا شمارہ نہایت عمدہ، متنوع اور فکر انگیز موضوعات پر مشتمل ہے۔ ہر مضمون اپنے اندر علم، شعور اور اصلاحِ معاشرہ کا ایک خوبصورت پیغام لیے ہوئے ہے۔ خصوصاً ’’Attention Seeking ‘‘ اسباب، اثرات اور علاج‘‘ اور ’’اولاد کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں‘‘ جیسے مضامین موجودہ دور کے اہم مسائل کی بہترین ترجمانی کرتے ہیں۔ اسی طرح AI DOCTOR – ASK DR AI اور ’’اسلامی زندگی اور آج کا مسلمان‘‘ جیسے عنوانات جدید تقاضوں اور دینی رہنمائی کے حسین امتزاج کو ظاہر کرتے ہیں۔
خصوصاً محترمہ خاں مبشرہ فردوس صاحبہ کے مضامین اپنے اندر فکری گہرائی اور معاشرتی شعور لیے ہوئے ہیں۔ ’’حج : روحانیت اور اجتماعیت کا مظہر اور ’’اولاد کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں‘‘ جیسے اہم موضوعات پر انھوں نے نہایت مؤثر انداز میں رہنمائی فراہم کی ہے۔ اپنے مضمون میں ایامِ حج کے تناظر میں حجاجِ کرام کو ’’ضیوفُ الرحمٰن‘‘ (اللہ کا مہمان) قرار دے کر انھوں نے حج کی روحانیت اور عظمت کو بڑی خوبصورتی سے اجاگر کیا ہے۔ یہ تعبیر قاری کے دل میں حجاج کرام کے بلند مقام، اللہ تعالیٰ سے قربت اور عبادت کے حقیقی احساس کو مزید گہرا کرتی ہے۔ ان کی تحریر قاری کو صرف سوچنے پر مجبور نہیں کرتی بلکہ عملی اصلاح کی طرف بھی متوجہ کرتی ہے۔ موجودہ دور میں جہاں نئی نسل مختلف فکری و اخلاقی چیلنجز سے دوچار ہے، وہاں ایسے مضامین والدین اور نوجوانوں دونوں کے لیے انتہائی مفید اور بروقت محسوس ہوتے ہیں۔
اسی طرح محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ کا مضمون ’’حج، عبادت، روحانیت اور عصرِ حاضر کے چیلنجز‘‘ نہایت عمدہ اور فکر انگیز تحریر ہے۔ انھوں نے عبادات کے روحانی اثرات کو عصرِ حاضر کے مسائل کے تناظر میں بڑی خوبصورتی سے بیان کیا ہے۔ ان کا اسلوب سادہ مگر دل نشیں ہے، جو قاری کے دل پر اثر چھوڑتا ہے۔ مضمون میں دینی فکر، اصلاحِ نفس اور معاشرتی ذمہ داری کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔
محترمہ عطیہ صدیقہ صاحبہ نے اپنے مضمون میں نہایت خوبصورتی سے اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ عبادت صرف ظاہری اعمال کا نام نہیں بلکہ روحانی تربیت، قربِ الٰہی اور باطنی اصلاح کا ذریعہ ہے۔ خاص طور پر جدید دور کی مصروفیات، سوشل میڈیا اور مادّی ترجیحات کے درمیان انسان جس روحانی غفلت کا شکار ہورہا ہے، اس کی مؤثر نشاندہی کی گئی ہے۔ انھوں نے ’’روحانیت سے غفلت‘‘ اور ’’انتقالِ وسائل‘ جیسے اہم نکات کے ذریعے یہ واضح کیا کہ سہولیات میں اضافہ انسان کے لیے آسانی تو لایا ہے، مگر اس کے ساتھ عبادت کی روح اور یکسوئی میں کمی بھی محسوس کی جارہی ہے۔ مضمون کا اسلوب نہایت سنجیدہ، فکری اور اصلاحی ہے، جو قاری کو اپنے اعمال اور ترجیحات پر غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
مزید یہ کہ حضرت اسماعیلؑ کی قربانی کے تذکرے کے ذریعے ایثار، اطاعت اور رضاے الٰہی کا جو پیغام پیش کیا گیا، وہ دلوں میں ایمان کی تازگی پیدا کرتا ہے۔ یہ مضمون موجودہ دور کے انسان کو دنیا و آخرت کے درمیان توازن قائم رکھنے اور عبادت کی حقیقی روح اپنانے کی مؤثر ترغیب دیتا ہے۔
الغرض اس شمارے نے قرآنی و حدیثی اسباق، ادبی صفحات، صحت و اصلاح، اور فکری تحریروں نے شمارے کی افادیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ زبان شستہ، انداز دل نشیں اور ترتیب نہایت خوبصورت ہے۔ یہ شمارہ نوجوانوں، خواتین اور اہلِ علم سب کے لیے یکساں طور پر مفید محسوس ہوا۔
ہادیہ کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے کہ وہ ہر ماہ اتنا معیاری، اصلاحی اور علمی مواد قارئین تک پہنچا رہی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے مزید ترقی و مقبولیت عطا فرمائے۔ آمین۔
والسلام
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ کا مراسلہ پڑھ کر دلی مسرت ہوئی۔ ھادیہ کی قارئین میں مقبولیت دراصل آپ جیسے قدرشناس قارئین کا میسر آنا ہے۔ ھادیہ ٹیم آپ کی تہہ دل سے مشکور و ممنون ہے ۔
والسلام
ایڈیٹر ھادیہ ای میگزین
٭ ٭ ٭


0 Comments