حضرت ابو ذر سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کچھ ساتھیوں نے آپ سے عرض کیا: یا رسول اللہ! اجر تو سارا مال ودولت والے لے گئے۔ جتنی ہم نمازیں پڑھتے ہیں وہ بھی پڑھتے ہیں اور ہم جتنے روزے رکھتے ہیں وہ بھی رکھتے ہیں اور اپنا ضرورت سے زیادہ مال صدقہ کردیتے ہیں۔ آپ نے فرمایا: کیا اللہ تعالیٰ نے تمھارے لیے کرنے کی کوی چیز نہیں بتائی؟ ہر تسبیح صدقہ (نیکی) ہے، ہر تکبیر صدقہ ہے، ہر تمہید (الحمد للہ کہنا) صدقہ ہے، ہر تہلیل (لا الہ الااللہ) صدقہ ہے، بھلائی کا حکم دینا صدقہ ہے، کسی برائی سے روکنا صدقہ ہے اور تم میں سے کوئی (اپنی بیوی سے) ہم بستری کرتا ہے، وہ بھی صدقہ ہے۔ ان لوگوں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! کیا ہم میں سے کوئی اپنی شہوت پوری کرے اس میں بھی اسے اجر ملے گا؟ آپ نے فرمایا: کیا خیال ہے اگر وہ (اپنی خواہش )
حرام جگہ پوری کرتا تو اس پر گناہ نہ ہوتا؟ اسی طرح حلال جگہ (جنسی خواہش) پوری کرے گا تو اسے اجر ملے گا۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ کرام نیک کاموں کا کتنا شوق رکھتے تھے اور جو نیکی نہیں کرپاتے تھے اس کے لیے کتنے غم زدہ رہتے تھے۔ ان میں سے جو غریب تھے وہ مال کا صدقہ نہ کرانے پر رنجیدہ رہتے تھے۔ جو وسائل کی تنگی کی وجہ سے جہاد میں شریک نہیں ہوپاتے تھے وہ اس پر غم زدہ ہوتے تھے۔
حضرت ابو ھریرہ سے روایت ہے کہ غریب مہاجرین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ دولت مند لوگ اعلی درجات لے گئے۔ آپ نے فرمایا: وہ کیسے؟انھوں نے عرض کیا: وہ ہماری ہی طرح نماز روزہ کرتے ہیں، صدقہ کرتے ہیں، لونڈی غلام آزاد کرتے ہیں، جو ہم نہیں کر پاتے۔ تب آپ نے فرمایا کہ میں تمھیں ایسی چیز بتادوں جس کے کرنے سے تم اپنے سے سبقت لے جانے والوں کے برابر پہنچ جاؤ اور اپنے بعد والوں سے آگے بڑھ جاؤ اور صرف وہی تم سے افضل ہو سکے، جو اسی طرح کرے جیسے تم کرو۔ انھوں نے عرض کیا: کیوں نہیں یارسول اللہ! آپ نے فرمایا: ہر نماز کے بعد ۳۳؍مرتبہ سبحان اللہ، ۳۳؍مرتبہ الحمد اللہ اور ۳۳؍مرتبہ اللہ اکبر پڑھ لیا کرو۔ (کچھ دنوں بعد) غریب مہاجرین حاضر ہوئے اور عرض کیا: مارے مال دار بھائیوں نے سن لیا اور وہ بھی ہماری طرح (ہر نمازکے بعد کی تسبیحات) پڑھنے لگے ہیں۔ آپ نے فرمایا: یہ تو اللہ کا فضل ہے جسے چاہتا ہے دیتا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ غریب لوگ یہ سمجھتے تھے کہ صدقہ صرف مال سے ہوسکتا ہے اور ان کے پاس وہ ہے نہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں بتایا کہ نیکی و احسان کا ہر کام صدقہ ہوتا ہے۔
صحیح مسلم میں حضرت حذیفہ کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر نیکی صدقہ ہے۔ صحیح بخاری میں حضرت جابر کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: صدقے کا اطلاق بھلائی اور احسان کی تمام قسموں پر ہوتا ہے، یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر جو فضل فرماتا ہے وہ بھی بندوں پر اس کا صدقہ ہے۔
مسلم ہی کی روایت میں ہے کہ سفر میں نماز قصر کرنے کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا تمھارے اوپر صدقہ ہے، اس کے صدقے کو قبول کرو۔
اسی طرح سنن نسائی میں حضرت عائشہ صدیقہ کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو رات میں نماز پڑھتا ہو اور نیند غالب آجانے کی وجہ سے نہیں پڑھ سکے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے نماز کا اجر لکھ دے گا اور اس کی نیند اللہ تعالیٰ کی طرف سے صدقہ ہوگی۔
مسند بزار میں حضرت ابو ذر کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کوئی دن یا رات یا گھڑی ایسی نہیں جس میں اللہ تعالیٰ کوئی صدقہ نہ کرتا ہو اور اس کے ذریعے اپنے بندوں میں سے جس پر چاہیے احسان نہ کرتا ہو اور بندے پر اللہ کا سب سے بہتر احسان یہ ہے کہ اسے اپنے ذکر میں لگا دے۔
٭ ٭ ٭

![Girls Plant[Har Neki Sadqah Hai]](https://haadiya.in/wp-content/uploads/2026/05/Girls-PlantHar-Neki-Sadqah-Hai.jpg)
0 Comments