ہزارہا سال سے قائم کردہ اس کرۂ ارض نے بے شمار تبدیلیوں اور تغیرات کا مشاہدہ کیا ہے۔ مختلف طاقت ور قومیں وجود میں آئیں، مگر وقت کی آندھیوں نے ان کے نام و نشان مٹا دیے۔ دنیا کی دستیاب تاریخ میں ایک سے بڑھ کر ایک نام ور طاقت ور بادشاہوں اور حکمرانوں کا ذکر ملتا ہے، جنھوں نے طاقت اور غرور کے نشے میں خود کو ہی خدا سمجھ لیا تھا، لیکن ان کی خدائی لمحوں میں ختم ہوگئی اور دنیا آج تک ان کو ان کے بدترین انجام کی وجہ سے جانتی ہے۔ اسی دنیا میں کبھی نمرود، شداد، فرعون، ہامان اور قارون جیسوں نے خود کو سپر پاور سمجھ رکھا تھا۔ طاقت، عقل اور دولت کے نشے میں چور ہو کر رعایا اور عوام پر ظلم و ستم ڈھاتے تھے۔ اقتدار کا نشہ ایسا سوار تھا کہ سمجھتے تھے کہ ان سے بڑا کوئی ہے ہی نہیں، لیکن جب ان کی سرکشی حد سے بڑھ گئی اور خدا تعالی کی دراز کی ہوئی رسی کو انھوں نے اپنی کامیابی سمجھا تو اللہ تعالی نے یہ رسی کھینچ لی اور ان کا انجام دنیا کے لیے عبرت بن گیا۔
ظلم ہے کیا؟
ظلم نام ہے کسی بھی حق کو اس کے مقررہ جگہ سے ہٹا کر دوسری جگہ رکھنے کا یا زیادتی کرنے کا۔ قرانی تعلیمات کے مطابق ظلم کی بنیاد ناانصافی غرور اور طاقت کا ناجائز استعمال ہے اور اس کا انجام ہمیشہ تباہ کن اور عبرت ناک ہوتا ہے۔ قران میں بہت سے مقامات پر اللہ تعالی نے سختی سے ظلم کی ممانعت فرمائی ہے اور ظالموں کے معاملے میں اپنے مندرجہ ذیل قوانین کا ذکر کیا ہے۔
1. اللہ تعالیٰ ظالموں کو پسند نہیں کرتا ہے۔ سورہ آل عمران آیت نمبر 57 میں اللہ تعالی فرماتا ہے: واللہ لا یحب الظالمین.
’’اللہ تعالی ظالموں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘
2۔ ظالم ملعون ہوتا ہے۔ سورہ ھود آیت نمبر 18 میں ہے:
ألا لعنۃ اللہ علی الظا لمین.
’’خبردار ظالموں پر اللہ کی لعنت ہے۔ ‘‘
3. اللہ تعالی قادر مطلق ہے لیکن ظالم نہیں۔ سورہ غافر آیت نمبر 31 میں ہے:
’’و ما اللہ یرید ظلما للعباد.‘‘
اللہ اپنے بندوں پر ظلم نہیں چاہتا۔
4۔ ظالم کی مدد کرنے والا بھی ظالم ہی ہوتا ہے۔ سورہ ہود آیت نمبر 3 میں اللہ تعالی فرماتا ہے:
’’و لا ترکنوا الی الذین ظلموا فتمسکم النار.‘‘
اور ظالموں کی طرف ذرا بھی نہ جھکو، ورنہ تمھیں اگ پکڑ لے گی۔
5۔ ظالموں کی ہلاکت یقینی ہے۔ اللہ تعالی سورہ ابراہیم آیت نمبر 42 میں فرماتا ہے:
’’و لا تحسبن اللہ غافلا عما یعمل الظالمون انما یوخرھم لیوم تشخص فیہ الابصار.‘‘
اور ہرگز اللہ کو بے خبر نہ سمجھنا اس سے جو کچھ یہ ظالمین کر رہے ہیں، صرف انہیں ڈھیل دی رہا ہے ایک ایسے دن کے لیے جس میں ان کی انکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی۔
6۔ ظالموں کو دنیا میں بھی ضرور سزا ملتی ہے۔ اللہ تعالی سورہ حج آیت نمبر 45 میں فرماتا ہے: بہت سی بستیاں ہیں، جنھیں ہم نے نیست و نابود اور تہہ و بالا کر دیا ہے، اس لیے کہ وہ ظالم تھے۔ پس وہ اپنی چھتوں کے بل اوندھی ہوئی پڑی ہیں اور بہت سے آباد کنویں بے کار پڑے ہیں اور بہت سے پکے اور بلند محل ویران پڑے ہیں۔
یہ تمام آیات کریمہ اور اس جیسی بہت سی اور بھی آیات ہیں جو ظلم کی نفی کرتی ہیں اور ظالموں کے لیے سخت عذاب کی وعید سناتی ہیں۔ ان آیات میں ہر مظلوم کے لیے تسلی اور ہر ظالم کے لیے وعید ہے۔ آخرت کا عذاب تو ہے ہی، لیکن دنیا میں بھی اللہ تعالی ظالموں کی گرفت فرماتا ہے۔ حضرت موسی بن اشعری رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالی ظالموں کو ڈھیل دیتا رہتا ہے اور جب ان کی پکڑ فرماتا ہے تو پھر انھیں مہلت نہیں دیتا، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ آیت مبارکہ تلاوت فرمائی:
و کذلک أخذ ربک اذا أخذ القُری و ھی ظالمۃ ان أخذہ ألیم شدید. (ھود:101)
’’اور تیرے رب کی گرفت ایسے ہی ہوتی ہے جب وہ بستیوں کو پکڑتا ہے جب کہ وہ بستی والے ظالم ہوں۔ بے شک اس کی پکڑ بڑی شدید اور بہت زیادہ دردناک ہے۔‘‘
ظالم قوموں کو اللہ تعالی دنیا میں بھی عبرت اور ہلاکت بنا دیتا ہے، جیسے کہ اللہ تعالی پچھلے قوموں کی مثالیں دے کر بتاتا ہے کہ ظلم کی وجہ سے کتنی ہی بستیاں ہلاک کر دی گئیں اور ان کا نام و نشان مٹا دیا گیا، حالاں کہ وہ اپنے وقت کی مضبوط ترین اور سپر پاور تھی۔
ظلم اتنی ناگوار اور بری چیز ہے کہ قران میں ظالموں سے نجات پانے کی دعا سکھائی گئی ہے اللہ تعالی فرماتا ہے:
ربنا لا تجعلنا فتنۃ للقوم الظالمین و نجنا برحمتک من القوم الکافرین.
’’اے ہمارے رب! ہمیں ظالم قوم کے لیے فتنہ نہ بنا اور ہمیں اپنی رحمت سے کافر قوم سے نجات دے۔‘‘
اللہ تعالی کو ہرگز پسند نہیں ہے کہ کوئی انسان کسی انسان پہ ظلم کرے۔ اس ذات نے تو خود اپنے اوپر ظلم کو حرام کر رکھا ہے جیسے کہ پیچھے آیت گزر چکی ہے کہ اللہ تعالی بندوں کے لیے ظلم کو پسند نہیں کرتا۔ اسی طرح حدیث قدسی میں بھی آپ کی زبان سے کہلوایا ہے: اے میرے بندو میں نے خود اپنے اوپر ظلم کو حرام کر رکھا ہے اور میں نے تمھارے درمیان بھی ظلم کو حرام قرار دیا ہے، لہذا تم ایک دوسرے پر ظلم نہ کیا کرو۔
آج کی دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کسی سے بھی پوشیدہ نہیں ہے۔ دنیا کے چند حکمرانوں نے جو سائنس، دولت اور جدید ٹیکنالوجی میں تھوڑا آگے نکل گئے ہیں تو انھوں نے خود کو ہی خدا سمجھ رکھا ہے کہ وہ جو چاہیں کریں، ان سے کوئی مواخذہ کرنے والا نہیں ہے۔ ان چند حکمرانوں نے خود کو سپر پاور سمجھ کر یہ باور کرانا شروع کر دیا کہ دنیا میں وہی طاقتور ہیں ان کے اوپر اور کوئی نہیں۔ ایٹم بم سے بڑھ کر کوئی طاقت نہیں، ڈالر کے سامنے کسی کی کوئی حیثیت نہیں، وہ موت سے لڑ سکتے ہیں، اپنی معیشت، اپنی فوج، اپنے ہتھیار، اپنی میڈیکل سائنس اور طاقت پر اتنا غرور اور بھروسہ ہو گیا کہ اسی کو سب کچھ سمجھ کر ظلم و ستم کا انھوں نے بازار گرم کر رکھا ہے۔ غزہ کے لوگوں پر مصائب و آلام کا جو طوفان برپا کر رکھا ہے اس کی کوئی دوسری مثال جدید تاریخ میں دکھائی نہیں دیتی۔ ظلم و زیادتی اور بربریت کی ایسی حدیں پار کی گئی کہ روح کانپ اٹھے۔ کیا یہ ظالمین سمجھتے ہیں کہ انھیں یوں ہی چھوڑ دیا جائے گا؟ ان کے مظالم کا حساب لینے والا کوئی نہیں ہے؟ ان کے اوپر کوئی سپریم طاقت نہیں ہے؟ ان کی سخت غلط فہمی اور نادانی ہے۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ظلم کو کبھی دوام نہیں۔ ابھرتا ہوا سورج ڈوبتا ضرور ہے۔ روئے زمین پر حکومت کرنے والے اصل حکمران نہیں ہوتے، بلکہ اصل حکمرانی تو پروردگار عالم کی ہوتی ہے۔ آج دنیا کے چند حکمرانوں نے جن میں ہمارے ملک ہندوستان کی حکمراں بھی شامل ہیں، انھوں نے خود کو طاقت ور سمجھ کر عدل و انصاف کا سبق فراموش کر دیا ہے۔ اقتدار کے نشے میں مذہب اور نسل کی بنیاد پر تفریق کرنے لگے ہیں۔ انسانیت کے خلاف ظلم پر مبنی ایک نظام برپا کر دیا گیا ہے اور کچھ جگہوں پر پوری منصوبہ بندی کے ساتھ کمزورں اور مظلوموں کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔ اس کے پیچھے یہی سوچ کار فرما ہے کہ ہم طاقت ور ہو چکے ہیں۔ ہمارے ناپاک عزائم کی تکمیل سے کوئی ہمیں روک نہیں سکتا۔ اقلیتوں پر ظلم و ستم کی جو مثال موجود حکومت نے قائم کی ہے وہ انتہائی فکر مند کرنے والی ہے۔ ماب لنچنگ سے لے کر مسلمانوں کے اوقاف کے حقوق کو ضبط کرنا، بلڈوزر کو منصوبہ بند طریقے سے استعمال کر کے مسلمانوں کی پرائیویٹ جائیداد کو نیست و نابود کرنا، مساجد، خانقاہوں اور دوسرے مذہبی مقامات کے خلاف مقدمہ دائر کر کے اپنی ملکیت ثابت کرنا، لو جہاد، اسلامو فوبیا جیسے اکساؤ اصطلاحات کا استعمال کرنا، نئی نسل میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کو بڑھاوا دینا، مسلم بچیوں کو پھنسانے کا کی باقاعدہ مہم چلانا، تعلیمی اور معاشی میدان میں رکاوٹ پیدا کرنا، خود اپنے ملک میں ان کے لیے عدم تحفظ کا احساس پیدا کرنا، ٹرینوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کو مشکل بنانا، چلتی ٹرین سے پھینک دینا، توہین و تذلیل اور تضحیک کا رویہ اختیار کرنا، مسلمانوں کے لباس، قوانین اور تہذیب کو نشانہ بنانا اور منصوبہ بند طریقوں سے مسلمانوں کی ہندوستان میں تاریخ کو مسخ کرنا، مسلم بادشاہوں کی پالیسیوں کے بارے میں غلط بیانی سے کام لینا، مذہبی معاملات میں انھیں کٹر ثابت کرنا، ساتھ ہی اس بات پر بھی زور دینا کہ یہ بادشاہ کس قدر ہندوؤں دھرم کے مخالف تھے اور ان کے مذہبی مقامات کو زبردستی انھوں نے اپنی ملکیت بنایا تھا۔ درسی کتابوں میں یہ ساری جھوٹی معلومات کو بچوں کو پڑھانا جس سے بچوں کے معصوم ذہن میں اسلام ایک ظالم مذہب کے طور پہ نقش ہو جاتا ہے۔ پھر اسی احساس کے ساتھ جب یہ بچے بڑے ہوتے ہیں تو جہاں بھی جب بھی موقع ملتا ہے وہ مسلمانوں کے خلاف کوئی بھی قدم اٹھانے سے نہیں چوکتے ہیں۔ جب مسلم بچے یہ تاریخ پڑھتے ہیں تو ان کے اندر ایک جرم کا احساس پیدا ہوتا ہے اور انھیں اپنی پہچان کو لے کر شرمندگی محسوس ہوتی ہے، پھر دوسرے مذاہب کے طور طریقوں کو اپنانا، ان کے رنگ میں رنگ جانا اور بسا اوقات اپنے مذہب کو چھوڑ کر دوسرے مذہب کو اختیار کر لینا یہ سارے مسائل نئی نسل میں رونما ہوتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ وہ مظالم ہیں جس کو ہم روزانہ اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھتے ہیں۔ آج کے یہ حکمراں بھول رہے ہیں کہ جب بھی خدا کی مخلوق پر ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے، انسانیت کی تذلیل کی جاتی ہے، احکام خداوندی سے بغاوت ہوتی ہے، عدل انصاف کا گلا گھونٹا جاتا ہے، غرور و تکبر میں خود کو حاکم عالم مان لیا جاتا ہے تو ایسے لوگوں کا انجام دنیا کے لیے عبرت بنا دیا جاتا ہے۔
اے کاش کہ یہ حکمران لوگ سمجھتے کہ قدرت کا یہ قانون ہے کہ ایک ظلم کو ہلاک و برباد کرنے کے لیے ایک اور ظالم کو ان کے اوپر مسلط کر دیا جاتا ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالی قران میں فرماتا ہے: اور اسی طرح ہم ظالموں کے ساتھ معاملہ کرتے ہیں کہ ان کے کرتوتو کی وجہ سے ایک ظالم کو دوسرے ظالم پر مسلط کر دیتے ہیں۔ (الأنعام: 129)
ان حالات میں ہماری کیا ذمہ داری بنتی ہے؟
1. مظلوم کی مدد کرنا اور ظالم کا ساتھ نہیں دینا، جیسا کہ اللہ تعالی قران میں فرماتا ہے کہ نیکی اور تقوی کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کرو اور برائی اور سرکشی کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد نہ کرو۔
2. توحید کو اپنانا اور شرک سے بعض رہنا۔ چاہے حالات جیسے بھی ہوں مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اور اپنی آنے والی نسل کے اندر توحید کو اس طریقے سے پیوست کر دیں کہ بڑی سی بڑی مشکلات اور پریشانیاں ان کے اندر شرک کو پیدا نہ کر سکے۔
3. دین کی دعوت و تبلیغ اور نشر و اشاعت میں کمی نہ آنے دیں، تاکہ اصل دین اسلام لوگوں کے سامنے آئے۔ اپنے الفاظ اور اعمال دونوں کے ذریعے سے دین کی اصل روح کو لوگوں کے سامنے پیش کریں۔
4. تمام مشکل حالات میں صبر اور نماز سے مدد لیتے رہیں۔
5. اتحاد و اتفاق کو اپنائیں۔ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے ایسا لائحہ عمل تیار کریں جس سے ہندوستان میں مسلمانوں کا مستقبل
٭ ٭ ٭


درس قرآن بہت بہترین گے
عربی متن زیر، زبر ضرور لگا دیں تاکہ عربی سہی سے پڈھا جا سکے۔