معاشرے کی تہذیب و اخلاق کا ایک اہم پیمانہ یہ بھی ہے کہ وہ اپنے کمزور اور آزمائش سے دوچار افراد کے ساتھ کس طرح کا برتاؤ کرتا ہے۔ اسلام نے انسانی معاشرے کو رحم، انصاف، عزت اور باہمی ہم دردی کی بنیادوں پر قائم کیا ہے، اسی لیے اس نے یتیم، مسکین، کمزور اور بیواؤں کے حقوق کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ خصوصاً بیوہ کے بارے میں قرآن و سنت کی تعلیمات نہایت متوازن، باوقار اور انسانیت نواز ہیں، جن میں اس کی دل جوئی، معاشی تحفظ، سماجی عزت اور دوبارہ نکاح کے حق کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔
لیکن افسوس کہ مسلم معاشرے میں بھی بہت سے ایسے رسم و رواج اور رویے پائے جاتے ہیں جو اسلامی تعلیمات کے بجائے غیر اسلامی تہذیبی اثرات کا نتیجہ ہیں۔ بیوہ کو منحوس سمجھنا، خوشی کی تقریبات سے دور رکھنا، اس کی دوسری شادی کو معیوب جاننا، یا اسے طعن و تشنیع کا نشانہ بنانا ایسے رویے ہیں جن کا اسلام کی پاکیزہ تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ طرزِ فکر نہ صرف ایک مظلوم انسان کی دل آزاری کا سبب بنتا ہے، بلکہ اسلامی معاشرت کی حقیقی روح کے بھی خلاف ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ قرآن و سنت کی روشنی میں بیوہ کے مقام و حقوق کو سمجھا جائے، جاہلی اور فرسودہ تصورات کا جائزہ لیا جائے اور مسلم معاشرے میں ایسے مثبت اور ہم دردانہ رویوں کو فروغ دیا جائے جو اسلام کے عادلانہ اور رحمت بھرے نظامِ معاشرت کی صحیح نمائندگی کر سکیں۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ مسلم معاشروں میں بھی بیوہ کو ہم دردی، احترام اور تعاون دینے کے بجائے نفرت آمیز جملوں، طعن و تشنیع اور سماجی بے اعتنائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حالاں کہ اسلام نے بیوہ کے مقام و مرتبے کو بلند کیا ہے اور اس کے حقوق کی حفاظت کی بھرپور تعلیم دی ہے۔
سماجی رویے
اسلام نے انسانی معاشرے کو رحم، انصاف اور باہمی احترام کی بنیادوں پر قائم کیا ہے۔ اسی لیے اس نے ان طبقات کے حقوق پر خصوصی توجہ دی ہے جو زندگی کے کسی مرحلے میں کمزوری، تنہائی یا آزمائش کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بیوہ بھی معاشرے کا ایک ایسا ہی حساس طبقہ ہے، جس کے ساتھ حسنِ سلوک، دل جوئی اور عزت و احترام کا معاملہ کرنے کی اسلام نے بار بار تلقین کی ہے، لیکن افسوس کہ عملی زندگی میں صورتِ حال اس کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔
ہمارے معاشرے میں جب کوئی بیوہ کسی خوشی کی تقریب، خصوصاً شادی بیاہ کی محفل میں شریک ہوتی ہے تو بسا اوقات اسے ایسے رویّوں اور جملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو اس کے دل کو گہرے زخم پہنچاتے ہیں۔ کبھی اسے منحوس سمجھا جاتا ہے، کبھی اس کی موجودگی کو نحوست سے تعبیر کیا جاتا ہے اور کبھی اس کے شوہر کی وفات کو طعن و تشنیع کا ذریعہ بنا دیا جاتا ہے۔ ایسے الفاظ اور رویّے اسے یہ سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں کہ آخر اس کا قصور کیا ہے؟ کیا کسی انسان کی موت کا ذمہ دار دوسرا انسان ہو سکتا ہے؟ کیا زندگی اور موت انسان کے اختیار میں ہیں؟ حالاں کہ قرآنِ مجید نہایت وضاحت کے ساتھ یہ حقیقت بیان کرتا ہے کہ ہر انسان کی موت کا ایک مقرر وقت ہے، جس میں نہ ایک لمحے کی تاخیر ممکن ہے اور نہ تقدیم۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
وَلِكُلِّ أُمَّةٍ أَجَلٌ فَإِذَا جَآءَ أَجَلُهُمْ لَا يَسْتَـْٔخِرُوْنَ سَاعَةً وَّلَا يَسْتَقْدِمُوْنَ. (النحل: 61)
’’جب ان کی مہلتِ عمل پوری ہونے کا وقت آ جائے گا تو ایک گھڑی بھر نہ پیچھے ہٹ سکیں گے اور نہ آگے بڑھ سکیں گے۔‘‘
اس کے باوجود معاشرے میں بیوہ کو منحوس سمجھنے کا رجحان پایا جاتا ہے۔ دراصل یہ سوچ اسلامی تعلیمات سے نہیں بلکہ غیر اسلامی تہذیبی اثرات سے پیدا ہوئی ہے۔ ہندو معاشرے میں بیوہ کو نحوست کی علامت سمجھا جاتا رہا ہے، اسے خوشی کے مواقع سے دور رکھا جاتا ہے اور اس کی زندگی کو ایک بوجھ بنا دیا جاتا ہے۔ افسوس کہ انہی رسوم و تصورات کا اثر بعض مسلم معاشروں میں بھی در آیا ہے، حالاں کہ اسلام نے ایسی تمام توہمات کی سختی سے نفی کی ہے۔
اسلام میں بیوہ کا مقام
اسلام نے بیوہ کو عزت، تحفظ اور سماجی احترام عطا کیا ہے۔ قرآن و سنت میں اس کے حقوق کی واضح تعلیمات موجود ہیں۔ نبی اکرم ﷺ نے بیوہ کی کفالت اور خبرگیری کو عظیم عبادت قرار دیا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
السَّاعِي عَلَى الْأَرْمَلَةِ وَالْمِسْكِينِ كَالْمُجَاهِدِ فِي سَبِيلِ اللَّهِ.
(متفق علیہ)
’’بیواؤں اور مسکینوں کی خبرگیری کرنے والا اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والے کی طرح ہے۔‘‘
راوی کہتے ہیں کہ میرا گمان ہے کہ آپ ﷺ نے یہ بھی فرمایا:
وَكَالْقَائِمِ لَا يَفْتُرُ وَكَالصَّائِمِ لَا يُفْطِرُ.
’’اور وہ اس شخص کی مانند ہے جو مسلسل تہجد پڑھتا رہے اور اس روزہ دار کی مانند ہے جو کبھی روزہ ناغہ نہ کرے۔‘‘
یہ حدیث اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اسلام بیوہ کو معاشرے پر بوجھ نہیں بلکہ توجہ، تعاون اور رحمت کی مستحق سمجھتا ہے۔
زمانۂ جاہلیت میں بیوہ کی حالت
اسلام سے قبل عرب معاشرے میں عورتوں، خصوصاً بیواؤں پر بے شمار مظالم ڈھائے جاتے تھے۔ اگر کسی عورت کا شوہر وفات پا جاتا تو اس کے سسرال والے اسے بھی مال و جائیداد کی طرح اپنی ملکیت سمجھ لیتے۔ وہ عورت کی مرضی کے بغیر اس سے نکاح کر لیتے یا اسے اپنے کسی رشتہ دار کے نکاح میں دے دیتے۔ بعض اوقات سوتیلا بیٹا تک اپنے باپ کی بیوہ سے شادی کر لیتا تھا۔ اگر وہ چاہتے تو عورت کو ساری زندگی شادی سے محروم رکھتے۔
اسلام نے ان تمام ظالمانہ رسموں کا خاتمہ کیا اور عورت کو ایک باوقار انسان کی حیثیت عطا کی۔ قرآنِ مجید نے واضح الفاظ میں عورتوں پر جبر اور ان کے حقوق غصب کرنے سے منع کیا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
يٰٓأَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا يَحِلُّ لَكُمْ أَنْ تَرِثُوا النِّسَآءَ كَرْهًا وَلَا تَعْضُلُوْهُنَّ لِتَذْهَبُوْا بِبَعْضِ مَآ اٰتَيْتُمُوْهُنَّ إِلَّآ أَنْ يَّأْتِيْنَ بِفَاحِشَةٍ مُّبَيِّنَةٍ ۚ وَعَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ ۚ فَإِنْ كَرِهْتُمُوْهُنَّ فَعَسٰٓى أَنْ تَكْرَهُوْا شَيْـًٔا وَّيَجْعَلَ اللّٰهُ فِيْهِ خَيْرًا كَثِيْرًا (النساء: 19)
’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو، تمھارے لیے یہ حلال نہیں ہے کہ زبردستی عورتوں کے وارث بن بیٹھو، اور نہ یہ جائز ہے کہ انھیں تنگ کرکے اس مہر کا کچھ حصہ اڑا لینے کی کوشش کرو جو تم انھیں دے چکے ہو، الا یہ کہ وہ کسی صریح بدچلنی کی مرتکب ہوں۔ ان کے ساتھ بھلے طریقے سے زندگی بسر کرو اور اگر وہ تمھیں ناپسند ہوں تو ہو سکتا ہے کہ ایک چیز تمھیں ناپسند ہو اور اللہ نے اسی میں بہت کچھ بھلائی رکھ دی ہو۔‘‘
یہ آیت اسلام کے عادلانہ اور رحمت بھرے نظام کی روشن مثال ہے، جس نے عورت کو ظلم، جبر اور استحصال سے نجات دلائی۔
مسلم معاشرے کی ذمہ داری
ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم معاشرہ بیوہ کے تعلق سے اپنے رویوں کا سنجیدگی سے جائزہ لے۔ بیوہ کو منحوس سمجھنا، اسے تقریبات سے دور رکھنا یا اس کے وجود کو باعثِ بدشگونی قرار دینا نہ صرف غیر اسلامی ہے بلکہ ایک سنگین سماجی ظلم بھی ہے۔
اسلام ہمیں یہ تعلیم دیتا ہے کہ بیوہ کی عزت کی جائے، اس کے جذبات کا خیال رکھا جائے، اس کی ضروریات پوری کی جائیں اور اسے معاشرے کا باوقار فرد سمجھا جائے۔ اگر معاشرہ اسلامی تعلیمات کو صحیح طور پر اختیار کر لے تو بیوہ احساسِ محرومی، تنہائی اور سماجی اذیت کا شکار نہ ہو۔
اسلام نے بیوہ کو عزت، تحفظ اور معاشرتی مقام عطا کیا ہے، جب کہ جاہلی اور غیر اسلامی تصورات نے اسے محرومی اور ذلت سے دوچار کیا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنائیں اور بیوہ کے تعلق سے معاشرے میں پائے جانے والے غلط تصورات کا خاتمہ کریں۔ ایک مہذب، دینی اور صالح معاشرہ وہی ہے جہاں کمزور، مجبور اور دکھی افراد کو حقارت نہیں بلکہ عزت، محبت اور سہارا دیا جائے۔
بیوہ کا حقِ میراث
اسلام نے بیوہ کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے اسے وراثت میں باقاعدہ حصہ عطا کیا۔ یہ وہ حق ہے جس سے زمانۂ جاہلیت میں عورتیں مکمل طور پر محروم تھیں۔ شوہر کے انتقال کے بعد نہ صرف انھیں وراثت سے محروم رکھا جاتا تھا، بلکہ بعض اوقات خود انھیں مالِ وراثت سمجھ لیا جاتا تھا۔ اسلام نے اس ظالمانہ نظام کو ختم کیا اور عورت کے مالی حقوق کو واضح اور محفوظ بنایا۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے بیوہ کے حصے کو متعین کرتے ہوئے فرمایا:
وَلَهُنَّ الرُّبُعُ مِمَّا تَرَكْتُمْ إِنْ لَّمْ يَكُنْ لَّكُمْ وَلَدٌ ۚ فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ. (النساء: 12)
’’اور تمھاری بیویوں کا حصہ تمھارے ترکے میں چوتھائی ہے، اگر تمہاری اولاد نہ ہو، اور اگر اولاد ہو تو ان کا حصہ آٹھواں ہے۔‘‘
اسی طرح اللہ تعالیٰ نے عورتوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے اور انھیں تنگ کرنے سے سختی کے ساتھ منع فرمایا:
وَلَا تَعْضُلُوْهُنَّ لِتَذْهَبُوْا بِبَعْضِ مَآ اٰتَيْتُمُوْهُنَّ. (النساء: 19)
’’انھیں اس لیے روک نہ رکھو کہ جو کچھ تم انھیں دے چکے ہو، اس میں سے کچھ واپس لے لو۔‘‘
عہدِ نبوی کا ایک اہم واقعہ اس سلسلے میں اسلام کے عادلانہ نظامِ وراثت کو واضح کرتا ہے۔ حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضرت سعد بن ربیع رضی اللہ عنہ کی اہلیہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا: یہ دونوں بچیاں سعد بن ربیع کی بیٹیاں ہیں، جو غزوۂ اُحد میں آپ کے ساتھ شہید ہوئے تھے۔ ان کے چچا سارا مال لینا چاہتے ہیں اور ان بچیوں کے لیے کچھ نہیں چھوڑتے۔ اس پر میراث کی آیات نازل ہوئیں، تو رسول اللہ ﷺ نے ان کے چچا کو بلا کر فرمایا:
أَعْطِ ابْنَتَي سَعْدٍ الثُّلُثَيْنِ، وَأَعْطِ أُمَّهُمَا الثُّمُنَ، وَمَا بَقِيَ فَهُوَ لَكَ.
(مسند أحمد: 3/352، سنن أبي داود)
’’سعد کی دونوں بیٹیوں کو دو تہائی مال دو، ان کی والدہ کو آٹھواں حصہ دو اور اس کے بعد جو بچے وہ تمھارا ہے۔‘‘
یہ واقعہ اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ اسلام نے عورت، خصوصاً بیوہ کے مالی حقوق کو نہایت وضاحت اور انصاف کے ساتھ متعین کیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم معاشرہ ان تعلیمات کو عملاً نافذ کرے اور بیوہ کو اس کے شرعی حقوق سے محروم نہ کرے۔
بیواؤں کی دوسری شادی: عہدِ نبویؐ کا روشن نمونہ
دورِ رسالت اور خلافتِ راشدہ میں بیوہ ہونا کوئی معیوب بات نہیں سمجھی جاتی تھی۔ اگر کوئی عورت بیوہ ہو جاتی تو عدت مکمل ہوتے ہی اس کے لیے نکاح کے پیغامات آنے لگتے اور معاشرہ اس کے نکاحِ ثانی کو ایک فطری اور پسندیدہ عمل سمجھتا تھا۔ اس دور میں بیوہ کو تنہا چھوڑ دینا یا اس کی زندگی کو بے رنگ بنا دینا اسلامی مزاج کے خلاف تصور کیا جاتا تھا۔
اس سلسلے میں حضرت عاتکہؓ کی زندگی ایک روشن مثال ہے۔ آپ کا پہلا نکاح حضرت عبداللہ بن ابی بکر ؓ سے ہوا۔ حضرت عاتکہؓ نہایت خوب صورت اور باوقار خاتون تھیں اور اس جوڑے کی محبت عرب میں مثال کے طور پر بیان کی جاتی تھی۔ کچھ عرصے بعد حضرت عبداللہ بن ابی بکر ؓ شہید ہو گئے، لیکن اس معاشرے میں بیوہ خاتون کو بے سہارا چھوڑ دینے کا تصور نہیں تھا۔
بعد میں حضرت عمر ؓ، جو آپ کے چچا زاد بھائی بھی تھے، نے حضرت عاتکہؓ سے نکاح کر لیا۔ پھر جب حضرت عمر ؓ بھی شہید ہوگئے تو عدت کے بعد عشرۂ مبشرہ کے جلیل القدر صحابی حضرت زبیر بن العوام ؓ نے آپ کو نکاح کا پیغام دیا اور آپ ان کے عقد میں آگئیں۔ کچھ عرصے بعد حضرت زبیر ؓ بھی شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔ حضرت عاتکہؓ کے بارے میں عرب میں یہ بات مشہور ہوگئی تھی کہ جسے شہادت کی تمنا ہو وہ ان سے نکاح کرے۔ اسی مناسبت سے آپ کو ’’شہداء کی زوجہ‘‘ بھی کہا جاتا تھا۔
یہ مثال اس حقیقت کو نمایاں کرتی ہے کہ اسلامی معاشرے میں بیوہ خواتین کی عزت، دل جوئی اور ان کی نئی زندگی کے امکانات کو ہمیشہ اہمیت دی گئی۔ نکاحِ ثانی کو نہ صرف جائز، بلکہ ایک مثبت اور فطری عمل سمجھا جاتا تھا۔
اگر ہم اپنے موجودہ معاشرے کا جائزہ لیں تو افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی بہت سی بیوہ خواتین نکاحِ ثانی کے معاملے میں سماجی دباؤ، طعن و تشنیع اور غیر اسلامی رسم و رواج کا سامنا کرتی ہیں، حالاں کہ اسلام نے انھیں باعزت زندگی گزارنے اور اپنی پسند سے دوبارہ شادی کرنے کا مکمل حق دیا ہے۔ مسلم معاشرے کو چاہیے کہ وہ قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کو اپنائے اور بیوہ خواتین کے بارے میں جاہلانہ تصورات اور ہندوانہ رسموں سے خود کو پاک کرے، تاکہ ایک پاکیزہ، عادلانہ اور رحمت پر مبنی اسلامی معاشرہ وجود میں آسکے۔
٭ ٭ ٭

![Muntakhib Mazmoon[Bewa_Widow]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/05/Muntakhib-MazmoonBewa_Widow.jpg)
بہترین مضمون ، اس طرح کی تحریریں آتی رہنی چاہئیے